Tag: پی ٹی آئی

  • تجاویزپیش کردیں ہیں اب فریقین حل نکالیں،رحمان ملک

    تجاویزپیش کردیں ہیں اب فریقین حل نکالیں،رحمان ملک

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف کے استعفوں سمیت پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کےمطالبات پر تجاویز پیش کردیں ہیں اب تینوں فریقین مسئلہ کا حل نکالیں۔

    جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کہتے ہیں کہ عمران خان اورطاہرالقادری سے حتمی رابطے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    رحمان ملک نے لیاقت بلوچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ آئین کے خلاف تجاویز پیش نہیں کیں جس پر اپوزیشن کو آگاہ کردیا ہے، سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کو مطالبات میں نوے فیصد کامیابی ہوچکی ہے۔

    رحمان ملک نے کہا کہ اگلی ملاقات بدھ کو ہوگی، حکومت پی ٹی آئی اورپی اے ٹی تجاویز کی روشنی میں مسئلے کا حل نکالیں، لیاقت بلوچ نے فریقین کو سازشوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب حتمی ملاقات عمران خان اورطاہرالقادری سے ہوگی۔

    رہنماؤں نے کہا کہ اگرتصادم ہوا، آئین ختم ہوا،جمہوریت کی بساط پر ضرب لگی تو فوج اورجمہوری قوتوں کے لئے بھی اصلاح نا ممکن ہوگی۔

  • انتخابی اصلاحات کیس: پی ٹی آئی سے جواب طلب

    انتخابی اصلاحات کیس: پی ٹی آئی سے جواب طلب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات کیس میں الیکشن کمیشن کی وضاحت پرتحریکِ انصاف سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق اور انتخابی اصلاحات سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے بینچ نےکی، عدالت کے طلب کئے جانے پرسیکریٹری الیکشن کمیشن پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے پرعملدرآمد نہ ہونے کی تحریری وضاحت جمع کرائی۔

    جس پراعلیٰ عدالت نے تحریکِ انصاف اورورکرز پارٹی سے الیکشن کمیشن کی وضاحت پرجواب طلب کرلیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم اپنا مؤقف کافی پہلے جمع کراچکے تھے، جو نمبرغلط درج ہونے کی وجہ سے عدالت کو نہیں مل سکا تھا۔

    مقدمے کی سماعت تیرہ اکتوبرتک ملتوی کردی گئی ہے۔

  • پولیس حراست سے ملزمان کو چھڑانے کا الزام ،عمران خان کیخلاف مقدمہ درج

    پولیس حراست سے ملزمان کو چھڑانے کا الزام ،عمران خان کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف پولیس حراست سے ملزمان کو چھڑانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کے الزام میں تھانہ بنی گالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

    مذکورہ مقدمے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت اور پنجاب پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اوراپنے کپتان پرمقدمہ درج ہونے کے بعد کارکنا ن میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

    اپنے مطالبات پر ڈٹے رہنے والے کارکنان وزیراعظم کا استعفیٰ لئے بغیر گھر جانے کو تیار نہیں ہیں ۔پی ٹی آئی کے کارکنان کا کہنا ہے نیا پاکستان بنا نے کیلئے ہر ظلم وستم کا ڈٹ کے سامنا کریں گے۔

  • پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنان نے کنٹینرزگراڈالے

    پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنان نے کنٹینرزگراڈالے

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف اورعوامی تحریک کے کارکنان نے شاہراہِ دستور پر موجود کنٹینرز کی آخری دیوار کو بھی گرا ڈالا۔

    پاکستان تحریکِ انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کا جوش ولولہ اب بھی برقرار ہے، کارکنان نے رات بھر پولیس کے کریک ڈاوًن کے خوف سے پہرے داری کی، صبح ہوتے ہی کارکنان کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا اور کارکنان نے طیش میں آکر شاہراہِ دستور پر موجود تین کنٹینرز اُلٹ ڈالے۔

