Tag: پیپلزپارٹی

  • بلاول بھٹو زرداری نے جناح گراؤنڈ میں انتطامات کاجائزہ لیا

    بلاول بھٹو زرداری نے جناح گراؤنڈ میں انتطامات کاجائزہ لیا

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کراچی میں جلسہ گاہ جناح گراؤنڈ کا دورہ ،تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نےاٹھاراکتوبر کےجلسے کےحوالےسے مزار قائد پر جناح گراؤنڈ میں انتطامات کاجائزہ لیا۔

    پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ نےجلسہ گاہ پہنچ کرجلسے کی تیاریوں میں مصروف پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔بلاول بھٹو زرداری اسٹیج کی تیاری کیلئے رکھے گئے کنٹینرپرچڑھے اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی۔

    ان کے ہمراہ صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن عبدالقادر پٹیل ودیگر رہنماء بھی موجود تھے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اٹھارہ اکتوبر کا جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کو نیا موڑ دے گا۔

    بلاول بھٹو کی جلسہ گاہ آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےتھے۔

  • سسٹم میں رہ کر تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، زرداری

    سسٹم میں رہ کر تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، زرداری

    لاہور: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سسٹم میں رہ کر تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، دھاندلی والی فلم پرانی ہے، جمہوریت کی خاطر انتخابی نتائج تسلیم کیے۔

    لاہور میں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو نے آصف علی زرداری کے اعزاز میں اعشائیہ دیا، صدارتی خطاب میں آصف زرداری نے بتایا پہلی مرتبہ پنجاب میں آزاد شہری کے طور پر عید منائی، پنجاب میں گزارے گئے سات سال توجیلوں میں ہی رہا۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی سے جنگ لڑتا رہا اور سسٹم میں رہ کرتبدیلی لانے کافیصلہ کیا، سابق صدر نے ملک میں سرمایہ کاری لانے کا بھی فارمولا بتایا۔

    آصف زرداری نے مخالفین کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں ملک کیلئےانتخابی نتائج تسلیم کیے، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں لڑنے کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا ہے۔

  • بلاول بھٹو زرداری اچانک لیاری پہنچ گئے

    بلاول بھٹو زرداری اچانک لیاری پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اچانک لیاری پہنچ گئے، جس پر علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے فلک شگاف نعروں سے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے چار روز قبل،پیپلزپارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری ہنگامی دورے پر لیاری پہنچ گئے ،جہاں انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

    بلاول بھٹوکی اچانک آمد پر لیاری کے مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور جیالوں نے اپنے چئیرمین کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے اپنے مسائل سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔

    بلاول بھٹو نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہائی کرائی،جس پر علاقہ مکینوں نے بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

  • کراچی میں پیپلزپارٹی کےجلسےکی تیاریاں زوروشور سےجاری

    کراچی میں پیپلزپارٹی کےجلسےکی تیاریاں زوروشور سےجاری

    کراچی: اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں پیپلزپارٹی کے جلسے کی تیاریاں زوروشور سےجاری ہیں ، اس سلسلہ میں پی پی قیادت نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے کراچی جلسے کیلئے تیاریوں کاآغاز کردیا ہے ، پنڈال میں قرآن خوانی کی گئی اور بکروں کا صدقہ دیا گیا۔پیپلزپارٹی کے رہنماءمزار قائد سےمتصل جلسہ گاہ پہنچے اور انتظامات کاجائزہ لیا۔

    وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں  لاکھوں افراد شریک ہونگے، لیکن عوام کوکوئی تکلیف نہیں ہوگی۔

    جبکہ پی پی رہنماءشیری رحمان نے بھی جلسہ گاہ کادورہ کیا اور انتظامات سے متعلق بریفنگ لی۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ان کاکہناتھا یہ جلسہ جمہوری نظام کاتسلسل ہے۔شیری رحمان نے بتایاکہ سیکیورٹی پلان کو خفیہ رکھاگیاہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پرامن ماحول میں جلسہ کریں۔

  • اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام ہوگئی،بلاول بھٹو زرداری

    اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام ہوگئی،بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کے بعد اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کیخلاف کسی بھی قسم کی جوہری ٹیکنالوجی ،سامان یا اشیاء کی فراہمی کو ممنوعہ قرار دیااور اب ایک ایک کرکے صرف بھارت کیلئے یہ پابندیاں ہٹائی جارہی ہیں جو امن پسند جمہوری مسلمان ریاست کیخلاف تعصب پر مبنی رویہ ہے جسے کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    سندھ اسمبلی کے تاریخی ہال میں ماڈل یو این ڈیلی گیٹ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 6جون1988کو اقوام متحدہ نے ہر قسم کی جوہری ٹیکنالوجی پر پابندی پاکستان ا ور بھارت پر لگائی تھی جو جوہری دروازے پاکستان اور بھارت کے لئے بند کئے گئے تھے وہ اب ایک ایک کرکے بھارت کیلئے کھولے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عوام66برس سے حق کے ارادیت حاصل کرنے کیلئے منتظر ہیں اور یہ بھی ایک حقیقت ہے اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام ہوگئی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم انصاف پسند ،جمہوریت پسند ہیں عالمی قوانین اور عالمی عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں اس صورتحال میں ہماری آواز کو سنا جائے مسلم ریاست کیخلاف اقوام متحدہ کا یہ تعصب پر مبنی رویہ اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

    اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو ہم پر امن خوشحال اور ترقی پسند ملک بنیں یاپھرایک فسطائتی مملکت بن کر پوری دنیا کیلئے خطرہ بن جائیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس خطے میں ہم رہتے ہیں یہ پہلے سے زیادہ خطرناک بن گیا ہے آج ہم جس راستے کا تعین کریں گے وہ صرف ہمارا خطہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر اثر انداز ہوگا۔

    انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1980ء میں افغان وار کے دوران روس کیخلاف پوری دنیا نے حصہ لیا مگر اس دوران غیر ریاستی عناصر کو پیسہ اور اسلحہ دیکر ایک انجان غلطی کی گئی جس کی وجہ سے آج پوری دنیا اس وقت کے مجاہدین کو اب دہشت گرد کہتی ہے اور تیس سال سے پاکستان اس کا خمیازہ بھگت رہا ہے ۔

    میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ جب غیر ریاستی عناصر کو طاقت دیدی جائے تو وہ کسی قانون کو نہیں مانتے اور نہ ہی ریاست اور عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں وہ صرف اپنے مقاصد کیلئے لڑتے ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج پھر مغربی دنیا شام ،لیبیا،مصر میں عرق اسپرنگ مدد کرنے کیلئے چھوٹے اور جلدمقاصد کے حصول کیلئے غیر ریاستی عناصر کو اسلحہ اور پیسے سے لیس کر رہی ہے جو آگے چل کہ پوری دنیا کیلئے اور بھی زیادہ خطرناک ہوجائے گا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی آواز کو سننا بہت ضروری ہے میں عالمی برادری سے کہتا ہوں کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹوکی پاکستان کی عوام کو سنیں ہمیں ایک جمہوری ، روشن خیال اور ترقی پسند مسلم ملک بننے دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مذہبی فسطائیت میں میرے نانا اوردوماموں اور میری والدہ کو شہید کردیا گیا آج میری پاک سر زمین کو خون میں نہلا دیا گیا ہے اور یہ آگ پاکستان میں بڑھ رہی ہے عالمی برادری پاکستان کی آواز کو سنیں اور پاکستان کی تاریخ سے سیکھے۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف،جمہوریت کیلئے مسلسل جدوجہد،کشمیر پر قبضے اور کشمیر میں مظالم کیخلاف اگر عالمی دنیا نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی آواز سنی ہوتی تو آج عالمی دنیا میں امن کا خواب ایک حقیقت ہوتا۔

  • سیاست میں بال ٹمپرنگ نہیں چلتی،آصف علی زرداری

    سیاست میں بال ٹمپرنگ نہیں چلتی،آصف علی زرداری

    سرگودھا: سابق صدر آصف علی زرداری پنجاب میں پیپلزپارٹی متحرک کرنے کیلئے سرگرم ہوگئے، آصف زرداری نے پیپلزپارٹی سرگودھاڈویژن کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا۔

    کہتے ہیں کارکنوں کے ساتھ براہ راست رابطہ کرنا چاہتا ہوں، مڈل مین قبول نہیں، آصف علی زرداری کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی وسط مدتی انتخابات اور سسٹم کو عدم استحکام کا شکار نہیں دیکھنا چاہتی۔

