Tag: پیٹرول

  • پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ

    پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرول کی قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل حسب معمول 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر فروخت ہوگا۔

    تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 42 پیسے اضافہ، جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 19 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 83 روپے 61 پیسے فی لیٹر ہوگئی، جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 81 روپے 42 پیسے ہو گئی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی آج سے قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی، ذرائع نے امکان ظاہر کیا تھا کہ موجودہ لیوی کی بنیاد پر پٹرول ساڑھے پانچ روپے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں پونے چھ روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

    گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزیر اعظم عمران خان نے مسترد کر دی تھی۔

  • امریکا میں پیٹرول لے جانے والی ٹرین اور ٹرک میں خوفناک تصادم، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    امریکا میں پیٹرول لے جانے والی ٹرین اور ٹرک میں خوفناک تصادم، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    امریکی ریاست ٹیکسس میں آئل ٹینکوں سے لدی ہوئی ٹرین ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد خوفناک دھماکہ ہوا اور شعلے بھڑک اٹھے، حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ سینٹرل ٹیکسس میں پیش آیا، 18 وہیلر ٹرک جسے سیمی ٹرک کہا جاتا ہے بے قابو ہو کر مال گاڑی سے جا ٹکرایا جس کے بعد ٹرین میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ مال گاڑی سلفیورک ایسڈ سمیت دیگر خطرناک مواد کی ترسیل کر رہی تھی، حادثے کے بعد ٹرین کی 110 بوگیوں میں سے 13 الٹ گئیں جن پر پیٹرول ٹینک، کوئلہ اور پتھر لدے ہوئے تھے۔

    5 بوگیوں میں صرف تیل کے ٹینک بھرے ہوئے تھا اور دھماکہ وہیں پر ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ سیمی ٹرک ایک کار کو بچانے کے لیے ترچھا ہوا جس کے بعد بے قابو ہو کر ٹرین سے جا ٹکرایا۔

    حادثے میں ٹرین ڈرائیور اور کنڈکٹر معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں پٹریوں کے قریب ایک گھر بھی تباہ ہوا، دھماکے کے بعد علاقے میں سیاہ گاڑھا دھواں پھیل گیا جس کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے نصف میل تک علاقہ خالی کروا لیا گیا۔

    جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں کب تک برقرار رہیں گی؟

    پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں کب تک برقرار رہیں گی؟

    اسلام آباد: ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے، جس کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

    اعلامیے کے مطابق آئندہ 13 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

    واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 7 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

    عوام کو ریلیف: وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی

    اوگرا کی جانب سے مٹی کا تیل 10 روپے 79 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل میں 7 روپے 43 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

    وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 116 روپے 7 پیسے برقرار رہے گی، پیٹرول کی قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

    لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 79 روپے 23 پیسے فی لیٹر، جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 80 روپے 19 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر کہا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کو مدِ نظر رکھ کر قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے، حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر حد تک جائے گی۔

  • خاندانی جھگڑے پر برطانوی شہری پیٹرول لے کر رشتے داروں کے گھر پہنچ گیا

    خاندانی جھگڑے پر برطانوی شہری پیٹرول لے کر رشتے داروں کے گھر پہنچ گیا

    برطانیہ میں ایک شخص نے خاندانی جھگڑے پر اپنے کزنز پر پیٹرول چھڑک دیا اور آگ جلانے کی کوشش کی تاہم اس کی یہ کوشش ناکام کردی گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے گرمزبی میں پیش آنے والے اس واقعے نے علاقہ مکینوں کو پریشان کردیا ہے۔

    ایشلے چیسٹر نامی شخص نے ایک خاندانی جھگڑے کے بعد اپنے کزنز کو فون پر دھمکی دی کہ وہ ان کا گھر نذر آتش کردے گا، گھر میں ایک خاتون اپنی بچی کے ساتھ مقیم تھیں جو اس کال کے بعد فوراً اپنے گھر پہنچیں اور گاڑی کا کیمرا آن کردیا۔

    بعد ازاں ایشلے وہاں پہنچا اور اس نے اپنی کزن کی کار پر پیٹرول چھڑک دیا، اس دوران اس کے ہاتھ میں لائٹر بھی موجود تھا، تاہم اسی دوران ایک اور کزن وہاں پہنچ گیا جس کے بعد دونوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔

    یہ معاملہ عدالت تک پہنچا جہاں اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جج کو دکھائی گئیں۔

    کزن کی والدہ نے اس حرکت پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایشلے سے بات کر کے خاندانی غلط فہمیاں دور کرنا چاہتی ہیں۔

    عدالت نے ایشلے کے کیس کا فیصلہ 6 ماہ کے لیے مؤخر کیا ہے جبکہ اس عرصے کے دوران اسے اپنے خاندان کے دیگر افراد سے دور رہنے کا کہا ہے۔

  • سعودی عرب: رواں ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمت کیا ہے؟

    سعودی عرب: رواں ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمت کیا ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں رواں ماہ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں جاری کردی گئیں، رواں ماہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے بدھ کی شب رواں ماہ کے لیے پیٹرول کے نئے نرخ جاری کیے ہیں۔

