Tag: پیپلزپارٹی

  • ایم کیوایم  نے بھی پیپلزپارٹی کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    ایم کیوایم نے بھی پیپلزپارٹی کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    کراچی : نارتھ ناظم آباد میں ایم کیوایم اور پی پی کارکنان کے درمیان ہونے والے جھگڑے کا مقدمہ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی جوابی طور پر پی پی کارکنان کیخلاف درج کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گزشتہ شب دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تصادم ہوا تھا، جس کا مقدمہ پہلے پیپلزپارٹی کی جانب سے درج کرایا گیا اور اب ایم کیو ایم نے بھی جوابی کارروائی کردی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے حیدری تھانے میں کرن مسعود کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں پیپلزپارٹی کے8اور40نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے حیدری تھانے میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متحدہ کارکنان حیدری مارکیٹ کے قریب پمفلٹ تقسیم کررہے تھے۔

    پی پی کے کارکنان نے ایم کیو ایم کارکنوں کو ہراساں کیا اور اغوا کرکے اپنے انتخابی دفتر لے گئے، دیگر کارکنان اپنے ساتھیوں کو چھڑانے وہاں گئے تو پیپلزپارٹی والوں نے ان پر بھی تشدد کیا۔

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کارکنوں نے اسلحے کے بٹ مار کر ہمارے کارکنان کو زخمی کیا، متعلقہ پولیس قانون کے مطابق پی پی کارکنوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کی جانب سے اس کے انتخابی دفتر پر حملے کا مقدمہ ایم کیوایم کارکنان کیخلاف درج کرایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ایم کیوایم کے 40 سے 50 کارکنان کیخلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں بلوہ، اسلحہ دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی کی دفعات شامل ہیں۔

  • بڑے لوگوں کو لندن جانے کی ضرورت نہیں، لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے: بلاول بھٹو

    بڑے لوگوں کو لندن جانے کی ضرورت نہیں، لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے: بلاول بھٹو

    لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بڑے لوگ جو بیمار ہوتے ہیں انھیں لندن جانے کی ضرورت نہیں، لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 127 کے علاقے ٹاؤن شپ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ آج خوشی ہورہی ہے کہ آپ سب کے درمیان ہوں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ اس حلقے اور علاقے میں میرے نمائندے اور سفیر ہیں، آپ نے گھر گھر جاکر پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے یہ کسی کاروباری شخص کا لاہور  ہے نہ کسی کھلاڑی کا، یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا لاہور ہے۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ قائدعوام، بینظیر بھٹو، جیالوں کو شہید کر کے ہمیں ڈرا سکتے ہیں تویہ انکی غلط فہمی ہے، ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو کی طرح میں بھی لاہور سے الیکشن لڑرہا ہوں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس شہر میں سیاست صرف جیالوں اور عوام کیلئے کرتے ہیں، نہ پٹواریوں نہ کسی اور کی ضرورت ہے صرف آپ کا ساتھ چاہتا ہوں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  آپ میرا پیغام پہنچائیں کہ ہمارے عوامی منشور میں 10 نکات ہیں، میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کر کے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کرینگے۔

    ’’ ہم عوام کی تنخواہ اور آمدنی کو ڈبل کرینگے، ہم 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرینگے، مفت تعلیم دینگے، سندھ کے شہروں کی طرح ملک بھر میں مفت صحت کا علاج دینگے تاکہ پھر کسی کو لندن جانے ضرورت پیش نہ آئے، بڑے لوگ بیمار ہوں گے تو انہیں لندن جانے کی ضرورت نہیں ہوگی‘‘۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہرضلع میں مفت علاج کے ادارے بنائیں گے، عوام کو پکے گھر بنا کر دینگے، خواتین کو مفت مالکانہ حقوق دینگے،کچی آبادیوں کے گھروں میں جائیں اور بتائیں پی پی حکومت آئی تو مالکانہ حقوق ملیں گے۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حکومت میں آکر بی آئی ایس پی کو بڑھانا ہے، مزدور کارڈ سے بی آئی ایس پی جیسی سہولت پہنچائیں گے، کسان کارڈ اور یوتھ کارڈ سے بھی لوگوں کو سہولت دینگے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم مل کر جدوجہد کرینگے تو لاہور کی قسمت بدلیں گے، ہم لاہور کے عوام اورپاکستان کی قسمت بدلیں گے، نہ شہر نہ ملک کی قسمت میں لکھا ہے کہ ایک شخص کو بار بار قبول کرنا ہے، پاکستان کے عوام خود فیصلہ کرینگے ان کا وزیراعظم کون ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر پرانی سیاست اور پرانے سیاستدان کو خداحافظ کرینگے، پاکستان کے عوام ووٹ کے ذریعے نوجوان قیادت منتخب کریں گے، قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو نے جو منشور دیا اسی میں مہنگائی، بے روزگاری کا حل ہے۔

  • پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے متعدد امیدواروں کے نام فائنل کرلیے

    پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے متعدد امیدواروں کے نام فائنل کرلیے

    پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے متعدد امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ہیں، قومی، صوبائی اسمبلی امیدواروں کے نام قیادت کو بھجوا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے متوقع امیدواروں کے ناموں پر غور جاری ہے۔ پارلیمانی بورڈ نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے نام قیادت کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 252 سے سردار اسرار ترین کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ این اے 262 کوئٹہ سے حاجی رمضان اچکزئی کا نام سامنے آیا ہے۔

    پی بی 38 سے سکینہ عبداللہ، پی بی 39 سے شریف خلجی کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ پی بی40 سے ہادی عسکری جبکہ پی بی 5 سے سربلند جوگیزئی کا نام پیش کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ پی بی 41 سے نورالدین کاکڑ، پی بی 42 سے طاہر محمود کا نام سامنے آیا ہے۔ پی بی 43 سے لیاقت لہڑی اور پی بی 44 سے عبید گورگیج کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ پی بی 45 سے علی مدد جتک اور پی بی 46 ریاض شہوانی کا نام پیش کیا گیا ہے۔

    این اے 263 سے روزی خان کاکڑ کا نام تجویز کیا گیا ہے جبکہ این اے 264 سے نوابزادہ جمال رئیسانی کا نام سامنے آیا ہے۔ این اے253 سے سردار ہربیار ڈومکی کا نام قیادت کو بھیجا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں پی بی 8 سے سرفراز ڈومکی، پی بی 9 سے میر نصیب اللہ کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ پی بی 4 سے زادہ انعام کھیتران کا نام سامنے آیا ہے۔ پی بی 6 سے ملک شاہ خان ترین کا نام پیش کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان میں سیاسی کامیابی، سرفراز بگٹی کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ

    بلوچستان میں سیاسی کامیابی، سرفراز بگٹی کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کو بلوچستان سے بڑی سیاسی کامیابی مل گئی، سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، وہ آج پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی تربت کیلئے روانہ ہوگئےجہاں وہ  آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔

    واضح رہے کہ آصف زرداری آج ایک روزہ دورے پر تربت پہنچ رہے ہیں جہاں وہ پارٹی کی صوبائی تنظیم، کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے اور پیپلزپارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

  • نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، آن لائن ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق

    نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، آن لائن ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی کار سوار افراد پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں چلتی کار پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی، موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے کار کا تعاقب کیا اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

     ریسکیو ذرائع کے مطابق کار پر فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جارہا تھا کہ اس دوران دو زخمی چل بسے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں طارق اور آن لائن کار ڈرائیور شامل ہیں جبکہ زخمی خاتون کی شناخت طارق کی اہلیہ بینش کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ  طارق اور اس کی اہلیہ نارتھ ناظم آباد میں شادی سے واپس آرہے تھے،  جاں بحق آن لائن کار ڈرائیور کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ کار ڈرائیور کا موبائل فون موقع بھی سے نہیں ملا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول طارق پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیدار کا رشتہ دار ہے، طارق کو 9  اور کار ڈرائیور کو 4 گولیاں ماری گئیں ہے جبکہ مقتول کی بیوی کو ایک گولی لگی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول طارق کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی، طارق کی میت لائنز ایریا میں تھانوی مسجد کے سرد خانے منتقل کردی گئی جبکہ جاں بحق  آن لائن کار ڈرائیور کی میت ریسکیو کے سرد خانے منتقل  کی جارہی  ہے۔

      عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ہم دوست بیٹھے ہوئے تھے کہ فائرنگ کی آواز سنی،  فائرنگ کی آواز سن کر دیکھا تو موٹر سائیکل سوار ملزمان کار پر مسلسل فائرنگ کررہے تھے۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد کار بے قابو ہو کر دیوار سے جا ٹکرائی، ہم نے نہیں دیکھا کہ موٹرسائیکل سوار کون تھے، 2 موٹر سائیکلوں پر 3 سے 4 ملزمان سوار تھے،

    عینی شاہد نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ دیکھنے میں ڈکیتی مزاحمت کا نہیں لگ رہا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار میں کوئی لوٹ مار نہیں کی۔

  • مفتاح اسماعیل کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان

    مفتاح اسماعیل کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی (پی پی) کے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ انکی جماعت کے سابق ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ رہنے والے مفتاح اسماعیل سے معاملات طے پانے والے ہیں، مفتاح اسماعیل جلد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی ممکنہ شمولیت کے معاملے پر پیپلزپارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا، پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد مفتاح اسماعیل سے رابطوں کا آغاز کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کا وفد گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے مفتاح اسماعیل سے رابطے میں ہے۔

    مفتاح اسماعیل ن لیگ کی گذشتہ حکومت کے دوران شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں بطور وزیر خزانہ کام کر چکے ہیں، مفتاح اسماعیل کو 2022 میں دوبارہ وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا تاہم سینیٹر اسحاق ڈار کی لندن سے آمد سے قبل مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

    مفتاح اسماعیل جون 2023 میں مسلم لیگ ن کے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہوتے ہوئے سیاست کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔

  • پیپلزپارٹی کا الیکشن میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ

    پیپلزپارٹی کا الیکشن میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے الیکشن میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا کہ ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں فائدہ کم نقصان زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے الیکشن میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں کسی حلقہ پر ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض رہنماؤں نے ن لیگ سے ایڈجسٹمنٹ کی تجویز دی تھی، جس کے بعد پی پی قیادت نے ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پارٹی کی رائے لی تاہم صوبائی پارٹی رہنماؤں نے ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ تجویزمسترد کردی۔

    پی پی ذرائع نے کہا کہ ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں فائدہ کم نقصان زیادہ ہے، الیکشن میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ گھاٹے کا سودا ہے کیونکہ پی ڈی ایم حکومت کانزلہ آئندہ الیکشن میں ن لیگ پرگرے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ وسطی پنجاب میں پی پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر رضامند نہیں، ن لیگ پنجاب سے زیادہ سے زیادہ قومی، صوبائی نشستیں چاہتی ہے اور پنجاب میں ایڈجسٹمنٹ ہونے پرن لیگ سندھ میں سیٹیں مانگےگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایڈجسٹمنٹ پر سندھ میں 10سے زائد سیٹیں مانگ سکتی ہے لیکن پیپلزپارٹی سندھ سے ایک سیٹ چھوڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، پیپلزپارٹی سندھ حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر ماضی سے زیادہ سیٹیں لے گی۔

    پی پی ذرائع کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی کی 6سیٹیں جیتناپیپلزپارٹی کا ہدف ہے۔

