Tag: پی ٹی آئی

  • پی ٹی آئی کا لاہور میں جلسہ رکوانے کیلئے درخواست  دائر

    پی ٹی آئی کا لاہور میں جلسہ رکوانے کیلئے درخواست دائر

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لاہور میں جلسہ رکوانے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں جلسہ رکوانے کیلئے درخواست دائرکردی گئی، ہائیکورٹ میں درخواست مرزا واحد رفیق کی جانب سے دائرکی گئی۔

    درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف لاہور میں جلسے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں متعدد درخواستیں دائر کر چکی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور دہشت گردی کے پیشِ نظر جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔

    درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا اور کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اتھارٹیز کی منظوری کے بغیر جلسہ کرنا چاہتی ہے، جلسے میں عدلیہ مخالف تقاریر ہوسکتی ہیں، پاکستان تحریک انصاف آئین میں دی گئی رعایت کا غلط استعمال کررہی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پاکستان تحریک انصاف کو اتھارٹیز کی منظوری کے بغیر جلسےسےروکنےکا حکم دے۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف 21 ستمبر کو مینار پاکستان جلسہ کرنے جارہی ہے اور اجازت کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست بھی دے دی ہے۔

  • آئینی ترامیم آج ہی پارلیمنٹ میں پیش ہوں گی: خواجہ آصف

    آئینی ترامیم آج ہی پارلیمنٹ میں پیش ہوں گی: خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم آج ہی پارلیمنٹ میں پیش ہوں گی، امید ہے فضل الرحمان ووٹ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی پارلیمنٹ کے چیمبر میں پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعظم سے چیمبر میں وفاقی وزرا نے ملاقات کی، ملاقات میں خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، اسحاق ڈار، عطااللہ تارڑ نے شریک کی۔

    وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزرا میں آئینی ترامیم پر مشاورت ہوئی، 26ویں آئینی ترمیم آج سینیٹ اور قومی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش ہوگی، آئینی ترمیم کا مسودہ منظوری کیلئے پہلے کابینہ میں پیش کیا جائیگا۔

    پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم آج ہی پارلیمنٹ میں پیش ہوں گی، میرا نہیں خیال میثاق کمیٹی کے ذریعے ایوان کا ماحول ٹھیک ہوگا۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا رویہ پہلے بھی دن ٹھیک نہیں تھا اور ان کا کل رویہ بھی سامنے ہے، اداروں کا چلنا اور آئین کا احترام پی ٹی آئی کے ڈی این اے میں نہیں۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اگریہ نہ کہے کہ آئینی ترمیم منظور نہیں ہوگی تو انکی دکانداری کیسے چلے گی، یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کی نیت ٹھیک نہیں مگر کام تو ٹھیک کررہی ہے نا۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں جوڈیشل ریفارمز اجتماعی نوعیت کے ہونگے انفرادی نہیں، آئین کے تحت پارلیمنٹ کا بااختیار اور طاقتور ہونا کمپرومائزڈ ہے جسے ٹھیک کررہے ہیں۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی آئینی ترامیم کے مسودے پر خصوصی گفتگو

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی آئینی ترامیم کے مسودے پر خصوصی گفتگو

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عدلیہ سے متعلق آئینی ترامیم کے مسودے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ ایک اہم قانون سازی ہے، تاہم انھوں نے یہ مسودہ نہیں پڑھا ہے۔

    صحافیوں سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا ’’یہ اہم قانون سازی ہے اور اسے ملک و قوم کے لیے کیا جانا چاہیے، لیکن ہمارے سامنے مسودہ نہیں ہے، پہلے ہم اسے پڑھیں گے پھر اس سے متعلق کوئی فیصلہ ہوگا۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ حکومت ہر کام رات کے اندھیرے میں کرتی ہے، حکومت آئینی نہیں غیر آئینی ترمیم کرنے جا رہی ہے، انھوں نے سوال کیا کہ حکومت کس چیز کی پردہ داری کر رہی ہے؟

    چیئرمین پی ٹی آئی کا جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے ان کے ساتھ کسی بھی آفر کی بات نہیں کی، بعض اوقات آپ عہدہ لیتے ہیں، یہ سیاست کا حصہ ہوتا ہے، بیرسٹرگوہر نے کہا ’’مولانا فضل الرحمان زیرک سیاست دان ہیں، میرا خیال ہے انھوں نے اصولی مؤقف اپنایا۔‘‘

