Tag: پی ٹی آئی

  • پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، اہم رہنما کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

    پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، اہم رہنما کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

    لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرادی ، اہم رہنما نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری ساجد قریشی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کے دوران اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور اُن کے فیصلے کو سراہا۔

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے 5 اگست کو تحریک انصاف کی احتجاجی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا، حتیٰ کہ خود پی ٹی آئی کے کارکن بھی بار بار کے دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان اب ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور اب ملک مزید احتجاجی مظاہروں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

    گورنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کو ایک نظریاتی اور کارکن دوست جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو نہ صرف تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عہدوں سے بھی نوازتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مضبوط بازو ہیں، اور آج پورے ملک سے لوگ جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ گورنر سردار سلیم کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے۔

    اس موقع پر ساجد قریشی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ روز روز کے دھرنوں، انتشار اور احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے تھے، اسی لیے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر ایک حقیقی عوامی جماعت میں شامل ہوگئے ہیں۔

  • اب تو پی ٹی آئی کو بہانہ مل گیا ہے، رانا ثنا کا طنز

    اب تو پی ٹی آئی کو بہانہ مل گیا ہے، رانا ثنا کا طنز

    لاہور (02 اگست 2025): وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تحریک نہ شروع ہونے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اب عدالت سے ملنے والی سزاؤں سے بہانہ بھی مل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی نے کہا تھا کہ 5 اگست کو تحریک کو عروج پر جانا تھا لیکن ابھی تک شروع ہی نہ ہو سکی، پی ٹی آئی کو اس کے لیے بہانہ مل گیا کہ 9 مئی کیس میں سزائیں ہو گئیں اس لیے کچھ نہ کر سکے۔

    انھوں نے کہا جمہوریت ڈائیلاگ سے چلتی ہے ڈیڈ لاک سے نہیں، وزیر اعظم نے کئی مرتبہ ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی بات کی ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں موجود ہے اور روز 5 ٹاک شوز میں باتیں کرتے ہیں، لیکن پارلیمنٹ میں موجود ہونے کے باوجود طریقے یہ انقلاب والے اپناتے ہیں۔

    رانا ثنا کا کہنا تھا کہ اصلاحات لانی ہیں تو کیا یہ پریس کانفرنس کے ذریعے آئیں گی، آج پی ٹی آئی والوں نے پریس کانفرنس کر دی تو کل ہم کر دیں گے، اصلاحات اور بہتری لانے کے لیے بیٹھنا ہوتا ہے مذاکرات کرنے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی پارلیمنٹ چھوڑتی ہے تو آئینی طریقہ کار اپنا راستہ لے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں، کسی کو سزا پر اعتراض ہے تو متعلقہ فورم موجود ہے درخواستیں جمع کرائیں، سزاؤں کے خلاف ہائیکورٹ کا فورم موجود ہے وہاں درخواستیں دی جا سکتی ہی۔

    مشیر نے یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے بتایا کہ وہ 70 کروڑ روپے ماہانہ نقصان کر رہے تھے، نقصان پر نہیں چلا سکتے تھے اس لیے ملازمین کو ایک سال کی ایڈوانس تنخواہ دے کر اسے بند کر دیا گیا، پیپلز پارٹی کے ساتھ یوٹیلٹی اسٹورز کا معاملہ طے کر کے حل نکالا گیا ہے۔

  • پی ٹی آئی کی  5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست

    پی ٹی آئی کی 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کے انعقاد کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست کو لاہور ہائیکورٹ کے آفس نے ابتدائی اعتراض لگا کر واپس کر دیا ہے۔

    درخواست رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ دینا غیرقانونی اقدام ہے، جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا۔

    تاہم لاہور ہائیکورٹ آفس نے اعتراض عائد کیا کہ درخواست گزار نے داد رسی کے لیے پہلے ریڈریسل کمیشن یا متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔

    اعتراض میں کہا گیا کہ قانونی طریقۂ کار کے مطابق درخواست گزار کو پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔

    عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہلے مجاز فورم سے رجوع کرے اور بعد ازاں ضرورت پڑنے پر عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

