Tag: پیپلزپارٹی

  • سندھ اسمبلی کا اجلاس:ایم کیوایم اورپی پی ارکان میں گرما گرمی

    سندھ اسمبلی کا اجلاس:ایم کیوایم اورپی پی ارکان میں گرما گرمی

    کراچی: سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیرِصدارت  منعقد ہوا، اجلاس میں ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے ارکان میں گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔

    ایوان میں تھر کی صورتحال پر بھی بحث کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد شروع ہوا تو امن و امان کا مسئلہ اور تھرکی صورتحال زیر بحث آئی،۔

    ایم کیو ایم کے وقار شاہ نے کہاکہ اندرون سندھ بااثرشخصیات اغواء برائے تا۔وان کی وارداتوں کی  کی سرپرستی کررہے ہیں،ہندوبرادری اغوابرائے تاوان کی وجہ سے بھارت ہجرت کررہی ہے۔

    اجلاس کے دوران دہی اور لسی کے ذکر پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ برائے مہربانی اس ایشو پر بات نہ کی جائے، اس موقع پر اکثر اراکین نے شہلا رضاکو لسی پینے کا مشورہ بھی دیا۔

    ڈاکٹرسکندرشورو نے بھی کہا کہ امن وامان کی صورتحال آئیڈیل نہیں ہے، سندھ میں جرائم اورخطرات موجود ہیں،عسکریت پسندی سب سے بڑا خطرہ ہے تاہم پولیس اورفورسز نے اہم کامیابیاں حاصل کیں اورکئی گرفتاریاں کیں۔

    ایم کیو ایم کے سید سرداراحمد نے تجویز پیش کی کہ صوبے میں علیحدہ انٹیلیجنس ادارہ قائم ہونا چاہیئے، ایوان میں تھر کی صورتحال پر بھی بحث ہوئی۔منظوروسان کا کہنا تھا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے والے حقائق سے آنکھیں چراتے ہیں۔

  • سانحہ کارساز کے دو منصوبہ ساز گرفتار

    سانحہ کارساز کے دو منصوبہ ساز گرفتار

    کراچی: سی آئی ڈی پولیس نے سانحہ کارساز کے دو منصوبہ سازوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔

    کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سی آئی ڈی پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران سانحہ کارساز اور سابق صدر آصف علی زرداری کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ پر حملے میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے دو کارندے گرفتار کرلئے، ایس پی عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے اہم انکشافات کیے ہیں ۔

    ایس پی عثمان باجوہ۔۔ گرفتارملزمان کی نشاندہی پرمختلف علاقوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کے مزید کارندوں کی گرفتار ی کیلئے سی آئی ڈی پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

  • سندھ دھرتی تقسیم کرنے کی بات سے انتشار پھیلے گا، عبدالقادر پٹیل

    سندھ دھرتی تقسیم کرنے کی بات سے انتشار پھیلے گا، عبدالقادر پٹیل

    کراچی: پیپلزپارٹی کراچی کے صدرعبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے سندھ کی تقسیم کی بات سے انتشار پھیلے گا۔ ایم کیوایم سےمعاملہ خیرسگالی سےحل کرنا چاہتےہیں اور تنازعےکوبڑھاناٹھیک نہیں۔ انھوں نے کہا کہ خورشیدشاہ کی معافی مانگنےکےباوجود بیان کوایشو بنایاجارہاہے۔

    بلاول ہاوس کراچی میں پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں لفظ مہاجر کو تنازعہ بنا کر اس مسئلے کو حوا نہیں دی جائے پیپلزپارتی کے رہنما خورشید شاہ نے بروقت اس مسئلے پرمعذرت کرلی تھی ان کا مقصد مہاجروں کی تذلیل کرنا نہیں تھا۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ انتہا پسندی کا جواز بنا کر اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوا ہے اور موجودہ صورتحال اس جلسے کی کامیابی کا رد عمل ظاہر کرتی ہے۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوام میں مقبولت کیلئے کسی کالے پیلے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں بلکہ عوام نے ان کے جلسے میں شرکت کرکے انہیں پسندیدگی کا سرٹیفکیٹ دیدیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خیر سگالی کے تحت محرم میں اس مسئلے کو نہ اٹھایا جائے اور سندھ میں امن وا مان کی یقینی کیلئے اپنا بھرپور کرداراد کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لفظ مہاجر پر سیاست سندھ میں مذہبی انتشار پھیلانے کا خدشہ ظاہر کرتی ہے اس پرپیپلزپارٹی کو تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے سے سندھ میں رہنے والے سندھیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں اس موقع پر تاج حیدر ،این ڈی خان،شہلا رضا سمیت دیگر پی پی  رہنما بھی موجود تھے۔

  • جب تک سندھ کا ایک بھی بچہ زندہ ہے سندھ تقسیم نہیں ہو سکتا، ذوالفقارمرزا

    جب تک سندھ کا ایک بھی بچہ زندہ ہے سندھ تقسیم نہیں ہو سکتا، ذوالفقارمرزا

    بدین: سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقارعلی مرزا نے کہا ہے کہ میرا مستقبل شہادت اور بلاول بھوٹو کا مستقبل روشن ہے،لیاری والے ناراض ہیں لیکن جلد مان جائیں گے،جب تک سندھ کا ایک بھی بچہ زندہ ہے سندھ تقسیم نہیں ہو سکتا۔

