Tag: پیپلز پارٹی

  • پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گورنرز کی فوری  نامزدگیوں کا فیصلہ کس نے کیا؟

    پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گورنرز کی فوری نامزدگیوں کا فیصلہ کس نے کیا؟

    اسلام آباد: گورنر پنجاب و خیبر پختونخوا کی نامزدگیوں کے سلسلے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

    پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ذرائع نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گورنرز کی فوری نامزدگیوں کا فیصلہ بلاول بھٹو زرداری نے کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گورنرز کی تقرریاں مزید مؤخر ہونا تھیں، تاہم پی پی چیئرمین چاہتے تھے کہ گورنرز کی تعیناتی ہو جائے، چناں چہ آصف زرداری کے دورہ کراچی میں گورنرز کی تعیناتیوں کا فیصلہ ہوا۔

    بتایا جا رہا ہے کہ بلاول بھٹو نے آصف زرداری کو گورنرز کی فوری نامزدگیوں پر قائل کیا، جس پر انھوں نے پارٹی چیئرمین کو گرین سگنل دے دیا، اور اس سلسلے میں انھیں مکمل اختیار بھی سونپا۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کس کو گورنر بنایا جا رہا ہے؟

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے شریک چیئرمین کو گورنرز کے لیے سردار سلیم حیدر اور فیصل کریم کنڈی کے نام تجویز کیے، جن کی آصف زرداری نے فوری منظوری دے دی، انھوں نے نامزدگیوں کو سراہا بھی اور بلاول کو پارٹی میں مزید بولڈ فیصلے لینے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری، بلاول بھٹو کو پارٹی میں مکمل بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • مسلم لیگ ن کا پیپلز پارٹی کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دینے کا فیصلہ

    مسلم لیگ ن کا پیپلز پارٹی کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اہم لیگی رہنما پیپلز پارٹی سے بات کر کے انھیں حکومت میں شمولیت کی ایک بار پھر دعوت دیں گے، پیپلز پارٹی کو حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ اپوزیشن الائنس کے بعد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شمولیت سے متعلق منقسم رائے رکھتی ہے، ایک سینئر پی پی رہنما نے بتایا کہ اس سلسلے میں‌ پارٹی ارکان کی رائے ابھی تقسیم ہے، اگرچہ حکومت میں شمولیت کی دعوت کے

    سلسلے میں اشارے ملے ہیں لیکن جب باقاعدہ بات ہوگی تو پارٹی کے اندر اس پر مشاورت کی جائے گی۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت کا حصہ نہیں بنیں‌ گے لیکن اب دوبارہ دعوت کے بعد پھر مشاورت کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے یہ بات کنفرم ہے کہ وہ اب پیپلز پارٹی کو پورے شد و مد سے آمادہ کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ موجودہ مشکل حالات سے نکلا جا سکے۔

  • جنگی حالات ہو جائیں تو رینجرز کو اختیارات دیے جاتے ہیں، ضیا لنجار

    جنگی حالات ہو جائیں تو رینجرز کو اختیارات دیے جاتے ہیں، ضیا لنجار

    کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کراچی میں‌ امن قائم ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز روکنے میں‌ کافی کامیابی ملی ہے، رینجرز ہمیشہ پولیس کی سپورٹ میں ہوتی ہے، جنگی حالات ہو جائیں تو رینجرز کو اختیارات دیے جاتے ہیں۔

    ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں لوگوں کے جان و مال کے ضیاع پر افسوس ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز پر قابو پائیں، پولیس اور رینجرز افسران سے امید ہے کہ وہ صورت حال پر قابو پالیں گے۔

    صوبائی وزیر داخلہ نے کہا پولیس نے کچھ دنوں میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے، کئی مقامات پر چھاپوں میں کامیابی ملی، کراچی میں کافی اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے، رینجرز ہمیشہ پولیس کی سپورٹ میں ہوتی ہے، جنگی حالات ہو جائیں تو رینجرز کو اختیارات دیے جاتے ہیں۔

    ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ گھوٹکی میں ہیں،عید کے بعد میں خود بھی اس علاقے میں جا رہا ہوں، کچے کے ڈاکوؤں نے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا ہے، وہ سرنڈر کر دیں ورنہ بہت سخت کارروائی ہونے جا رہی ہے، کچے کے ڈاکوؤں کے سپورٹرز کو بھی انتباہ ہے قبلہ درست کر لیں۔

    انھوں نے کہا کچے میں بے زمین ہاریوں کے لیے پالیسی بنائیں گے، اور علاقے کے نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے، کچے میں مستقل تھانے اور چوکیاں بھی بنائی جائیں گی، پولیس اور پیراملٹری فورسز کی نقل و حرکت کے لیے سڑکیں بھی بنائیں گے۔

