Tag: پی آئی اے کی پروازوں

  • پی آئی اے پروازوں کی روانگی میں تاخیر، وجہ سامنے آگئی

    پی آئی اے پروازوں کی روانگی میں تاخیر، وجہ سامنے آگئی

    کراچی : پی آئی اے کی جانب پی ایس او کو واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر جہازوں کو ایندھن فراہم نہیں کیا جاسکا جس کے سبب متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے پی ایس او کو واجبات کی عدم ادائیگی پر کراچی سےاسلام آباد جانے والی پرواز پی کے308تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

    مذکورہ پرواز کو شام4بجے روانہ ہونا تھا،اب ممکنہ طور پرچند گھنٹے بعد روانگی متوقع ہے، پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی پروازپی کے309کی روانگی میں بھی تاخیر سامنے آئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پرواز پی کے309 کی شام 7 بجے کے بجائے 10 بجے روانگی متوقع ہے اس کے علاوہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے213 بھی تاخیر کا شکار ہے۔

    جہازوں کو فیول کی فراہمی بند ہونے سے متعدد پروازوں کی روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو پی آئی اے نے واجبات کی مد میں ایک کروڑ روپے ادا کرنے ہیں جن کی ادائیگی تاحال نہیں ہوسکی۔

    پی ایس او کی جانب سے فیول کی عدم فراہمی کی وجہ سے ڈومیسٹک فلائٹس بھی روانہ نہ ہوسکیں، فیصل آباد سے کراچی آنے والی پرواز متاثر ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد سے سکھر جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہے، پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پی ایس او کو واجبات ادا کر رہی ہے، تاہم پروازوں کا فیول روکنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے 9 اکتوبر کو 150 ملین روپے ایندھن کی خریداری کے عوض ادائیگی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی اور وعدے کے مطابق پی آئی اے نے ایک بار پھر مکمل ادائیگی نہیں کی ہے۔

  • پی آئی اے کی پروازوں میں اب موسیقی نہیں، قصیدہ بردہ شریف نشرکیاجائےگا

    پی آئی اے کی پروازوں میں اب موسیقی نہیں، قصیدہ بردہ شریف نشرکیاجائےگا

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام جہازوں پر موسیقی نہیں اب قصیدہ بردہ شریف پڑھا جائے گا، تجرباتی طور پر بوئنگ777 طیاروں  پرقصیدہ بردہ شریف سنایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے تمام جہازوں پر موسیقی کے بجائے قصیدہ بردہ شریف سنانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کی ہدایت پرعملدرآمد کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اندرون و بیرون ملک جانیوالی تمام پروازوں پر موسیقی کے بجائے قصیدہ بردہ شریف پڑھا جائے گا، تجرباتی طور پر پی آئی اے کے بوئنگ777طیاروں میں قصیدہ بردہ شریف سنایا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کی تمام پروازوں میں مدہم موسیقی بجا کرتی تھی جبکہ پروازوں میں روانگی سے قبل سفر کی دعا پڑھی جاتی ہے۔

    گذشتہ روز قومی ایئرلائن کےسی ای اوارشد ملک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پی آئی اےمیں کرپشن مافیا سرگرم تھا، انجن تو کبھی جہازوں کا دیگر سامان چوری ہوا، گھوسٹ ملازمین اور جعلی ڈگریوں والے بھرے پڑے تھے جبکہ پائلٹس کے لائسنس تک جعلی تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کے ساتھ بہت غلط رویے کی شکایات کا تسلسل تھا، جہازوں سے انجن اتار لیے جاتے تھے، پارٹس غائب ہوجاتے تھے۔ جہاز کو کھڑا کر کے پہیے تک اتار دیے جاتے تھے، نااہلی کا یہ عالم تھا کہ اہم سامان ڈبوں میں پڑے پڑے ایکسپائر ہوگیا تھا، ادارے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انتظامیہ آنکھیں بند رکھتی تھی کچھ روٹس پر 300 ملین کا نقصان ہوا، 500 ملین ہمیں کچھ فلائٹوں سے نقصان ہو رہا تھا لہذا انہیں بند کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں ، اس سے قبل جہاز کے عملے کو قد اورعمر کے لحاظ سے وزن کم کرکے عالمی معیار کے مطابق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیبن کریو کو 6 ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