Tag: پیٹرول

  • سعودی عرب: سرکاری اداروں کو پیٹرول کی بچت کا حکم

    سعودی عرب: سرکاری اداروں کو پیٹرول کی بچت کا حکم

    ریاض: سعودی عرب میں سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو پیٹرول کفایت شعاری سے استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس حوالے سے شاہی فرمان بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو پیٹرول کفایت شعاری سے استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے، وزارت توانائی کے ماتحت سعودی انرجی سینٹر کی تجویز پر کفایت شعاری کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

    شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ، سعودی انرجی سینٹر اور کفاۃ سینٹر کے تعاون سے ہر سرکاری ادارے کی تیل کی ضروریات کی تنظیم نو کرے۔

    آرامکو سے براہ راست پیٹرول حاصل کرنے والے ادارے پیٹرول کی مطلوبہ مقدار حاصل کرنے کے لیے معاہدے کریں اور صرف اتنا ہی پیٹرول طلب کریں جتنا کہ بے حد ضروری ہو۔

    ہر سرکاری ادارے میں ایک ورکنگ ٹیم قائم کی جائے جو کفایت شعاری کے فیصلوں پر عمل درآمد کروائے۔

    سرکاری ادارے بھی گاڑیاں خریدتے یا کرائے پر حاصل کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ صرف ایسی گاڑیاں حاصل کی جائیں جو کم پیٹرول خرچ کرتی ہوں۔

    سعودی انرجی سینٹر بجلی گھروں اور کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے پلانٹس میں بھی پیٹرول کے استعمال کا کفایت شعاری نظام ترتیب دے گا۔

    بجلی پیدا کرنے کے لیے جنریٹر استعمال کرنے والے سرکاری ادارے جنریٹر کی تفصیلات وزارت توانائی کو فراہم کریں تاکہ وزارت توانائی نئے نظام کے تحت ان کے یہاں بجلی کے خرچ کو منظم کرسکے اور بجلی سازی کے ان کے نظام کو بجلی کے جنرل نیٹ ورک سے مربوط کر سکے۔

  • پیٹرول ذخیرہ کرنے پر سعودی حکام کا ایکشن

    پیٹرول ذخیرہ کرنے پر سعودی حکام کا ایکشن

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول ذخیرہ کرنے والے 23 پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی، پرانی قیمت پر خریدا ہوا پیٹرول ذخیرہ کر کے نئی قیمت پر فروخت کرنے پر 3 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پرانی قیمت پر خریدا ہوا پیٹرول نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کرنے والے 23 اسٹیشنوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

    ترجمان وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ پیٹرول کے نئے نرخ نامے کے اعلان کے باعث ضابطوں کی پابندی کرنے کا جائزہ لینے کے لیے ملک بھر میں اسٹیشنوں کے دورے کیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم کے اہلکاروں نے ملک بھر میں متعدد خلاف ورزیاں پکڑی ہیں جن میں بعض پیٹرول پمپس کی طرف سے نئی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے پیٹرول ذخیرہ کرنے کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی نئی قیمت کے متوقع اعلان کے باعث بعض اسٹیشنوں نے فروخت بند کردی تھی تاکہ اعلان کے بعد نئی قیمت پر فروخت کیا جائے، تاہم ناجائز منافع حاصل کرنے اور تجارتی ضابطوں کی خلاف ورزی پر مذکورہ اسٹیشنوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گیے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پرانی قیمت پر خریدا ہوا پیٹرول ذخیرہ کر کے نئی قیمت پر فروخت کرنے پر 3 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے، علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول پمپ کی مقامی اخبارات میں تشہیر ہوگی، خلاف ورزی دہرائی گئی تو لائسنس منسوخ ہوگا۔

  • سعودی عرب: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، سعودی آرامکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے جولائی کے لیے پیٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، اس سے قبل یکم جولائی کو 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد بھی ایک ہفتے کے لیے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

