Tag: پیٹ کے کیڑے

  • اسکول مہم: 5 سے 18 سال تک کے بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوا دی جائے گی

    اسکول مہم: 5 سے 18 سال تک کے بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوا دی جائے گی

    کراچی: صوبہ سندھ میں اسکولوں میں 5 سے 18 سال تک کے بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوا دینے کی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا ہے کہ 6 فروری سے صوبہ بھر میں بچوں کے لیے پیٹ کے کیڑے مارنے کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔

    انھوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کی صحت کی خاطر اس مہم میں حصہ لیں، جس کے تحت 5 سے 14 سال تک کی عمر کے 43 لاکھ بچوں کو اسکولوں میں دوا فراہم کی جائے گی۔

    مہم کے دوران 15 سے 18 سال کی 4 لاکھ لڑکیوں کو بھی یہ خوراک فراہم کی جائے گی، وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صحت مند ماں صحت مند معاشرہ تشکیل دیتی ہے۔

    ڈاکٹر عذرا کے مطابق 2021 میں بھی بچوں میں پیٹ کے کیڑے مارنے کی مہم مکمل کی جا چکی ہے، اُس دوران 26 لاکھ بچوں میں دوا فراہم کی گئی تھی، اور اس مہم میں بہت اچھے نتائج سامنے آئے تھے۔

    ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کیڑے نہ صرف پیٹ کے امراض کا سبب بنتے ہیں، بلکہ اس کی وجہ سے بچے غذا کی کمی کا بھی شکار ہوتے ہیں، اور اس سے بچوں کی صحت متاثر ہوتی ہے، وزن بھی کم ہوتا ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوا دینا انتہائی ضروری ہے۔

  • الٹرا ساؤنڈ میں معدے میں کلبلاتی چیز دیکھ کر مریض کے ہوش اڑ گئے، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    الٹرا ساؤنڈ میں معدے میں کلبلاتی چیز دیکھ کر مریض کے ہوش اڑ گئے، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    نیو دہلی: بھارت میں ایک شخص معدے میں تکلیف پر اسپتال گیا تو الٹرا ساؤنڈ میں معدے میں کلبلاتی چیز دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں ایک 20 سالہ شخص کے الٹراساؤنڈ میں انکشاف ہوا کہ اس کے معدے کے اندر ایک دل دہلا دینے والی چیز مسلسل کلبلا رہی ہے۔

    مذکورہ شخص پیٹ میں درد، دست اور الٹیوں کی شکایت کے ساتھ اسپتال گیا تھا، لیکن الٹرا ساؤنڈ کیا گیا تو دل دہلا دینے والا انکشاف ہوا، الٹرا ساؤنڈ کی یہ ویڈیو دیکھنا بھی دیکھنے والے کو پریشان کر دیتی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم 1979 کی بلاک بسٹر شائی فائی فلم ایلین کا منظر دیکھ رہے ہوں۔

    نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن کی رپورٹ کے مطابق الٹرا ساؤنڈ کی تصویر اور ویژول میں ایک بڑا کلبلاتا طفیلی کیڑا دکھائی دیتا ہے، جو معدے میں مسلسل حرکت کر رہا ہے، مریض کے ابتدائی ٹیسٹس میں معلوم ہوا تھا کہ خون کے سفید خلیات میں اضافہ ہوا ہے، لیکن جب ڈاکٹرز نے الٹرا ساؤنڈ کیا تو انھوں نے جو منظر دیکھا اس نے انھیں بھی بے اختیار پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

    ڈاکٹر نے رپورٹ میں لکھا کہ معدے میں ٹیوب جیسی کوئی چیز مسلسل حرکت کر رہی ہے۔ یہی نہیں ڈاکٹرز کو اس وقت بھی جھٹکا لگا جب انھوں نے مریض کے پاخانے کے سیمپل کا معائنہ کیا، سیمپل راؤنڈ ورم (گول کیڑوں) کے انڈوں سے بھرا ہوا تھا۔

    اس قسم کے طفیلی کیڑے انسانوں میں عام ہیں، امریکی ادارے سی ڈی سی کے مطابق اندازاً 80 کروڑ سے ایک ارب 20 کروڑ لوگوں کی آنتوں کی نالیوں میں یہ کیڑے پائے جاتے ہیں۔

    اگست میں چین میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے دماغ سے 5 انچ لمبا کیڑا نکال لیا تھا، اور یہ 17 برس سے اس کے دماغ میں پل رہا تھا، اور حال ہی میں چین میں ایک 60 سالہ شخص کی آنکھ میں سے 20 زندہ کیڑے نکالے گئے تھے۔

  • ملک بھر میں پونے 2 کروڑ بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہونے کا انکشاف

    ملک بھر میں پونے 2 کروڑ بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہونے کا انکشاف

    کراچی: ناقص سیوریج نظام کی وجہ سے ملک بھر میں 1 کروڑ 70 لاکھ بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت کے مشترکہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ ناقص سیوریج نظام کی بدولت 1 کروڑ 70 لاکھ بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہیں۔

    مذکورہ سروے کے مطابق ملک کے 40 اضلاع میں ناقص سیوریج نظام سے 5 سے 15 سال کے بچے متاثر ہیں۔ کراچی کے بھی 46 لاکھ بچوں کو علاج معالجے کی ضرورت ہے۔

    سروے کے جاری ہونے کے بعد محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم نے مشترکہ طور پر پیٹ کے کیڑے مار مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی کے تمام اسکولوں میں 29 جنوری کو مہم چلائی جائے گی۔ بچوں کو مہم کے دوران پیٹ کے کیڑوں کو مارنے کی دوا دی جائے گی۔

    مہم کے دوران 200 طالب علموں کو دوائی دینے کی ذمہ داری ایک استاد کی ہوگی۔ استاد کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے نامزد کیا جائے گا۔

    اسکولوں میں طالب علموں کی تفصیلات ڈائریکٹوریٹ نجی اسکول نے بھی طلب کر لی۔ ڈائریکٹوریٹ نجی اسکول کی رجسٹرار نے تمام نجی اسکول انتظامیہ کو خط لکھ دیا جس کے مطابق تمام نجی اسکول 10 جنوری سے قبل تفصیلات جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