Tag: پی آئی اے کی پرواز

  • پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    لاہور : دبئی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا لاہور سے دبئی جانے والا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، پی آئی اے کی پرواز 203 سے پرندہ ٹکرایا۔

    جس کے بعد کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی ، اجازت ملنے پر کپتان نے طیارہ بحفاظت لینڈ کرا دیا اور 150 سے زائد مسافر محفوظ رہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کی انجینئرنگ ٹیم کراچی سے پی کے 304 سے لاہورروانہ ہوگی، انجینئرز کی ٹیم طیارے کی بورواسکوپک انسپکشن کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکشن سے طیارے کے انجن کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ قومی ایئرلائن کے پائلٹ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی نے مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا تھا قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 150 دمام سے ملتان جارہی تھی تاہم ملتان میں موسم کی خرابی دھند کے باعث پرواز کا رخ موڑا گیا، جس کے بعد لاہور کیلئے کپتان نے مرکزی رن وے پر لینڈنگ کے بجائے غلط رن وے پر اتار دیا۔

  • دبئی جانے والے پی آئی اے کے ایک اور طیارے میں اچانک  خرابی ، کراچی میں لینڈنگ

    دبئی جانے والے پی آئی اے کے ایک اور طیارے میں اچانک خرابی ، کراچی میں لینڈنگ

    کراچی : دبئی جانے والے پی آئی اے کی ایک اور پرواز میں اچانک خرابی کے باعث کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی میں لینڈ کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی، ذرائع نے بتایا کہ پی کے 283 پرواز کے طیارے کےکارگوکمپارٹمنٹ میں آگ کی انڈیکیشن آئی تھی تاہم کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی میں لینڈکرایا، پرواز میں 170 سے زائد مسافر سوار تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کے طیاروں میں پرزہ جات کی کمی کے باعث خرابیاں معمول بن چکی ہیں۔

    قومی ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ دوران پرواز طیارے کے کپتان کو تکنیکی خرابی کی وارننگ موصول ہوئی تاہم وارننگ غلط ثابت ہوئی، ضروری چیکس کے بعد طیارہ دبئی روانہ ہوگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    اس سے قبل قومی ایئرلائن کی دبئی سے ملتان آنے والی پرواز کے طیارے کے ٹائرپھٹ گئے تھے ، طیارے کے ٹائر پھٹنےکے باعث پرواز کے 172 مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا۔

    قومی ایئرلائن ترجمان نے بتایا تھا کہ دبئی سے اڑان بھرنے کے دوران رن وے پر انجن میں خرابی کی وارننگ ملی، کیپٹن نے ایمرجنسی بریک سسٹم استعمال کرکے طیارے کو بحفاظت روکا۔

    خیال رہے ذرائع نے بتایا تھا کہ ایئرلائن کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں صرف 5 طیارے اڑان بھر رہے ہیں جبکہ طیاروں کی بروقت مینٹننس نہ ہونے کی وجہ سے گراوٴنڈ ہیں اور ایئر بس 320 کے 17 جہازوں میں سے صرف 9 طیارے آپریٹ ہورہے ہیں۔

  • جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی  پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    کراچی : جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو ہنگامی طور پرواپس جدہ ایئرپورٹ اتارلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سےکراچی کی پرواز میں اچانک فنی خرابی ہوئی ، جس کے باعث پرواز کو جدہ ایئرپورٹ پرواپس اتارلیا گیا

    ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 732 کے طیارے کاکیبن پریشر اچانک کم ہو گیا، جس پر کپتان احد حسینی نے کمال مہارت سے طیارے کو ہنگامی طور پرواپس جدہ ایئرپورٹ اتارا۔

    ہنگامی حالات میں ایئر بس 320طیارے کو واپس اتارنے کے دوران مسافر ،عملہ محفوظ رہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کیبن پریشرختم ہونےپرطیارےکو 4منٹ میں35 ہزارسے10ہزارفٹ بلندی پرلایاجاناضروری ہے اور بلندی فوری کم نہ پر آکسیجن کی عدم دستیابی سے مسافروں اور عملے کی موت واقع ہو سکتی ہے۔

  • باکمال لوگوں کی لاجواب سروس : پی آئی اے کی پرواز میں مسافروں کو باتھ روم کیلئے منرل واٹر کی بوتلیں فراہم

    کراچی : باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا ایک اور نمونہ سامنے آگیا ، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں مسافروں کوباتھ روم کیلئے منرل واٹر کی بوتلیں دی جانے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ایک اور پرواز پر پانی کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پر مسافروں کو باتھ روم کیلئے منرل واٹر بوتلیں دی گئیں، ذرائع نے بتایا کہ پرواز پر گورنر سندھ سمیت پارلیمینٹیرینز اور رکن پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پانی نہ ہونے کے باعث دوران پروازمسافروں کو چائے، کافی اور گرم مشروبات بھی فراہم نہیں کئے گئے ، جہاز کے تمام باتھ روم سمیت اشیائے خوردونوش کی تیاری کی جگہ پر بھی پانی موجود نہیں تھا۔

