Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد

    پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد

    راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل قانون کے مطابق انجام دیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا غیر شفافیت ثابت نہیں ہوئی۔

    عدالت کے مطابق نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 کی دفعات 23 اور 24 کے تحت کوئی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار نے نجکاری عمل میں بے ضابطگیوں اور غیر شفافیت کے الزامات لگائے تھے تاہم ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ نجکاری کا عمل آئین کے آرٹیکل 173 اور نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 کے مطابق مکمل کیا گیا۔ حکومت کے پاس قومی ایئرلائن کے 96 فیصد حصص ہیں اور مالی بحران سے نکالنے کے لیے پی آئی اے کی مسابقتی فروخت ناگزیر ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا نجکاری کمیشن نے اپنے فرائض قانون کے مطابق انجام دیے ہیں جبکہ عدلیہ معاشی پالیسی میں مداخلت کا اختیار نہیں رکھتی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ اس نے صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ نجکاری کا عمل شفاف اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہے یا نہیں، اور کیس میں یہ تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری منصفانہ، شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہے۔

    سماعت کے دوران نجکاری کمیشن کی جانب سے بیرسٹر منال طارق عدالت میں پیش ہوئیں۔

  • پی آئی اے : روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار

    پی آئی اے : روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار

    کراچی (28 اگست 2025) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)  کے امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگئی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری سے متعلق نئے مالیاتی مشیر کی تقرری کے لیے نئی درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

    نجکاری کمیشن نے فنانشل ایڈوائزر کے لیے کمپنیوں سے درخواست طلب کرلی، درخواست کے ساتھ ایک ہزار امریکی ڈالر جمع کرانا لازمی ہونگے۔

    ذرائع کے مطابق مالیاتی مشیر کی سروس کے لیے درخواستیں نجکاری کمیشن اسلام آباد کو 2 ستمبر تک ارسال کرنا ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری، 3 آپشنز زیر غور

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں قومی ایئر لائن کے امریکی روز ویلٹ ہوٹل سے ایک ارب ڈالر کی تاریخ ساز آمدن متوقع تھی، متعلقہ حکام کو امید تھی کہ نجکاری کی کوششیں بارآور ثابت ہونگی۔

    حکومت کی جانب سے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں کوششیں کامیاب ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا، اس حوالے سے ذرائع نجکاری کا کہنا تھا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں اس وقت 3 آپشنز پر غور کیا جا رہا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/manhattan-hotel-migrant-shelter-will-close/

  • سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں  کے خلاف کارروائی کا آغاز

    سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز

    پشاور : باچا خان ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے گروپ 5 کے 2 سیکیورٹی سپر وائزروں کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے اہلکاروں کی گرفتاری کا معاملہ پی آئی اے انتظامیہ نے ایکشن لے لیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ پشاور ائیرپورٹ پر اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے گروپ 5 کے دو سیکورٹی سپر وائزروں کو انتظامیہ نے شوکاز نوٹس جاری کر کے انضباطی کا روئی کا آغاز کردیا۔

    گذشتہ روز باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر سونے کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے پی آئی اے کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کر لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے اہلکار سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور اے ایس ایف نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان ناصر خان اور شاہد اللہ کو گرفتار کیا، دونوں ملزمان پشاور ایئرپورٹ پر تعینات تھے اور ان کے قبضے سے 7 ہزار 740 گرام سونا برآمد ہوا، جسے بیرون ملک اسمگل کیا جانا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاہم دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    ادھر پی آئی اے انتظامیہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گروپ 5 کے دو سیکیورٹی سپروائزرز کو معطل کر دیا ہے اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • پیرس کا فضائی سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

    پیرس کا فضائی سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

    کراچی (24 اگست 2025): پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپ میں پیرس کے لیے فضائی آپریشنز محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    پی آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ پیرس سے لاہور کے لیے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے پیرس کی آخری پرواز 17 ستمبر کو آپریٹ ہوگی، اسلام آباد سے پیرس کے لیے دو طرفہ فلائٹ آپریشن فعال رہے گا، ترجمان نے بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں جہازوں کی تزئین و آرائش کے لیے آپریشنل بیڑہ محدود کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کے بیڑے میں 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 طیارے پہلے ہی گراؤنڈ ہیں، اور پی آئی اے یہ طیارے سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    یاد رہے کہ رواں ماہ پی آئی اے کا پیرس میں ایک طیارہ گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئر لائن کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا، طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی، جس پر طیارہ گراؤنڈ کرنا پڑا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا تھا، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنی پڑی تھی۔

  • پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کی قوی امید

    پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کی قوی امید

    اسلام آباد : برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آڈٹ کامیابی کی صورت میں پی آئی اے کو یورپ و برطانیہ کیلئے کارگو کی اجازت ملنے کے امکانات روشن ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (DFT) کی جانب سے مقرر کردہ بین الاقوامی توسیع کنندہ ویلیڈیٹر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت تمام کارگو سیکیورٹی سسٹمز کی جامع جانچ پڑتال مکمل کرلی۔

    عالمی ویلیڈیٹر اسٹیون اوگاڈا نے پی آئی اے کارگو کے سیکیورٹی اور سیفٹی سسٹمز کا تفصیلی معائنہ کیا، آڈٹ ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو سیکشنز کا مکمل جائزہ لیا۔ اس دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے حکام بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔

    آڈٹ کی تکمیل کے بعد اسٹیون اوگاڈا پاکستان سے روانہ ہوگئے جبکہ ان کی تیار کردہ ویلیڈیشن رپورٹ برطانیہ اور یورپی یونین کے متعلقہ حکام کو جمع کرائی جائے گی۔

    یہ رپورٹ پی آئی اے کارگو آپریشنز کو ان اہم مقامات کے لیے کلیئرنس دلوانے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق امید ہے کہ کارگو سیکیورٹی آڈٹ میں کامیابی کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے برطانیہ اور یورپ کے لیے کارگو آپریشنز بحال کیے جا سکیں گے۔

    مزید یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب میں پی آئی اے کی مسافر پروازوں سے متعلق اجازت نامہ بھی جاری کردیا جائے گا۔

  • کراچی میں بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بُری طرح متاثر

    کراچی میں بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بُری طرح متاثر

    کراچی میں بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا ہے، اسلام آباد سے ٓنے والی پی آئی اے کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوچکی ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، پی کے 309 کی رات 11 بجکر 50 منٹ پر آمد متوقع ہے، مسقط سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی۔

    کراچی میں 3 گھنٹوں کے دوران آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان

    ذرائع نے بتایا کہ دبئی سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئی، دبئی سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی رات 2 بجکر 30 منٹ پر کراچی آمد متوقع ہے۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز کی صبح 6 بجے دبئی روانگی متوقع ہے، کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن بھی تاخیر کا شکار ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع نے مزید بتایا کہ کراچی سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، اس کی صبح 6 بجے روانگی متوقع ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sindh-and-khyber-pakhtunkhwa-heavy-rain-alert-issued/

  • کراچی: پی آئی اے کے مختلف دفاتر کی بجلی اچانک بند

    کراچی: پی آئی اے کے مختلف دفاتر کی بجلی اچانک بند

    کراچی : قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کے دفاتر میں اچانک بجلی بند ہونے سے طیاروں کی مینٹیننس کاکام رک گیا، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہورہی ہے۔

    کراچی: پی آئی اے کے مختلف دفاتر اور شعبہ جات میں اچانک بجلی بند ہوگئی، جس کے باعث طیاروں کی مینٹیننس کے کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ اصفہانی ہینگر، پی آئی اے انجینئرنگ اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے دفاتر سمیت کئی شعبہ جات کی بجلی معطل ہے، اچانک بجلی بند ہونے سے اصفہانی ہینگر میں موجود طیاروں کی مینٹیننس کا کام رک گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ایئرکرافٹ انجینئرزکے دفتر کی بھی بجلی بند ہوگئی جبکہ مختلف شعبہ جات کو کے الیکٹرک سےبجلی فراہمی 3دن سےمعطل ہے، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے۔

    خیال رہے کراچی میں دو روز سے جاری طوفانی بارشوں کے بعد بجلی کا شدید بحران برقرار ہے، K-الیکٹرک کے 98 فیڈرز اب بھی غیر فعال ہیں جس کے باعث شہر کے بڑے علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ زیرزمین کیبلز اور سب اسٹیشنز میں پانی داخل ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، معین آباد، اسکیم 33، بلدیہ، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، بن قاسم، گلشنِ حدید، منگھوپیر اور رزاق آباد سمیت متعدد علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔

    نارتھ کراچی سیکٹر فائیو آئی، اسکیم 33 کی الااشرف اور سائنٹسٹ سوسائٹی، بلدیہ اور ڈی ایچ اے میں بھی 48 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، بجلی کی طویل بندش کے باعث گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مونس علوی کے وعدے، نیپرا کو دی گئی یقین دہانیاں اور صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ کی مداخلت کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔

  • یورپ جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    یورپ جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    کراچی: پی آئی اے نے یورپ کے بعد دیگر ممالک کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی پر کام شروع کر دیا ہے، بارسلونا اور میلان کے لئے پروازیں شروع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی ایئرلائن کو بارسلونا اور میلان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہدایت دی ہے۔

    ،وزیردفاع نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد ان شہروں میں مقیم ہے، اس لیے انہیں براہ راست پروازوں کے ذریعے سفری سہولت فراہم کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے بارسلونا اور میلان کے لیے پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد یورپ میں مقیم پاکستانیوں کو بہتر سفری سہولت میسر آنے کی امید ہے۔

    یاد رہے یورپ میں پروازوں کی بحالی کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے لاہور سے پیرس کیلئے پروازوں کا آغاز کیا تھا۔

    پاکستان میں متعین فرانسیسی سفیر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پیرس کے لیے پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا تھا اور فرانسیسی سفارتکاروں نے وطن واپسی کیلیے پی آئی اے کی براہ راست پرواز کا انتخاب کیا تھا۔

  • پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    کراچی (11 اگست 2025): پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا پیرس میں ایک طیارہ گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئر لائن کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں پی آئی اے کے طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی، جس پر طیارہ گراؤنڈ کرنا پڑا، 4 روز گزرنے کے باوجود طیارے کی فنی خرابی دور نہیں کی جا سکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا ہے، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 اسلام آباد سے 20 گھنٹے کی تاخیر کے بعد پیرس کے لیے روانہ ہو سکی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرواز میں گراؤنڈ ہونے والے طیارے کے پرزہ جات اور ضروری سامان روانہ کیا گیا ہے، طیارے کی مرمت کے بعد پیرس سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 734 کو آج رات روانہ کیا جائے گا۔

    متاثر ہونے والا فلائٹ شیڈول


    قومی ایئر لائن کے طیاروں میں فنی خرابی کے باعث بین الاقوامی فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہو چکا ہے، اور متعدد پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے، قومی ایئر لائن کی لاہور دبئی کی 2 پروازیں پی کے 203، 204 منسوخ کر دی گئی ہیں، اسلام اباد کوالالمپور کی پرواز پی کے 894 میں 8 گھنٹے کی تاخیر ہے۔


    کراچی میں جدید طرز کا ریلوے اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا


    قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیرس میں بوئنگ 777 طیارہ خراب ہونے کی وجہ سے شیڈول متاثر ہوا ہے، کراچی ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کی کئی پروازوں میں تاخیر رپورٹ کی گئی ہے، کراچی گوادر تربت سکھر کی 6 پروازوں کی روانگی میں چار تک گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔

    کراچی سے تربت کی قومی ایئر کی پرواز پی کے 501 کی روانگی شام 4 بجے متوقع ہے، کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 536 کی روانگی میں پونے تین گھنٹے تاخیر ہے، کراچی لاہور کی پرواز پی ایف 142 کی روانگی میں 6 گھنٹے تاخیر ہے، اسلام آباد جدہ کی پرواز 801 کی روانگی میں 8 گھنٹے تاخیر کر دی گئی ہے۔

  • برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ پی آئی اے کی کپتان بن گئیں

    برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ پی آئی اے کی کپتان بن گئیں

    کراچی (6 اگست 2025) برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کی کپتان بن گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ پی آئی اے کی کپتان بن گئیں اور قومی ایئر لائن کے سی ای او کے ہمراہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز میں سفر کیا۔

    اس موقع پر جین میرٹ نے کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے کاؤنٹرز اور مسافروں کے سامان کی اسکیننگ کا بھی معائنہ کیا۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں ی جلد بحالی پر ان کا پاکستان کی قومی ایئر لائن کے طیارے میں سفر کرنا مشن ہے۔