Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے کے مسافروں کیلیے اچھی خبر آگئی

    پی آئی اے کے مسافروں کیلیے اچھی خبر آگئی

    کراچی : پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) سے فیول کی مد میں ادائیگی کا معاملہ کافی حد تک حل ہوگیا ہے۔

    اس حوالے سے پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے پی ایس او کو آج 22کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے، پی آئی اے نے ہفتہ اور اتوار کی فیولنگ کیلئے22کروڑ روپے کی ادائیگی کی۔

    جس کے بعد پی ایس اونے پی آئی اے کے اہم روٹس کیلئے جانیوالی پروازوں کو ایندھن کی فراہمی شروع کردی، پی آئی اے نے یہ رقم یومیہ ادائیگی کی مد میں ادا کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے ،پی ایس او میں فیول کی یومیہ ادائیگی کا معاملہ تقریباً حل ہوگیا ہے، جلد ہی آئی اے کی پروازوں کا پرانا شیڈول بحال ہوجائے گا۔

    PIA

    علاوہ ازیں آج قومی ائیر لائن کی مزید 18 ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ کردی گئیں جن میں کراچی آنے جانے کی 14 پروازیں بھی شامل ہیں۔

    کراچی سے لاہور، بہاولپور رحیم یار خان اور کوئٹہ کی 4 پروازیں منسوخ کی گئیں جب کہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے پی کے 308 اور پی کے 368 منسوخ کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ دمام، مسقط، لاہور، بہاولپور، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے کراچی کی پروازیں منسوخ جب کہ اسلام آباد سے کراچی کیلئے پی کے 319 اور پی کے 369 بھی منسوخ کردی گئیں۔

  • پی آئی اے کا مالی بحران، نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا

    پی آئی اے کا مالی بحران، نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا

    قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا مالی بحران شدت اختیار کرنے بعد نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) اور پی ایس او تنازعہ شدت اختیارکر گیا، جس کے باعث پی آئی اے کی پروازیں بری طرح متاثر ہے تاہم اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا۔

    کراچی تا لاہور نجی ایئر لائنوں نے 35 ہزار سے 49 ہزار تک کرائے وصول کئے گئے، کراچی سے اسلام آباد کا یکطرفہ کرایا 55 ہزار سے 61 ہزار روپے تک بھی وصول کئے گئے۔

    نجی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے پی آئی اے کا ڈومیسٹک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر تھا، اضافی رش کی وجہ سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں فرق پڑا ہے۔

    دوسری جانب اچانک کرایوں  میں اضافے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے، مسافروں نے مسابقتی کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

  • ایندھن نہ ملنے سے پی آئی اے کی 20 پروازیں منسوخ

    ایندھن نہ ملنے سے پی آئی اے کی 20 پروازیں منسوخ

    کراچی : پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے پی آئی اے کو ایندھن نہ ملنے سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا  جس کے نتیجے میں 20پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے اور پی ایس او حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تمام معاملات طے ہونے کے باوجود مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔

    آج بھی ایندھن نہ ملنے کے باعث پی آئی اے کی 24 گھنٹے میں 20 پروازیں منسوخ کردی گئیں جس کے سبب بیرون ملک سے آنے اور جانے والے 3 ہزار سے زائد مسافر ذہنی اذیت کا شکار رہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ ادائیگی کیلئے جانے والے مسافر احرام میں کئی گھنٹے ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔

    ذرائع کے مطابق مالیاتی مسائل میں گھرا قومی ادارہ معاہدے کے باوجود پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو مقررہ ادائیگیاں نہیں کرسکا۔

    وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن2023ٹکٹوں کی مد میں ادائیگیاں کرنی تھیں جس کی جانب سے550ملین روپے کی ادائیگیاں تاحال نہیں کی گئیں۔

    اس کے علاوہ قومی ایئرلائن کا کیش فلو کی وجہ سے پی ایس او کو بروقت ادائیگیاں بھی نہیں ہوپا رہی، وزارت مذہبی امور پرسنل سیکریٹری کا تبادلہ ہونے کے بعد کسی افسر کو تعینات نہیں کیا جاسکا۔

    پرنسپل سیکریٹری کے نہ ہونے سے پی آئی اے کو ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی، پرنسپل سیکریٹری کے تعینات ہوتے ہی پی آئی اے کو فوری ادائیگیاں کردی جائیں گی۔

