Tag: پیپلزپارٹی

  • خورشید شاہ کی گرفتاری، سکھر میں شرپسند عناصر کی ہنگامہ آرائی

    خورشید شاہ کی گرفتاری، سکھر میں شرپسند عناصر کی ہنگامہ آرائی

    سکھر: پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کے خلاف سکھر میں شرپسند عناصر نے ہنگامہ آرائی کرکے زبردستی دکانیں بند کرادیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کے خلاف شرپسند عناصر سڑکوں پر نکل آئے، منارہ روڈ پر ٹائروں کو آگ لگادی گئی جس کے سبب ٹریفک معطل ہوگیا۔

    سکھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی الٹ جاری کردیا گیا۔

    سکھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے، ایس ایس پی سکھر نے روڈ بلاک اور بازار بند کرانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    ایس ایس پی سکھر کا کہنا ہے کہ شہر کا امن خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب راولپنڈی اور سکھر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پی پی رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

    خیال رہے کہ 30 اگست 2019 کو نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں.
    آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں‌ خورشید شاہ کو سوال نامہ ارسال کیا گیا تھا۔

  • خورشید شاہ پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام، تفصیلات منظرعام پر آگئیں

    خورشید شاہ پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام، تفصیلات منظرعام پر آگئیں

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ و فیملی کے کراچی، سکھر ودیگر علاقوں میں 105 بینک اکاؤنٹس ہیں، دستاویز کے مطابق خورشید شاہ نے فرنٹ مین پہلاج مل کے نام پر 83 جائیداد بنارکھی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ نے جائیدادیں سکھر، روہڑی، کراچی اور دیگر علاقوں میں بنا رکھی ہیں، پہلاج رائے گلیمر بینگلو، جونیجو فلور مل، مکیش فلور مل ودیگر جائیدادیں شامل ہیں۔

    نیب دستاویز کے مطابق اربوں روپے رکھنے والے مبینہ فرنت مین پہلاج نے 2015 سے پہلے کوئی ٹیکس نہیں دیا، خورشید شاہ کا مبینہ فرنٹ مین پہلاج مل دکان چلاتا تھا۔

    فرنٹ میل لڈو مل کے نام پر 11 اور آفتاب حسین سومرو کے نام پر 10 جائیدادیں ہیں، خورشید شاہ نے اعجاز پُھل کے نام سکھر اور روہڑی میں 2 جائیدادیں رکھی ہیں۔

    مزید پڑھیں: نیب نے پی پی رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا

    نیب دستاویز کے مطابق کارڈیو اسپتال سے متصل ڈیڑھ ایکڑ اراضی نرسری کے لیے الاٹ کرائی گئی، اراضی خورشید شاہ کے مبینہ فرنٹ مین کے لیے الات کرائی گئی۔

    خورشید شاہ کے بے نامی جائیدادوں میں عمر جان نامی شخص کا بھی اہم کردار ہے، ان کے زیر اہتمام بم پروف گاڑی عمر جان کے نام رجسٹرڈ ہے۔

    اسلام آباد میں خورشید شاہ کا زیر استعمال گھر بھی عمرجان کے نام پر ہے، انہوں نے سکھر اور دیگر علاقوں میں ترقیاتی منصوبے عمرجان کی کمپنی کو دلوائے، نیب نے خورشید شاہ کی رہائشی اسکیموں، پیٹرول پمپس کی تفصیلات بھی حاصل کرلیں۔

    نیب نے خورشید شاہ کی زمینوں اور دکانوں سے متعلق تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں، پیپلزپارٹی رہنما جن کنسٹرکشن کمپنیوں میں پارٹنر ہیں ان کی انکوائری شروع کردی گئی، عمرجان اینڈ کمپنی اور نواب خان اینڈ برادرز کو ٹھیکوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا۔

  • سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو تقسیم کرکے دکھائے، وزیراعلیٰ سندھ

    سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو تقسیم کرکے دکھائے، وزیراعلیٰ سندھ

    سیہون: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کرکے دکھائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم پر پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے، بلاول بھٹو نے سندھ کی تقسیم سے متعلق سخت بیان دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ تقسیم کی باتیں خرنے والے آج معافیاں مانگتے پھر رہے ہیں، کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کرکے دکھائے، تین چار ماہ پہلے میں نے ان کے بھیانک چہروں سے پردہ اٹھادیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹانے کا مسئلہ پی ٹی آئی کا اپنا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں بہت بڑی کوتاہی ہوئی ہے، جس کی غلطی ہوگی اس کو سزا ملے گی، واقعے پر افسوس ہوا اور نوٹس بھی لیا ہے، واقعے میں جو ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: میرپورخاص، بچی کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے حادثہ، والد اور چچا بھی جاں بحق

