Tag: پی ٹی آئی

  • مخصوص نشستوں کا فیصلہ، حلف نامے آج جمع ہونے کا امکان

    مخصوص نشستوں کا فیصلہ، حلف نامے آج جمع ہونے کا امکان

    اسلام آباد: مخصوص نشستوں کے حوالے سے حلف نامے آج الیکشن کمیشن میں جمع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان آج ممکنہ طور پر مخصوص نشستوں پر حلف نامے جمع کرا دیں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے 41 میں سے 25 حلف نامے آنے کا دعویٰ کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 41 ارکین قومی اسمبلی کو بیان حلفی دینے ہیں۔

    فیصلے کے مطابق آزاد اراکین نے 15 روز میں پارٹی وابستگی ظاہر کرنی ہے، اس لیے قومی اسمبلی کے 41 آزاد اراکین کو پارٹی وابستگی کے حلف نامہ جمع کرانے ہیں، جب کہ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کو پارٹی وابستگی کی تصدیق 7 روز میں کرنی ہے۔

    گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ ہمارے اب تک اٹھائے گئے کارکنان کو بازیاب کروائے، ہمارے ارکان پر دباؤ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، ایک ایم این اے صاحب زادہ محبوب سلطان کو اٹھا لیا گیا ہے، ملک احمد کے بھائی اور بیٹے کو بھی اٹھا لیا گیا ہے، اس لیے استدعا ہے کہ ارکان کو اٹھانے کے معاملے کی سپریم کورٹ جلد از جلد سماعت کرے۔

    ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کو فراڈ الیکشن کا مجرم قرار دیا ہے، ہم چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آئین سے غداری کے مقدمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

  • مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی کی  پنجاب اسمبلی میں کیا پوزیشن ہوگی؟

    مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی کی پنجاب اسمبلی میں کیا پوزیشن ہوگی؟

    لاہور : مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی تعداد 106 سے بڑھ کر 135 تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کے فیصلے کے بعد پنجاب میں اگرچہ مسلم لیگ نون مرکز کی طرح سیاسی مشکلات سے دوچار نہیں ہے مگر صوبائی اسمبلی کے ایوان میں اسے سیاسی طور پر ایک بڑے جھٹکے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    سال 2024 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی میں نون لیگ 224 نشستوں کے ساتھ بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری تھی لیکن مخصوص نشستوں سے محروم ہو جانے کے بعد ایک ایوان میں تعداد 204 کے قریب رہ گئی یے۔

    اس طرح مسلم لیگ قاف، پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان کو بھی خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    اس وقت پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعداد 107 ہے، جن میں سے اپوزیشن رکن میاں اسلم اقبال نے حلف نہیں اٹھایا جبکہ باقی 106 ارکان سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے اپوزیشں کی نشستوں پر موجود ہیں۔

    مسلم لیگ قاف کے ارکان کی تعداد 10، پیپلز پارٹی 13، استحکام پاکستان 6 جبکہ مسلم لیگ ضیاء کے ایک رکن بھی ایوان میں موجود ہیں۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 اور اقلیتوں کی تین نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں انکی تعداد 135 تک پہنچ سکتی ہے تاہم یہ صورتحال وزیراعلی پنجاب مریم نواز کیلئے سیاسی اعتبار سے خطرناک ضرور ہے۔

    حکومتی محاز پر وزیر اعلی ابھی بھی محفوظ پوزیشن پر ہیں کیونکہ وزیراعلی کی تبدیلی کیلئے کسی بھی دوسری جماعت کو 186 ارکان کی حمایت درکار ہو گی جبکہ اس وقت مریم نواز کی ایوان میں اپنی جماعت کے ارکان کی تعداد 204 ہے۔

    صوبائی حکومت میں شریک مسلم لیگ کے قاف کے 10 ارکان، پیپلز پارٹی کے 13 اور استحکام پاکستان کے 6 ارکان بھی مریم نواز کی صوبائی حکومت کی سپورٹ کر رہے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے  کا فیصلہ: کن ججز نے اختلافی نوٹ لکھا؟

    پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ: کن ججز نے اختلافی نوٹ لکھا؟

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے سے اختلاف کرنے والے ججز کے نام اور اختلافی نوٹ سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے فیصلے سے 5 ججز نے اختلاف کیا، جن میں جسٹس امین الدین ، جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس یحییٰ آفریدی ،چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔

    جسٹس امین الدین خان نے مخصوص نشستیں دینے سے متعلق تمام پٹیشنزاوراپیلیں مسترد کردیں اور پشاورہائیکورٹ کا فیصلہ برقراررکھا، جسٹس نعیم اختر افغان نے بھی جسٹس امین الدین خان کے نوٹ سےاتفاق کیا۔