    جولائی کے لیے پیٹرول 91 کی نئی قیمت اب ایک ریال 29 ہللہ ہوگی، یکم جولائی کو 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بعد اس کی قیمت 98 ہللہ فی لیٹر تھی جبکہ 95 پیٹرول کی نئی قیمت ایک ریال 44 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    یکم جولائی کو پیٹرول 95 کی قیمت 1 ریال 18 ہللہ تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی 70 ہللہ فی لیٹر ہوگی، ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 70 ہللہ فی لیٹر ہوگی۔

    سعودی آرامکو کے اعلامیہ کے مطابق نئے نرخ ہفتہ 11 جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔

    آرامکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں، عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں رد و بدل کیا جا تا ہے۔

    خیال رہے کہ آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظرثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی 11 تاریخ سے ہوگا۔

  • زلفی بخاری نے بھی ملک میں پیٹرول سستا قرار دے دیا

    زلفی بخاری نے بھی ملک میں پیٹرول سستا قرار دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں فیول کی قیمتیں اب بھی سب سے کم ہیں۔

    زلفی بخاری نے پیٹرول کی قیمتوں کا موازنہ جنوری کے مہینے کی قیمتوں سے کرتے ہوئے لکھا کہ جنوری کے مقابلے میں پیٹرول 17 اور ڈیزل 26 روپے فی لیٹر سستا ہے، واضح رہے پاکستان سمیت پوری دنیا میں لاک ڈاؤن کے باعث پیٹرول کی کھپت بالکل ہی ختم ہونے کے بعد اس کی قیمتیں بہت زیادہ گر گئی تھیں، پاکستان میں بھی اپریل میں قیمتوں میں بڑی کمی شروع ہوئی۔

    زلفی بخاری کا مؤقف ہے کہ ڈیڑھ ماہ میں دنیا میں پیڑول کی قیمتیں 112 فی صد بڑھیں، لیکن ہمارے ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں صرف 23 فی صد اضافہ ہوا۔ ادھر فاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں خطاب میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہماری مجبوری ہے، ہمارے پاس پیٹرول کے اپنے وسائل نہیں ہیں۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں‌ ریکارڈ اضافہ

    انھوں نے بھی کہا کہ جنوری کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرول 17 روپے فی لیٹر اس وقت بھی کم ہے، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایشیا میں سب سے کم ہیں۔

    دوسری طرف آج ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے ٹیکسز کی بھرمار کر دی ہے، پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی انتہائی حد 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فی صد مقرر کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر زیادہ سے زیادہ 30 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی کی وصولی کی جا رہی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فی صد مقرر کی گئی ہے۔

  • اوگرا نے پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت کا نوٹس لے لیا

    اوگرا نے پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ہائی اوکٹین پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت کا نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے پیٹرول غائب ہونے کے بعد اب پیٹرول زیادہ قیمتوں پر فروخت کیا جانے لگا ہے، جس پر اوگرا نے نوٹس لے لیا ہے۔

    ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے ہائی اوکٹین پیٹرول پر وضاحت طلب کی گئی ہے، اوگرا نے ہدایت کی ہے کہ صارفین کے مفاد کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    ترجمان نے کہا کمپنیاں ہائی اوکٹین پیٹرول کی مناسب قیمت مقرر کریں، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، صارفین کو ہائی اوکٹین کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ منتقل کیا جائے۔

    ملک بھر میں پیٹرول کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا

    عمران غزنوی کا کہنا تھا کہ مسابقتی کمیشن بھی پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت پر نوٹس لے چکا ہے۔

    یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات سستی کے ہونے کے بعد مارکیٹنگ کمپنیوں نے گٹھ جوڑ کر کے پیٹرول ہی غائب کر دیا تھا جس کے بعد پیٹرول کا بحران پیدا ہو گیا، جس پر گزشتہ روز اوگرا نے نوٹس لیا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔

