Tag: پی آئی اے کے طیاروں

  • پی آئی اے کے طیاروں میں  خرابیاں معمول بن گئیں

    پی آئی اے کے طیاروں میں خرابیاں معمول بن گئیں

    کراچی : پی آئی اے کے طیاروں میں فنی خرابیاں معمول بن گیا، انجینئرنگ کےشعبے میں نہ ڈھنگ سے کام ہورہا ہے اور نہ پرزے خریدے جارہے ہیں، مرمت نہ ہونے سے 50 فیصد سے زیادہ طیارے گراؤنڈ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شعبہ انجینئرنگ کی عدم توجہ کے باعث قومی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے ، روزانہ کی بنیادوں پر طیاروں میں خرابی آنے کے واقعات معمول بن گئے۔

    جس سے مسافروں کو کرنا پڑا اذیت کا سامنا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ایئرلائن کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں صرف 5 طیارے اڑان بھر رہے ہیں جبکہ طیاروں کی بروقت مینٹننس نہ ہونے کی وجہ سے گراوٴنڈ ہیں اور ایئر بس 320 کے 17 جہازوں میں سے صرف 9 طیارے آپریٹ ہورہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کی مبینہ نجکاری کے باعث انجینئرنگ کا شعبہ طیاروں کی مینٹننس پر توجہ نہیں دے رہا ہے، نہ ہی پرزہ جات کی خریداری کے لیے پلاننگ کی گئی۔

    یاد رہے کچھ دن پہلے قومی ایئرلائن نے پشاورکاطیارہ کراچی میں اتاردیا، دبئی سے پشاور جانے والی پرواز کو فنی خرابی کے باعث اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے بعد مسافروں کو متبادل پرواز سے پشاور روانہ کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی قومی ایئر لائن کی دبئی سے پشاور آنے والی پرواز میں اڑان بھرتے ہی فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد طیارے نے واپس ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

    ایوی ایشن ذرائع نے بتایا تھا کہ پروازپی کے 284 میں روانگی کے فوری بعدخرابی پیداہوئی، ایئرٹریفک کنٹرولر دبئی کی ہدایت پر طیارے نے 50 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی اور مسافروں کو طیارے سےاتارکر لاونج منتقل کردیا گیا تھا۔

  • پیرس میں پی آئی اے کے طیاروں کی سراغ رساں کتوں سے جانچ پڑتال

    پیرس میں پی آئی اے کے طیاروں کی سراغ رساں کتوں سے جانچ پڑتال

    پیرس : فرانس میں پی آئی اے کے فضائی میزبانوں سے ہیروئن برآمدگی کے واقعے کے بعد فرانس میں پی آئی اے کی تمام پروازوں کی جانچ پڑتال کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    پاکستان سے پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پروازوں کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے مکمل جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور سے پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے مسافروں کو بھی اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، انتظامیہ کی جانب سے سراغ رساں کتوں کی مدد سے طیارے کو پہلے سرچ کیا گیا۔

    پیرس ایئر پورٹ پر کسٹم کے عملے نے پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کی مکمل طور پر جامہ تلاشی لی، طیارہ کلیئر ہونے کے بعد مسافروں کو باہر جانے کی اجازت دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے فضائی میزبان گلزار تنویر کے قبضے سے چار کلو ہیروئن برآمد ہونے کے بعد ان کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری اور سزا کے بعد پی آئی اے کی پروازوں پر سختی کی گئی ہے۔

  • یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیاروں کو سیفٹی رسک قراردیدیا

    یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیاروں کو سیفٹی رسک قراردیدیا

    پیرس: یورپی سیفٹی ایجنسی نے پیرس سے اسلام آباد آنے والے قومی ایئرلائن کے طیارے کو پرواز سے روک دیا، نوز وہیل کی خرابی سےجہاز کا عملہ لاعلم رہا، پاکستان کو بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہیں ۔

    یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیاروں کو سیفٹی رسک قرار د ے دیا۔ پیرس سے اسلام آباد آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون فائیو زیرو پر یورپی سیفٹی اتھارٹی نے طیارے کو سیفٹی رسک قرار دیتے ہوئے طیارے کو اڑان بھرنے سے روک لیا ۔

    ذرائع کے مطابق بوئنگ طیارے ٹرپل سیون کے نوز وہیل میں خرابی اور کپتان کی لاعلمی پر مسافروں اور پرواز کی سیفٹی کے لئے مسافر طیارے کو پرواز کی اجازت دینے سے انکارکیا تھا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے فرنٹ وہیل اور پرزہ جات کی تبدیلی اور مستقبل میں احتیاط کی تحریری یقین دہانی کے بعد یورپی سیفٹی ایجنسی نے طیارے کو تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد پرواز کی اجازت دے دی۔

    یورپی ایجنسی کے مطابق پی آئی اے نے آئندہ اپنے طیاروں پر بین الاقوامی سیفٹی قوانین پر عمل درآمد نہیں کیا تو یورپی ممالک میں پروازوں کو روکا جا سکتا ہے۔