کراچی : سندھ کے وزیر اطلاعات اور پی پی رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہر دور میں غیر مناسب رویہ اپنایا گیا، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کےخلاف تاحال ٹرائل کا آغاز نہیں ہوا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ سندھ نوے سالہ قائم علی شاہ بھی نیب میں پیشیاں بھگت رہے ہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل سہولتیں نہیں دی جا رہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا کہ فریال تالپور کو جیل میں جلد کی الرجی ہو گئی ہے، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا پیپلزپارٹی کی قیادت سے رویہ انتہائی غیر مناسب ہے۔
پی ٹی آئی قیادت کے کیسز سندھ منتقل کیے جائیں، اس دور میں ہی نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہر دور میں غیر مناسب رویہ اپنایا گیا حالانکہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو مستحکم کیا۔
انہوں نے کہا کہ2018میں سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی کو بھرپور مینڈیٹ دیا، سیاسی یتیم ہر دور میں سندھ میں حکومت بنانے کےخواہشمند بنتے ہیں، سیاسی یتیموں کو پیپلزپارٹی کے خلاف ہر دور میں کھڑا کیا گیا۔
پیپلزپارٹی کے لوگ نہ پہلے ٹوٹے نہ اب ٹوٹیں گے،سعیدغنی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ پیپلزپارٹی کےنہیں کسی اورکے ٹوٹے تھے، پیپلزپارٹی کے لوگوں پر پارٹی چھوڑنے کے لیے اب بھی دباؤ ہے۔