Tag: پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس

  • عدم مساوات سے عوام کی جان چھڑانے تک لڑوں گا: بلاول بھٹو

    عدم مساوات سے عوام کی جان چھڑانے تک لڑوں گا: بلاول بھٹو

    کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوامی حقوق اور ان کے مینڈیٹ کے لیے تب تک لڑوں گا جب تک عوام کی ساختی عدم مساوات سے جان چھوٹ نہیں جاتی۔

    پی پی چیئرمین نے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہم دستور پسندی اور جمہوریت کے بنیادی نظریات پر کاربند رہیں گے، یومِ تاسیس آج مظفر آباد میں منانے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ کشمیر ہماری پارٹی کے بنیادی معاملات میں سے ایک ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتے رہیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ شہید بھٹو پس ماندہ طبقات کو طاقت ور بنانے کے لیے ان کے ساتھ شانہ بشانہ رہے اور زندگی کی آخری سانس تک لڑتے رہے، انھوں نے پاکستان کو پہلا متفقہ دستور دیا، ایک ایسی دستاویز جو آج بھی ہمارے وفاق کی بنیاد ہے، متفقہ دستور ایک ایسا جمہوری اقدام ہے جسے کوئی آمر بھی ختم نہ کر سکا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو اور پی پی پی جوہری پروگرام کے معمار ہیں، پاکستان اور اس کی خود مختاری بیرونی خطرات سے محفوظ ہیں، کارکنان ہماری شہید قیادت کے مشن کی تکمیل تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے، یہ پی پی پی حکومت تھی جس نے اسٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی ٹیکنیکل کمپلیکس سمیت بدین سے باجوڑ تک صنعت سازی کو فروغ دیا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری یوم تاسیس کے موقع پر آج مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

  • نواز، مودی دوستی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو

    نواز، مودی دوستی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو

    لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مودی پاکستان کو گالی دیتا ہے لیکن ہمارے مشیر خارجہ اس کا جواب تک نہیں دے سکے۔

    وہ لاہور میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں آزاد کشمیر سے آئے کارکنان اور رہنماؤں سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ نواز مودی کی دوستی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ امریکا میں نیا صدر منتخب ہوا ہے،مودی پاکستان مخالف بیانات دے رہا ہے، صدر افغانستان مودی کی زبان بول رہے ہیں اور ان امور سے نمٹنے کے لیے ہمارے ملک میں کوئی مستقل وزیر خارجہ ہی نہیں ہے،یہی وجہ ہے کہ ہارٹ آف ایشیاء میں پاکستان موثر نمائندگی نہیں کرسکا مشیر خارجہ مودی کے نفرت آمیز بیانات کا جواب دینے کے بجائے ان سے ہاتھ ملاتے رہے۔


    بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ نواز شریف جارہے ہیں اور آج بھی کہتا ہوں کہ نواز شریف کے دور کا خاتمہ ہو گیا ہے اور پیپلز پارٹی کے دور کا آغاز ہوگیا ہے میں نے اگلے انتخابات کے جو نتائج بتائے ہیں اب اس سے بہت لوگ خوش نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں تبدیلی لے آیا ہوں اور آپ سب لوگوں کی مدد سے پورے ملک میں تبدیلی لاؤں گا اور حقیقی عوامی حکومت قائم کروں گا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر کے شروع میں جاگ پنجابی جاگ تیری پگ نوں لگ کی داغ کے مشہور نعرے میں نواز مخالف الفاظ شامل کر کے کارکنان سے لگوائے۔