Tag: پیپلز پارٹی

  • عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب میں ووٹ کم کیوں پڑے؟ پیپلز پارٹی ہائی کمان کا اہم فیصلہ

    عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب میں ووٹ کم کیوں پڑے؟ پیپلز پارٹی ہائی کمان کا اہم فیصلہ

    عمر کوٹ: صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں حلقہ این اے 213 میں ضمنی الیکشن کے دوران کم ووٹ پڑنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی ہائی کمان پریشان ہو گئی ہے، کمان نے عمرکوٹ کی مقامی قیادت سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت صوبہ سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور دیگر رہنماؤں سے وضاحت طلب کرے گی کہ قومی حلقے میں ضمنی انتخاب کے دوران کم ووٹ کیوں پڑے۔

    این اے213 کی نشست پر 18 امیدوار مد مقابل تھے، پی پی کی صبا تالپور اور حزب اختلاف کے مشترکہ امیدوار لال مالھی میں مقابلہ تھا، حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 6 لاکھ 8 ہزار 997 ہے، جن میں 2 لاکھ 87 ہزار 311 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔


    این اے 213 عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کامیاب


    ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کردہ 498 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق این اے 213 عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی صبا تالپور ایک لاکھ 61 ہزار 934 ووٹ لے کر کامیاب رہیں، جب کہ آزاد امیدوار لال چند مالھی 81 ہزار 160 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    تاہم ضمنی انتخابات میں سٹی میں 31 ہزار 63 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے 881 ووٹ مسترد ہوئے، عمر کوٹ کے 63 پولنگ اسٹیشنوں پر پی پی امیدوار کو 14 ہزار 37 ووٹ پڑے، جب کہ اپوزیشن امیدوار نے 15 ہزار 431 ووٹ لیے۔ اس نتیجے کو دیکھ کر پی پی قیادت نے مقامی قیادت سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • پیپلز پارٹی کے  یو سی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ درج

    پیپلز پارٹی کے یو سی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی: اورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے یوسی چیئرمین عامر بھٹو کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی میں پیپلز پارٹی کے یو سی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ مقتول کے والدکی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    مقدمے میں قتل، اور انسداددہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں ، مدعی نے کہا اس کے بیٹے کو نامعلوم وجوہات اور رنجش کی بنا پر گھر کے قریب کیمپ آفس کے اندر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، قتل میں موٹرسائیکل سوار تین ملزمان ملوث ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے اورنگی گلشن ضیا میں فائرنگ کر کے پیپلزپارٹی کے یو سی چیئرمین کو قتل کر دیا گیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ حملہ آور درخواست کے ہمراہ سائل بن کر یو سی آفس آیا، ایک ساتھی موٹر سائیکل پر دفتر کے باہر موجود تھا، حملہ آور نے درخواست عامر بھٹو کو دی، جس پر یو سی چیئرمین نے کمرے میں موجود ملازم کو سائل کیلئے پانی لانے کا کہا ، ملازم کمرےسے جیسےباہرگیاحملہ آورنےفائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے آکر اندھا دھند فائرنگ کی، وقوع سے چھ سے زائد گولیوں کے خول ملے ہیں۔

  • پیپلز پارٹی حیدرآباد میں آج عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    پیپلز پارٹی حیدرآباد میں آج عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    حیدر آباد : حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، بلاول بھٹو جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی حیدرآباد میں آج عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی، بلاول بھٹو سمیت اعلیٰ قیادت جلسے سے خطاب کرے گی۔

    سینئر وزیر شرجیل میمن نے رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا، جہاں سو فِٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور ستر ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ خواتین کیلئے الگ انٹری پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

    پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو بھی جلسہ گاہ پہنچے اور میڈیا کو بریفنگ دی، شہر میں جیالوں نے ریلیاں بھی نکالیں۔

    یاد رہے 4 اپریل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے وزیر اعظم شہباز شریف سے دریائے سندھ پر متنازع نہر منصوبے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پیپلزپارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات، بلاول بھٹو چیئرمین منتخب

    جمعہ کو گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام ان نہروں کی مخالفت کرتے ہیں تو ان کی جماعت حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