  • پی ایس او کی پی آئی اے کو مشروط ایندھن کی فراہمی

    پی ایس او کی پی آئی اے کو مشروط ایندھن کی فراہمی

    کراچی : پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان واجبات کی عدم ادائیگی کے تنازعے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    پی آئی اے اور پی ایس او درمیان ہونے والے مذاکرات میں پی آئی اے کے چیف فنانس آفیسر اور پی ایس او حکام کے درمیان باہمی اتفاق رائے ہوگیا۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے یومیہ بنیادوں پر کھپت کے حساب سے پی ایس او کو ادائیگیاں کرے گی۔

    پی آئی اے فلائٹ شیڈول کے مطابق اپنے جہازوں کے لئے پی ایس او سے فیول خریدے گی، ملک کے تمام ائیرپورٹ پر جہازوں کیلئے ایندھن لیا جائے گا جن کے بارے میں پی آئی اے پی ایس او کو باقاعدہ آگاہ کرے گا۔

    قبل ازیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مجوزہ طور پر یہ طے کیا گیا تھا کہ پی آئی اے یومیہ بنیادوں پر پی ایس او کو دس کروڑ روپے کی ادائیگی کرے گی تام بعد ازاں فریقین میں اس معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا۔

  • پیسے دو ایندھن لو : پی ایس او نے پی آئی اے کو پابند کردیا

    پیسے دو ایندھن لو : پی ایس او نے پی آئی اے کو پابند کردیا

    کراچی : ’’اس ہاتھ دے اس ہاتھ لے‘‘ یا ’’آج نقد کل ادھار‘‘ کے مصداق پاکستان اسٹیٹ آئل نے پی آئی اے کو نقد رقم کی فوری ادائیگی کے عوض جہازوں کا ایندھن دینے کی شرط عائد کردی۔

    پی آئی اے اور پی ایس او حکام کے درمیان ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں پی ایس او نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی ادائیگی سے مشروط کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے پی ایس او کو یومیہ 10کروڑ روپے دینے کی یقین دہانی کرادی ہے، روزانہ مذکورہ رقم کی ادائیگی کی صورت میں ہی فیول فراہم کیا جائیگا۔

    پی ایس او ذرائع کے مطابق کون سی پروازوں کو فیول فراہم کرنا ہے اس بات سے پی آئی اے خود آگاہ کرے گا، پی آئی اے کے بتانے کے بعد ہی خصوصی پروازوں کیلئے فیول جاری کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور پی آئی اے کے آج ہونے والے اجلاس کے دوران 10کروڑ روپے آن لائن جمع بھی کرائے گئے ہیں۔

  • سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پی آئی اے

    سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پی آئی اے

    پی آئی اے کے ترجمان نے میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے ساتھ ساتھ میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے جعلی خطوط اور ای میل پیغامات کی سختی سے تردید کردی۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی خطوط میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی آئی اے اپنے ملازمین میں تنخواہوں کے بونس تقسیم کر رہی ہے۔ یہ معلومات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خبریں پھیلانا پی آئی اے کے ملازمین اور عام عوام دونوں کو گمراہ کرنے ایک مذموم کوشش ہے۔

    پی آئی اے ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اس کو درپیش موجودہ مالیاتی چیلنجز کے پیش نظر ایسی بے بنیاد معلومات پھیلانا اس قومی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ادارہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر قومی فضائی کمپنی کو ایک قابل عمل اور منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے اس کی تنظیم نو کے مرحلے میں سرگرم عمل ہے۔

  • پی آئی اے کا آپریشن مکمل طور پر بند ہونے کا خدشہ

    پی آئی اے کا آپریشن مکمل طور پر بند ہونے کا خدشہ

    پی آئی اے کا بحران بدترین صورتحال اختیار کرگیا، آپریشن مکمل بند ہونے کا خدشہ ہے، ادارے کو کو فوری7 ارب روپے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کو اس وقت بدترین بحران کا سامنا ہے۔ فنڈز نہ ملنے کے باعث پی آئی اے فلائٹ آپریشن بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ادارے کو فوری طور 7 ارب روپے کی ضرورت ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بینکوں کی طرف سے حکومتی گارنٹی کے باجود رقم جاری نہیں کی گئی۔ پی آئی اے کے جی ایم فنڈز مینجمنٹ کی جانب سے وزارت ہوابازی کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ فوری فنڈز کی ادائیگی نہ ہوئی تو آپریشن بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ایاٹا سروسز بھی کسی بھی وقت عدم ادائیگی سے بند ہونے کا امکان ہے۔