    جسٹس امین الدین ، جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس یحییٰ آفریدی نے نوٹ لکھا، یحییٰ آفریدی نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ دوسری جماعت میں شامل ہونیوالوں نے ووٹرز کو دھوکہ دیا۔

    مزید پڑھیں : تحریک انصاف کی بڑی کامیابی ، مخصوص نشستوں کی اہل قرار

    چیف جسٹس قاضی فائزنے جسٹس جمال مندوخیل کااختلافی نوٹ پڑھ کر سنایااوراتفاق کیا، جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے قومی و صوبائی اسمبلی کا الیکشن نہیں لڑا، الیکشن کمیشن کو کسی جماعت کے ارکان کو آزاد قرار دینے کا اختیار نہیں۔

    جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ نہ تحریک انصاف نہ کسی امیدوار نےسماعت کےدوران عدالت سے رجوع نہیں کیا، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی غلط تشریح کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا، الیکشن کمیشن کو کسی جماعت کے ارکان کو آزاد قرار دینے کا اختیار نہیں۔

  • پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی، جس کے بعد عدالت نے این او سی جاری ہونے پر درخواست نمٹا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت سے متعلق عامر مسعود مغل کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی، ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی کو چھ جو لائی کواسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی ہے۔

    اسٹیٹ کونسل نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے این او سی جاری کرنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور کہا پاکستان تحریک انصاف کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔

    شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 26جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی، ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کرنے کا کہا، 26جون سے کل تک ڈپٹی کمشنر سے 20 دفعہ رابطہ کیا۔

    جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے، ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے تو شعیب شاہین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، ہمیں جلسے کی تیاری کیلئے وقت ہی نہیں دیا گیا۔

    جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے چلیں آپ تو بڑی پارٹی ہیں، کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے،آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے؟

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹادی۔

  • فواد چوہدری، عمران اسماعیل اورعلی زیدی پارٹی کا حصہ نہیں، رؤف حسن

    فواد چوہدری، عمران اسماعیل اورعلی زیدی پارٹی کا حصہ نہیں، رؤف حسن

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ سابق رہنماؤں فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور علی زیدی کو باقاعدہ طور پر پارٹی سے نکال دیا گیا تھا وہ اب پارٹی کا حصہ نہیں ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے سابق رہنماؤں کی جانب سے کی جانے والی بیان بازی اور اس پر پارٹی مؤقف کے حوالے سے کُھل کر بات کی۔

    انہوں نے بتایا کہ ان تینوں افراد کو بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ہی پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، اب فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور علی زیدی پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہیں۔

    بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے سوال پر رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پارٹی میں واپس آنے والوں کا فیصلہ کیس ٹو کیس دیکھ کر کریں گے، آج پارٹی کی کور کمیٹی میں قرارداد منظور کی گئی ہے کہ ان تینوں افراد کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

    بانی پی ٹی آئی نے بیان بازی کرنے سے روک دیا ہے

    رؤف حسن نے کہا کہ بیان بازی ان تینوں افراد کی جانب سے شروع کی گئی جبکہ ہماری طرف سے صرف جواب دیا گیا کیونکہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیں بیان بازی کرنے سے روک دیا ہے۔ تاہم رؤف حسن نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوئی بھی فیصلہ کرینگے وہ ہمارے لیے مقدم ہوگا۔

     ان لوگوں کو پارٹی کمزور کرنے کیلئے چھوڑا گیا

    مرکزی رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ وی آئی پی جیلوں میں رہے، ان پر کوئی تشدد بھی نہیں ہوا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آج ان لوگوں کو کیوں چھوڑا گیا ہے؟ یہ اکٹھے کیوں حملہ آور ہوئے ہیں؟ میرے پاس معلومات ہیں انہیں پارٹی کو کمزور کرنے کیلئے چھوڑا گیا ہے، ان جیسے لوگوں کی وجہ سے پارٹی کمزور نہیں بلکہ اور مضبوط ہوگی۔

    شیخ رشید کی بات کرنا مناسب نہیں 

    شیخ رشید سے متعلق ایک سوال پر رؤف حسن نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے ممبر ہی نہیں ہیں اس لیے ان سے متعلق بات کرنا مناسب نہیں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے6لوگ ہفتے میں ایک بار آدھے گھنٹے کیلئے ملاقات کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو فہرست دی جاتی ہے جس میں سے وہ 6 افراد کا انتخاب کرتے ہیں۔