    پی پی پی رہنما نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، یہ صرف ہمارا نہیں عوام کا مطالبہ ہے، اگر ہم نے بھائی بن کر متحد رہنا ہے تو اس منصوبے کو واپس لینا ہوگا۔

  • قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ، پی پی کا عدم تعاون کا فیصلہ

    قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ، پی پی کا عدم تعاون کا فیصلہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے عدم تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرنٹ ڈور کی ناکامی کے بعد اب حکومت کی جانب سے پی پی سے بیک ڈور رابطے کیے جا رہے ہیں، پی پی ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت مشترکہ دوستوں کے ذریعے رابطے کر رہی ہے، تاہم وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کو منانے میں تاحال ناکام ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق پارٹی نے پارلیمان میں خاموش احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کیوں کہ پی پی اسمبلی بزنس چلانے میں حکومت سے تعاون نہیں کرے گی، ذرائع نے کہا پیپلز پارٹی قومی اسمبلی اجلاس کا کورم مکمل نہیں ہونے دے گی، اور کورم کی نشان دہی نہیں کرے گی، کورم کی نشان دہی پر پی پی اراکین ایوان سے لابی میں چلے جائیں گے۔


    وفاقی حکومت کی کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش ، پیپلزپارٹی کا دو ٹوک جواب آگیا


    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کا 20 نکاتی ایجنڈا جاری ہو چکا ہے، جس میں قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی، وقفہ سوالات، توجہ دلاؤ نوٹسز پیش کیے جائیں گے، اور اراکین نئے اور ترامیمی بلز پیش کریں گے، صدارتی خطاب پر بحث بھی قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

  • حکومت نے پیپلز پارٹی کو پرکشش آفرز کی ہیں، پی پی ذرائع کی تصدیق

    حکومت نے پیپلز پارٹی کو پرکشش آفرز کی ہیں، پی پی ذرائع کی تصدیق

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شہباز شریف کی حکومت نے پی پی کو پرکشش آفرز کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی پی سے ایک بار پھر رابطہ کیا گیا ہے، رابطہ ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت نے کیا، اور پی پی کو مذاکرات سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔

    پی پی ذرائع کے مطابق حکومت نے انھیں پرکشش آفرز کی ہیں، تاہم پارٹی نے وفاقی حکومت کو صاف جواب دے دیا ہے، اور حکومت کی تمام پیشکشیں مسترد کر دیں، پیپلز پارٹی نے لنک کینالز سے متعلق مطالبے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پی پی کا مؤقف تھا کہ نہروں کا فیصلہ واپس لینا پی پی کا یک نکاتی مطالبہ ہے، اور وہ نہروں کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، نیز پی پی نے حکومت سے آفرز کی بجائے سی ای سی بلانے کا مطالبہ کیا۔


    حکومت کی اہم قانون سازی میں پیپلز پارٹی سے تعاون کی اپیل


    ذرائع نے آفرز کے حوالے سے بتایا کہ ان کا تعلق ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھاری فنڈنگ سے ہے، حکومت نے سکھر موٹر وے کے لیے بھی فنڈز فراہمی کی یقین دہانی کرائی، ذرائع کے مطابق پی پی کو سندھ، بلوچستان کے منصوبے پی ایس ڈی پی میں لینے کی بھی آفر کی گئی ہے۔

    پی پی نے حکومت کو جواب میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا جینا مرنا دریائے سندھ کے ساتھ ہے، پارٹی جیے گی تو ہی ڈیولپمنٹ ہو سکے گی، ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 اپریل سے سڑکوں پر دمادم مست قلندر کرے گی، اگر حکومت نے مجبور کیا تو فیصلے سڑکوں پر عوام کے ساتھ کیے جائیں گے۔

  • بلاول کی تقریر نشر نہ کرنے پر پیپلز پارٹی کا ڈی جی ریڈیو پاکستان کی برطرفی کا مطالبہ

    بلاول کی تقریر نشر نہ کرنے پر پیپلز پارٹی کا ڈی جی ریڈیو پاکستان کی برطرفی کا مطالبہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے ریڈیو پاکستان کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 4 اپریل کی تقریر نشر نہ کرنے کی مذمت کی ہے۔

