Tag: پی آئی اے فلائٹ

  • پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

    پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

    لندن : پی آئی اے کی جانب سے عیدالفطر کے بعد برطانیہ کیلئے پروازیں بحال ہونے کی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔

    یورپ میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز سے پابندی ہٹنے کے بعد اب پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے بھی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

    اس حوالے سے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا ہے کہ عید کے بعد سے پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازیں باقاعدہ شروع ہوجائیں گی۔

    یہ بات ہائی کمشنر ڈاکٹرفیصل نے لندن میں صحافیوں اور ٹک ٹاکرز کے ساتھ افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لندن اور مانچسٹر سے پروازیں پاکستان جائیں گی، کوشش کر رہے ہیں برمنگھم سے بھی پی آئی اے کی پروازیں جلد بحال ہوں۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا جس میں میڈیا کو بھی مدعو کریں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال یورپی یونین کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد 10جنوری کو قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز ساڑھے چار سال بعد پیرس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    اس پابندی کے محرکات میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والا حادثہ شامل تھا جس کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی نے پارلیمنٹ میں یہ بیان دیا تھا کہ پی آئی اے نے جعلی لائسنس پر پائلٹ بھرتی کر رکھے ہیں۔

  • پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں کیوں روکا گیا؟

    پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں کیوں روکا گیا؟

    کراچی: گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کی پرواز آج ٹورنٹو ایئرپورٹ پر روک لی گئی تھی، ادائیگی ہونے کے بعد پرواز نے اڑان بھری۔

    تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے نے گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی سوئسپورٹ کو لاکھوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کیے تھے، جس پر کمپنی نے پی آئی اے پرواز کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس بند کر دی تھی۔

    ایئر لائن ذرائع کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کی شکایت پر ٹورنٹو سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 790 کو روکا گیا تھا، اور پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی، مسافروں کی بورڈنگ کا عمل بھی رک گیا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنٹو ایئر پورٹ پر ہینڈلنگ ایجنسی کے ساتھ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پرواز کی لاہور روانگی میں تاخیر ہوئی تھی، پاکستان اور کینیڈا میں نظام الاوقات کے فرق کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہو گئی، جس کی وجہ سے پرواز اپنے مقررہ وقت سے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    ترجمان نے کہا گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کے واجبات 2 لاکھ ڈالر ادا کر دیے گئے ہیں واجبات کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی پرواز ریلیز کی گئی، اور اب پی آئی اے کا کینڈا کے لیے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے دو طرفہ چار پروازیں ہفتہ وار روانہ ہوتی ہیں۔

    ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ ایسی خبروں کو نشر اور شائع کرنے سے پہلے ادارے سے رجوع کر لینا چاہیے، تاکہ حقیقی صورت حال سے آگاہی ہو سکے، ایسی خبریں قومی ادارے کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچاتی ہیں اور مسافروں کا اعتماد بھی متزلزل کرتی ہیں۔