اسلام آباد: الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے قبل پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی کا کہنا ہے کہ اس طرح کارکن تھک جائیں گے۔
پی پی ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم الیکشن تاریخ کے اعلان سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن شیڈول کے اعلان بعد پی پی انتخابی مہم شروع کرے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انتخابی مہم کے آغاز سے متعلق فیصلہ پارٹی مشاورت سے ہوا ہے، پیپلز پارٹی الیکشن شیڈول اعلان کے فوراً بعد انتخابی مہم کا اعلان کرے گی، پارٹی کے انتخابی شیڈول اور منشور کی تیاری پر کام جاری ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کے اعلان سے قبل انتخابی مہم چلانا بے سود ہے، قبل از وقت انتخابی مہم چلانے سے کارکن اور شہری تھک جائیں گے، جب کہ پیپلز پارٹی انتخابی شیڈول سے قبل کارکنان کو تازہ دم رکھنا اور اپنی توانائیاں بھرپور انتخابی مہم کے لیے بچا کر رکھنا چاہتی ہے۔
انتخابات کا اصل ماحول الیکشن شیڈول اعلان کے بعد بنے گا، انتخابی ماحول بننے کے بعد چلنے والی مہم نتیجہ خیز ہوگی، ذرائع نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کی حالیہ انتخابی مہم بھرپور اور متاثر کن ہوگی۔