    راستہ بند رکھنے کے لئے کنٹینرز کے اُوپر کنٹینرز رکھے گئے تھے اور یہ کنٹینرز کی آخری دیوارتھی، جس کے ہٹنے سے شاہراہِ دستور سے ریڈیو پاکستان چوک تک کا تمام راستہ کلیئر ہوگیا۔

    دونوں جماعتوں کے کارکنان تمام سرکاری عمارتوں کے بھی باہرموجود ہیں جبکہ کارکنان کو مزید رکاوٹیں ہٹانے کا بھی کہا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنانوں بہت متحرک نظرآئےاور کنٹینرزگرانے کے بعد کارکنان نے خوشی میں رقص اورنعرے بازی بھی کی جبکہ پولیس کا کہیں نام ونشان بھی نظرنہ آیا۔

    گزشتہ روز ریڈ زون میں بڑے کریک ڈاوٗن کے خطرے کے پیش نظر پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنان نے رات اپنے قائدین کے کنٹینرز کے گرد بسر کی اور اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکنا رہے۔

    ریڈ زون میں بڑے کریک ڈاون کی اطلاعات پر آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء نے رات جاگ کر گزاری، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان رات بھر بڑی تعداد میں ڈاکٹر طاہر القادری کے کنٹینرز کے گرد گھیرا ڈالے رکھا اور اپنے لیڈر کی حفاظت کے لئے چوکس رہے، کارکنوں نے جگہ جگہ حفاظت کے پیش نظر رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں ۔

    کریک ڈاون کی خبر پر عمران خان بھی دھرنے میں کارکنوں کے درمیان جا پہنچے اور رات کنٹینرمیں کارکنوں کے حصار میں گزاری، صبح ہوئی تو کارکنوں کو اطمینان ہوا، امید کی نئی کرن لئے دن کا آغاز کیا۔

  • میں نے کبھی نہیں سنا کہ پی ٹی آئی کوفوج سے کوئی ہدایت آئی ہو، اسد عمر

    میں نے کبھی نہیں سنا کہ پی ٹی آئی کوفوج سے کوئی ہدایت آئی ہو، اسد عمر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کےرہنماء اسد عمرکہتے ہیں کہ عمران خان نےاٹھارہ سال تک جدوجہد فوج کیلئے نہیں کی، کبھی نہیں سنا کہ پی ٹی آئی کوفوج سے کوئی ہدایت آئی ہو۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ مجھے جاوید ہاشمی کے الزامات سن کر حیرانگی ہوئی ہے کیونکہ میں نے کبھی نہیں سنا کہ تحریک انصاف کو کبھی فوج کی جانب سے کوئی ہدایات آئی ہوں، پارٹی میں ہمیشہ جمہوریت کے تسلسل اور بقاءکی بات کی جاتی رہی ہے، عمران خان ہمیشہ فوج سے متعلق کردار کی نفی کرتے رہے ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی نہیں سنا کہ ہماری مرضی کا جج لگ جائے گا یہ کسی جج کی جانب سے عمران خان کو کوئی یقین دہانی کروائی گئی ہے یا فوج نے کوئی پیغام بھجوایا ہے، عمران خان ہمیشہ سے ہی فوج کے سیاسی کردار کے مخالف رہیں ہیں اور ان کی اٹھارہ سالہ جدوجہد ہر گز فوج کے لئے نہیں ہے، بہت سے سینئر لوگوں کو شک ہے مگر ایسا کچھ نہیں ہے، پاکستان کا اصل مستقبل جمہوریت کے ساتھ جڑا ہے، موجودہ جمہوریت پاکستان کے عوام کی خواہشوں کے مطابق نہیں ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے پارٹی اجلاس میں مشاورت کے بعد اور اتفاق رائے سے کئے جاتے ہیں، جاوید ہاشمی کی جانب سے شیخ رشید کے کردار کو بھی غلط رنگ دیا گیا، وہ ایک الگ پارٹی سے ہیں اور فیصلہ سازی میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے، بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ شیخ رشید اور ہمارے ایجنڈے میں مماثلت نہیں ہے، تاہم ریڈ زون میں جانے کے فیصلے کے وقت پارٹی اجلاس میں کچھ لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیا مگر آخر میں حتمی فیصلہ اتفاقِ رائے سے ہی کیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہ مجھے نہیں پتا پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے کون تھے، ہقین ہے کہ مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی نکلے گا ۔

