Tag: پی آئی اے افسران

  • پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر اور فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بھی تبدیلی آگئی، حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، دورے میں ان کی جانب سے مثبت نتائج کیلئے سخت احکامات جاری کیے گئے، سی ای او نے پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کی ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے افسران ادارے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں، کفایت شعاری کیلئے مہمانوں کی خاطر تواضع پر مبنی اخراجات کم کرنے اور شعبہ مارکیٹنگ کے افسران کو روینیو میں اضافہ کی فوری ہدایت کی، اس کے علاوہ سی ای او نے شعبہ مارکیٹنگ کوا یئرلائن کی مالی بہتری کیلئے موثر منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی۔

    ایئرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، اپ گریڈ کرنے والے افسر کی تنخواہوں سے ٹکٹ میں فرق پر مبنی رقم وصول کی جائے گی۔

    انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں خراب جہازوں کی موجودگی کے بارے میں جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی خراب جہاز ہیں دس دن کے اندر اندر ان کو اڑان کے قابل بنایا جائے، دس روز میں خراب جہازوں کو کارآمد بنانے کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی۔

    سی ای او کی جانب سے کمپنی خرچ (او سی ایس) پر اندرون و بیرونی دوروں پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    سی ای او نے کہا کہ افسران بیرون ملک دوروں پر جانے کے بجائے ویڈیو کانفرنس میں امور کو انجام دیں، ای میل اور اسکائپ بڑھانے کی ہدایت بھی کی، پی آئی اے افسران کی بیرون ملک دوروں پر ادارے کو لاکھوں روپے اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے۔

    انہوں نے شعبہ فلائٹ کیٹرنگ، انجنیئرنگ میں ناقص کارکردگی پر وضاحت طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دے دیا، ارشد ملک نے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • پی آئی اے افسران حکومت کی کفایت شعاری مہم پرمکمل عمل درآمد کریں، ثاقب عزیز

    پی آئی اے افسران حکومت کی کفایت شعاری مہم پرمکمل عمل درآمد کریں، ثاقب عزیز

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ثاقب عزیز نے کہا ہے کہ پی آئی اے افسران حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل عمل درآمد کریں، غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ثاقب عزیز کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی۔

     پی آئی اے کے اجلاس کی اندرونی کہانی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی، پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔

    سی ای او نے ہدایت کی کہ پی آئی اے کے گراونڈ ہونے والے چھ طیاروں کو فوری طور پر ان کی مینٹیننش مکمل کرکے اڑان کے قابل بنایا جائے،پی آئی اے کے سی ای او نے چیف کمرشل آفیسر اور چیف سسٹم آفیسر کو اندرون و بیرون ملک جانے سے روک دیا،۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک پی آئی اے کا نیا ہیٹ ایٹ سسٹم کا پروجیکٹ مکمل نہیں ہوجاتا دونوں مذکورہ افسران پی آئی اے ہیڈ آفس چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گی۔

    سی ای او ثاقب عزیز نے کہا کہ پی آئی اے کے طیاروں کو وقت پر روانگی اور آمد کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کیلئے تمام افسران ایک ٹیم ورک کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائیں۔

  • کسی کو غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسے برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چیف جسٹس

    کسی کو غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسے برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چیف جسٹس

    لاہور : سول ایوی ایشن اور پی آئی اے افسران کے تفریحی دورے کی ویڈیو سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت میں چیف جسٹس نے قرار دیا کہ کسی کو غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسے برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے افسران کے تفریحی دورے کی ویڈیو سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت کی۔

    قائم مقام ڈی جی سول ایوی ایشن اور دیگر افسران نے ٹکٹ سمیت اخراجات کی رسیدیں جمع کرا دیں، عدالت نے قائم مقام ڈی جی سول ایوی ایشن اور افسران پر برہمی کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہ عیاشی کیلئے مفتے کا ملک ہے، کتنے ٹکٹ لئے گئے اور کیا اخراجات آئے؟ آپ کو ادارے کے لیے اصول وضع کرنے چاہیئیں تھے۔ کیا آپ کو دعوت دی گئی تھی؟ آپ نے دعوت پر جانے کیلئے خود ہی اپنی انسپکشن کی ڈیوٹی لگالی۔

    چیف جسٹس نے مزید استفسار کیا کہ نانگا پربت دیکھنے کیلئے تفریحی دورے پر کتنے افسران گئے، رپورٹ کے مطابق کل 42 افسران تفریحی دورے پر گئے اور 23 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ کسی کو غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسے برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس پر مزید سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • خسارے کے باوجود پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر

    خسارے کے باوجود پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر

    کراچی : اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن پی آئی اے باکمال لوگوں کی لاجواب سروس بن گئی،قومی ایئر لائن کے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر ہیں، مالی خسارے کے باعث پی آئی اے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو واجبات ادا کرنے سے بھی قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے اربوں روپے کے خسارے میں چلنے والی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر ہیں۔

    افسران کے بیرون ملک دوروں پر پی آئی اے کے کروڑوں روپے کے اخراجات کے باوجود محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران مہینے کے 24 دن بیرون ملک دوروں پر رہتے ہیں۔

    بیرون ملک دوروں پر رہنے سے فی افسر 10ہزار ڈالر وصول کر رہا ہے جو ادارے پر مزید مالی بوجھ بن کا باعث بن رہے ہیں۔ چیف انفارمیشن آفیسراظہر نواز کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی واضح ہدایت کے باوجود اب تک معطل نہیں کیا گیا۔

    مذکورہ افسر کو بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے ادارہ ہر ماہ 10ہزار ڈالر باقاعدگی سے ادا کر رہا ہے۔ جبکہ چیف انفارمیشن آفیسر پہلے ہی 11لاکھ روپے ادارے سے تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے : پانچ لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے افسران کی تفصیلات طلب

     پی آئی اے کے دیگر محکمہ کے افسران بھی بیرون ملک دوروں پر ہیں جن پر لاکھوں ڈالر کے اخراجات آرہے ہیں، مالی خسارے کے باعث پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی ،مختلف ممالک کے ایئرپورٹ اور فیول کمپنیوں کوکروڑوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے میں کروڑوں پاونڈ کی کرپشن ،انتظامیہ کا تعاون سےگریز

    واضح رہے کہ  قائمہ کمیٹی نے ایئرپورٹ پر سسٹم نہ چلنے مسافروں کو وقت پر بورڈنگ جاری نہ ہونے اور دفاتر میں انٹرنیٹ نہ چلنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