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام کی خدمت میں یہ ایمبولینسز کتنا استعمال ہوتی ہیں، ریکارڈ پیش کیا جائے، مجھے بتایا جائے کس اسپتال میں کتنی ایمبولینس ہیں، اگر محکمہ صحت میرپورخاص کا عملہ ملوث نکلا تو معاف نہیں کریں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ بھر کی تمام اسپتالوں کی ایمبولینس سروس کی تفصیلات بھی سیکریٹری صحت سے مانگ لیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں ایمبولینس کی جانب سے مبینہ طور پر 2 ہزار روپے طلب کرنے پر باپ بچی کی لاش کو موٹر سائیکل پر لے جارہا تھا کہ حادثے پیش آیا جس کے نتیجے میں والد اور چچا بھی جاں بحق ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز اسلم راجپوت کا کہنا تھا کہ ایمبولینس ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر 2 ہزار روپے طلب کیے گئے جس پر والد بیٹی کی لاش موٹر سائیکل پر رکھ کر کھپرو لے جارہا تھا۔

  • سندھ اسمبلی: پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی میں بڑی بغاوت کا امکان

    سندھ اسمبلی: پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی میں بڑی بغاوت کا امکان

    سندھ اسمبلی: پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی میں بڑی بغاوت کا امکان

    کراچی: سندھ اسمبلی میں لنکا ڈھانے کی گونج سنائی دینے لگی، سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی میں بڑی بغاوت کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کی پارٹی مخالف سرگرمیاں جاری ہیں، پارٹی قیادت نے سندھ اسمبلی میں سنگین صورت حال کا نوٹس لے لیا۔

    [bs-quote quote=”آصف زرداری اور فریال تالپور جیل میں ہیں تو کوئی پارٹی کو لاوارث نہ سمجھے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”آصفہ بھٹو”][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی کے غیرمعمولی رابطوں، ارکان سے ملاقاتوں پر پارٹی قیادت پریشان ہے۔

    پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کے حوالے سے انتہائی فیصلوں پر غور شروع کردیا، اسپیکر سندھ اسمبلی کی تبدیلی اور دیگر اہم فیصلوں پر مشاورت کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں آصفہ بھٹو نے بھی ارکان سندھ اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

    آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور جیل میں ہیں تو کوئی پارٹی کو لاوارث نہ سمجھے۔

    آصفہ بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان قیادت کے ساتھ متحد ہیں، سندھ اسمبلی میں جو کچھ ہورہا ہے سب علم ہے، بلاول بھٹو کل سندھ اسمبلی آرہے ہیں۔

  • مودی! تم رہبر نہیں رہزن ہو، تم کشمیریوں کے قاتل ہو، بلاول بھٹو

    مودی! تم رہبر نہیں رہزن ہو، تم کشمیریوں کے قاتل ہو، بلاول بھٹو

    اسکردو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی تم رہبر نہیں رہزن ہو، تم کشمیریوں کے قاتل ہو۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، بلاول بھٹو نے جلسے میں قاتل قاتل مودی قاتل کے نعرے بھی لگوائے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے، تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ گجرات کے قصائی مودی سے پوچھتا ہوں کہ اگر تم نے کشمیریوں کو حقوق دئیے ہیں تو کرفیو اٹھاؤ، تم مقبوضہ کشمیر میں جلسہ کرنے کی اجازت دو۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا مسلسل 18واں روز

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مودی تم مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرالو، تمہیں پتا چل جائے گا، کشمیریوں کو رہا کرو پھر دیکھو کیا ہوتا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نریندر مودی تم کشمیریوں کی بینائی چھین سکتے ہو لیکن خواب نہیں چھین سکتے، بھٹو نے ہتھیار نہیں ڈالے، کمزور پوزیشن میں بھی جنگی قیدی واپس لائے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، بھٹو کا نواسہ، بی بی کا بیٹا ابھی زندہ ہے، کشمیر پر کسی نے کوئی سودا کیا تو تمہارا وہ حال ہوگا جو دنیا یاد رکھے گی، کسی صورت بھی جناح اور بھٹو کے خواب سے سودا بازی نہیں کرنے دوں گا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کارکنوں کی وفاداری کو سلام پیش کرتا ہوں، کارکن آج بھی شہید کی جماعت کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، سلام ہے آپ کے حوصلے کو جو ہمالیہ کے پہاڑوں سے بھی بلند ہے۔