    گذشتہ روز تحریک انصاف اسلام آباد نے 5 اگست کو ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت مانگی تھی،جلسے کی درخواست ریجنل صدر عامر مغل اور ریجنل جنرل سیکرٹری ملک عامر نے جمع کرائی۔

    درخواست انصر محمود کیانی ایڈووکیٹ کے ذریعے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جمع کروائی گئی ، جس میں کہا گیا کہ سیاسی بیانیے کو آگے بڑھانے کیلئے جلسے کی اجازت دی جائے۔

  • 9 مئی کیسز :  عمر ایوب،  شبلی فراز  اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    فیصل آباد : انسدادد ہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے میں عمر ایوب، علی امین گنڈا پور، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنادی۔

    فواد چوہدری ، زین قریشی ، ایم پی اے خیال کاسترو سمیت 7ملزمان کو بری کیا گیا جبکہ ایم پی اے جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزاسنائی۔

    شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشدشفیق کو بھی فیصل آباد 9 مئی کے مقدمہ میں 10سال قید کی سزاسنائی گئی۔

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کردیا۔

    عدالت نے اشرف سوہنا، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ اقبال، چوہدری بلال اعجاز، مسز فرخ آغا،فرخندہ کوکب، کنول شوزب، محمد احمد چٹھہ، چوہدری آصف علی، شکیل احمد خان نیازی، سردارعظیم اللہ خان، مہر محمد جاوید اور محمدانصراقبال کو 10 سال قید کی سزا سنائی ۔

    یاد رہے انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 جولائی نو مئی کے 4 میں سے تین مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے 50 بڑے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

    تھانہ سول لائن میں حساس ادارے پر حملے کے مقدمہ نمبر 835 ، تھانہ سول لائن میں پولیس وین جلانے کے مقدمہ نمبر 832 اور تھانہ غلام محمد آباد پر حملے کے مقدمہ نمبر 1277 کا فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

    سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے گھر حملہ کیس کا ٹرائل جاری ہے، تھانہ سمن آباد کے مقدمے کے ملزمان کے بیانات ریکارڈ کئے جا رہے ہیں

    نو مئی کے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 21 ملزمان نامزد ہیں ، جس مین اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، شبلی فراز ، زرتاج گل ، علی امین ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری ، شاہ محمود ، فیض اللہ کموکا بھی نامزد ہیں۔

    ملزم ارکان اسمبلی میں صاحبزادہ حامد رضا،علی سرفراز ،عمر فاروق، خیال کاسترو، ایم پی ایز شاہد جاوید ، لطیف نذر ، اسماعیل سیلا بھی شامل ہیں۔

  • پی ٹی آئی  کے 50 بڑے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

    پی ٹی آئی کے 50 بڑے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ کراچی کمپنی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

    عدالت نے 50 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، وارنٹ گرفتاری اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جاری کئے۔

    رہنماوں میں علیمہ خانم، شیخ وقاس اکرم ، حماد اظہر، کنول شوزب شاہد خٹک، شاندانہ گلزار ،شیر افضل مروت ، سابق صدر عارف علوی ،سیمابیہ طاہر ،مشال یوسف زئی ، شبلی فراز،فیصل جاوید،عبدالقیوم نیازی ، نادیہ خٹک ،عمر تنویر بٹ، آفاق علوی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ سلمان اکرم راجہ، رؤف حسن، مراد سعید، زلفی بخاری ،راجہ بشارت ، احمد خان نیازی، سردار منصور سلیم، کرنل ریٹائرڈ شبیر عوان صدام ترین ، راشد حفیظ ، خدیجہ شاہ ، عالیہ حمزہ ،عمیر نیازی، پیر نور الحق قادری ،خرم شیرزمان بھی وارنٹ جاری ہونے والے رہنماوں میں شامل ہیں۔

    عدالت نے اسد قیصر ،عمر امین گنڈاپور ،عاطف خان ،شہرام ترکئی ، عمر ایوب ، زرتاج گل ،جنید اکبر ،جمشید دستی ،اعظم سواتی ،حامد رضا ، میاں اسلم اقبال ، سالار خان کاکڑ ،سہیل آفریدی ،اجمل صابر ، ڈاکٹر نثار جٹ ،شعیب شاہین ،سید علی بخاری عبداللطیف چترالی کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

