Tag: پیپلز پارٹی

  • ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا،پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا، ایک ہی روز الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب 25 اپریل کو احتجاج کرے گی۔

    پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ منگل کے روز وسطی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی تنظیمیں منگل کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں، ہمیں پنجاب میں اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

  • پیپلز پارٹی کا ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کیلئے 25 اپریل کو احتجاج  کا اعلان

    پیپلز پارٹی کا ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کیلئے 25 اپریل کو احتجاج کا اعلان

    کراچی: پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں ایک دن پر انتخابات کروانے کے لیے 25 اپریل کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔

    صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 25 اپریل منگل کے روز سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاج کرے گی کیونکہ سندھ کو ون ڈے پول کے علاوہ الگ الگ انتخابات کا فیصلہ قبول نہیں ہے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کی شق 69 کے تحت تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن کرائے جائیں، الگ الگ انتخابات ملک کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کے مترادف ہے، سندھ نے پاکستان بنایا اور سندھ ملک کو 2 حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دیگا۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے الیکشن کا فیصلہ اسی کو کرنے دیا جائے، عدالت فل کورٹ بنا کر اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بحال کرنی پڑیں تو بحال کی جائیں۔

  • مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے، پی پی کا پیچھے ہٹنے سے انکار

    مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے، پی پی کا پیچھے ہٹنے سے انکار

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ جاری ہیں، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کی مخالفت کر دی ہے، ان کے نزدیک ڈائیلاگ غیر ضروری ہیں۔

    پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف پر انھیں شدید تحفظات ہیں، ان سے قومی مکالمہ کی مخالفت ہی کی توقع تھی، پارٹی قیادت کو مولانا فضل الرحمان کے مؤقف سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جو مولانا کو تحفظات سے آگاہ کرے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی پی قیادت نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ سے کسی طور پیچھے نہیں ہٹے گی، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ ہیں، یہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر ناگزیر ہیں، سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے جا سکتے، کیوں کہ آج کے حریف کل کے حلیف ہوتے ہیں۔

    پیپلز پارٹی ذرائع نے اپنا مؤقف دہرایا کہ سیاست میں مذاکرات کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے، انتخابات سے ہمیشہ کے لیے فرار حاصل نہیں کیا جا سکتا، پیپلز پارٹی ایک ہی دن انتخابات کرانے کے مؤقف پر قائم ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ مذاکرات کے معاملے پر ن لیگ کے رویے میں نمایاں لچک آئی ہے، پیپلز پارٹی اتحادیوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے مکالمہ کرے گی۔

  • حیدرآباد: پیپلز پارٹی عہدیدار کو قتل کردیا گیا

    حیدرآباد: پیپلز پارٹی عہدیدار کو قتل کردیا گیا

    صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے سابق عہدیدار کو قتل کردیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق حیدرآباد کی یوس ہٹڑی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں سابق یوسی چیئرمین کامل علی شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق کامل علی کو نواحی گوٹھ میں نامعلوم افراد نےگھرکے باہراس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ رہے تھے، مجموعی طور پر ان پر آٹھ گولیاں فائر کی گئیں جن میں سے دو گولیاں کامل علی شاہ کو جبکہ چھ گولیاں کار پر لگیں۔

    ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاملہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، واقعے کے دیگر پہلو سے بھی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے سردار لطیف کھوسہ کو صدر وکلا ونگ کے عہدے سے ہٹا دیا

    پیپلز پارٹی نے سردار لطیف کھوسہ کو صدر وکلا ونگ کے عہدے سے ہٹا دیا

    کراچی: پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر چیئرمین پیپلزپارٹی نے پارٹی کےسینئر رہنما لطیف کھوسہ کو صدر وکلا ونگ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی نے سردارلطیف کھوسہ کو صدروکلا ونگ کے عہدے ہٹا دیا جس کے بعد پارٹی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کو قائم مقام صدر پی پی وکلاونگ کا چارج دے دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سردارلطیف کھوسہ کو پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی  پر ہٹایاگیا یاد رہے کہ لطیف کھوسہ سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔

    لطیف کھوسہ سابق صدر کے درجنوں مقدمات میں وکیل بھی رہے ہیں۔

  • پیپلز پارٹی نے پنجاب میں الیکشن کی تیاری شروع کردی

    پیپلز پارٹی نے پنجاب میں الیکشن کی تیاری شروع کردی

    کراچی: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں الیکشن کی تیاری شروع کردی۔

    ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پنجاب میں الیکشن کیلئے تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے جس کے لیے زرداری ہاؤس، بلاول ہاؤس اور گیلانی ہاؤس میں مشترکہ رابطے اور اجلاس ہونگے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کی 97 صوبائی نشستوں کیلئے پی پی امیدواروں کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس ہوگا، پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا جس میں فریال تالپور اور پی پی کے اراکین پارلیمان بورڈ شریک ہونگے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں پی پی پی پنجاب کے رہنما بھی شریک ہونگے جس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کرینگے۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

     

  • 3 رکنی بینچ کے فیصلے پر احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، شیری رحمان

    3 رکنی بینچ کے فیصلے پر احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، شیری رحمان

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ 3 رکنی بینچ کے فیصلے پر احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانونی اور اخلاقی تقاضے پورے نہیں ہونگے تو فیصلوں پر سوالات اٹھیں گے۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بینچ کی تشکیل اور تقسیم نے اس عمل کو ہی متنازع بنا دیا تھا، یکم مارچ کو 4 ججز نے ازخود نوٹس کے خلاف فیصلہ دیا جب ججز کی اکثریت فیصلہ دے چکی تھی تو 3 رکنی بینچ کیوں بنا؟۔

    انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ 4 ججز کے فیصلے کو 3 رکنی بینچ نہیں بلکہ لارجربینچ یا فل کورٹ بینچ ہی مستردکر سکتی تھی، فل کورٹ بینچ بنانے کی استدعا کو بار بار مسترد کیا گیا سیاسی جماعتیں فریق بننے کی درخواست کرتی رہیں۔

  • نامناسب الفاظ کا استعمال :  پیپلز پارٹی نے  نبیل گبول کو شوکازنوٹس جاری کردیا

    نامناسب الفاظ کا استعمال : پیپلز پارٹی نے نبیل گبول کو شوکازنوٹس جاری کردیا

    کراچی : پیپلز پارٹی نے نبیل گبول کو ایک انٹرویو میں نامناسب الفاظ کے استعمال پر شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن کے اندر وضاحت کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے نبیل گبول کو یو ٹیوبر کو انٹرویو میں نامناسب الفاظ کے استعمال پر شوکاز جاری کر دیا۔

    ترجمان پیپلز پارٹی نے بتایا کہ نبیل گبول کو شوکاز نوٹس پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں نبیل گبول کو تین دن کے اندر وضاحت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وضاحت نہ کرنے پر نبیل گبول کے خلاف تنظیمی نظم و ضبط کی کارروائی ہوگی، نامناسب گفتگو اور غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال پیپلز پارٹی کی پالیسی نہیں ہے۔

  • پیپلز پارٹی کراچی پر صرف قبضہ چاہتی ہے، حافظ نعیم

    پیپلز پارٹی کراچی پر صرف قبضہ چاہتی ہے، حافظ نعیم

    کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی پر صرف قبضہ چاہتی ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا خانہ شماری میں بھی تمام گھرانوں کو نہیں گناگیا، جب مردم شماری کا آغاز ہوا تو بتایا کہ ٹیبلٹس میں مسائل ہیں، اسٹیک ہولڈرز کو ڈیٹا تک رسائی نہیں دی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب تک رسائی نہیں ہوگی توپتا کیسے چلےگاکہ گناگیا ہے یا نہیں، کراچی سب کو کھٹکتا ہے سب اسکی آبادی اور حیثیت سے پریشان ہیں،کراچی میں جب بھی سیاسی عمل آگے بڑھتا ہے تو شب خون مارا جاتا ہے۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ان تمام جماعتوں نے آپس میں اتفاق کیاکہ آبادی کوکم دکھانا ہے، کراچی کے ساتھ مذاق بند رہنا چاہئے، سندھ حکومت کہہ رہی ہے آبادی پوری گنو مگر کراچی کا نام لیتے تکلیف ہوتی ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کرپشن کرنی ہو توکراچی مگر اصل مسئلے پربات نہیں کرتے، انہیں پتا ہے کراچی کی آبادی صحیح گن لی گئی تو وڈیرہ وزیر اعلیٰ نہیں آئےگا، پی ایف سی ایوار ڈقائم ہوگیا تو آبادی کےلحاظ سے شہری علاقوں کو پیسےکم  ملیں گے۔

    حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی کا اہم ترین مسئلہ نمائندگی کا ہے،  پیپلزپارٹی کوکھل کرکہنا چاہئےکہ کراچی کی آبادی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی کراچی پر صرف قبضہ چاہتی ہے، آپ دیہی سندھ میں عوام کی رائےکو کچل دیتے ہیں، دیہی سندھ میں ڈرا دھمکا کر ان سےحکمرانی لیتے ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ گزشتہ مردم شماری کو نوٹیفائی کرایا اب کہتے ہیں موجودہ مردم شماری ٹھیک ہے، مطالبہ کرتےہیں مردم شماری میں جعلسازی فوری ختم ہونی چاہئے، جب آپ ہماری گنتی ہی پوری نہیں کرینگے تو ملازمتیں بھی کم ملیں گی، صوبائی حکومت میں جو دیہی شہری کاکوٹہ بنایا اسکی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جو بچ جاتا ہے وہ جعلی ڈومیسائل بنا کر پوراکر دیتے ہیں۔

    حافظ نعیم نے مزید کہا کہ مردم شماری میں دھاندلی سے براہ راست ملازمتوں،کوٹہ سسٹم پر اثر پڑتا ہے، مطالبہ کرتے ہیں مردم شماری میں جعلسازی فوری ختم ہونی چاہئے، کراچی میں جتنے لوگ ہیں اتنے گنے جائیں جوڑ توڑ نہ کیا جائے ہمارا مطالبہ ہے جعل سازی کو ختم ہونا چاہئے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی نظام پر قبضہ کرنےکا خواب دیکھا ہے، کراچی کو فتح کرنےکیلئے چند درباری، وزراکیلئے سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا،  انکےاپنے بھی کہہ رہے ہیں کہ اتنی سیٹیں تو نہیں جیتے تھے جتنی مل گئیں، بلاول بھٹو سےکہا جا رہا ہے یہ سیٹیں آپ کی وجہ سےملی ہیں۔

  • مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

    مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے معاملے پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی نے ڈیجیٹل مردم شماری پر اے پی سی بلا لی ہے، رہنما نثار کھوڑو نے سیاسی جماعتوں کو مردم شماری سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے لیے اعتماد میں لینے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ و دیگر سے رابطہ کیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کو دعوت نامے بھی بھیجے جائیں گے، کثیر الجماعتی کانفرنس جمعہ کو کراچی کے ایک لگژری ہوٹل میں شام 4 بجے منعقد ہوگی۔

    رہنما پیپلز پارٹی عاجز دھامراہ نے بھی جے یو آئی رہنما راشد محمود سومرو، قادر مگسی، ایاز پلیجو، صنعان قریشی، سید جلال محمود شاہ، ریاض چانڈیو، لال جروارو اور دیگر رہنماؤں سے رابطے کیے۔

    ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل سمیت ادیبوں اور رائٹرز کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

    نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کو ڈیجیٹل مردم شماری اور غیر قانونی تارکین وطن پر خدشات ہیں، ہم سیاسی جماعتوں کے مردم شماری سے متعلق نقطہ نظر کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری میں خامیاں ہیں، سندھ کے دیہی علاقوں میں سسٹم کام نہیں کر رہا، خدشہ ہے کے ڈیجیٹل مردم شماری کا آر ٹی ایس کی طرح حشر کیا جائے گا، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کی درست آبادی گنی جائے، غیر قانونی تارکین وطن کو الگ خانے میں رکھا جائے۔