  • پی ٹی آئی کو بااختیارڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ دیدیا جائے، سینیٹرجعفراقبال

    پی ٹی آئی کو بااختیارڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ دیدیا جائے، سینیٹرجعفراقبال

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ  ن کے سینیٹر جعفر اقبال نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو خط لکھا ہے، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو تین ماہ کیلئے با اختیارڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ دے دیا جائے،تاکہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات شفاف طریقے سے ہوسکے۔

    اس سلسلے میں پی ٹی آئی کو تین نام پیش کریں یا پھر تحریک انصاف وزیر اعظم کی تقرری کیلئے اپنے نام پیش کرے۔ سینیٹر جعفر اقبال نے اپنے خط میں کہا ہے کہ موجودہ ڈیڈ لاک ختم کرنے کا واحد راستہ یہی ہے۔

    جعفرب اقبال نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری ذاتی ہے  جسے میں نے خط کے ذریعے وزیر اعظم کو دی ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوریت خطرے سے دو چار ہے، اور جمہوریت بچانے کیلئے بیچ کا راستہ نکالنا ہوگا

  • تحریک انصاف کی سپریم کورٹ کو پرامن دھرنے کی یقین دہانی

    تحریک انصاف کی سپریم کورٹ کو پرامن دھرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نےعدالت کودھرناپرامن رکھنے کی تحریری یقین دہانی کرادی۔ عمران خان اور ڈاکٹرطاہرالقادری نےتحریری جواب میں کنٹینرزاوردیگر رکاوٹیں ہٹانے کی استدعاکردی۔

    عدالت نے درخواست کی سماعت پچیس اگست تک ملتوی کردی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےممکنہ ماورائے آئین اقدام کے خلاف درخواست کا تحریر ی جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔

    پی ٹی آئی نے دھرنے کو پر امن رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے موقف اختیار کیاہے کہ کارکنان نہ تو کسی عمارت پر حملہ نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی عمارت میں داخلے یانکلنے میں رکاوٹ ڈالیں گے۔ دھرنے کے شرکاء غیر ملکی سفارت خانوں کے کام میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گ۔ جواب میں واضح کیاگیاہے کہ سول نافرمانی کی کال احتجاج کا صرف ایک طریقہ ہے جو حکومت کی کرپشن کے خلاف دی گئی ہے۔

    جواب میں عدالت سے کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں ہٹانےکی استدعابھی کی گئی ہے۔عوامی تحریک نے تحریری جواب میں موقف اختیار کیاہے کہ پاکستان کے دستور نےغریب اور پسماندہ طبقے کی آواز اٹھا نےکے لئے آرٹیکل سولہ تحت احتجاج کا حق دیاہے۔ پی اے ٹی کا دھرنا فریقین کے درمیان سیاسی معاملہ ہے۔

  • پی ٹی آئی کی پر جوش خواتین کارکنان کا والہانہ رقص،نعرے بازی

    پی ٹی آئی کی پر جوش خواتین کارکنان کا والہانہ رقص،نعرے بازی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کی جوشیلی خواتین کے لئے دن بھر کی تھکن کے بعد موسیقی کا انتظام رات میں کیا گیا تھا ۔ جس کے بعدماحول ایساگرمایا کہ خواتین نے رقص کیا اور نعرے بازی سے جوش جگایا۔تفصیلات کے مطابق کپتان عمران خان کی سربراہی میں اپنے گھروں کو چھوڑ کر نئے پاکستان کا خواب سجائے دھرنوں میں انقلابی خواتین موجود ہیں ۔

