Tag: پیپلزپارٹی

  • معجزہ ہے کہ پیپلزپارٹی رانا ثنا اللہ کا دفاع کررہی ہے، صمصام بخاری

    معجزہ ہے کہ پیپلزپارٹی رانا ثنا اللہ کا دفاع کررہی ہے، صمصام بخاری

    لاہور: وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مخالفت نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو اکٹھے ہونے پر مجبورکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری مکافات عمل ہے، درست کہتے ہیں دیر ہے اندھیر نہیں، سسٹم کی کمزوری ہے پہلے گرفت میں آنا چاہیے تھا۔

    صمصام بخاری نے کہا کہ ظلم کی انتہا کرنے والے قانون کے کٹہرے میں آہی گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گرفتاری کے بعد عمران خان پر الزام تراشی کیسے درست ہے؟، عدالتیں آزاد ہیں، جو چاہے اپنی بے گناہی ثابت کرے۔

    وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، احتساب سب کا ہوگا، یہی تبدیلی ہے کہ اپنے وقت کے جابر بھی پکڑ میں آگئے۔

    صمصام بخاری نے کہا کہ رانا ثنااللہ ماڈل ٹاؤن کیس میں بھی بے گناہ ہیں؟، معجزہ ہے کہ پیپلز پارٹی رانا ثنا اللہ کا دفاع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مخالفت نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو اکٹھے ہونے پر مجبورکردیا۔

    وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے مزید کہا کہ جس نے بھی کرپشن یا غلط کام کیا اُسے انجام بھگتنا ہوگا۔

    کرپشن کے لیے واویلا کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، صمصام بخاری

    یاد رہے کہ 30 جون کو وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ فرسودہ نظام کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پربدلنا ہوگا، نظام کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے۔

  • بجٹ کی منظوری پر بلاول بھٹو کا شدید ردعمل، کل گوجر خان میں جلسے کا اعلان

    بجٹ کی منظوری پر بلاول بھٹو کا شدید ردعمل، کل گوجر خان میں جلسے کا اعلان

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ کو زبردستی پاس کرایا گیا، ہمارے دو ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارلیمان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جو بجٹ پاس کیا ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا، موجودہ اسپیکر جیسے ایوان چلا رہے ہیں، ایسا آمروں کے دور میں بھی نہیں ہوا۔ آپ نے ہمارے دو ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے۔

    انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے دھاندلی کرکے بلز پاس کرائے، سندھ اور تھر پر حملہ کیا، میرے صوبے اور میرے تھر کا معاشی قتل ہورہا ہے، یہ ظالمانہ اقدام ہے۔

    مزید پڑھیں: قومی اسمبلی سے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور، اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد

    بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کا خون چوسا جارہا ہے۔ کسانوں مزدوروں کا معاشی قتل ہورہا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا اس بجٹ میں ایک بھی نوکری نہیں دی۔ عوام کب تک برداشت کریں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آپ غریبوں پر بوجھ ڈال کر امیروں کو ریلیف دے رہے ہیں، میں اس ظلم کے خلاف باہر نکل رہا ہوں، کل گوجر خان میں پیپلزپارٹی کا جلسہ ہے، جلسے میں بتاؤں گا کس طریقے سے ملک کا بیڑہ غرق کیا گیا ہے۔

  • موجودہ بجٹ میں ہم نے کراچی کے لیے بہت سی اسکیمیں رکھی ہیں، ناصرحسین شاہ

    موجودہ بجٹ میں ہم نے کراچی کے لیے بہت سی اسکیمیں رکھی ہیں، ناصرحسین شاہ

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ میئرکراچی کی کے ایم سی کو ناکافی فنڈ کی بات سے متفق ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما ناصرحسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے لیے بہت زیادہ بجٹ چاہیے، وفاق نے سندھ حکومت کو120 ارب کم دیے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں ہم نے کراچی کے لیے بہت سی اسکیمیں رکھی ہیں، ہم نے اچھی خاصی رقم کراچی میں منصوبوں کے لیے رکھی ہے، بلاول بھٹونے بھی کراچی کے لیے اسکیمیں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میئرکراچی کی کے ایم سی کو ناکافی فنڈ کی بات سے متفق ہوں، کے ایم سی میں بہت زیادہ لوگ رکھے گئے ہیں، کےایم سی کو دیے گئے فنڈ کا زیادہ حصہ تنخواہوں میں چلا جاتا ہے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری حکومت کودیا جانے والاپیسہ ٹیکس دینے والوں کا ہے۔

    خرم شیرزمان نے کہا کہ سندھ حکومت کی 957 ارب کی مالی ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، میں کراچی کوبراہ راست فنڈ دینے کے حق میں ہوں، میرے خیال میں تو سندھ حکومت سے پیسے کاحساب لیا جائے۔