    شہر یار آفریدی کیلئے جان بھی قربان 

    رؤف حسن نے شہریار آفریدی سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ وفادار اور پارٹی کے ہراول دستے کا حصہ ہیں، شہریار آفریدی سے آج میری ملاقات ہوئی ہے انہوں نے کوئی شکوہ نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ایسے انسان ہیں جن کیلئے ہم جان بھی دے سکتے ہیں، انہوں نے پارٹی کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شہریار آفریدی کا نام شامل ہے لیکن ابھی تک ان کی ملاقات نہیں ہوپائی۔

    صداقت عباسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے 

    ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عثمان ڈار کی والدہ اور ان کے بھائی عمر ڈار کی بھی پارٹی کیلئے بہت قربانیاں ہیں، عثمان ڈار نے واقعی بہت ظلم برداشت کیا ہے، صداقت عباسی کا کیس بانی پی ٹی آئی باہر آکر دیکھیں گے۔

    پارٹی پالیسی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دو کٹیگریز ہیں ایک وہ جنہوں نے خود پارٹی چھوڑی اور دوسری کیٹگری وہ ہے جنہیں پارٹی سے باقاعدہ نکالا گیا، یہ لوگ گالیاں دینے کے وارد کیے گئے ہیں یہ ہم سے بات نہیں کرتے۔

    رؤف حسن نے بتایا کہ چیئرمین پی اے سی کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے شیخ وقاص کا نام بھیج چکے ہیں، پارٹی میں ہرشخص کی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن فیصلہ اکثریت کا ہوتا ہے، صاحبزادہ حامد رضا کی بھی اپنی رائے تھی لیکن پارٹی کیلئے اسےتبدیل کیا۔

    مولانا سے مل کر احتجاجی تحریک چلانے کی خواہش 

    جمیعت علماء اسلام سے مل کر تحریک چلانے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت ہورہی ہے دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے، البتہ ہماری خواہش ہے کہ مولانا کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں۔

  • پی ٹی آئی نہیں چاہتی کوئی معنی خیز بات چیت ہو، وزیر دفاع خواجہ آصف

    پی ٹی آئی نہیں چاہتی کوئی معنی خیز بات چیت ہو، وزیر دفاع خواجہ آصف

    خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کوئی معنی خیز بات چیت ہو، بار بار یہ کہتے ہیں سیاسی قوت سے نہیں جی ایچ کیو سے بات کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یہ بات نہیں ہونی چاہیے کہ آج رہا ہوں گے تو کل ہم پکڑلیں گے، رانا ثنا کی بات پر کچھ کہنے کے بجائے وزیراعظم نے جو بات کی اس پر زور دوں گا، اگر کوئی گرفتاری کسی جرم میں ہونی ہے تو وہ علیحدہ بات ہے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ جو چیزیں عدالتو ں میں چل رہی ہیں ان کی رہائی عدالتوں نے کرنی ہے ہم نے نہیں، پی ٹی آئی کی صفوں میں ہر بندہ نئی زبان بول رہا ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایوان میں گالم گلوچ کے باعث تناؤ کا ماحول چل رہا ہے، ایوان کے ماحول کی وجہ سے خطرے کی گھنٹیاں بج سکتی ہیں کہ سارا کچھ لپیٹ نہ دیا جائے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ ہم امریکی جنگوں میں ساتھ دینے کے نتائج بھگت رہے ہیں، کسی تیسرے فریق کو میرے وطن کے معاملات میں دخل اندازی کا حق نہیں، امریکا میں الیکشن کا سال ہے، الیکشن مہم کی فنڈنگ کیلئے لابیز کے معاملات اٹھاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ یہ کل تک امریکا کو ایبسیلوٹلی ناٹ کہتے تھے آج جشن منارہے ہیں، پی ٹی آئی کبھی امریکا کے خلاف بولتی ہے کبھی حق میں۔

    جب تک معاشی استحکام نہیں آئے گا سیاسی استحکام نہیں آئے گا، یہ چاہتے ہیں پاکستان میں معاشی استحکام نہ آئے، سوچا جائے کون چاہتا ہے چین پاکستان کے راستے گرم پانیوں تک نہ پہنچے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو پہلا وار انھوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر کیا تاکہ معاشی استحکام نہ آئے، یہ لوگ چین سے ہمارے معاہدوں کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔

  • وفاقی حکومت کا پی ٹی آئی کے ٹین بلین ٹری منصوبے سے متعلق اہم فیصلہ

    وفاقی حکومت کا پی ٹی آئی کے ٹین بلین ٹری منصوبے سے متعلق اہم فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کا ٹین بلین ٹری منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ 2024-25 میں ترقیاتی بجٹ تجاویز سامنے آئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت دس ارب درختوں کا منصوبہ جاری رکھے گی۔