    سیاسی اتار چڑھاؤ میں مولانا سب کی ضرورت، پی ٹی آئی وفد کو دو بار گھر کا چکر لگانا پڑ گیا (ویڈیو)

    انھوں نے کہا کہ مولانا اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ عدلیہ سے متعلق قانون سازی غیر معمولی نہیں ہونی چاہیے، مولانا کا مؤقف ہے کہ ججز کی عمر نہیں بڑھنی چاہیے اور ایکسٹینشن نہیں ہونی چاہیے۔

    بیرسٹر گوہر نے کہا ’’سپریم کورٹ واحد ادارہ ہے جو آئینی حقوق کی حفاظت کرے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کی روٹیشن کی بات ہوئی ہے، اس سےعدلیہ پر قدغن لگے گا، اگر جج کی رائے کے بغیر ٹرانسفر کرتے ہیں تو یہ نامناسب ہے۔‘‘

  • سیاسی اتار چڑھاؤ میں مولانا سب کی ضرورت، پی ٹی آئی وفد کو دو بار گھر کا چکر لگانا پڑ گیا (ویڈیو)

    سیاسی اتار چڑھاؤ میں مولانا سب کی ضرورت، پی ٹی آئی وفد کو دو بار گھر کا چکر لگانا پڑ گیا (ویڈیو)

    اسلام آباد: پاکستان میں عدلیہ سے متعلق آئینی ترامیم سے جڑے سیاسی اتار چڑھاؤ میں مولانا فضل الرحمان ایک بار پھر سب کی ضرورت بن کر ابھرے ہیں، یہاں تک کہ ان کی بدترین مخالف پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد کو دو بار ان کے گھر کا چکر لگانا پڑا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات جب پی ٹی آئی کا وفد مولانا سے ملنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچا تو وزیر قانون سمیت حکومتی وفد وہاں پہلے سے موجود تھا، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو واپس لوٹنا پڑا۔

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مولانا کو مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے پر بریفنگ دی، اور پھر مولانا سے ان کا جواب لے کر وزیر اعظم شہباز شریف تک پہنچا دیا۔

    حکومتی وفد کی رخصتی کے بعد پی ٹی آئی کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے دوبارہ ان کے گھر پہنچا، بیرسٹر گوہر کی قیادت میں رہنماؤں نے مولانا سے ملاقات کی، اور مجوزہ آئینی ترامیم پر تبادلہ خیال کیا۔

    پی ٹی آئی وفد کی روانگی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پی پی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں آئینی ترامیم سے متعلق مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد بلاول بھٹو فتح کا نشان بناتے ہوئے مولانا کی رہائش گاہ سے روانہ ہوئے۔ اسی دوران وزیر داخلہ محسن نقوی بھی مولانا کی رہائش گاہ پہنچے، محسن نقوی نے وزیر اعظم کا خصوصی پیغام مولانا کو پہنچایا اور مولانا فضل الرحمان کو تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔۔

    آئینی ترامیم: مولانا سے حکومت اور اپوزیشن کی ملاقاتوں کا نتیجہ کیا نکلا؟

    عدلیہ سے متعلق آئینی ترامیم کے سلسلے میں حالات تاحال گومگوں کی کیفیت سے دوچار ہیں، ذرائع کا تازہ ترین صورت حال سے متعلق کہنا ہے کہ حکومتی وفود ہر بار نئی تجویز لے کر فضل الرحمان کے پاس آتے رہے، مولانا نے کہا کہ کبھی آئینی عدالت اور کبھی ججز پینل کی بات کرتے ہیں، ابھی تک حکومت کو خود فائنل کچھ پتا نہیں ہے، جب تک مسودہ نہیں دکھائیں گے رائے نہیں دے سکتے۔

    پی ٹی آئی کے وفد نے فضل الرحمان کو کہا کہ جو بھی کریں اپوزیشن کے ساتھ مل کر ہو، ہمارا مشترکہ مؤقف ہی بہتر رزلٹ دے گا۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے، پارلیمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج دن 2 بجے ہوگا، جب کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ساڑھے 11 بجے کی بجائے اب آج شام 4 بجے ہوگا۔

  • پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان اسمبلی کو بڑا ریلیف مل گیا

    پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان اسمبلی کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز کے جسمانی ریمانڈ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈپرجیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کو کالعدم قرار دیکر گرفتار ارکان اسمبلی کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے مختصر فیصلہ سنایا ، پارلیمنٹ سے گرفتاری کرنے پر چیف جسٹس عامر فاروق نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے خلاف ایک درخواست آئی ہوئی ہے، آئندہ ہفتے سنوں گا، اسپیکر قومی اسمبلی اپنا کام کر رہے ہیں لیکن یہ عدالت بھی معاملہ دیکھ سکتی ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کسی ادارے کا وقار باقی نہیں رہنے دینا، کر کیا رہے ہیں؟ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے، ملک کے حالات دیکھیں اور آپ پارلیمنٹ کے اندر گھس کر ممبران کو گرفتار کر لیا۔

    پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد نے عدالت کے روبروکہا جلسے میں ریاست مخالف خوفناک تقاریر کی گئیں، جس پر عدالت نے کہا اگر آپکی بات مان لی جائے پھر تو قتل کے ملزم کا تواین کائونٹرکرادیں، آپکی بات مان لی جائے تو پھر فیئر ٹرائل کہاں رہ گیا، کسی نے کتنا ہی سنگین جرم کیا ہو اسکو فیئر ٹرائل کا حق ہے، یہی کام پہلے اس ہائیکورٹ میں کیا گیا، اب پارلیمنٹ میں کر رہے ہیں۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اپنا کام کر رہے ہیں،یہ عدالت بھی معاملہ دیکھ سکتی ہے، ارکان کی گرفتاری کیخلاف پٹیشن اگلےہفتےسنوں گا۔

    اس سے قبل سماعت میں چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا اسٹیٹ جواب دے ایسا کیا ہوگیا تھا کہ آٹھ آٹھ روز کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا،اس کی مثال نہیں ملتی،امن و امان کی صورتحال کس طرف جارہی ہے،آپ نے پارلیمنٹ میں گھس کر ارکان اسمبلی کو اٹھالیا،کہاں گئی وہ آزادی ؟کہاں گیا قانون؟کیا کسی ادارے کا وقارباقی نہیں رہنے دینا۔

    پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا شیر افضل مروت سے پستول اور شعیب شاہین سےڈنڈا برآمد ہوا، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کیامیں اورآپ انہیں نہیں جانتے؟یہ شعیب شاہین کی تضحیک ہے،عرصے بعد اچھی کامیڈی دیکھی، مزیدار کہانی بنائی گئی فلم بن سکتی ہے،اسلام آباد پولیس ہے یا رضیہ جوغنڈوں میں پھنس گئی۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کی۔

    سماعت کے بعد پی ٹی آئی جلسے پر درج مقدمات میں گرفتار ملزمان کی درخواستوں پر آرڈر جاری کیا گیا۔

    پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت میں دلیل دی کہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرنے سے برا تاثر جائے گا، چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا برا تاثر جائے گا؟ میں واضح آبزرویشن دے چکا ہوں، اگر ہم کوئی آرڈر کرتے ہیں تو ملزم جوڈیشل ہو جائیں گے؟ جسمانی ریمانڈ کا یہ آرڈر برقرار تو نہیں رہ سکتا، لیکن اگر ہو گیا تو کیا ہوگا؟

    وکیل درخواست گزار نے کہا عدالت کو زیادہ لمبا جسمانی ریمانڈ نہیں دینا چاہیے، ٹرائل عدالت نے اپنے آرڈر میں ریمانڈ کی کوئی وجوہ بھی نہیں لکھیں، چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ اس جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کا کیسے دفاع کریں گے؟ پراسیکیوٹر نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز پڑھ کر سنا دیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کل جمعہ ہے اور جمعہ کو دو رکنی بنچ نہیں ہوتا، اس لیے کل صبح دس بجے یہ دو رکنی خصوصی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

  • پی ٹی آئی کا جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

    پی ٹی آئی کا جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا اور کہا لاہور میں ہر صورت جلسہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت، عامر ڈوگر،زین قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کا آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا جبکہ عدالت نے شعیب شاہین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی انھیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کیخلاف پانچ مقدمے درج ہیں، جس میں علی امین گنڈاپور سمیت جلسے میں موجود تمام قیادت نامزد ہے۔

    رہنماون پر پولیس افسران اور اہلکاروں کوحبس بےجامیں رکھنےکا الزام ہے جبکہ کہا گیا دھمکیاں اور دھکے دیےگئے اور عمر ایوب نے اہلکار کو تھپٹر بھی مارا۔

    ان حالات کے پیش نظر پی ٹی آئی نے جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں ہر صورت جلسہ ہوگا۔

    تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ نے حکومتی اداروں کےساتھ طویل ملاقات کی، علی امین گنڈاپورایک مضبوط انسان ہے،چٹان کی طرح کھڑاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یاجوج ماجوج ہماری پارٹی کے پیچھے پڑے ہوے تھے، ہمارے لوگوں کو اٹھا لیا جاتاہے، جمعے کو احتجاج کیا جائے گا، اتحادیوں اور جماعت اسلامی سےبات کی ہے،احتجاج میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔

    گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت پارلیمانی لیڈر زرتاج گل نے کی، اجلاس میں پارلیمانی لیڈر نے سنگجانی جلسے کی کامیابی پر تمام ارکان اور ملک بھر کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی اور انتظامیہ کی طرف سے رکاوٹوں کی پرزور مذمت کی۔

    قائدین نے کہا تھا کہ انتظامیہ کی تمام طر رکاٹوں کے باجود اتنی بڑی تعداد میں بانی چئیرمین عمران خان کی رہائی کے لیے نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام بانی چئیرمین پر جھوٹے مقدمات کو مسترد کرتی ہے اور اپنے لیڈر کو جلد سے جلد اپنے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو آج عدالتوں میں پیش کیا جائے گا

    چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو آج عدالتوں میں پیش کیا جائے گا

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو آج اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا، گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے باہرایف سی اورپولیس کی نفری پہنچ گئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ رات اسلام آباد جلسے میں بدنظمی کے الزامات پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرخان ، شیرافضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتارکرلیا گیا تھا۔

    پولیس نے بیرسٹر گوہر اورشیر افضل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے اورشعیب شاہین کو گھر سے گرفتارکیا ،اس کے علاوہ پولیس زین قریشی ، شیخ وقاص اکرم ،شاہ احد خٹک کو گرفتار کر کے لے گئی تھی جبکہ عامرڈوگر،احمدچٹھہ،سیداحدشاہ اورمولانا نسیم بھی گرفتار کئےجانےوالوں میں شامل ہیں۔

    چھبیس نمبرچونگی پربدنظمی اورجلسہ وقت پر ختم نہ ہونے پر کارروائی کی گئی، اسلام آباد میں پرامن اجتماع اورامن عامہ بل کے تحت تین مقدمےدرج کیے گئے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف جلسہ این اوسی کی خلاف ورزی پرپرچے کاٹےگئے، جس میں بیرسٹرگوہرعلی ،شیرافضل ،شعیب شاہین،عمر گل، زرتاج گل، عامر مغل، سیمابیہ طاہر اورراجہ بشارت سمیت اٹھائیس رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مزید 9 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مزید 9 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے میں بدنظمی کے الزامات پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے مزید 9 رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی جن رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں ایم این اے مولانا نسیم شاہ، صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی ایم این اے زین قریشی، شیخ وقاص اکرم اور شاہ احد خٹک کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی ایم این اے نسیم علی شاہ کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لے لیا گیا، ان کے ساتھ ایم این اے عامرڈوگر، احمد چٹھہ اور سید احد شاہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے تمام ایم این ایز کو کابینہ گیٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں کیلیے آنے والی پولیس پارٹی تمام پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو گرفتار کرکے تھانے روانہ ہوگئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے تحت اسلام آباد میں جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ کرنے کا این او سی جاری کیا گیا تھا تاہم پولیس کے مطابق جلسہ مقرہ وقت سے زائد تک جاری رہا۔

  • پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود گرفتار

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسن محمود کو اسلام آباد میں داخلے کے وقت حراست میں لے لیا گیا ہے، انھیں تھانہ سنگجانی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر حسن محمود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد سنگجانی جلسہ گاہ جا رہے تھے، جس پر پولیس نے انھیں حراست میں لیا۔

    واضح رہے کہ سنگجانی اسلام آباد میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے اسٹیج تیار کر لیا گیا اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔

    جلسے کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام مرکزی شاہراہیں اور چھوٹے بڑے راستوں کو کنٹینرز لگا کر، اور بڑی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے جڑواں شہروں کے رہائشی محصور ہو گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے جلسے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوابی میں 819 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزرا کے ساتھ اپنے اپنے سیکیورٹی اسکواڈ ہوں گے، تمام اضلاع میں قافلوں کی روانگی کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو کے لیے سوات سے کارکنان کی بڑی تعداد روانہ ہو گئی ہے، جس کی قیادت صوبائی وزیر فضل حکیم اور ڈیڈک چیئرمین اختر خان کر رہے ہیں۔