    جنوری کے مقابلے میں نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق 11 فروری سے ہوگیا۔ آرامکو کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق فروری کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 81 ہللہ ہوگی۔

    جنوری کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 62 ہللہ مقرر تھی، 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 94 ہللہ مقرر کی گئی ہے جو جنوری میں 1 ریال 75 ہللہ تھی۔

    رواں ماہ ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہللہ اور 70 ہللہ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 44 ہللہ تھی جبکہ 95 پیٹرول فی لیٹر 1 ریال 55 ہللہ فروخت کیا جا رہا تھا۔

    سعودی آرامکو کی جانب سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کا نفاذ اگلے دن سے ہوتا ہے۔

  • پٹرول، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

    پٹرول، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے کہ جس کے بعد پٹرول کی قیمت 109 روپے 20 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 113 روپے 19 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

    لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 76 روپے 23 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 76 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، وزیر اعظم نے منظوری دے دی

    واضح رہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

    اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی لیکن آج وزیر اعظم نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی۔

    اوگرا نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی، تاہم ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی، مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے 10 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کی سفارش کی گئی تھی۔

  • عالمی مارکیٹ میں عمان کے پیٹرول کی قیمت میں کمی

    عالمی مارکیٹ میں عمان کے پیٹرول کی قیمت میں کمی

    مسقط: عالمی مارکیٹ میں عمان کے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگئی، نئی قیمتوں کا اطلاق اگلے ماہ سے ہوگا۔

    عمان نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی انرجی مارکیٹ کے لیے عمان کے پیٹرول کی نئی قیمت 40 ڈالر 16 سینٹس پر پہنچ گئی۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کے سودے 46 ڈالر 95 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ کر رہے ہیں۔

    عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت 50 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔

  • سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے گئے، 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 44 ہللہ اور 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 55 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے جمعرات کی شب پیٹرول کے نئے نرخ جاری کیے ہیں، پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ 11 دسمبر سے کیا جائے گا۔

    ماہ دسمبر کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 44 ہللہ ہوگی، آرامکو کے مطابق 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 55 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہللہ اور 70 ہللہ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی آرامکو کی جانب سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کا نفاذ اگلے دن سے ہوتا ہے۔

    رواں برس جولائی میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول کے نرخوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا جسے بعد میں بتدریج کم کیا گیا۔

    اندرون ملک پیٹرول کے نرخ، سعودی عرب سے بین الاقوامی منڈیوں کے لیے تیل کی برآمد کے نرخوں میں تبدیلی کے حوالے سے بھی کم اور زیادہ کیے جاتے ہیں۔

  • یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان

    یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان

    اسلام آباد: یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، نئی قیمتوں کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری حکومت کو بھجوا دی، سمری میں پیٹرول 1 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اوگرا نے اپنی سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی ہے، اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار بھی رکھی جاسکتی ہیں۔

    نئی قیمتوں کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد ہوگا، وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلان آج کرے گی۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین 15 روز کے لیے کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 15 روز قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، پیٹرول کی موجودہ قیمت 103.97 روپے فی لیٹر ہے۔

    فی الوقت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 104.06 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 65.29 پیسے فی لیٹر ہے۔

  • سعودی عرب: پیٹرول پمپس کے حوالے سے ناقابل یقین انکشاف

    سعودی عرب: پیٹرول پمپس کے حوالے سے ناقابل یقین انکشاف

    ریاض: مملکت سعودی عربیہ میں بعض پیٹرول پمپس پر ملاوٹ والا پیٹرول فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایک مقامی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بعض پیٹرول پمپس پر پیٹرول میں پانی کی ملاوٹ کی جا رہی ہے، متعدد سعودی شہریوں کی جانب سے اس سلسلے میں شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

    الاخباریہ چینل کے مطابق مقامی شہریوں نے بتایا ہے کہ انھوں نے پیٹرول اسٹیشنز پر کام کرنے والے بعض غیر ملکیوں کو پیٹرول میں پانی ملاتے ہوئے دیکھا ہے۔

    بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ انھیں پیٹرول کے ملاوٹی ہونے کا شبہ اس وقت ہوا جب پیٹرول بھروانے کے بعد گاڑی ہچکولے لینے لگی تھی۔

    ایک اور مقامی شہری کا کہنا تھا کہ اس نے شک کی بنیاد پر اپنی گاڑی کا معائنہ کرایا تو معلوم ہوا کہ گاڑی میں خرابی کی وجہ ملاوٹ والا پیٹرول ہے۔

    سعودی عرب: پیٹرول میں ملاوٹ کرنے والے کو مثالی سزا

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کئی پیٹرول اسٹیشنز پر غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ پیٹرول کی فروخت کے ثبوت ملے ہیں، اس سلسلے میں وزارتِ تجارت کو شواہد پیش کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل وزارت تجارت نے ملاوٹی پیٹرول فروخت کرنے پر ایک بنگلا دیشی کارکن کے خلاف کارروائی کر کے اسے گرفتار کر لیا تھا، عدالت نے مجرم کو جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی تھی۔ حسین میا کچھ عرصے سے المجمعہ کے علاقے میں پیٹرول کے ساتھ ڈیزل ملا کر فروخت کر رہا تھا۔