    بجٹ میں موسمیاتی تبدیلی کے لیے 15 ارب 87 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، گرین پاکستان پروگرام کے لیے 15 ارب 62 کروڑ روپے رکھنے، اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے ایک نیا منصوبہ شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی کی تکنیکی استعداد بہتر کرنے کے لیے 10 کروڑ 19 لاکھ روپے رکھے جائیں گے، 4 جاری اسکیموں کے لیے 15 ارب 77 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

    سپارکو کے لیے 65 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز

    پاکستان بائیو سیفٹی کلیئرنگ ہاؤس کے لیے 10 کروڑ روپے اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے 3 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

  • پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی  روات میں جلسے کی پیشکش کو ٹھکرادیا

    پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی روات میں جلسے کی پیشکش کو ٹھکرادیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی جانب سے روات میں جلسے کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے اسلام آباد میں جلسےکی اجازت کیلئے نئی درخواست دے دی۔

    تفصیلات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں جلسے کی اجازت کیلئے نئی درخواست دے دی۔

    پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی طرف سےروات میں جلسےکی پیشکش کوٹھکرادیا، درخواست تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم کے تحت دی گئی ہے۔

    جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ روات شہرسے دور ہے اور پہلے وہاں کبھی کوئی جلسہ نہیں ہوا، لوگوں کو روات لے جانے میں دشواری ہے، وہاں کاراستہ خراب اورپارکنگ کا بھی کوئی خاص بندوبست نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 4 مقامات پر جلسے ہوتے ہیں، ترنول مین پشاور، پشاور موڑ کشمیر ہائی وے، پریڈ گراؤنڈ اور ایف نائن پارک میں بھی جلسے ہوتے ہیں، چاروں مقامات میں سے کسی بھی جگہ پر جلسے کی اجازت دی جائے۔

    درخواست پرعامر مسعود مغل اورخانزادہ حسین کے دستخط موجود ہیں۔

  • پی ٹی آئی کا 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پی ٹی آئی نے 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے جلسے سے متعلق مشاورت مکمل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق 8 جون کو اسلام آباد جلسے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف  کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین بیرسٹرگوہر، سیکریٹری جنرل و اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، علی امین گنڈا پور،اسدقیصر ،رؤف حسن ،فردوس شمیم سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے 8 جون کو روات کے مقام پر جلسے کی اجازت سے انکار کیا۔

    جس پر تحریک انصاف نے 8 جون کو روات کے مقام پرجلسہ نہ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔

    تحریک انصاف نے روات میں جلسے کی اجازت نہ دینے کوبد نیتی قراردیتے ہوئے کہا پرامن جلسہ کرناہماراجمہوری اور آئینی حق ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے جلسے کو سبوتاز کرنے اور خلل ڈالنے کیلئے دوردرازمقام طےکیا، انتظامیہ ایف 9 پارک، پریڈ گراؤنڈ یا ترنول کےمقام پرجلسےکی اجازت دے۔

    تحریک انصاف  کی قیادت نے 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی جلسے سے متعلق مشاورت مکمل کرلی۔

    ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا ہے کہ 8 جون کو سوات میں عظیم الشان جلسہ ہوگا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی پوری قیادت جلسےمیں شریک ہو گی۔

  • پی ٹی آئی کو  39 شرائط کے ساتھ  اسلام آباد میں جلسے کے اجازت مل گئی

    پی ٹی آئی کو 39 شرائط کے ساتھ اسلام آباد میں جلسے کے اجازت مل گئی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کو 39 شرائط کے ساتھ اسلام آباد میں جلسے کے اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کو اسلام آبادمیں جلسےکی اجازت نہ دینے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ کرکے ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا اور بتایا کہ روات جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت دے دی ہے۔

    جس پر ایڈوکیٹ شعیب شاہین نے کہا ہم تو چاہتے ہیں ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت دی جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے آپ چاہیں تو فریش پٹیشن دائر کر کے انتظامیہ کا حکم چیلنج کر سکتے ہیں ، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست نمٹا دی گئی۔

    بعد ازاں شعیب شاہین نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈی سی کے روات میں جلسے کی اجازت کے حکم کو چیلنج کریں گے۔

    یاد رہے عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ تحریک انصاف نے اسلام آباد ایف نائن پارک میں جلسے کی درخواست دی تھی۔