  • ذوالفقاربھٹو کی برسی کا مرکزی جلسہ گڑھی خدابخش میں کرنے کا فیصلہ

    ذوالفقاربھٹو کی برسی کا مرکزی جلسہ گڑھی خدابخش میں کرنے کا فیصلہ

    سکھر: پیپلز پارٹی نے ذوالفقاربھٹوکی برسی کا مرکزی جلسہ گڑھی خدابخش میں کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذوالفقاربھٹو کی45 ویں برسی کا مرکزی جلسہ 3 اپریل کی رات کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، جس میں ذوالفقاربھٹو کی برسی کامرکزی جلسہ گڑھی خد ابخش میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذوالفقاربھٹو کی 45 ویں برسی کا مرکزی جلسہ3اپریل کی رات کو ہوگا۔

    رہنما پی پی نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، مووٹرویز بند کر کے ناکے لگا کر اغوا اور ڈکیتیوں کے واقعات تشویشناک ہیں، امن امان کے قیام کیلئے ڈاکوؤں کیخلاف بلاتفریق آپریشن کیا جائے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں سے جدید اسلحہ برآمد اور ٹھکانے ختم کرنے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔

    رہنما پی پی نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کیلئے آئی جی سندھ و دیگرافسران کوتبدیل کیا گیا، ایم کیوایم وزیراعلیٰ ہاؤ س کا گھیراؤ تب کرے جب کارروائی نہ ہو۔

  • سینیٹ الیکشن، پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے

    سینیٹ الیکشن، پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے

    کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لیے بلوچستان سے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور پی پی صوبائی صدر میر چنگیز جمالی نے امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دے دیے۔

    سردار عمر خان گورگیج، میر چنگیز خان جمالی، میر طارق مسوری، اعجاز بلوچ، اور کرن بلوچ کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔

    دریں اثنا، سینیٹ الیکشن کے لیے سندھ سے پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کے کاغذات منظور ہو گئے، کاظم شاہ، اشرف جتوئی، مسرور احسن، ندیم بھٹو، سرفراز راجڑ، دوست جیسر نے جنرل نشست پر کاغذات جمع کرائے تھے۔

    بیرسٹر ضمیر گھمرو اور سرمد علی نے ٹیکنوکریٹس کی نشست پر، قرة العین مری، روبینہ قائم خانی اور مسرت نیازی نے خواتین کی نشست پر، جب کہ پونجومل بھیل نے اقلیت کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

  • پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا

    پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا

    کراچی : پیپلز پارٹی نے جنگ گروپ کےایم ڈی سرمدعلی کو پی پی نے سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دے دیا، سرمدعلی پی پی پی کی طرف سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا ، جس میں جنگ گروپ کےایم ڈی سرمدعلی کو پی پی نے سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دے دیا، سرمدعلی پی پی پی کی طرف سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہوں گے۔

    بیرسٹرضمیرگھمروٹیکنوکریٹ کی دوسری نشست پرپی پی پی امیدوارہوں گے جبکہ جنرل نشستوں کےلئےکاظم شاہ،اشرف جتوئی،مسرور احسن ، ندیم بھٹو، سرفراز راجڑ اوردوست علی جیسر امیدوار ہوں گے۔

    خواتین کی سینیٹ نشستوں کےلئےعینی مری اورروبینہ قائم خانی امیدوارہوں گی جبکہ اقلیت کی نشست کے لئے پی پی پی کی طرف سے پونجوبھیل امیدوارہوں گے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی اور اے این پی کا بلوچستان میں اتحاد ہوگیا ہے ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایمل ولی خان اور جان محمدبلیدی پی پی پی اوراےاین پی کےمشترکہ سینیٹ امیدوارہوں گے۔

    چنگیزجمالی اورعمر گورگیج بھی پی پی کی طرف سےجنرل نشست پرامیدوارہونگے جبکہ بلوچستان ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئےبلال مندوخیل پی پی پی امیدوار ہوں گے۔

    بلوچستان میں خواتین نشست کیلئے عشرت بروہی اورکرن بلوچ پی پی پی امیدوار ، خیبرپختونخواکے لئے روبینہ خالد پی پی پی کی سینیٹ امیدوار ، پنجاب میں سینیٹ نشست کے لئے پی پی کی فائزہ احمدملک امیدوار جبکہ اسلام آباد سےسینیٹ کی نشست کے لئے رانا محمودحسن امیدوار ہوں گے۔

  • پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی 6 میں سے 4 نشستیں جیت لیں

    پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی 6 میں سے 4 نشستیں جیت لیں

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی 6 میں سے 4 نشستیں جیت لیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکمران اتحاد کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہو گئے، انھوں نے 204 ووٹ حاصل کیے، جب کہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔

    سینیٹ کی اسلام آباد کی نشست پر مجموعی طورپر 301 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہو گئے۔

    پیپلز پارٹی کے اسلم ابڑو اور جام سیف اللہ سندھ کی نشست سے سینیٹرز منتخب ہو گئے ہیں، سینیٹ میں سندھ کی 2 خالی نشستوں کے لیے 124 ووٹ کاسٹ ہوئے، ایک خارج ہو گیا، جام سیف اللہ نے 58 ووٹ اور اسلم ابڑو نے 57 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