    تاہم کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کا بحران جاری ہے، چئیرمین آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن سمیر نجم الحسن کا کہنا ہے کہ آئل کمپنیوں کے پاس صرف 3 روز کا اسٹاک رہ گیا ہے، مسلسل کوٹے میں کمی ہو رہی ہے اور نیا کوٹا خریدا نہیں جا رہا، پی ایس او کے علاوہ کسی بھی آئل کمپنی کی جانب سے تیل کی خریداری نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے اتوار تک صورت حال مزید خراب ہو جائے گی۔

  • سعودی عرب ماحول دوست پیٹرول تیار کرے گا

    سعودی عرب ماحول دوست پیٹرول تیار کرے گا

    ریاض: سعودی عرب ماحول دوست کاربن فری پیٹرول تیار کرنے جارہا ہے، سعودی عرب جی 20 ممالک میں بھی ری سائیکل اکانومی اپنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کنگ عبد اللہ پیٹرولیم ریسرچ اینڈ اسٹڈی سینٹر نے اپنے تحقیقی مقالے میں کہا ہے کہ سعودی عرب کاربن فری پیٹرول تیار کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب جی 20 میں ری سائیکل اکانومی اپنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    کنگ عبد اللہ پیٹرولیم ریسرچ اینڈ اسٹڈی سینٹر میں 15 سے زیادہ ممالک کے عالمی ماہرین تحقیق میں حصہ لے رہے ہیں، یہ سینٹر توانائی معیشت پر آزادانہ ریسرچ کروا رہا ہے۔

    تحقیقی مقالے کے مطابق سعودی عرب گرین شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 9 پالیسیاں اپنائے ہوئے ہے۔

    سعودی وژن 2030 میں نئے شہروں کے لیے گرین شرح نمو، قومی صنعت کے فروغ، لاجسٹک خدمات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا معیار بلند کرنے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

    کنگ عبد اللہ پیٹرولیم ریسرچ اینڈ اسٹڈی سینٹر کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں سب سے کم کاربن والا پیٹرول سعودی عرب تیار کر رہا ہے، اس بنیاد پر وہ مستقبل میں کاربن فری پیٹرول تیار کرنے اور کاربن کی ثانوی مصنوعات کی ری سائیکلنگ کی پوزیشن میں ہوگا۔

    تحقیقی مقالے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب معمولی کاربن والے پیٹروکیمیکل مواد اور اعلیٰ درجے کا کیمیکل مواد برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے گا۔

    اسٹڈی سینٹر کے اسکالرز کا کہنا ہے کہ گرین معیشت کی طرف سعودی عرب کی منتقلی کا تجربہ دیگر ممالک سے مختلف ہوگا، اس کا بڑا سبب یہ ہے کہ تیل اور گیس نکالنے کی لاگت سعودی عرب میں دیگر ملکوں کے مقابلے میں کم ہے۔

  • لاک ڈاؤن: پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں نمایاں کمی

    لاک ڈاؤن: پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں نمایاں کمی

    کراچی: کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پٹرولیم انڈسٹری کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2019 کے مقابلے میں اپریل 2020 میں پٹرول کی کھپت 36 فی صد کم رہی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2020 میں پٹرول کی کھپت 4 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی، گزشتہ سال اپریل میں پٹرول کی کھپت 6 لاکھ 80 ہزار ٹن رہی تھی، اپریل 2019 میں ڈیزل کی کھپت میں بھی 16 فی صد کمی واقع ہوئی ہے، اپریل 2020 میں ڈیزل کی فروخت 5 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی جب کہ اپریل 2019 میں ڈیزل کی فروخت 6 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی تھی۔

    مارچ میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی

    رپورٹ کے مطابق اپریل 2020 میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت بھی 35 فی صد کم رہی، اپریل 2020 میں مجموعی فروخت 10 لاکھ 70 ہزار ٹن رہی، گزشتہ سال اپریل کی فروخت 16 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی تھی۔

    رواں مالی سال پہلے 10 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 13 فی صد کمی آئی، اس دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ایک کروڑ 33 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی۔

