Tag: پیپلزپارٹی

  • ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان نے میدان مار لیا

    ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب، ایم کیو ایم پاکستان نے میدان مار لیا

    کراچی: ڈپٹی میئر کی خالی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد حسن واضح اکثریت سے کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیاتی کونسل میں  ڈپٹی میئر کی نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا، جس میں 281 نمائندوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔

    پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع ہوا۔ ایم کیو ایم اور  پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان تھا مگر ایم کیو ایم نے باآسانی میدان مارا اور واضح برتری حاصل کی۔ الیکشن میں تین سو چیئرمینز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا جبکہ 281 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

    ایم کیو ایم کے  ارشد حسن 194  ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ پیپلزپارٹی کے اکرم اللہ وقاصی کو 78 ووٹ ملے، گنتی کے دوران 09 ووٹ مسترد بھی کیے گئے۔ ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اورعوامی نیشنل پارٹی کی جبکہ ایم کیو ایم کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد وہرا ایم کیو ایم پاکستان کو خیرآباد کہہ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔

    بعدازاں ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ارشد وہرا کو ڈپٹی میئر کے عہدے سے ہٹایا جائے اور نا اہل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب، ایم کیو ایم نے ارشد حسن کا نام فائنل کردیا

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرا کو نا اہل قرار دیا تھا۔ پی ایس پی رہنما ضلع سینٹرل کراچی کی یونین کونسل 49 سے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔

  • بلاول بھٹو پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، مرتضیٰ وہاب

    بلاول بھٹو پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، مرتضیٰ وہاب

    کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو فواد چوہدری سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں ہے، بلاول بھٹو پاکستان کا روشن چہرہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری حکومت کے ترجمان ہیں یا نیب کے ترجمان ہیں، ماضی میں الزامات لگانے والوں کو بھی منہ کی کھانا پڑی تھی۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی قیادت پر الزام عائد کرکے فواد چوہدری کسے خوش کرنا چاہتے ہیں، دو کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دینے والے قرعہ اندازی کا سرکس لگائیں گے۔

    مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آپ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتے تو عوامی مسائل کا ادراک بھی ہوتا، پی ٹی آئی عوام کو اپنی نااہلی کی سزا دے رہی ہے۔

    مزید پڑھیں:  آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کے لیے اپنا ہی بینک خرید لیا، فواد چوہدری

    واضح رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ماضی میں آصف زرداری اور شریف فیملی نے منی لانڈرنگ کی، شریف فیملی کی منی لانڈرنگ سے متعلق ثبوت سامنے آ رہے ہیں، اسحٰق ڈار کا کیس بھی سب کے سامنے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا حمزہ شہباز منی لانڈرنگ پر کوئی جواب نہیں دے سکے، آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کے لیے اپنا ہی بینک خرید لیا، آصف زرداری نے کہا کسی اور کیا جمع کروائیں گے اپنا ہی بینک خرید لیتے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماضی کی تحقیقات عوام نے دیکھی، ہمارے دور کی تحقیقات بھی دیکھ لیں گے۔ عوام کے سامنے ہوشربا انکشاف آئیں گے۔

  • وزیر ٹرانسپورٹ سندھ  نے پیپلز بس سروس بند ہونے کی تردید کردی

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے پیپلز بس سروس بند ہونے کی تردید کردی

    کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کراچی میں پیپلز بس سروس بند ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کراچی میں پیپلز بس سروس بند ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز بس سروس بند نہیں ہوئی ہے۔

    اویس شاہ نے کہا کہ ٹیکنیکل مسائل کے باعث بس آج سڑکوں سے غائب ہوئیں، 2 گھنٹے کے اندر تمام پیپلز بس سروس کی بسیں شاہراہوں پر ہوں گی۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، یو ٹرن نہیں لیتے ہیں۔

    قبل ازیں انتظامیہ کی جانب سے بس سروس بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، بس سروس انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہر ماہ ساڑھے تین سے چار لاکھ روپے کا نقصان برداشت کررہے تھے، ڈیزل کے پیسے بڑھنے کے باوجود ہمارے کرائے کو نہیں بڑھایا گیا۔