    سینیٹ کی 48 نشستوں پر الیکشن کا شیڈول جاری

    سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نذیر اللہ اور شازیہ سہیل نے 4،4 ووٹ حاصل کیے۔ 162 میں سے 124 ارکان سندھ اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا، پیپلز پارٹی کے 116 ارکان سندھ اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا، جب کہ سنی اتحاد کونسل کے 8 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا، اور ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نے سینیٹ انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔

    بلوچستان سے سینیٹ کی 3 جنرل نشستوں پر انتخابات میں پیپلز پارٹی کے میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لے کر، جے یو آئی کے عبدالشکور خان غیبزئی 16 ووٹ لے کر اور ن لیگ کے میر دوستین ڈومکی 17 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔

  • ’ ڈیڑھ پونے دو سال میں پیپلز پارٹی ن لیگ کو تھپکی لگائے گی‘

    ’ ڈیڑھ پونے دو سال میں پیپلز پارٹی ن لیگ کو تھپکی لگائے گی‘

    اسلام آباد: سابق سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ پونے دو سال میں پاکستان پیپلز پارٹی ہی مسلم لیگ (ن) کو تھپکی لگائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ آصف زرداری سیاسی شطرنج کے کھلاڑی اور ماہر ہیں، ان کا پاکستان کھپے کا نعرہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا  کہتے ہیں کہ سارا زور بازو پیپلزپارٹی کاہے جو شہباز شریف کو وزیر اعظم بنایا، ڈیڑھ پونے دو سال میں پیپلز پارٹی ن لیگ کو تھپکی لگائے گی، ڈوریاں پیپلزپارٹی کے ہاتھ میں ہیں، پی پی اسمارٹ سیاست کررہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی بھی مشکلات بڑھنے لگی ہیں، پی ٹی آئی کیلئے کوئی ڈھیل ہے نہ کوئی ڈیل، اگر نو مئی سے متعلق آرمی ایکٹ میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہوئی تو وہ ہوگی۔

  • وزیر اعلیٰ بلوچستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی تاحال نہ ہو سکی

    وزیر اعلیٰ بلوچستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی تاحال نہ ہو سکی

    کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت سازی کا عمل شروع نہ ہو سکا، وزیر اعلیٰ بلوچستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں 3 روز رہ گئے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے لیے تاحال کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اسپیکر کا عہدہ لینے کا خواہش مند ہے، جب کہ اسپیکر کے لیے ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی نے راحیلہ حمید درانی کا نام مرکزی قیادت کو تجویز کر دیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صوبائی پارلیمانی کمیٹی نے اسپیکر کا عہدہ کسی اور جماعت کو دینے کی مخالفت کی ہے، جب کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے نامزدگی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کرے گی۔

    ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی نے صوبے میں ترجیحی وزارتوں کے نام بھی طے کر لیے ہیں، پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد اور پاور شیئرنگ کے معاملات طے کرنے کے لیے ن لیگ کی جانب سے 7 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں جام کمال خان، نواب جنگیز مری، میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل اور جنرل سیکریٹری جمال شاہ کاکڑ کمیٹی کا حصہ ہیں۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت سے ملاقات و مشاورت کے بعد کمیٹی پیپلز پارٹی سے معاملات پر بات چیت شروع کرے گی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے حصے میں آنے والی وزارت اعلیٰ اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر کسی کو تاحال نامزد نہیں کیا گیا ہے، دونوں جماعتوں کے نو منتخب ارکان صوبائی اسمبلی و صوبائی قیادت مرکزی قیادت کی جانب دیکھ رہی ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے سندھ کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

    پیپلز پارٹی نے سندھ کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، باضابطہ نام کا اعلان کچھ دنوں میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ ایک بار پھر سندھ کے وزیراعلیٰ بنیں گے۔ نومنتخب اراکین سندھ اسمبلی کو جلد کراچی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع پیپلز پارٹی نے کہا کہ مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا باضابطہ اعلان کچھ دنوں میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات 2024 میں سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں میں سے 84 پر کامیاب حاصل کی تھی۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی تمام ایک سو تیس نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا تھا، صوبہ سندھ میں سامنے آنے والے انتخابی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے تاریخ ساز فتح حاصل کی تھی۔

    سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ سرفہرست رہی، جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں پہلی مرتبہ سنچری کرے گی۔

    پی پی کو بیس خواتین اور اقلیتوں کی چھ مخصوص نشستیں ملیں گی، جس کے بعد سندھ اسمبلی کے ایک سو اڑسٹھ کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے پاس ارکان کی تعداد ایک سو دس ہوجائے گی۔

    الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان 28 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ 14 آزادامیدوار کامیاب ہوئے جبکہ جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کو دو دو نشستیں ملیں۔