    ذرائع کے مطابق پانی کی عدم موجودگی کے باوجود طیارے کا سسٹم جہاز پر سو فیصد پانی کی موجود گی ظاہر کرتا رہا، پانی کی عدم موجودگی کے باعث مسافروں کی عملےسےتلخ کلامی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

    یاد رہے چند دن قبل بھی ٹورنٹو سے کراچی کی پروازپر 3 گھنٹوں کے بعد طیارےمیں پانی موجود نہیں تھا۔

  • جدہ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں  فنی خرابی، تاخیر سے شیخ رشید سمیت مسافر پریشان

    جدہ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی، تاخیر سے شیخ رشید سمیت مسافر پریشان

    کراچی : جدہ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز فنی خرابی کے باعث 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے ، ترجمان نے بتایا کہ جدہ سے پرواز سعودی مقامی وقت کے مطابق شام 4بجے روانہ ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی ہوگئی ، جس کے باعث پرواز 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

    جدہ سے پرواز پی کے 740 کو صبح 5 بجے روانہ ہونا تھا مگر تاحال روانہ نہ ہوسکی، پرواز کی روانگی میں تاخیر سے شیخ رشید سمیت مسافر پریشانی کا شکار ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ جدہ سے اسلام آباد کی پرواز میں تاخیر آپریشنل وجوہات ہیں، پرواز اسلام آباد سے جدہ تاخیر سے پہنچی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جدہ سے پرواز سعودی مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے روانہ ہو گی۔

  • بیجنگ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز خراب موسم کی زد میں آگئی

    بیجنگ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز خراب موسم کی زد میں آگئی

    کراچی : بیجنگ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز خراب موسم کی زد میں آگئی ، تاہم شارٹ کٹ راستے کے ذریعے طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث بیجنگ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو لینڈنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    تاہم ائیر ٹریفک کنٹرولر کی بر وقت رہنمائی نے کپتان کو خراب موسم سے نکلا اور شارٹ کٹ راستے کے ذریعے بحفاظت لینڈنگ کرائی۔

    طیارہ کی لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرولر کے لئے ستائش کا اظہار کیا۔

    خیال رہے اسلام آباد اورراولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی ، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔

  • کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ ڈرامہ نکلا

    کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ ڈرامہ نکلا

    کراچی: ٹورنٹو جانیوالی پرواز میں مسافرکو دل کا دورہ ڈرامہ نکلا، ڈاکٹرز  نے کہا  مسافر کے چیک اپ کے بعد دل کے دورے کے شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے معاملے کی حقیقت سامنے آگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر کو دل کا دورہ ڈرامہ تھا، گزشتہ روز مسافر کو دل کادورہ پڑنے پر پرواز کو واپس کراچی ایئرپورٹ لایاگیاتھا۔

    ذرائع ایئرپورٹ نے بتایا کہ مسافر کو فوری ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تو ڈاکٹرز کی رپورٹ میں مسافر کے چیک اپ کے بعد دل کے دورے کے شواہد نہیں ملے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ کینیڈین شہری مسافرسید وصی کی تمام میڈیکل رپورٹس نارمل ہیں، جس کے بعد ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کی کہ پی آئی اے نے مسافر کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسافر کی ڈرامہ بازی کی وجہ سے قومی ائیر لائن کو سوا کروڑ روپے کا ٹیکہ لگ گیا ، ترجمان نے بتایا کہ لینڈنگ سے پہلے بوئنگ 777 کا ایک اضافی ایندھن کو سمندر کے اوپر چکر کاٹ کر فضا میں ضائع کیا گیا تھا، ایندھن پھینکے کی وجہ سے 1 کروڑ 25 لاکھ روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارےکی لینڈنگ سے قبل بوئنگ 777 طیارے میں 100 ٹن ایندھن تھا۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بچ گئی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بچ گئی

    کراچی: پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی، اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے سے پرندہ ٹکراگیا تاہم طیارے کو بحفاظت ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے انجن سےپرندہ ٹکراگیا، جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی تاہم طیارے کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارلیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرندہ جہاز کے ٹیک آف کے بعد بلند ہوتے ہوئے ٹکرایا تھا، پرواز پر 162 مسافر سوار تھے ، مسافروں کو لاوئنج میں منتقل کرکے جہاز کے نقصان کا جائزہ لیا جائے گا۔

    پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کیلئےمتبادل جہازمہیاکردیاگیا ، پرواز پی کے368 سہ پہر4 بجے کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ جہاز کے دائیں انجن کے بلیڈ ٹوٹنے کے آثار ہیں ، تفصیلی نقصان کا جائزہ بورواسکوپ کی مدد سے لیا جائے گا