    یاد رہے حکومت کی جانب سے مئی کے لیے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے ہو گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 27 روپے 15 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80 روپے 10 پیسے ہو گئی ہے۔

  • سعودی عرب: پیٹرول کی قیمتوں میں کمی

    سعودی عرب: پیٹرول کی قیمتوں میں کمی

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کردیا گیا، پچھلے ماہ کے مقابلے میں رواں ماہ قیمتیں کم رکھی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے اپریل کے لیے پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا ہے، پچھلے ماہ کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق پیٹرول 91 ہفتہ 11 اپریل سے ایک ریال 31 ہللہ فی لیٹر جبکہ پیٹرول 95 ایک ریال 47 ہللہ فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔ نئے نرخ ہفتہ 11 اپریل سے نافذ ہوں گے اور 10 مئی تک مؤثر رہیں گے۔

    واضح رہے کہ مارچ میں پیٹرول 91 ایک ریال 55 ہللہ اور پیٹرول 95 دو ریال 5 ہللہ فروخت کیا جا رہا تھا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں، عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں رد و بدل کیا جا تا ہے۔

    اس سے قبل آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی 11 تاریخ سے ہوگا۔

  • کرونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی

    کرونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی

    کراچی: ملک میں کرونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے، گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 55 فی صد کمی آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیزل کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 31 فی صد کمی ہوئی، فرنس آئل کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 62 فی صد کمی ہوئی۔

    مارچ کے آخری 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 40 فی صد کمی ہوئی، مارچ کے آخری 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 26 ہزار ٹن یومیہ رہی، رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 13 فی صد کی کمی آئی۔

    ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 21 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 20 ڈالر فی بیرل تک ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا، تاہم آج خام تیل کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، امریکی خام تیل کی قیمت میں 4.7 فی صد اضافے کے ساتھ 21 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت ڈیڑھ فی صد اضافے کے ساتھ 26 ڈالر 83 سینٹ فی بیرل ہوگئی ہے۔ آئل انڈسٹری ماہرین کےمطابق کرونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی عالمی طلب میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سعودی عرب اور روس کے درمیان جاری قیمتوں کی جنگ بھی قیمت میں کمی کا باعث بن رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث آئل امپورٹنگ ممالک کے لیے کافی آسانی ہو جائےگی۔

  • مصنوعی بحران، پیٹرول پمپس بند ہونا شروع، ٹرانسپورٹ سروس بھی متاثر

    مصنوعی بحران، پیٹرول پمپس بند ہونا شروع، ٹرانسپورٹ سروس بھی متاثر

    کراچی: شہرقائد میں نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سپلائی بند ہونے سے پیٹرول کی قلت کا سامنا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیٹرول کے مصنوعی بحران کے باعث پی ایس او کے پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ پی ایس او اور نجی پیٹرول پمپس پر پیٹرول، ڈیزل کے حصول کے لیے لمبی لمبی قطاریں ہیں۔

    کارسوار کو 5سے10لیٹر جبکہ موٹرسائیکل کو 2سے3 لیٹر پیٹرول دیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رات تک پیٹرول کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو پبلک ٹرانسپورٹ سروس بند ہوجائے گی۔ صبح تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے شیریں جناح پر آئل ٹرمینل بند کردیے تھے۔ پی ایس او کی صرف ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سے سپلائی جاری ہے۔

    پیٹرول کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھ گئیں

    خیال رہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہونے والی اموات کے بعد متصل علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، جیکسن مارکیٹ سمیت دیگر چھوٹے بڑے تجاری و کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    زہریلی گیس کے اثرات کیماڑی کے آئل ٹرمینلز پر بھی مرتب ہوئے ہیں، عملے کی حفاظت کی خاطر پی ایس او سمیت دیگر آئل کمپنیوں نے ٹرمینلز بند کردیے ہیں جس سے شہر میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