Tag: پیکج

  • کم پیسوں میں نیٹ فلکس دیکھنا ہے، تو اشتہار بھی دیکھنے پڑیں گے

    کم پیسوں میں نیٹ فلکس دیکھنا ہے، تو اشتہار بھی دیکھنے پڑیں گے

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے صارفین کے لیے اشتہاروں والا پیکج متعارف کروا دیا، یہ ان صارفین کے لیے ہوگا جو کم قیمت میں نیٹ فلکس دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اسٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس کی جانب سے اشتہارات پر مبنی ایک سستا پیکج متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اشتہارات پر مبنی یہ پیکج ابتدائی طور پر صرف 12 ممالک میں دستیاب ہوگا جس میں آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، کوریا، اسپین، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔

    کمپنی نے اسے بیسک ود ایڈز کا نام دیا ہے اور یہ نومبر سے دستیاب ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق اس پیکج کو لینے والے افراد 120 پکسل / ایچ ڈی ویڈیو دیکھ سکیں گے جبکہ ہر گھنٹے 4 سے 5 منٹ کے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

    اسی طرح یہ صارفین ایپ سے ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ نہیں کرسکیں گے جبکہ انہیں محدود فلموں اور ٹی وی شوز تک رسائی حاصل ہوگی۔

  • پیکج ڈیلیوری کرنے والی خاتون پیکج چرا کر فرار

    پیکج ڈیلیوری کرنے والی خاتون پیکج چرا کر فرار

    امریکا میں پیکجز ڈیلیوری کرنے والی ایک خاتون ڈرائیور کی نیت بدل گئی اور وہ پیکج لے اڑیں، پولیس نے ایسے اچکوں سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست لوزیانا میں پیش آیا جہاں وال مارٹ کی ایک خاتون ڈیلیوری ڈرائیور ایک گھر پر پیکج ڈیلیور کرنے کے لیے پہنچیں۔

    گھر کے پورچ میں پہنچ کر انہوں نے پیکج کی ایک تصویر کھینچی اور خریدار کو بھیج کر کہا کہ ان کا پیکج ڈیلیور ہوچکا ہے۔

    اس کے بعد پیکج واپس گاڑی میں ڈالا اور وہاں سے روانہ ہوگئیں۔

    انتھونی بورل نامی خریدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پیکج میں اپنے پوتے پوتیوں کے لیے کرسمس کے تحائف منگوائے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری ڈرائیور کو علم نہیں تھا کہ اس کی یہ حرکت پورچ میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب مقامی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ آن لائن شاپنگ میں اضافے کی وجہ سے چور اچکوں نے اب گھروں کے پورچ سے پارسلز چرانا شروع کردیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد گاڑیوں میں گھومتے رہتے ہیں اور جیسے ہی انہیں کوئی پیکج ڈیلیور ہوتا دکھائی دیتا ہے وہ وہاں پہنچ کر اسے چرا لیتے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چند ہدایتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے پیکجز کو محفوظ رکھ کر کرسمس کو خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

    اپنا پیکج دفتر کے پتے پر منگوائیں تاکہ گھر سے آپ کی غیر موجودگی میں وہ غائب نہ ہو، یا پھر کسی ایسے جاننے والے کے گھر پر منگوائیں جو ہر وقت گھر پر موجود ہو۔

    آن لائن شاپنگ کرنے کے بعد کیریئر کو ہدایت کردی جائے کہ اگر اسے گھر پر کوئی نہ ملے تو وہ پارسل کی ڈیلیوری نہ کرے۔

  • حکومت کا ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے مراعاتی پیکج کا فیصلہ

    حکومت کا ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے مراعاتی پیکج کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے اپنی ٹیکسٹائل پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ٹیکسٹائل اور برآمدی سیکٹر کے لیے خوشخبری سنادی ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے مراعاتی پیکج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے مراعاتی پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مراعاتی پیکج میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بجلی کے نرخوں کمی سرفہرست ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 24 گھنٹے گیس کی فراہمی اور یکساں نرخ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایکسپورٹ والی تمام صنعتوں کے اربوں سیلز ٹیکس ری فنڈ کی فوری ادائیگی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

    اکنامک ایڈوائزری کونسل ایک ہفتے میں مذکورہ بالا سفارشات حکومت کو بھجوائے گی، اس سے قبل اکنامک ایڈوائزری کونسل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مراعاتی پیکج کا مقصد برآمدات اور زرمبادلہ میں اضافہ ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات سے قبل ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے تمام خام مال کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔

    پالیسی میں دوسرا پوائنٹ منافع کو بہتر بنانا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کے مطابق کپاس کا کاشت کار خوشحال ہونے تک ٹیکسٹائل انڈسٹری بہتر نہیں ہوسکتی۔

    ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو ریفنڈز کی ادائیگی فوری کیے جانے کے نکتے کو بھی پالیسی میں شامل کیا گیا تھا۔

  • فاٹا عمائدین کا 3 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا مطالبہ

    فاٹا عمائدین کا 3 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا مطالبہ

    اسلام آباد: فاٹا میں قبائلی عمائدین پر مبنی جرگے نے اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا میں مقامی گورنر کی تعیناتی اور 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے بصورت دیگر وہ تحریک چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فاٹا اصلاحات سے متعلق قبائلی عمائدین کے جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے فاٹا میں اصلاحات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

    اعلامیے میں اراکین کا کہنا تھا کہ فاٹا جرگہ حکومتی فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ کو مکمل رد کرتا ہے، رپورٹ میں ہتک آمیز الفاظ پر کمیٹی فاٹا کے عوام سے معافی مانگے، فاٹا میں اصلاحات اور مستقبل کا تعین وہاں کے عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔

    اعلامیے میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا میں تمام اقدام عوام کی رائے سے اٹھائے جائیں، ایف سی آر کے کالے قوانین کو جلد از جلد منسوخ کیا جائے، فاٹا کو انسانی حقوق، جمہوری اصولوں پر مبنی قانون سازی کا موقع دیا جائے،فاٹا میں عوام کی حمایت و تعاون سے پائیدار امن قائم کیا جائے۔

    مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا کے لیے فاٹا ہی سے گورنر مقرر کیا جائے، قومی اسمبلی و سینیٹ میں فاٹا خواتین اور اقلیتی نشستیں مختص کی جائیں، فاٹا میں کوئی بھی قانون اسلام کے منافی نہ بنایا جائے، آئی ڈی پیز کو جلد بحال کرکے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

    مزید کہا گیا کہ فاٹا کی بحالی و ترقی کے لیے 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے، سرکاری ملازمتوں میں فاٹا کا کوٹا بڑھایا جائے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو پھرپور تحریک چلائیں گے۔