    خیال رہے ائیرپورٹ کے اطراف آبادی، آلودگی اور پرندوں کے روک تھام کا موثر نظام کا نا ہونا ایسے واقعات کی سبب بنتے ہیں ، فضائی حفاظت اداروں اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • پی آئی اے پرواز کے ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کا واقعہ، تحقیقاتی کمیٹی قائم

    پی آئی اے پرواز کے ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کا واقعہ، تحقیقاتی کمیٹی قائم

    اسلام آباد : پی آئی اے کی پرواز پی کے 702کے ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ،غلام سرورخان نے کہا تحقیقاتی کمیٹی نے پرواز پر تعینات فضائی میزبانوں کے بیان قلمبندکرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 702کے ایمر جنسی سلائیڈ کھلنے کا معاملہ پر پی آئی اے انتظامیہ نے اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے بتایاکہ کمیٹی کے سربراہ چیف پائلٹ کارپوریٹ سیفٹی کیپٹن عامر آفتاب ہوں گے، تحقیقاتی کمیٹی نے تحقیقات شروع کردی۔

    غلام سرور خان نے مزید کہا مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پرتعینات فضائی میزبانوں کے بیان قلمبند کر لئے گئے ہیں، فضائی میزبانوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو شارٹ کریو اور مسافر خاتون سے متعلق معلومات فراہم کیں، واقعے سے قبل فضائی میزبان مسافروں کو جہاز میں ایمرجنسی سے متعلق ڈیموسٹریشن پیش کررہی تھی۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی کا کہنا تھا ایمر جنسی دروازہ کھولنے والی مسافر خاتون 74 الفا سیٹ پر موجود تھیں، تحقیقاتی کمیٹی دوسرے مرحلے میں خاتون مسافر سے رابطہ کر کے ان کا بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔

    فضائی میزبان اپنے بیان میں کہا کہ خاتون مسافر نے بوئنگ 777 طیارے کے ایمرجنسی دروازہ ایل فائیو کو باتھ روم سمجھ کر کھول دیاتھا۔بوئنگ 777 طیارے میں 10 دروازے میں ہوتے ہیں ہر دروازے پر فضائی میزبان کا موجو د ہونا لازمی ہے ، فضائی میزبانوں کی کمی کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، پرواز پی کے 702 ایئر ٹریفک کنٹرول کی کلیئرنس کے بعد روانگی کیلئے تیار تھی۔

    مزید پڑھیں : خاتون مسافر نے پی آئی اے طیارہ کا  دروازہ کھول دیا

    یاد رہے چند روز قبل مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارہ میں  سیٹ نمبر ایل 5 پر بیٹھی ہوئی خاتون مسافر نے طیارہ کا  دروازہ باتھ روم سمجھ کر کھول دیا تھا۔

    سلائیڈنگ کھلنے کی وجہ سے مانچسٹر سے اسلام آباد آنیوالی پرواز 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی ۔

    ذرائع کے مطابق قوانین کی رو سے طیارے کے جس حصے کی ایمرجینسی سلائیڈنگ کھل جائے، اس ایریا کو خالی رکھنا لازمی ہوتا ہے، اس سے .ایریا کو خالی چھوڑنے کی وجہ سے 37  مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا تھا۔ْ

  • کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع

    کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع

    پشاور : کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع پر سرچنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے کو کلیئر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع پرپشاور ایئرپورٹ پر عملے کی دوڑیں لگ گئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذکردی گئی تھی ، پرواز پی کے350کراچی سے پشاور آرہی تھی لینڈنگ سے پندرہ منٹ قبل بم کی موجودگی کی اطلاع کراچی فلائٹ ڈسپیج پر موصول ہوئی۔

    کپتان نے ضروری حفاظتی اقدامات کے بارے میں کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیاکہ طیارے میں بم کی اطلاع ہے طیارے کو فوری اترنے کی اجازت دی جائے ، کنٹرول ٹاور نے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طیارے کو پشاور ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دی، جس پر ایئرپورٹ پر فائر بریگیڈ اور دگر ریسکیو ادارے طلب کرلئے گئے تھے۔

    طیارے کو پشاور ایئرپورٹ کے رن وے سے دور کھڑا کرکے مسافروں کو اتار لیا گیا، اور سی اے اے ،اے ایس ایف،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی اداروں نے طیارے کو اپنے گھیرے میں لیکر سرچنگ کا عمل شروع کردیا۔

    پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کی سرچنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے کو کلیئر قرار دے دیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    گذشتہ روز پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تھا اور پائلٹ کے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اسلام آباد ائرپورٹ پر اتار لیا تھا۔

    قومی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے370کے کیبن کا آکسیجن پریشر کم ہو گیا، پریشر کم ہونے سے ایئر بس اے320 جہاز کی کمزور ونڈ اسکرین میں بھی کریک پڑ گیا تھا۔