    شازیہ مری نے کہا ریڈیو پاکستان کے تمام اسٹیشنز نے ڈی جی ریڈیو کی ہدایت پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر ہونے والی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کو براہ راست نشر نہیں کیا۔

    انھوں نے کہا چیئرمین بلاول نے چار اپریل کو اپنے خطاب میں پاکستان کے عوام اور اس کے وفاقی یونٹس کو درپیش تمام اہم مسائل پر روشنی ڈالی تھی، ریڈیو پاکستان کی جانب سے خطاب نشر نہ کیا جانا وفاق کے خلاف سازش ہے۔


    کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، وزیر داخلہ سندھ


    شازیہ مری نے کہا بلاول کے چار اپریل کے خطاب کو ریڈیو پاکستان اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ تمام اسٹیشنز بشمول لاڑکانہ کو نشر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، ریڈیو پاکستان نیوز و کرنٹ افیئرز چینل نے بلاول کی ایک گھنٹہ 20 منٹ کی مکمل تقریر کو صرف 21 منٹ کی بے ربط تقریر بنا کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

    مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی ریڈیو کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، اور چیئرمین بلاول کے خطاب کو نشر نہ کرنے پر ایک غیر جانب دارانہ انکوائری کروائی جائے۔ انھوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔

    شازیہ مری نے کہا ڈی جی ریڈیو کو فوری طور پر برطرف کیا جانا چاہیے، کیوں کہ وہ ان افراد کو دھمکیاں دے رہے ہیں جنھوں نے یہ تقریر نشر کی۔

  • تاج حیدر کہاں پیدا ہوئے؟ ابتدائی تعلیم کس اسکول سے حاصل کی؟

    تاج حیدر کہاں پیدا ہوئے؟ ابتدائی تعلیم کس اسکول سے حاصل کی؟

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کراچی میں انتقال کر گئے ہیں، وہ برطانوی ہند میں 8 مارچ 1942 کو کوٹہ، راجستھان کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔

    تاج حیدر کے والد پروفیسر کرار حسین اس وقت میرٹھ کالج میں انگریزی ادب کے استاد تھے، 1948 میں پروفیسر کرار حسین ہجرت کر کے پاکستان آئے، مرحوم پی پی رہنما حیدر نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رنچھوڑ لائنز کراچی سے حاصل کی۔

    انھوں نے انٹرمیڈیٹ خیر پور کالج سندھ سے کیا، کراچی یونیورسٹی سے 1962 میں بی ایس سی آنرز کیا، اور کراچی یونیورسٹی ہی سے ریاضی کے مضمون میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔

    تاج حیدر نے 1967 کے سوشلسٹ کنوینشن میں شرکت کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی، ان کا شمار اس دور کے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں ہوتا ہے، انھوں نے 1970 میں ایٹمی پراجیکٹ سے متعلق پالیسی مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔


    پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر انتقال کر گئے


    1999 سے 2000 تک انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ابتدائی صنعتی منصوبوں میں حصہ لیا، ہیوی مکینیکل کمپلیکس کے قیام، حب ڈیم اور دیگر کئی سماجی پروگرامز کا اجرا کیا۔

    تاج حیدر پیپلز پارٹی کے نمایاں لیڈر، صوبائی سیکریٹری جنرل اور دو بار سینیٹر منتخب ہوئے، پہلی بار جولائی 1995 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے، دوسری بار 2014 میں وہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی خالی کردہ نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے۔ وہ سینیٹ کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کے رکن رہے، اور 2013 میں سندھ کی صوبائی حکومت کے میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر ہوئے۔

  • ذوالفقار بھٹو کی برسی سے واپسی پر وین الٹنے سے پیپلز پارٹی کے 2 کارکن جاں بحق

    ذوالفقار بھٹو کی برسی سے واپسی پر وین الٹنے سے پیپلز پارٹی کے 2 کارکن جاں بحق

    لاڑکانہ: سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کی برسی سے واپسی پر وین الٹنے سے پیپلز پارٹی کے 2 کارکن جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ذوالفقار بھٹو کی برسی سے واپسی پر پی پی کارکنان کی وین الٹ گئی، حادثے میں 2 کارکن جاں بحق ہو گئے جب کہ ڈرائیور سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    جاں بحق کارکنان کے نام عرفان اور زین العابدین بتائے گئے ہیں، ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا ہے، ایم پی اے جمیل سومرو، میئر لاڑکانہ و دیگر پارٹی رہنما ٹراما سینٹر پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کی۔