    انتخابات کب ہوں گے اس کافیصلہ بطور اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی اورحکومت کریں گے۔سیاستدان کھلاڑی اور کھلاڑی کبھی سیاستدان نہیں بن سکتا اور سیاست میں بال ٹمپرنگ نہیں چلتی۔آصف زرداری کاکہناتھا۔جن لوگوں نے موجودہ پریشر بنایا، ان کا کام ہو گیا ہے،اب گھروں کو جائیں گے۔

  • سانحہ کارساز کے شہداء کو نہیں بھولے، بلاول بھٹو زرداری

    سانحہ کارساز کے شہداء کو نہیں بھولے، بلاول بھٹو زرداری

    لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے سانحہ کارساز میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کارکنوں کو نہیں بھولے ہیں ،پاکستان پیپلزپارٹی کے جواں سال قائد بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے ممبران فریال تا لپور،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، نثارکھوڑو اوردیگر ایم این اے اور ایم پی ایز نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں  اراکین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اٹھارہ اکتو برکو سانحہ کارساز کراچی کی یاد میں ہو نے والے جلسے میں بھرپورشرکت کریں گے اس موقع پربلا ول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعا دہ کیا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور اس کے بے لو ث کارکن کسی دھمکی سے نہیں ڈرتے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پا کستان پیپلزپارٹی کو آج بھی سانحہ کارساز میں شہید ہو نیوالے کا رکنان یاد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی شہید والدہ کے اس فیصلے پر فخر ہے کہ سانحہ کارساز شہدا جن کی شناخت نہیں ہو سکی اور میری والدہ نے گڑھی خدا بخش میں ان کی تدفین کراکے یہ ثابت کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی آج بھی جمہوریت اور پارٹی کے لئے قربان ہونے والوں کی کیا اہمیت ہے۔

  • گونوازگوکے نعرے رنگ لاسکتے ہیں،قمرزمان کائرہ

    گونوازگوکے نعرے رنگ لاسکتے ہیں،قمرزمان کائرہ

    لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم اسلام آباد میں دھرنوں کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کریں ورنہ گونوازگوکے نعرے رنگ لاسکتے ہیں ۔

    لاہورمیں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا وزیرِاعظم اسلام آباد میں دھرنوں کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کریں اور بحران حل کرنے کے لیے چارپانچ سینئر سیاستدانوں پرمشتمل بااختیار کمیٹی بنائیں ۔

    قمرزمان کائرہ کا کہنا تھاکہ ایسی ہی بااختیارکمیٹی عمران خان اورطاہر القادری بھی بنائیں اوردونوں فریقین کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم کریں ،قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے مڈٹرم انتخابات کے حوالے سے بات نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا بلاول بھٹو نے صرف پارٹی کارکنوں سے نہیں بلکہ پی پی پی کے ہمدردوں سے بھی معافی مانگی ہے۔

  • پی پی کو پنجاب میں کئی سیاسی چیلنجزکا سامناہے، اعتزازاحسن

    پی پی کو پنجاب میں کئی سیاسی چیلنجزکا سامناہے، اعتزازاحسن

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ خورشید شاہ کی جانب سے نوازشریف کی حمایت پراختلاف سامنے آسکتے ہیں۔ سیاست میں نئی کلاس متعارف کرانے کا سہرا تحریک انصاف کے سرہے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو کئی سیاسی چیلنجزکا سامناہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نےکہا کہ تحریک انصاف نےسیاست میں ایک نئے طبقے کومتعارف کرایاہے،اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی بحران پر مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں۔

  • پیپلزپارٹی اٹھارہ اکتوبرکو مزارقائد پرجلسہ کریگی

    پیپلزپارٹی اٹھارہ اکتوبرکو مزارقائد پرجلسہ کریگی

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کی کورکمیٹی کا اجلاس بلاول بھٹوزرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اٹھارہ اکتوبر کو مزار قائد پرطاقت کا مظاہرہ کریگی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے پیٹرن انچیف بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی کہ کارکنان کی شکایات کو دورکیا جائے اورجو عہدیدارپارٹی عہدہ نہیں سنبھال سکتے وہ کسی اور کو موقع دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب پارٹی میں کارکنان کو پہلے کی طرح عزت دی جائے گی۔انہوں نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ پارٹی کو متحرک اور منظم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