  • بلاول بھٹو اور مریم نواز ملاقات، بجٹ کو منظوری سے روکنے پر اتفاق

    بلاول بھٹو اور مریم نواز ملاقات، بجٹ کو منظوری سے روکنے پر اتفاق

    لاہور: جاتی امرا میں بلاول بھٹو اور مریم نواز کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں بجٹ کو منظوری سے روکنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جاتی امرا پہنچے، ان کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، مصطفیٰ نواز کھوکھر، چوہدری منظور ودیگر موجود تھے۔

    مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق، اور محمد زبیر موجود تھے، مریم نواز نے جاتی امرا پہنچنے پر بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔

    ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بجٹ عوام دشمن ہے کسی صورت منظور نہیں ہونا چاہئے، دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکامیاں ملک کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہیں، حکومت کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: بیگم صفدر نے کرپشن بولے بھائی کے لیے منی لانڈرنگ کی ہانڈی تیار کی، فیاض الحسن چوہان

    مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کو جتنا وقت دیں گے ملک کو اتنا زیادہ نقصان ہوگا۔

    پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں مشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت بجٹ عوام دوست نہیں بناتی تو منظور نہیں ہونے دیں گے، عوام دشمن بجٹ اور حکومت کے خلاف پارلیمان اور باہر جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے رمضان المبارک میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت دعوت افطار پر مدعو کیا تھا جس میں مریم نواز بھی شریک ہوئی تھیں، مریم نواز نے گزشتہ روز بلاول بھٹو کو ملاقات کی دعوت دی تھی جسے بلاول کی جانب سے قبول کرلیا گیا تھا۔

  • فریال تالپور کا طبی معائنہ مکمل، میڈیکلی فٹ قرار

    فریال تالپور کا طبی معائنہ مکمل، میڈیکلی فٹ قرار

    اسلام آباد: نیب کی حراست میں موجود فریال تالپور کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا، میڈیکل بورڈ نے انہیں میڈیکلی فٹ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست میں موجود آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا، میڈیکل بورڈ نے فریال تالپور کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق فریال تالپور کا طبی معائنہ ڈاکٹر امتیاز احمد، ڈاکٹر سویدہ نے کیا، ڈاکٹرز نے ان کا شوگر، بلڈ پریشر ٹیسٹ کیا۔

    فریال تالپور کا بلڈ پریشر 80/140، شوگر لیول 160 ہے، طبی معائنہ کی رپورٹ نیب حکام کے حوالے کردی گئی۔

    نیب حکام کی جانب سے فریال تالپور کی میڈیکل رپورٹ کل عدالت میں پیش کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو نیب نے آج گرفتار کیا ہے، ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل احتساب عدالت نے اسی جعلی اکاؤنٹ کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کو 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے، نیب نے زرداری کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ اس کیس میں آصف زرداری،فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 6 بار توسیع کی جا چکی تھی۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے رقم منتقلی کا الزام ہے، اس ضمن میں منی لانڈرنگ کیس احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

  • نیب کو سیاسی انتقام اور پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا، بلاول بھٹو

    نیب کو سیاسی انتقام اور پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا، بلاول بھٹو

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کرکے گھر کو سب جیل بنادیا ہے، پیپلزپارٹی ہر محاذ پر لڑے گی، فریال تالپور بہادر خاتون ہیں، نیب کو سیاسی انتقام اور پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے فریال تالپور کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ملک میں سیاسی انتقام، سیاسی انجیئنئرنگ کی جارہی ہے، پرویز مشرف نے نیب کو سیاسی انتقام کے لیے بنایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو بجٹ سیشن کے دن گرفتار کرایا جاتا ہے، گرفتاریاں معاشی قتل اور معاشی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کا بجٹ معاشی خودکشی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آمروں کے ہر دور کا مقابلہ کیا یہ کیا چیز ہیں، حکومت غریبوں کا معاشی قتل کررہی ہے ہم خاموش نہیں رہیں گے، پیپلزپارٹی جمہوری عمل کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت ججوں کے خلاف استعمال ہورہی ہے، مشرف نے عدلیہ پر حملہ کیا آج وہی حملہ عدلیہ پر کیا جارہا ہے، اسکرپٹ سے ہٹ کر چلنے والے ججز کے خلاف ایکشن ہورہا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام پوچھ رہے ہیں ڈالر 158 روپے کا کیسے ہوگیا، اے پی سی جلد ہوگی متحد اپوزیشن کا متحد لائحہ عمل جلد سامنے آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی حکومت کو آج بھی گراسکتے ہیں مگر نہیں گرا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔

  • آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری، نیب ذرائع

    آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری، نیب ذرائع

    راولپنڈی: جعلی اکاؤنٹ کیس میں آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹ کیس میں آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ہیں، فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری نیب راولپنڈی کے حوالے کردئیے گئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی منظوری دی۔

    آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی گرفتاری کے لیے نیب راولپنڈی کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق فریال تالپور کے مقام کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے، نیب کی ٹیم نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا البتہ غیر موجودگی پر وہ وہاں سے ناکام لوٹے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فریال تالپور کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دئیے جانے کا امکان ہے انہیں سب جیل میں رکھ کر ہی تفتیش کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری21جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    واضح رہے کہ دو روز قبل احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹ کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کو 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے، نیب نے زرداری کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

    یاد رہے کہ کیس میں آصف زرداری،فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 6 بار توسیع کی جا چکی تھی۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے رقم منتقلی کا الزام ہے، اس ضمن میں منی لانڈرنگ کیس احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

  • ٹیکس قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے گا، حماد اظہر

    ٹیکس قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے گا، حماد اظہر

    اسلام آباد: وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عام آدمی کی فلاح وبہبود کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ ٹیکس قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے غریب عوام کے ٹیکس کی رقم سے شاہانہ زندگی گزاری۔

    حماد اظہر نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے لوگوں کو اپنے اثاثہ جات ظاہر کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں بحران کے باوجود آئندہ مالی سال کا بجٹ عام آدمی کی فلاح وبہبود کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

    وزیرمملکت برائے ریونیو نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت شرح نمو، برآمدات، روزگار کے مواقع، ٹیکس کے دائرے، کم ترقی یافتہ علاقوں اور عام آدمی کی آمدنی بہتر بنانے اور کم آمدنی والے افراد کو شیلٹرہومز کی فراہمی پرتوجہ مرکوز کررہی ہے۔

    حماد اظہر نے کہا کہ کسی بھی شخص کو جائیداد، ریستوران کی خریداری یا بچت مراکز میں لاکھوں روپے جمع کرانے کی صورت میں اپنے کالے دھن کو چھپانے نہیں دیا جائے گا۔

    ایمنسٹی اسکیم کا بنیادی مقصد تمام غیرقانونی اکاؤنٹس کو دستاویزی شکل دینا ہے، حماد اظہر

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم سے تمام جعلی اکاؤنٹس کے اندراج اور بدعنوانی کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔

  • کرپٹ ٹولہ تحریک چلا کراپنی رسوائی کا انتظام کررہا ہے، فردوس عاشق اعوان

    کرپٹ ٹولہ تحریک چلا کراپنی رسوائی کا انتظام کررہا ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سندھ تک محدود ہونے والوں کی عوامی مقبولیت صفربٹا صفر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ سچےہوتے توجمہوریت کا رونا رونے کی بجائے سچائی کا ثبوت دیتے، ان کوسزا ان کے اپنے ہاتھوں نے دی ہے۔


    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ نیب ان کا اپنا بنایا ہوا اورچیئرمین ان کا اپنا لگایا ہوا ہے، پاناما پیپرہم نے جاری نہیں کیا تھا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ تک محدود ہونے والوں کی عوامی مقبولیت صفربٹا صفر ہے، ان کے سیاسی وجود کا اندازہ کل چند افراد کے باہرنکلنے سے ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ تحریک چلا کراپنی رسوائی کا انتظام کررہا ہے، قومی دولت لوٹنے والوں کے احتجاج کوعوام مسترد کردیں گے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے ن لیگ دوسروں کے کاندھے پرسوارہوکرآئی، یہ صرف سازش کرسکتے ہیں مزاحمت نہیں۔

    اپوزیشن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے سلاخوں کے پیچھے ہے، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، جعلی اکاؤنٹ کی وجہ سے آصف زرداری گرفتار ہوئے۔

  • کوئی ڈر خوف نہیں، آصف زرداری نے خود گرفتاری دی، خورشید شاہ

    کوئی ڈر خوف نہیں، آصف زرداری نے خود گرفتاری دی، خورشید شاہ

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کوئی ڈر خوف نہیں ہے آصف زرداری نے خود گرفتاری دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے آصف زرداری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست دے دی ہے، ہمیشہ ہمارے کیسز سندھ سے پنجاب میں لائے جاتے ہیں۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے کوشش کی ہے، ہمیشہ کوشش کی پاکستان باوقار طریقے سے آگے بڑھے، ہمیں اعتماد ہے ہمارے کارکنان پہلے سے زیادہ طاقتور ہیں۔

    بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کل عوام دشمن بجٹ آرہا ہے، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔

    آصف زرداری مرد بحران ہیں، مرتضیٰ وہاب

    دوسری جانب مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات کی حیثیت نہیں ہے، آصف زرداری مرد بحران ہیں، وہ گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

    واضح رہے کہ کچھ دیر قبل نیب ٹیم نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