    مزید پڑھیں: سندھ حکومت کے تعاون سے چلنے والی بس سروس ایک سال بعد ہی بند

    بس سروس انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ کیے معاہدے میں توسیع نہیں کی، 40 کلو میٹر کے فاصلے پر روزانہ سروس مسافروں کو دی جاتی تھی۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسٹاف سے لے کر تمام تر خرچے کی ذمہ داری ڈائیوو پر تھی، بس سروس بند کرنے پر ہم عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

    یاد رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے پیپلزبس سروس کےتحت چلنے والی بسوں کی تعداد10 ہے، جس کا کرایہ 20، 30اور40 روپے ہے۔

    پیپلزبس سروس صبح7سے رات10بجے تک چلتی ہے، بس میں تیس افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم رش کے اوقات میں شہری کھڑے ہو کر بھی سفر کرتے ہیں۔

  • بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے

    بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے

    کوئٹہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کریں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری متاثرین سے ملاقات کے بعد جتک ہاؤس سریاب کسٹم میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    دوسری جانب وزیراعطم عمران خان 18 اپریل کو کوئٹہ کا دورے کے دوران ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات اور امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    کوئٹہ: ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکا ، 20 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے تھے

    بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    واضح رہے گزشتہ ماہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

  • محنت کشوں کے حقوق کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے، آصف زرداری

    محنت کشوں کے حقوق کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے، آصف زرداری

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی، محنت کشوں کے حقوق کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں ریفرنڈم جیتنے پر پیپلز لیبر یونین کے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محنت کش پارٹی کی روح اور پیپلزپارٹی محنت کشوں کی طاقت ہے۔

    آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے صنعتی اداروں میں مزدوروں کو حصہ دار بنایا، آج پھر ثابت ہوا مزدوروں کے دل میں صرف بھٹو بس رہا ہے، موجودہ حکومت نے محنت کشوں کے 28 ارب روپے لوٹ لیے ہیں۔

    دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پورٹ قاسم سی بی اے ریفرنڈم میں کامیابی پر پیپلز لیبر یونین کے کارکنان کو مبارکباد دی ہے۔

    بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پورٹ قاسم کی پیپلز لیبر یونین نے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اتحاد کو شکست دی ہے، انہوں نے ٹویٹ میں ہیش ٹیگ استعمال کیا کہ کراچی نے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو مسترد کردیا ہے۔

    بلاول بھٹو نے ٹویٹ سے منسلک ہیش ٹیگ میں لکھا کہ مہنگا پاکستان نہ کھپے۔

    واضح رہے کہ پورٹ قاسم ریفرنڈم میں پیپلز لیبر یونین نے 204 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، پیپلزپارٹی کو 469 اور ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کو 445 ووٹ ملے۔

  • میں وزیراعظم ہوتا تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاتا، خورشید شاہ

    میں وزیراعظم ہوتا تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاتا، خورشید شاہ

    سکھر: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج ڈالر کہیں نظر ہی نہیں آرہا، جو زیادہ قیمت دے رہا ہے اس کو ڈالر ملتا ہے، ان کو اچھی معیشت ملی جھوٹ بول بول کر تباہ کردی، میں وزیراعظم ہوتا تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاتا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک، آئی ایم ایف سب کی رپورٹیں آنا شروع ہوگئی ہیں، ورلڈ بینک، آئی ایم ایف نے ایسی باتیں کیں جس سے خوف آنے لگا ہے، ہم نے حکومت کو وقت دیا کہ وہ سمت درست کرلے، 65 فیصد لوگ اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست پاکستان کے بارے میں سوچنے کو تیار نہیں ہے، ایک وزیر کہتے ہیں 6 ماہ میں معیشت ٹھیک نہ ہو تو میری تکہ بوٹی بنادو، حکومت کے دوسرے وزیر کہتے ہیں بھارت حملہ کرنے والا ہے۔

    مزید پڑھیں: بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کے خلاف مزاحمت کریں گے: خورشید شاہ

    پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ 18ویں ترمیم نہیں بلکہ انہیں این ایف سی ایوارڈ سے مسئلہ ہے، 18ویں ترمیم میں صوبوں کو بااختیار بنایا گیا یہ ان سے ہضم نہیں ہوتا ہے، جو لوگ وفاق، اداروں کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتے وہ ایسی باتیں کرتے ہیں۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت میں آنے والے اب کہتے ہیں کہ خزانے خالی تھے، کیا اب دودھ اور شہد کی ندیاں بہہ رہی ہیں، 2008 اور 2013 کا موازنا کیا جائے تو سب پتا چل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایگری کلچر گروتھ 2012 میں 9 فیصد پر چھوڑی تھی، نواز شریف حکومت نے ایگری کلچر گروتھ 5.8 پر چھوڑی تھی، ان کی حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

  • پیپلزپارٹی کراچی کوجان بوجھ کر تباہ کررہی ہے، فیصل سبزواری

    پیپلزپارٹی کراچی کوجان بوجھ کر تباہ کررہی ہے، فیصل سبزواری

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ صوبے کو اختیارات ملیں اور اس پر حکومت ناگ بن کر بیٹھ جائے ایسا نہیں ہونا چاہئے، گیارہ سال سے پیپلزپارٹی فنڈز فراہم نہیں کررہی، جان بوجھ کر شہر تباہ کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کو جانچا جانا چاہئے کہ ان کے پاس اختیارات کتنے ہیں، یہ بھی جانچنا چاہئے کہ حکومتوں کی نیت کیسی ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ 90 فیصد مسائل مقامی ہوتے ہیں، کچرا، پینے کے پانی اور سڑکوں کے مسائل ہوتے ہیں، صوبائی، وفاقی اور مقامی حکومت جو کوشش کررہی ہیں اس پر شہر نہیں چل سکتا، کراچی کو 6 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی آدھی سڑکیں پانی کے رساؤ سے ٹوٹی ہوئی ہیں، جب مصطفی کمال ناظم تھے تب 43 ارب کا بجٹ تھا اب ایسا نہیں ہے، نعمت اللہ خان، مصطفی کمال کے دور میں نظام میں وسائل تھے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پہلے اختیارات تھے اب تو یہ بھی نہیں دئیے جارہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا نظام بھی میئر کے پاس نہیں ہے، پیپلزپارٹی کی نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی ہے، جان بوجھ کر شہر تباہ کیا جارہا ہے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ کے ایم سی کا ترقیاتی بجٹ سڑکوں پر لگتا نظر آنا چاہئے، پیپلزپارٹی کو برا لگتا ہے سندھ میں دوسرا انتظامی یونٹ نہ بنے۔

  • پیپلزپارٹی کا گھوٹکی میں جلسہ : بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    پیپلزپارٹی کا گھوٹکی میں جلسہ : بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    گھوٹکی : پاکستان پیلزپارٹی آج گھوٹکی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرےگی ،جلسے کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئیں ہے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نےخان گڑھ میں پنڈال سجالیا، جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اسٹیج بھی تیار کرلیاگیا، 40 ایکڑ پر محیط پنڈال میں 50ہزار سے زائدکرسیاں لگالی گئیں جبکہ جلسہ گاہ کوپارٹی پرچموں اورتصاویری بینرسےسجادیاگیا ہے۔

    پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کےمرکزی وصوبائی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پرواک تھروگیٹ نصب کردیئے گئے۔

    بلاول بھٹو گھوٹکی کے لئے اچھے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

    مزید پڑھیں : ون یونٹ بنانے کی کوشش کی، تو لات مار کر حکومت گرا دوں گا: بلاول بھٹو زرداری

    یاد رہے گذشتہ ہفتے گڑھی بخدا بخش میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان بھٹو شہید کا آئین ختم کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں، 18 ویں ترمیم سے وفاق دیوالیہ ہوگیا، 18 ویں ترمیم ختم کرنے، ون یونٹ بنانے کی کوشش کی تو ایک لات مارکر حکومت گرادوں گا،

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا اس حکومت سے معیشت چل سکتی ہے نہ ہی ملک چل سکتا ہے۔ کوئی حکومت کو سمجھائے کہ حکومت چندے سے نہیں چلتی، وکریاں تو دور، عوام سے روزگارچھیناجارہا ہے۔

    دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ 18ویں ترمیم ختم کرنے کے لیے مجھ پر کیسز بنائے جارہے ہیں، ان کی نیت پر شک ہے یہ 18ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، چاہے میں جیل میں ہوں یا باہر ہوں اس سے فرق نہیں پڑتا ہے، عوام میرے ساتھ ہیں، بہت جلد مہم چلائیں گے۔

  • بی آر ٹی منصوبہ، پیپلزپارٹی نے پرویزخٹک کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی

    بی آر ٹی منصوبہ، پیپلزپارٹی نے پرویزخٹک کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی

    پشاور : پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے خلاف بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ کرپشن پر نیب میں درخواست جمع کرا دی اور کہا حکومت مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے خلاف نیب میں درخواست جمع کرادی، صدر پی پی خیبرپختونخواہ ہمایوں خان، جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی اور اخونزادہ چٹان نے پرویز خٹک کے خلاف بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ کرپشن پر نیب ہیڈ کوارٹر میں درخواست جمع کرائی۔

    رخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منصوبے کی لاگت اب 70ارب سے تجاوز کر گئی ہے اور مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ حکومت مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ منصوبے کی لاگت ساڑھے 39 ارب رکھی گئی تھی اور تکمیل کی مدت چھ ماہ تھی، منصوبے کی عدم تکمیل سے پشاور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے پرویز خٹک کی قیادت میں اس منصوبے میں کرپشن کی

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب کے آرٹیکل 9 کے تحت منصوبے کی لاگت میں اضافہ قانونی جرم ہے، آرٹیکل 10 کے تحت یہ قابل سزا جرم ہے۔ چئیرمین نیب سے استدعا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات ریفرنس کے ذریعے نیب کے آرٹیکل 18 کے تحت کی جائیں۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پرویز خٹک کی قیادت میں اس منصوبے میں کرپشن کی، بی آر ٹی منصوبے کے ذریعے من پسند شخصیات کو خلاف ضابطہ نوازا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ کے صدر ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کی تعمیر سے قبل چھ ارب روپے سڑکوں کی خوبصورتی پر لگائے گئے، پختونخواہ میں اسپتالوں میں مریضوں کو دوائی نہیں مل رہی۔ انسپکشن ٹیم کی رپورٹ نے کرپشن کی نشاندہی کی لیکن اسے مانا نہیں جارہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیب کو درخواست کی ہے کہ فوری ایکشن لیا جائے، چئیرمین نیب نے یقین دہانی کروائی کہ مکمل تحقیقات کی جائے گی۔ یہ صرف ایک نہیں بلکہ مالم جبہ سمیت کئی منصوبوں میں لوٹ مار ہے۔

    واضح رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا جو کئی تاریخوں کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔

  • پیپلزپارٹی نے پنجاب میں بھی ٹرین مارچ کی تیاریوں کا آغاز کردیا

    پیپلزپارٹی نے پنجاب میں بھی ٹرین مارچ کی تیاریوں کا آغاز کردیا

    اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے اپنے کارکنان نکالے تو حکومت دفاعی پوزیشن پر چلی جائے گی۔

    یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ٹرین مارچ کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔

    اس سلسلے میں پیپلز پارٹی وسطی و جنوبی پنجاب کی مشاورت کے بعد بلاول بھٹو زر داری کے ٹرین مارچ کو حتمی شکل دی جائے گی، پنجاب کی جانب ٹرین مارچ روہڑی سے شروع کیا جائے گا۔

    ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اجلاس میں ٹرین مارچ روہڑی سے پنڈی تک کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب کی تنظیم کی طرف سے سندھ کے ٹرین مارچ میں بلاول بھٹو کی تقاریر کے دوران کمزور سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وسطی اور جنوبی پنجاب کی تنظیموں کی جانب سے پارٹی چیئرمین سے احتیاط برتنے کی درخواست کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ٹرین مارچ کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں قیام کریں گے،اس موقع پر وہ بار کونسلز اور پریس کانفرنسوں سے بھی خطاب کریں گے ۔

    اجلاس میں حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن کی حمایت لینے پر بھی غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی طرف مارچ اپوزیشن جماعتوں کے اکٹھا ہونے کے بعد نتائج دے سکے گا۔