کراچی: قومی ایئرلائن کی نئی انتظامیہ کے اقدامات کے باعث پی آئی اے کے خسارے میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے ہیڈ آفس میں پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئی انتظامیہ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ پی آئی اے کا 2019 کے پہلے 6 ماہ میں آپریشنل خسارہ 17 سے کم ہو کر 7 ارب رہ گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئر مارشل ارشد ملک کی جانب سے اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، پی آئی اے کے ریونیو میں 44 فی صد اضافہ ہوا، پی آئی اے کے خسارے میں 59 فی صد کی کمی ہوئی، کارگو اور بیگج کی مد میں بھی قابل ستائش اضافہ ہوا۔
پی آئی اے کی بیرون ملک جا نے والی پروازوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ
اجلاس میں بورڈ نے نئی انتظامیہ کے جانب سے خسارے میں کمی کے اقدامات کو بھی سراہا، بورڈ ممبران نے ہدایت کی کہ ای آر پی کی انکوائری جلد مکمل کی جائے۔ بورڈ نے پی ایس او کی جانب سے فیول کی فراہمی بند کرنے پر سرزنش کی، اور دوسرے جہاز کی آمد میں تاخیر پر اظہار ناراضگی کیا گیا، معاملات جلد طے کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں شش ماہی اکاؤنٹس کی منظوری کے لیے حسابات بھی پیش کیے گئے، بورڈ نے حسابات کی منظوری دے دی۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے بیرون ملک جانے والی پروازوں میں مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا، 6 ما ہ کے دوران ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا جب کہ 595 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