    ڈاکٹر زولفقار علی مرزا بدین میں عوامی رابطہ مہم کے دوران میڈیا سے بات کر رہے تھے انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جو لوگ اپنی شناخت مانگ رہے ہیں انہیں سندھ والوں نے دعوت دیکر نہیں بلوایا تھا، بلکہ انہیں پناہ دی تھی، لفظ محاجر کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، میرا اور بلاول بھوٹو کا راستہ ایک ہے مجھے شہادت نصیب ہو گی جبکہ بلاول کا مستقبل روشن ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہادت کے بعد مجھے کفن کے ساتھ پارٹی کے جھنڈے میں دفنایا جائے،لیاری میں 2 سال سے جاری آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ عام شہری بھی متاثر ہوئے ہیں جسکی وجہ سے وہ پی پی پی سے ناراض ہیں لیکن انہیں جلد منالیا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرادی پیرس پہنچ گئے

    پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرادی پیرس پہنچ گئے

    پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرادی فرانس کے شہر پیرس پہنچ گئے، پیرس میں قیام کے دوران بلاول بھٹو زرداری ،پیپلزپارٹی کے رہنما جہانگیر بدر کی کتاب دی بے نظیر پیپرز کی تقریب رو نمائی میں بھی پیش ہونگے،پیرس آمد پر پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے سوشلسٹ پارٹی کی رہنما اور ولنس سنچ جارج کی مئیرمیڈم سلوی نے ملاقات کی۔ملاقات میں بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی زندگی کو خرا ج تحسین پیش کیا،اورعوام کیلئے ان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا گیااس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مئیر میڈم سلوی سے میں ولنس سن جارج میں سندھ فیسٹیول منعقد کرنے کے امور پر بھی تبالہ خیال کیا۔

  • انقلاب دھرنوں سے نہیں آتے،سید خورشید شاہ

    انقلاب دھرنوں سے نہیں آتے،سید خورشید شاہ

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ انقلاب دھرنوں سے نہیں آتے، اس کے لئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی طرح قربانی دینا پڑتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پیپلزپارٹی کا انقلابی پرچم بینظیر شہید کو تھمایا تھا اور بی بی نے یہ پرچم ستائیس دسمبر کو بلاول بھٹو کو تھمایا۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ جمہوریت کچھ نہیں دیتی میں کہتا ہوں کہ جمہوریت سب کچھ دیتی ہے، جمہوریت صوبائی خود مختاری دیتی ہے، روزگار دیتی ہے، جمہوریت طلباءوطالبات کے مستقبل کی روشنی ہے۔

    سید خورشید شاہ نے کہا کہ میرے قائد نے جان دیدی لیکن جمہوریت پرآنچ نہ آنے دی، خورشید شاہ نے کہا کہ شہید بی بی کو کہا گیا تھا کہ آپ پاکستان نہ آئیں کیوں کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے لیکن میری شہید قائد نے کہا کہ میں عوام کیلئے آؤں گی اور میں اپنے بابا سے کیا ہوا وعدہ نہیں توڑ سکتی،۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور اپنی ماں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پیپلز پارٹی کا انقلابی پرچم تھام کر ملک کے تمام غریبوں کیلئے انقلاب لائیں گے۔

  • بلاول بزرگ رہنماؤں کو بٹھا کر نوجوانوں آگے لائیں،اعتزازاحسن

    بلاول بزرگ رہنماؤں کو بٹھا کر نوجوانوں آگے لائیں،اعتزازاحسن

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماء اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بزرگ رہنماؤں کو پیچھے بٹھا کر نوجوانوں آگے لائیں، پارٹی کو نوجوان رہنماؤں کی شدید ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح گراؤنڈ میں جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ میرا اس عظیم الشان جلسے کو دیکھ کرجمہوریت اور ملکی استحکام پر یقین اور پختہ ہوگیا ہے۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان سے معافی مانگی ہے لیکن یہ معافی ہم کو  ملتان الیکشن میں ہارنے پرمانگنی چاہئے تھی،انہوں نے کہا کہ ملتان میں بد قسمتی سے پیپلزپارٹی تیسرے نمبر پر آئی ۔

    ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی لیکن اس کی آواز کہیں سے نہیں اُٹھی ، لیکن اس شکست کے بعد ہمیں یہ عزم کرنا ہے کہ آئندہ انتخاب کو ہم نے اپنی محنت لگن سے اس شکست کو فتح میں بدل دیں گے ۔

    اس کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا، انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کیلئے منشور دینا ہوگا اور ان سے کیئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔

  • سسٹم خرابی کی باتیں کرنیوالے پہلے اپنا صوبہ ٹھیک کریں،اویس مظفر

    سسٹم خرابی کی باتیں کرنیوالے پہلے اپنا صوبہ ٹھیک کریں،اویس مظفر

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اویس مظفر نے کہا ہے کہ کچھ بوڑھے نوجوان ہمارے لیڈر پر تنقید کررہے ہیں میں ان کو کہتا ہوں کہ اٹھارہ اکتوبر کو جب بی بی کے قافلے پرحملہ ہوا تو تم نے کہا تھا کہ یہ زندہ لاشیں ہیں، اس سے تمہاری سوچ کا اندازہ ہوتا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جناح گراؤنڈ میں جلسے کے شراکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر جب دھماکہ ہوا تو جیالے ان کی حفاظت کیلئے ان کی طرف لپکے لیکن جب تمہارے جلسے میں کوئی پٹاخہ بھی چلتا  ہے تو تمہارے کار کنان غائب ہوجاتے ہیں۔

    میں کہتا ہوں اے بوڑھے نوجوان پہلے پی پی جیسے جیالے تو پیدا کرکے دکھاؤ۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کی خرابی کی باتیں کرنے والے پہلے اپنا صوبہ تو ٹھیک کرلو۔

    اویس مظفر نے کہا کہ جب الیکشن کے سوا مہینے کے بعد کے پی کے میں ضمنی الیکشن ہوا تو اے این پی جیت گئی ، میں پوچھتا ہوں کہ اے این پی نے سوا مہینے میں ایسا کیا کردیا تھا کہ تم کو شکست ہو گئی،ان کا کہنا تھا کہ بوڑھے نوجوان کو ہمارے لیڈر کا فوبیا خواب میں بھی ہوتا ہے۔

  • اپنی ماں کےنامکمل سفرکومکمل کرنےجارہا ہوں، بلاول بھٹو

    اپنی ماں کےنامکمل سفرکومکمل کرنےجارہا ہوں، بلاول بھٹو

    کراچی: پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کو جلسہ گاہ لانے کیلئے بینظیر بھٹو شہید کا خصوصی ٹرک تیار کر لیا گیا۔ بلاول بھٹواس ٹرک پر آئے اور مختصر خطاب میں کہا اپنی والدہ کے نامکمل سفر کو مکمل کرنے جا رہے ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری کو جلسہ گاہ لانے کیلئے جو ٹرک تیار کیا گیا ہے یہ وہی ٹرک ہے جس میں سات سال پہلے بے نظیر بھٹو شہید نے جلا وطنی ختم کرکے وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے کارساز تک سفر کیا تھا، اس ٹرک کا نام کاروان جمہوریت رکھا گیا ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کل میں مزار قائد پر پہنچ رہا ہوں اور بے نظیر اور نصرت بھٹو کی طرح میں بھی شہیدوں کا وارث بننے جا رہا ہوں اور اس قوم کے حقوق کی جنگ لڑنے والا ہوں, میں نے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے آ رہا ہوں۔

    مختصر خطاب میں انہوں نے ایک نظم ’میرا نام بلاول ہے‘بھی سنائی جس میں انہوں نے قوم کو پیغام دیا کہ یہ دھرتی شہیدوں کی ہے اور میں شہیدوں کا وارث ہوں، میں اس دھرتی کا رکھوالا ہوں۔

    پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اٹھارہ اکتوبر کو اپنے سیاسی سفر کا آغاز بھی اسی ٹرک سے کریں گے، بلاول اسی ٹرک پر جلسہ گاہ جائیں گے, وہ تاریخی ٹرک پر ہی جلسے میں جائیں گے اور خطاب بھی اسی ٹرک سے کریں گے، پیپلزپارٹی کے جھنڈے۔ نعروں اور رہنماؤں کی تصاویر سے مزین ٹرک نہ صرف بلٹ پروف بلکہ بم پروف بھی ہے، اس میں سی سی ٹی وی کمیرے بھی نصب ہیں۔

  • کراچی میں پیپلزپارٹی کے چاہنے والے موجود ہیں،فریال تالپور

    کراچی میں پیپلزپارٹی کے چاہنے والے موجود ہیں،فریال تالپور

    کراچی: پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو بے نظیر بھٹو شہید کا سفر مکمل کررہے ہیں، پیپلزپارٹی منظم سیاسی جماعت ہے بھٹو ازم کا فلسفہ زندہ ہے۔

    وہ پیپلزپارٹی کراچی کے صدر قادر پٹیل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر فنکشنل مسلم لیگ کے رہنماؤں بسیم مشوانی، بابر مستی خان، صدر الدین شیخ، اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    فریال تالپور کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک سوچ کا نام ہے، پاکستان پیپلزپارٹی میں بحالی کا عمل جاری ہے میں معافی کا لفظ استعمال نہیں کروں گی،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی میں ایک منظم حلقہ اثر رکھتی ہے۔

    پارٹی کارکنوں کو عزت دیں گے،کراچی میں پیپلزپارٹی کے چاہنے والے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پیپلزپارٹی پر کمنٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی۔

    پیپلزپارٹی کراچی کے صدر قادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے اٹھارہ اکتوبر کے جلسہ میں عوامی قوت کا بھرپور مظاہرہ ہوگا،مختلف سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار ہے۔