    دریائے سندھ سے نئے کینال منظور نہیں، پی پی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، بلاول بھٹو


    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی وین کو حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق کارکنان کے لواحقین سے تعزیت کی ہے، اور زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام سے ڈرائیونگ کے اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل بھی کی، اور کہا کہ تیز رفتاری سے گریز کریں تاکہ ایسے افسوس ناک واقعات نہ ہوں۔

  • کینالز کے معاملے پر سندھی قوم پرستوں کے بیانیے نے پیپلز پارٹی کو چکرا کر رکھ دیا

    کینالز کے معاملے پر سندھی قوم پرستوں کے بیانیے نے پیپلز پارٹی کو چکرا کر رکھ دیا

    اسلام آباد: کینالز کے معاملے پر سندھی قوم پرستوں کے بیانیے نے پیپلز پارٹی کو چکرا کر رکھ دیا ہے، پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ پیچیدگی اختیار کر گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے نہروں کا معاملہ صدر مملکت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، صدر مملکت عید کے بعد وفاق سے نہروں کا معاملہ اٹھائیں گے، وزیر اعظم سے بات کریں گے اور سی ای سی بلانے کا مطالبہ کریں گے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق پی پی کو کینالز کے معاملے پر سندھ میں شدید عوامی ردعمل کا سامنا ہے، اور وہ سندھی قوم پرست جماعتوں کی عوامی رابطہ مہم سے پریشان ہے، کیوں کہ دریائے سندھ پر نہروں کے معاملے پر اندرون سندھ کے ووٹرز اور شہری بدظن ہو رہے ہیں۔


    صدر زرداری نے کسی کینال کی منظوری نہیں دی، میٹنگ منٹس غلط جاری کیے گئے، وزیر اعلیٰ سندھ


    وفاقی حکومت نے احتجاج کے باوجود تاحال پی پی سے رابطہ نہیں کیا، وفاقی حکومت کے لفٹ نہ کرانے پر پیپلز پارٹی کو شدید تشویش ہے، اور وفاقی حکومت سے حسب توقع ردعمل نہ ملنے پر مایوس ہے۔

    پیپلز پارٹی کے سی ای سی بلانے کے مطالبے پر پیش رفت نہیں ہوئی، حکومت نے سی ای سی بلانے کا مطالبہ سنجیدگی سے نہیں لیا، جب کہ پی پی نے نہروں کے معاملے پر سی ای سی بلانے کا مطالبہ کر رکھا ہے، اس لیے اب پیپلز پارٹی عید کے بعد پارلیمان میں نہروں کا معاملہ اٹھائے گی۔

  • دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا

    دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا

    دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملے پر وفاق میں حکومت کی حمایتی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی میں اختلاف رائے نیا رخ اختیار کر گیا ہے اور پیپلز پارٹی نے اس پر عوامی عدالت میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلسہ بڑی اہمیت کا حامل ہیں۔ اس جلسے میں بینظیر بھٹو کے یوم شہادت 27 دسمبر کے جلسے سے بھی زیادہ جیالوں کو لانا ہے۔

    بلاول بھٹو اس جلسہ سے خطاب میں دریائے سندھ سے نہریں نکالے جانے کے معاملے پر پالیسی بیان دیں گے۔

    واضح رہے کہ گرین پاکستان منصوبے کے لیے پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہی ہے۔ گزشتہ دنوں سندھ اسمبلی میں اس منصوبے کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد بھی منظور کی گئی تھی۔

    دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے خلاف قرارداد پیش

    اس کے علاوہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی جوائنٹ سیشن سے اپنے خطاب میں کھل کر واضح کر دیا تھا کہ وہ بطور صدر دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کی حمایت نہیں کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/asif-zardari-indus-river-joint-session-of-parliament/