  • پیپلزپارٹی کا آئندہ عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ

    پیپلزپارٹی کا آئندہ عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی نے آئندہ عام انتخابات میں وفاق اور صوبوں میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نےآئندہ عام انتخابات میں سولو فلائٹ لینے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا وفاق ،صوبوں میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں ہو گا، پیپلزپارٹی الیکشن کے بعد حکومت سازی میں اتحاد پر غور کر سکتی ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق، صوبوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر غور کر سکتی ہے، اے این پی کے ساتھ کے پی اور کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی یے جبکہ کے پی میں آزاد امیدوار اور پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ماضی میں انتخابی اتحاد کا تجربہ خوشگوار نہیں رہا اور ماضی میں انتخابی اتحاد کا خمیازہ الیکشن میں بھگتا ہے اور اتحاد کی صورت پی پی کو الیکشن میں شدید نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انتخابی اتحاد کرنے پر پی پی کا ووٹرز متنفر اور ٹوٹ جاتا ہے، پی پی ووٹر انتخابی اتحاد ہونے پر مشترکہ امیدوار کو ووٹ نہیں دیتا، پنجاب میں ن لیگی ووٹر پی پی کے مشترکہ امیدوار کو ووٹ نہیں دیتا۔

    پنجاب میں پی ٹی آئی ووٹر ن لیگ، پی پی کو ووٹ نہیں دے گا، کے پی میں پی ٹی آئی ووٹر جے یو آئی، پی پی کو ووٹ نہیں دے گا۔

  • پیپلزپارٹی ملک میں اگلی حکومت بنائے گی ،  آصف زرداری

    پیپلزپارٹی ملک میں اگلی حکومت بنائے گی ، آصف زرداری

    نوابشاہ : سابق صدرآصف زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں  اگلی حکومت پیپلزپارٹی بنائے گی، جیالوں نے ہر دور میں چیلنجز کو قبول کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری کی نواب شاہ میں سکرنڈ اور قاضی احمد سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان اور معززین سے ملاقات ہوئی ، جس میں سیاسی حکمت عملی پر مشاورت اور گفتگوکی گئی۔

    اس موقع پر سابق صد رآصف زرداری نےکہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہرکارکن ملک میں عوامی حکومت کے قیام کےلیے پرعزم ہے، جیالوں نے ہردورمیں چیلنجزکوقبول کیا، پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں اگلی حکومت بنائے گی۔

    یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کے وفد سے ملاقات میں کارکنان کو انتخابات کی تیاری کی پدایت کرتے ہوئے کہا کہ پریشان ہونےکی ضرورت نہیں میں بیٹھا ہوں۔

    انھوں نے بتایا تھا کہ میں نے ملتان میں بھی اپنا گھر لے لیا ہے، جنوبی پنجاب کے دوستوں اور کارکنان سے خود ملاقاتیں کروں گا، نوابشاہ میں بھی تمام کارکنوں اور جیالوں سے خود ملاقاتیں کررہا ہوں کیونکہ کارکنان کا اصرار تھا، وہ براہ است مجھ سے بات کرنا چاہتے تھے، پیپلزپارٹی کے کارکنان انتخابات کی تیاری کریں۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عوامی سیاست کرتی ہے، ہماری طاقت عوام کا ہم پراعتماد ہے ، ملک کے ہر ضلع ، تحصیل سے یی پی کے جیالے بھٹو ازم کے نظریے سے جڑے ہیں، پیپلزپارٹی بھرپور تیاریوں کے ساتھ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لے گی۔

  • پیپلزپارٹی نواز شریف کے خطاب میں انتخابات کا مطالبہ نہ کرنے پر حیران!

    پیپلزپارٹی نواز شریف کے خطاب میں انتخابات کا مطالبہ نہ کرنے پر حیران!

    پاکستان پیپلزپارٹی نواز شریف کے خطاب میں انتخابات کا مطالبہ نہ کرنے پر حیران ہے، قائد ن لیگ کو دی جانے والی سہولت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نوازشریف کو وطن واپسی پر ملنے والی سہولت نے پیپلزپارٹی کے حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ انتخابات کے فوری انعقاد کے لیے پیپلز پارٹی نے رابطہ عوام مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اس بات پر کافی حیران ہے کہ نواز شریف کے خطاب میں انتخابات کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔

    پیپلزپارٹی کے ذارئع نے کہا کہ پنجاب میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر جلسے کیے جائیں گے، 30 نومبر کو یوم تاسیس کا جلسہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر سال ایک بڑا جلسہ کرتی ہے، اس بار لاہور میں کرنے کا امکان ہے۔