    دن گزرے احتجاج میں تو راتیں بھی پرجوش ہیں۔پی ٹی آئی کی انقلابی خواتین میں جوش جگانے کے لئے رات بھر  موسیقی کا دھمال ہوتا رہا۔ پرجوش خواتین نے بھی اپنی بھڑاس نکالی ۔خوب رقص کیا۔جھوم جھوم کر گیت گائے۔

    سرپرپارٹی جھنڈا باندھا ۔۔چہرے پرپارٹی فلیگ پینٹ کیا۔ رات بھر خواتین کارکنوں کا مجمع لگا رہا۔ گاتا رہاگنگناتارہا۔پارٹی کے جھنڈوں کے درمیان کہیں کہیں سبزہلالی پرچم بھی نظر آیا۔ کپتان کی سربراہی میں جوشیلی خواتین کی نعرے بازیوں اور رقص نے محفل میں سماں باندھ دیا۔

  • سول نافرمانی:جہانگیرترین نے کپتان کے حکم کی نافرمانی کردی

    سول نافرمانی:جہانگیرترین نے کپتان کے حکم کی نافرمانی کردی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی مہم شروع کرنے کا اعلان کے باوجود پی ٹی آئی کےجنرل سیکریٹری جہانگیر ترین خود ہی اپنی جماعت کےفیصلےپر عمل نہ کرسکے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین کےگروپ کی کمپنیوں نے پیر کو معمول کے مطابق اسی لاکھ روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کرایا۔۔ایف بی آر کے ذرائع نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اسی لاکھ روپے سے زائد کا ٹیکس،کسٹم ڈیوٹی،انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی مد میں جمع کرایاگیا ہے۔

    یاد رہےکہ عمران خان نےایک روز قبل ہی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےسول نافرمانی کی مہم شروع کرنےکا اعلان کرکےعوام سے ٹیکس اور یوٹیلٹی بلز نہ دینے کی اپیل کی تھی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں آج سےخود بھی  بجلی گیس بل اور ٹیکس ادا نہیں کروں گا ۔

  • پی ٹی آئی کے قافلے پر حملہ، پومی بٹ سمیت 9افراد کی رہائی کا حکم

    پی ٹی آئی کے قافلے پر حملہ، پومی بٹ سمیت 9افراد کی رہائی کا حکم

    گوجرانوالہ: پی ٹی آئی کے قافلے پر حملہ کرنے کے الزام میں مسلم لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی سلمان خالد عرف پومی بٹ سمیت نو افراد کو ایک ایک لاکھ کے مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا گیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے قافلے پر حملہ کرنے کے الزام میں مسلم لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی سلمان خالد عرف پومی بٹ کو نو افراد سمیت سول جج شہریار کی عدالت میں پیش کیا گیا، جن کو فاضل جج نے ایک ایک لاکھ کے مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا۔

    گذشتہ روز جب پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا تھا تو اس دوران مسلم لیگ کے کارکنوں نے ان پر پتھراو کیا گیا، جس کا الزام پی ٹی آئی کی طرف سے ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی سلمان خالد عرف پومی بٹ پر لگایا گیا ،جس پر سلمان خالد عرف پومی بٹ ان اپنے نو ساتھیوں سمیت گذشتہ رات تھانہ سبزی منڈی میں پیش ہو کر گرفتاری دے دی تھی۔

    آج جب سلمان خالد عرف پومی بٹ کو عدالت پیش کیا گیا تو عدالت نے نو افراد کو ایک ایک لاکھ کے مچلکوں پر رہا کردیا گیا ہے ،پومی بٹ کی رہائی کے بعد پی ٹی آئی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