  • سندھ حکومت جو کام کرتی ہے وہ اپوزیشن کو نظر نہیں آتا، ناصر حسین شاہ

    سندھ حکومت جو کام کرتی ہے وہ اپوزیشن کو نظر نہیں آتا، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جو کام کرتی ہے وہ اپوزیشن کو نظر نہیں آتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کراچی میں 50 ملی میٹر بارش ہوتی تھی تو تین دن راستے بند ہوجاتے تھے، مجھے سزا کے طور پر وزیر بلدیات نہیں بنایا گیا، قیادت کا فیصلہ ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت کے ایم سی کو ہر سال نالوں کی صفائی کے لیے فنڈ دیتی ہے، جہاں مسئلہ ہے وہاں نالوں پر قبضے ہیں۔

    وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ علی زیدی نے کچرا نالوں سے نکال کر کناروں پر رکھ دیا، برسات آنے کے بعد وہ کچرا نالوں میں بہہ گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے سیوریج سسٹم کی تباہی کا سب سے بڑا سبب پلاسٹک ہے، مرتضیٰ وہاب

    واضح رہے کہ گزشتہ روز مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمارے سیوریج سسٹم کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ پلاسٹک کی تھیلیاں ہیں، یہ تھیلیاں کوئی ادارہ نہیں بلکہ ہم آپ خود ڈال رہے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں قوانین تو بنائے جاتے ہیں مگر ان پر مکمل طریقے سے عمل درآمد نہیں ہوتا جس کی اہم وجہ شعور کی بیداری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا، اب صوبے میں پلاسٹک کی تھیلیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ اس کی نگہداشت اور دیکھ بھال بھی بہت ضروری ہے ، صوبائی حکومت پورے سندھ کو سرسبزاور صاف ستھرا کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کے لئے آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔

  • وسیم اختر تاریخ کے نااہل ترین میئر ثابت ہوئے ہیں، مرتضیٰ وہاب کا ردعمل

    وسیم اختر تاریخ کے نااہل ترین میئر ثابت ہوئے ہیں، مرتضیٰ وہاب کا ردعمل

    کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ میئر نے کہیں بھی کراچی والوں کی خدمت نہیں کی ، وسیم اختر تاریخ کے نااہل ترین میئر ثابت ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے وسیم اختر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں ٹیکس دیں میئر کراچی کہتے ٹیکس نہ دیں، کوئی عوام سے کہے ٹیکس نہ تو یہ عوام دشمنی کی بات ہے۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میئر بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں عوام بھاگنے نہیں دیں گے، اعلیٰ قیادت سے درخواست کرتا ہوں میئر کراچی کی بات کا نوٹس لیں، ملک سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے میئر کیسے کہہ سکتے ہیں ٹیکس نہ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد اور چھوٹے مقاصد کے لیے عوام کو غلط مشورے نہ دیں، وفاقی حکومت عوام کو کہتی ہے ٹیکس دیں تاکہ مسائل حل ہوں، حکومت کی اتحادی جماعت کا میئر عوام کو کہتا ہے ٹیکس نہ دیں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں ٹیکس نہ دو، خدارا ایسا نہ کریں۔

    مزید پڑھیں: کراچی کی عوام سندھ حکومت کوٹیکس دینا بند کردیں، وسیم اختر

    مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آج ہماری حکومت ہے تو کل آپ کی بھی حکومت ہوسکتی ہے، وسیم اختر کے بیان کی بطور شہری مذمت کرتا ہوں، ایسے بیانات سے نہ پہلے ملک کی خدمت ہوسکی نہ ہی آج ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ آج میئر کراچی وسیم اختر نے صرف مگرمچھ کے آنسو بہائے ہیں، میئر کو مشینری بھی سندھ حکومت خرید کر دیتی ہے، بجائے اپنی ناکامی تسلیم کریں دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نالوں کے لیے سندھ حکومت نے 55 کروڑ روپے دئیے، میئر نے ذاتی مقاصد کے لیے کراچی کے عوام کو لالی پاپ دئیے، میں سمجھتا ہوں میئر کے بیان کا فوری نوٹس لینا چاہئے، ہم سول نافرمانی کریں گے تو کراچی کی خدمت نہیں کرسکیں گے، میئر کراچی سے گزارش ہے کہ اپنے بیان کو واپس لیں۔

  • اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق حکومت کے خلاف مہم موثر بنانے کی حکمت عملی طے نہ ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا، اسلام آباد کی طرف اپوزیشن کا مارچ دسمبر تک جاسکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی عدم شرکت کے باعث اے پی سی میں اہم فیصلے نہ ہوسکے۔

    مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی، اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی میں سوال کیا کہ اسلام آباد آکر کیا کریں گے، اسلام آباد میں دھرنا دینے کے بعد کیا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: اپوزیشن کی اے پی سی، شہباز شریف اور بلاول شرکت نہیں کر سکیں گے

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ اے پی سی میں پی پی اور ن لیگ مرکزی قائدین شریک ہوں گے، چارٹر آف ڈیمانڈ کی تیاری پر مشاورت ابھی باقی ہے۔

    اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کی شکست پر بھی پیش رفت نہ ہوسکی، سینیٹ انتخابات میں شکست کی ذمہ داری کوئی جماعت لینے کو تیار نہیں ہے۔

    اے پی سی اجلاس میں مرکزی رہنما ایک دوسرے کو باتیں سناتے رہے، کشمیر کے معاملات کو بھی حکومت کے خلاف مہم کا ایجنڈا بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی کل جماعتی کانفرنس میں بلاول اور شہباز شریف شریک نہیں ہوئے، اے پی سی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور حکومتی اقدامات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

  • پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ملک میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا، بلاول بھٹو

    پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ملک میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا، بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ملک میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے، ہمیں شہدا کے اہل خانہ کا خیال رکھنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری یوم شہدائے پولیس ٹریننگ پہنچے، بلاول بھٹو کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

    بلاول بھٹو نے یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا، ملک کے لیے قربانی دینے والوں کے خاندانوں کا خیال رکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں بھی شہدا کے خاندان سے تعلق رکھتا ہوں، مظلوم اور کمزوروں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، مسائل کے باوجود پیپلزپارٹی مظلوموں کا خیال رکھتی ہے۔

    مزید پڑھیں: پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، عثمان بزدار

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ قربانی دے کر ملک کا امن بحال کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم سب کو پولیس کے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ افسوس ہے وفاق میں جو حکومت ہے اس کی سوچ مختلف ہے، وفاق نے شہریوں اور شہدا کے اہل خانہ کو تنہا چھوڑ دیا ہے، امید کرتا ہوں سندھ حکومت شہدا کے اہل خانہ کا خیال رکھے گی۔

    یاد رہے کہ آج ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پولیس کے شہدا اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ مضبوط فورس ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

  • تحریک عدم اعتماد، ن لیگ کے دو گروپ کھل کر سامنے آگئے

    تحریک عدم اعتماد، ن لیگ کے دو گروپ کھل کر سامنے آگئے

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف ووٹ دینے کے معاملے پر اپوزیشن کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں مسلم لیگ ن کے دو گروپ کھل کر سامنے آگئے ہیں، ن لیگ کا ایک دھڑا حاصل بزنجو کی حمایت میں نہیں تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے کئی سینیٹرز پارٹی قیادت سے نالاں تھے، اپوزیشن سے منحرف ارکان ایک دوسرے سے رابطوں میں تھے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز زاہد مشوانی کے مطابق اپوزیشن کے اجلاسوں میں بھی اپنے سینیٹرز پر شک کیا جاتا رہا اور پیپلزپارٹی کے بعض سینیٹرز نے بھی ووٹ پول کیا۔

    اپوزیشن کے بعض سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف ہونے والی ووٹنگ میں جان بوجھ کر اپنے ووٹ ضائع کیے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

    تحریک عدم اعتماد میں ناکامی پر پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھیج دئیے ہیں، پیپلزپارٹی سینیٹرز کے استعفے بلاول بھٹو کو موصول ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جس کی 64 اراکین نے حمایت کی تھی البتہ جب خفیہ رائے شماری ہوئی تو قرارداد کے حق میں صرف پچاس ووٹ پڑے، مطلوبہ تعداد کا ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کے سبب قرار داد مسترد کردی گئی۔

    اس سے قبل سینیٹ کے 64 ارکان کی حمایت کے سبب تحریک عدم اعتماد منظور ہوگئی تھی تاہم خفیہ رائے شماری میں صادق سنجرانی فتح یاب قرار پائے ساتھ ہی ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف بھی حکومت کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