  • پی ٹی آئی کے ایک اور سینئر  رہنما گرفتار

    پی ٹی آئی کے ایک اور سینئر رہنما گرفتار

    راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد راجہ بشارت کو گرفتار کرکے تھانہ نیو ٹاون منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے رہنما پاکستان تحریک انصاف محمد راجہ بشارت کو گرفتار کرلیا، پولیس نے بتایا کہ وہ راولپنڈی الیکشن ٹریبیونل میں این اے 55 کے کیس کی تاریخ پر آئے تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تمام مقدمات میں ان کی ضمانت کی تصدیق ہو چکی ہے اور اس طرح کے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔

    پنجاب کے سابق سینئر صوبائی وزیر  کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے الیکشن ٹریبیونل کے افس کو گھیر لیاتھا اور مرکزی گیٹ بند کر دیئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ان کی وارنٹ گرفتاری ہے نو مئی اور دیگر مقدمات میں مطلوب ہیں۔

    جس کے بعد راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما  کو حراست میں لینے کے بعد چھوڑ دیا، وکیل نے بتایا ضمانتی دستاویز کی تصدیق کے بعد پولیس نے ان کو رہا کیا۔

    گذشتہ روز راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے نومبر کے احتجاج سے متعلق کیسز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    جن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، پاکستان کے سابق صدر عارف علوی اور پی ٹی آئی کی کئی دیگر سینئر شخصیات شامل ہیں۔

  • لیڈر شپ سے درخواست ہے بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیا کریں، عائشہ بانو

    لیڈر شپ سے درخواست ہے بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیا کریں، عائشہ بانو

    پشاور: پی ٹی آئی رہنما عائشہ بانو نے ایک ویڈیو پیغام میں لیڈر شپ سے درخواست کی ہے کہ بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سینیٹ کے انتخاب سے دستبردار ہونے والی رہنما عائشہ بانو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج انھوں نے بھاری دل کے ساتھ ایک مشکل فیصلہ کیا کیوں کہ سیٹ کی لالچ نہیں تھی بلکہ فیصلہ اصولی تھا۔

    عائشہ بانو نے کہا ہم ورکرز کی آواز بننا چاہتے تھے، ہماری پارٹی آج کھڑی ہے تو ورکزر کی وجہ سے ہے، اس لیے خدارا ورکرز کے ساتھ زیادتی نہ کیا کریں، لیڈر شپ سے درخواست کرتی ہوں کہ بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیا کریں۔

    انھوں نے مزید کہا ہم چاہتے تھے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق پارٹی چلے، ہماری مزاحمت اسی لیے تھی ہم بیرسٹر سیف کے فیصلے نہیں مانتے، کوئی سسٹم ہونا چاہیے جس سے قابل اعتماد معلومات بانی کی طرف سے آئے۔


    خرم ذیشان نے کے پی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے


    عائشہ نے کہا سینیٹ الیکشن میں گٹھ جوڑ پر کیوں جا رہے ہیں، سینیٹ کی سیٹیں بندر بانٹ کر کے اپوزیشن کو دینا بہت غلط بات ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں، یہ ٹریلر تھا دکھانے کے لیے کہ ورکرز کی طاقت کیا ہوتی ہے، ایسے فیصلے کریں جس سے ورکرز کو آپ پر اعتماد ہو۔

    واضح رہے کہ خواتین کی نشست پر متبادل امیدوار عائشہ بانو سینیٹ انتخاب سے دست بردار ہو گئی ہیں، جنرل نشست پر وقاص اورکزئی اور عرفان سلیم دستبردار ہوئے، جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سابق آئی جی سید ارشاد حسین نے سینیٹ انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا، تاہم خرم ذیشان نے دست بردار ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

  • خرم ذیشان نے کے پی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے

    خرم ذیشان نے کے پی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے

    پشاور: پی ٹی آئی کے ناراض رہنما اور سینیٹ انتخاب کے امیدوار خرم ذیشان نے خیبر پختونخوا حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت دو روز سے خرم ذیشان سے رابطے کی کوششیں کرتی رہی، لیکن وہ کسی کے ہاتھ نہ آئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کوشش میں کامیابی نہیں ہو رہی ہے۔

