Tag: پی آئی اے کے کپتان

  • کراچی : پی آئی اے کے کپتان کے گھر ڈکیتی کی واردات

    کراچی : پی آئی اے کے کپتان کے گھر ڈکیتی کی واردات

    کراچی : ڈی ایچ اے فیز 4 گذری میں پی آئی اے کے کپتان کے گھر  ڈکیتی کی واردات میں ملزمان 10 تولے سونا،3 قیمتی گھڑیاں اورغیرملکی کرنسی لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 4 گذری پی آئی اے کے کپتان کے گھر میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ، جس میں ملزمان 10 تولے سونا،3قیمتی گھڑیاں اورغیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے، جس وقت ڈکیتی ہوئی اس وقت پی آئی اے کیپٹن پرواز پر تھے۔

    مدعی نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس جائے وقوع پہنچی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان جاتے جاتے گاڑی بھی لے گئے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے کہا کہ کیپٹن عدنان سے رابطہ ہوگیا ہے، کپتان صاحب کے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے جبکہ پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے چند ماہ قبل کراچی میں سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ہاؤس روبری کرنیوالا 4 رکنی بنگالی گروپ کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق ملزمان سے دوران تفتیش میں اہم انکشافات ہوئے، ملزمان ڈیفنس ،گزری ،کلفٹن میں رات کوواردات کرتے تھے جبکہ ملزمان نے گزری میں بنگلے سے9لاکھ نقدی،قیمتی گھڑیاں لوٹیں۔

    سی ٹی ڈی انچارج چوہدری صفدر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں عبدالکریم،عبدالرزاق،سکندر ،یونس شامل ہیں، ملزمان سے 4پستول بھی برآمد ہوئیں۔

  • پی آئی اے کے کپتان نے انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کردی

    پی آئی اے کے کپتان نے انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کردی

    کراچی : پی آئی اے کے کپتان نے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، مسافر کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر طیارے کو ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب مثال کے مصداق پی آئی اے کے کپتان نے انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کردی، اسلام آباد سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے741پر سفر کرنے والے مسافر کو اس کی والدہ کے انتقال کی خبر ملی۔

    مسافر والدہ کے انتقال کی خبر سن کر دھاڑیں مار مار کر رونے لگا، طیارہ اپنی منزل کی جانب جانے کیلئے ٹیک آف کرنے ہی والا تھا کہ اس دوران کپتان کو فضائی میزبان نے بتایا کہ مسافر کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے ۔

    جس پر کپتان انسانی ہمدردی کے تحت طیارے کو ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لے آیا، مسافر فیصل آباد کا رہائشی تھا اسے آف لوڈ کردیا گیا، مسافر کے آف لوڈ ہونے کے بعد طیارے کو جدہ روانہ کردیا گیا۔