Tag: پیپلز پارٹی

  • نواز شریف نے بلاول بھٹو کی دعوت قبول کر لی

    نواز شریف نے بلاول بھٹو کی دعوت قبول کر لی

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے اے پی سی میں شرکت کے لیے میاں نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی اور انھیں آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت دی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے فون پر گفتگو میں نواز شریف سے کہا کہ ویڈیو لنک پر اے پی سی میں شرکت کر لیں، نواز شریف نے بلاول بھٹو کی دعوت قبول کرتے ہوئے ورچوئل شرکت کی ہامی بھر لی ہے۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، نواز شریف نے کہا آل پارٹیز کانفرنس کی کامیابی کا خواہاں ہوں، میری دعا اور تمام ہمدردیاں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔

    پیپلز پارٹی اے پی سی کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے متحرک

    بعد ازاں، بلاول بھٹو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کی نواز شریف سے کچھ دیر قبل بات ہوئی ہے جس میں ان کی خیریت دریافت کی، اور نواز شریف کو 20 ستمبر کو ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مل کر میثاق جمہوریت کو لے کر آگے بڑھیں گی۔

    دونوں رہنماؤں کی گفتگو کے بعد نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بھی ٹویٹ کیا ’شکریہ بلاول بھٹو، آپ کے لیے بہت ساری دعائیں۔‘

  • الیکشن کمیشن نے وفاق کو مردم شماری کی سرکاری اشاعت کا حکم دے دیا

    الیکشن کمیشن نے وفاق کو مردم شماری کی سرکاری اشاعت کا حکم دے دیا

    کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ایسے میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کے مؤقف پر ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کو حکم دے دیا ہے کہ جلد از جلد مردم شماری کی سرکاری اشاعت کی جائے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے وزارتِ پارلیمانی امور اور وزارتِ قانون کو احکامات جاری کر دیے۔

    قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت سندھ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی پٹیشنز پر غور کیا گیا، اجلاس میں مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار کی اشاعت اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے معاملے کو دیکھا گیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آبادی کے اعداد و شمار حلقہ بندیوں کے لیے بنیادی جز ہیں، اس لیے حلقہ بندیوں کے لیے 2017 کی مردم شماری کی سرکاری اشاعت ضروری ہے۔

    احکامات پر عمل درآمد کے لیے الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو مراسلے بھی جاری کر دیے۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیوں کا اعلان کر دیا

    یاد رہے کہ 2 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے لیے کمیٹیوں کا اعلان کیا تھا، یوسیز، یونین کمیٹیز اور وارڈز کی نئی حلقہ بندیوں کے بعد سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا جانا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 9 سے 22 ستمبر تک سندھ بھر میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو مکمل کیا جائے گا، 23 ستمبر کو سندھ میں ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگا۔

  • سابق صدر کو حساب دینا پڑتا ہے لیکن معاون خصوصی کو نہیں: بلاول بھٹو

    سابق صدر کو حساب دینا پڑتا ہے لیکن معاون خصوصی کو نہیں: بلاول بھٹو

    میرپورخاص: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر کو حساب دینا پڑتا ہے لیکن معاون خصوصی کو نہیں، بیرون ملک پراپرٹی بنانے والے اسپیشل اسسٹنٹ کب وضاحت دیں گے؟

    آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میرپورخاص میں نیوز کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا وزیر اعظم کی جماعت سے تعلق رکھنے والے کرپشن کیسز کے باوجود بیرون ملک پکنک مناتے ہیں، سابق صدر کو حساب دینا پڑتا ہے، لیکن معاون خصوصی کو نہیں۔

    بلاول بھٹو حکومت پر برس پڑے، انھوں نے کہا ایک اور اسپیشل اسسٹنٹ پانامہ میں بھی ملوث ہیں، ایک اسپیشل اسسٹنٹ نے ذمہ داری کا فیصلہ کرتے ہوئے استعفیٰ دیا لیکن وزیر اعظم نے استعفیٰ نہیں مانا، کرپشن الزامات لگے تو باپ بیٹے لندن میں کرکٹ انجوائے کر رہے ہیں، نیا پاکستان میں ایک نہیں دو پاکستان ہیں، قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔

    بلاول بھٹو نے توشہ خانہ ریفرنس مذاق قرار دے دیا، کہا حساب توشہ خانہ کا نہیں اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کا لے رہے ہیں، آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ کیس سمیت تمام کیس سیاسی ہیں، چیئرمین پی پی نے نیوز کانفرنس میں زراعت ایمرجنسی لگانے اور کسانوں کو ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کیا، کہا کہ وزیر اعظم سندھ حکومت کی طرح کسانوں کے ساتھ آ کر بیٹھیں۔

    انھوں نے مزید کہا سندھ حکومت اکیلے قدرتی آفت کا سامنا نہیں کر سکتی، وفاق اپنی ذمے داریاں پوری کرے، وزیر اعظم 5 گھنٹے کے ٹرپ پر سندھ نہ آئیں، یہاں آ کر بیٹھیں، کپتان بن کرمتاثرین کی مد د کریں، غریب کسانوں اور چھوٹے کاشت کاروں کو ریلیف دیا جائے۔

    بلاول بھٹو نے وفاقی وزرا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا پہلے انسان پھر سیاست دان بنو، پہلےانسان بنو پھر وزیر بنو، امید ہے وزیر اعظم اپنے وزرا کو بیان بازی سے روکیں گے، پاکستان کو ایک ہونا پڑے گا تاکہ عوام کو ریلیف پہنچا سکیں۔

  • وزیر اعظم کو پیکج پر دوبارہ غور کرنا چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

    وزیر اعظم کو پیکج پر دوبارہ غور کرنا چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کم از کم سندھ حکومت کے 800 ارب کے برابر گرانٹ کا اعلان کرتے، وزیر اعظم کو فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور کو فون کیا، انھوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے عہدے دار اور کارکن سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جائے، 2010 اور 2011 کے سیلاب زدگان کی وطن کارڈ سے مدد کی گئی تھی، وفاق بھی اسی طرز پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کراچی کے عوام توقع کر رہے تھے کہ وزیر اعظم بڑے پیکج کا اعلان کریں گے، وفاق سندھ حکومت کے برابر گرانٹ دے تاکہ کراچی کے مسائل کا خاتمہ ہو۔

    خیال رہے کہ آج چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ضلع وسطی و غربی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب میں انھوں نے کہا عوام ساتھ دیں تو وفاق سے این ایف سی چھین کر رہیں گے، سندھ کے عوام کا پیسہ سندھ حکومت کو دیا جائے۔ بلاول نے سپریم کورٹ جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ سے سندھ کے عوام کا پیسہ صوبائی حکومت کو دینے کی درخواست کریں گے۔

    کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے کی تفصیلات؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی دورے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 1113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا تھا، جس میں شہر میں واٹر سپلائی کے منصوبوں کے لیے 92 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، سیوریج ٹریٹمنٹ کے لیے 141 ارب روپے، سولِڈ ویسٹ منیجمنٹ اور نکاسئ آب کے لیے 267 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    کراچی پیکج میں سڑکوں کی بحالی اور نئی سڑکوں کی تعمیر پر 41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جب کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • تمام جماعتوں کو چاہیے موسم کو پیش نظر رکھ کر حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائیں: بلاول بھٹو

    تمام جماعتوں کو چاہیے موسم کو پیش نظر رکھ کر حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائیں: بلاول بھٹو

    کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو چاہیے موسم کو پیش نظر رکھ کر حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی، بلاول ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے کہا تمام جماعتوں کو چاہیے موسم کو پیش نظر رکھ کر حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا سخت موسم کا کراچی سمیت پورے پاکستان کو سامنا ہے، سیاسی پارٹیوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھنا چاہیے، قدرتی آفات کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا پلیٹ فارم نہیں سمجھنا ہوگا۔

    شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اے پی سی بلانے پر اتفاق

    بلاول نے اس ملاقات میں اپنا مؤقف سامنے رکھا کہ ملک میں خراب طرز حکمرانی ختم ہونی چاہیے، واضح مؤقف سے عاری خارجہ پالیسی اور قرضوں سے عوام چھٹکارا پانے کے منتظر ہیں۔

    ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک میں آئین اور پارلیمان کی بالا دستی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی ہونی چاہیے، عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کو بچانے کے لیے مل جُل کر جدوجہد کی جائے گی۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں نے احتساب کی آڑ میں جاری کارروائیوں کو سیاسی انتقام قرار دیا۔

  • پیپلز پارٹی نے رہبر کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کر دیا

    پیپلز پارٹی نے رہبر کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے رہبر کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے رہبر کمیٹی سے علیحدگی اختیار کی تھی، پارٹی ذرایع نے کہا ہے کہ کل پی پی کا وفد رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوگا۔

    ذرایع کے مطابق رہبر کمیٹی میں شرکت کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے رہبر کمیٹی میں شرکت کی حمایت کی ہے۔

    شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اے پی سی بلانے پر اتفاق

    واضح رہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، جس میں 11 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے، رہبر کمیٹی کا یہ اجلاس اکرم درانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں شاہد خاقان، احسن اقبال، ایاز صادق، مریم اورنگ زیب شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنے پر تجاویز لی جائیں گی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر جماعتوں کو تجاویز دے گی، اجلاس میں اے پی سی کے ایجنڈے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور ہوگا۔

    اجلاس میں حکومتی اتحاد چھوڑنے والی بی این پی مینگل بھی شریک ہوگی، پی پی، ن لیگ، جے یو آئی ف، جے یو پی، اے این پی، قومی وطن پارٹی، پی میپ، نیشنل پارٹی، بی این پی عوامی اور جمعیت اہل حدیث کے نمائندے شریک ہوں گے۔

  • پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کو غیر آئینی قرار دے دیا

    پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کو غیر آئینی قرار دے دیا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے متنازع مردم شماری کے عارضی اعداد و شمار کو بنیاد بنا کر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ 2017 کی مردم شماری میں سندھ کی آبادی کو کم دکھایا گیا۔

    پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ کی آبادی کم دکھانے پر تاحال اعتراضات ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے عارضی لسٹ پر عام انتخابات کی ہامی بھری تھی، آبادی کے حتمی اعداد و شمار کے بغیر حلقہ بندی اور الیکشن غیر آئینی ہوں گے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ دیگر الیکشنز کے لیے سیاسی جماعتوں نے حتمی لسٹ پر اتفاق کیا تھا، مردم شماری کے 5 فی صد بلاکس کی دوبارہ چیکنگ پر بھی اتفاق کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے تاحال 5 فی صد مردم شماری بلاکس کی دوبارہ چیکنگ نہیں کرائی، نہ ہی مردم شماری کی حتمی لسٹ کا اجرا کیا گیا، اس لیے بلدیاتی انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں اور آبادی کے اعداد و شمار ٹھیک کیے جائیں۔

    انھوں نے کہا آبادی کے اعداد و شمار کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو این ایف سی میں صوبے کو کم حصہ ملے گا، سندھ واحد صوبہ ہے جس نے 4 سالہ بلدیاتی اداروں کی مدت پوری کی، بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا الزام سول حکومتوں پر لگتا ہے، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا 5 فی صد بلاکس کی دوبارہ چیکنگ کرانے اور حتمی لسٹ میں 2 سال ضایع کیے گئے، مردم شماری کی حتمی لسٹ پر این ایف سی آنا چاہیے جو نہیں دیا جا رہا۔

    ایڈمنسٹریٹر سے متعلق انھون نے کہا کہ کسی کو بھی ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنا صوبائی حکومت کا اختیار ہے، ایڈمنسٹریٹر افسران یا سول سوسائٹی سے بھی ہو سکتے ہیں، ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری جلد کر دی جائے گی۔

  • بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں

    بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں

    کراچی: شہر قائد کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کی شدید مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک پیج پر آ گئے ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    کراچی میں لگنے والی بڑی بیٹھک میں تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، ذرایع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، اور میئر کراچی وسیم اختر شامل تھے، پی ٹی آئی کی طرف سے وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی۔

    ذرایع کے مطابق ملاقات میں کراچی کی ترقی، نئے ترقیاتی منصوبوں، پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹیشن، نالوں کی صفائی، انفرا اسٹرکچر کی بحالی، انکروچمنٹ کے خاتمے سمیت دیگر امور پر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم کا سندھ میں پارٹی عہدیداران، کارکنان کو متحرک کرنیکا فیصلہ

    تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی کی ترقی کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز بھی سامنے رکھیں، ذرایع کے مطابق تینوں جماعتوں نے شہر اور عوام کے مفاد میں مستقبل میں صلاح مشورے جاری رکھنے اور مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے اور کراچی کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    ملاقات میں ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے شہر کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، شرکا نے کراچی میں نالوں کی صفائی پر این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی کارکردگی کو سراہا، جب کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی، ذرایع کے مطابق ملاقات میں مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

    کراچی میں ہونے والی اس اہم ترین ملاقات کے دوران تمام پیش رفت سے وزیر اعظم عمران خان کو بھی آگاہ کیا جاتا رہا۔

  • آصف زرداری پر فرد جرم عائد ، پیپلز پارٹی نے خدشات کا اظہار کردیا

    آصف زرداری پر فرد جرم عائد ، پیپلز پارٹی نے خدشات کا اظہار کردیا

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری پرفرد جرم عائد ہونے پر خدشات کا اظہار کردیا اور اقدام قانونی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری پرفرد جرم عائد ہونے پر پیپلز پارٹی کا خدشات کا اظہار کردیا ہے، پیپلزپارٹی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ وکلا کی غیر موجودگی میں آصف زرداری پرفردِجرم عائد کی گئی ، وکلاکی عدم موجودگی میں فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔

    شیری رحمان  کا کہنا تھا اقدام قانونی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے، وکیل کی عدم موجودگی میں فرد جرم بنیادی حقوق کےخلاف ہے، زرداری 11 سال جیل کاٹ چکے، عدالت کا رویہ ان کے لیے نیا نہیں۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ نیب کی کارروائیوں اور طریقہ کارپرہرطرف سےسوال اٹھ رہےہیں، احتساب میں اتنی عجلت کی وجہ کیا ہے؟ پیپلز پارٹی نیب قوانین میں ترمیم سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

    یاد رہے احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری، انور مجید سمیت 13 ملزمان پر وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کر دی تھی تاہم آصف زرداری نے صحت جرم سے انکار کیا تھا، 17 ملزمان میں سے 3 یونس قدوائی، عزیر نعیم اور اقبال میمن کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جب کہ ایک ملزم اسلم مسعود وعدہ معاف گواہ بن گیا تھا۔

    دوران سماعت آصف علی زرداری ویڈیو لنک پر خود بول اٹھے، انھوں نے اپنے مؤقف میں کہا کہ میرے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، مجھ پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی، جج نے کہا ملزم کا چارج فریم ہوتا ہے، آپ سن لیں، آپ کو پڑھ کر سناؤں گا، آپ سے 2 سوال پوچھوں گا کہ آپ تسلیم کرتے ہیں یا انکار، فرد جرم انگریزی میں ہو گی امید ہے آپ سمجھیں گے۔

  • پیپلز پارٹی کو صرف 2 چیزوں عدلیہ اور میڈیا کا خوف ہے: خرم شیر زمان

    پیپلز پارٹی کو صرف 2 چیزوں عدلیہ اور میڈیا کا خوف ہے: خرم شیر زمان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش ہوتی ہے تو قیامت آجاتی ہے، پیپلز پارٹی صرف 2 چیزوں سے ڈرتی ہے ایک عدلیہ اور دوسرا میڈیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش ہوتی ہے تو قیامت آجاتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ہاتھ کانپتے تھے جب ان سے سوال ہوتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صرف 2 چیزوں سے ڈرتے ہیں ایک عدلیہ اور دوسرا میڈیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش نے شہر قائد کا حشر نشر کردیا ہے، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود متعدد علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

    شہر کے مرکزی علاقوں بشمول صدر موبائل مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر اور برنس روڈ پر بارش کا پانی جگہ جگہ کھڑا ہے۔

    کراچی کے میئر وسیم اختر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نالوں پر قبضہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی گھروں میں داخل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تو کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے بھی اختیارات نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کتے کے کاٹے کی ویکسین تک موجود نہیں ہے۔