    حکومتی ذرائع کو شکوہ ہے کہ خرم ذیشان میڈیا اور سوشل میڈیا پر نظر آتے ہیں، لیکن حکومت کے رابطوں پر جواب نہیں دے رہے، کوشش کر رہے ہیں کہ ان سے رابطہ ہو جائے، امید ہے خرم ذیشان سے رابطہ ہونے پر مثبت جواب ملے گا۔

    دوسری طرف خرم ذیشان نے کہا ہے کہ ان سے سے دست برداری کے لیے وزیر اعلیٰ سمیت کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے، واضح رہے کہ خرم کی دست برداری سے تمام پی ٹی آئی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں حکومتی وفد کے ناراض امیدواروں سے مذاکرات کے بعد پی ٹی آئی کے 4 ناراض امیدوار سینیٹ انتخابات سے دست بردار ہو گئے۔


    خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی کے 5 میں سے 4 امیدوار دستبردار


    جنرل نشست پر وقاص اورکزئی اور عرفان سلیم دست بردار ہوئے ہیں، جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سابق آئی جی سید ارشاد حسین نے سینیٹ انتخابات سے دست برداری کا اعلان کر دیا ہے، اس کے علاوہ خواتین کی نشست پر متبادل امیدوار عائشہ بانو بھی دست بردار ہو گئی ہیں، تاہم ناراض امیدوار خرم ذیشان نے دست بردار ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

    سینیٹ کے انتخابات سے دستبردار ہونے والے امیدواروں عرفان سلیم اور عائشہ بانو کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو کچھ کیا پارٹی کے مفاد میں کیا اور انتخابات سے دست برداری بھی پی ٹی آئی کی بہتری کے لیے کی ہے۔

  • سینیٹ الیکشن کی ٹکٹوں پر پی ٹی آئی میں کھینچا تانی، بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی

    سینیٹ الیکشن کی ٹکٹوں پر پی ٹی آئی میں کھینچا تانی، بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی

    اسلام آباد : سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹوں پر بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی دے دی اور کہا عہدہ چھوڑ دوں گا بانی سے بے وفائی نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے الیکشن کی ٹکٹوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کھینچا تانی جاری ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹرسیف بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرمن وعن عمل کے حامی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سیف کو 6 ناموں کے اعلان کی ہدایت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین کی بیرسٹر سیف کو ناموں کے اعلان سے روکنےکی کوشش کی اور علیمہ خانم ،علی امین نے مشاورت کے نام پر بیرسٹر سیف پر دباؤ ڈالا۔

    ذرائع کے مطابق بیرسٹرسیف نے کہا عہدہ چھوڑدوں گا بانی سے بے وفائی نہیں کروں گا، بانی آپ سب کی لڑائیوں ،میڈیا میں تنقیدسےبیزارہیں،

    علیمہ خانم نے کہا یہ جملہ لکھ کر دیں تو میں میڈیا کو بتاؤں ، جس پر بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ میں کسی کامنشی نہیں، یہ کام کسی اورسےکرالیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف کی استعفے کی دھمکی پر بانی کے بتائے 6 ناموں میں ردوبدل نہیں کیاگیا، علی امین اور علیمہ خانم مشعال یوسفزئی اور ایک اور نام کو لسٹ سے نکالنا چاہتے ہیں۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • پی ٹی آئی دور میں 150 روپے لیٹر پیٹرول پر شور مچانے والے آج کیوں خاموش ہیں؟ بیرسٹر سیف

    پی ٹی آئی دور میں 150 روپے لیٹر پیٹرول پر شور مچانے والے آج کیوں خاموش ہیں؟ بیرسٹر سیف

    پشاور( 16 جولائی 2025): تحریکِ انصاف کے رہنما و مشیرِ اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر ردعمل آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پرمشیر  اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ کیاگیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہر پندرہ دن بعد عوام پر پیٹرول بم گرایا جا رہا ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر خاموشی بھی سوالیہ نشان ہے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا جبکہ پاکستان میں مہنگا ہو رہا ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

    بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اب مزید مہنگائی کا طوفان آئیگا، پیٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خورد و نوش سمیت ہر چیز مہنگی ہوتی ہے۔

    بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دور میں 150 روپے فی لیٹر پیٹرول پر شور مچانے والے آج کیوں خاموش ہیں؟ عوام کو ریلیف دینا اور سکھ کا سانس دلانا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