    متن میں کہا گیا کہ دبئی ایئرپورٹ پر بھی گزشتہ دنوں فیول فراہمی بند کی گئی تھی۔ پی آئی اے کے جی ایم فنڈز مینجمنٹ نے ایوی ایشن ڈویژن کو بھی خط لکھ کرمدد کی اپیل کی ہے۔

  • طیاروں کو ایندھن کی فراہمی : پی آئی اے  نے پی ایس او کو 2 کروڑ روپے ادا کردیئے

    طیاروں کو ایندھن کی فراہمی : پی آئی اے نے پی ایس او کو 2 کروڑ روپے ادا کردیئے

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) نے پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) کو 2 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی ، جس کے بعد پی ایس او نے پی آئی اے کی پروازوں کو ایندھن فراہمی شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی کا معاملے پر پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) کو 2 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی گئی۔

    جس کے بعد پی ایس اونے پی آئی اے کے اہم روٹس کیلئے جانیوالی پروازوں کو ایندھن فراہمی شروع کردی، پی آئی اے نے یہ رقم یومیہ ادائیگی کی مد میں ادا کی ہے۔

    گذشتہ روز پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی ، جس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں۔

    پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کیے جانے پر کراچی، لاہور، اسلام آباد کی 20 پروازیں منسوخ ہوگئیں، ایندھن کی عدم فراہمی سے اندرون، بیرون ملک کئی پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہیں۔

  • زبوں حالی کی شکار پی آئی اے نے ایک اور اہم  سنگ میل عبور کرلیا

    زبوں حالی کی شکار پی آئی اے نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے جدید ترین خصوصیت کا حامل برطانیہ سے پہلا ائیر بس تھری ٹوئنٹی کا سیمولیٹر حاصل کر لیا، جس کے بعد  سیمولیٹرز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زبوں حالی کی شکار قومی ایئرلائن پی آئی اے نے ہوابازوں کو جدید خطوط پر تربیت کیلئے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

    پی آئی اے جدیدٹیکنالوجی سے آراستہ سیمولیٹرحاصل کرکے ہوابازوں کی ٹریننگ کے میدان میں برطانیہ اور یورپ کی صف میں کھڑا ہوگیاہے۔

    ی آئی اے نے جدید ترین خصوصیت کا حامل برطانیہ سے پہلا ائیر بس تھری ٹوئنٹی کا سیمولیٹر حاصل کر لیا، جس کے بعد قومی ایئر لائن کے پاس سیمولیٹرز کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

    اسٹیٹ آف دی آرٹ سیمولیٹر کی مدد سے ہوا بازوں کو اڑان بھرنے، لینڈ کرنے اور دوران پرواز موسمی حالات سے نبردآزما ہونے کی تربیت دی جارہی ہے۔

    سیمولیٹرکی تنصیب سے نہ صرف پائلٹس کی تربیت پرخرچ ہونیوالے ہزاروں ڈالرز بچ سکیں گے بلکہ نجی ایئرلائنزکے پائلٹ کوتربیت فراہم کرکے آمدنی بھی حاصل ہوگی۔

    برطانیہ سے خریدے گئے سیمولیٹر کی مالیت نوے لاکھ ڈالر ہے، جدید سیمولیٹر ہوا بازوں کی تربیت کے معیار کو بہتربنانے میں یقیناً مددگار ثابت ہوگا۔

  • پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار

    پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار

    کراچی : پی ایس او  نے اسلام آباد سے کراچی کیلئے پی آئی اے کی پرواز کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر ایسی پرواز کو روکا جاتا ہے جس میں اہم شخصیات موجود ہوں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 309کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ مذکورہ پرواز کو شام 7 بجے روانہ ہونا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق سی ای او پی آئی اے کا پی ایس او کے ایم ڈی سے رابطہ ہوا ہے۔ کچھ دیر میں طیارے کی فیولنگ کے بعد پرواز روانہ ہو جائے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو جمعرات کے روز ایندھن کے واجبات کی مد میں 48 کروڑ روپے دیئے گئے تھے۔ وعدے کے مطابق آج بھی 15 کروڑ روپے پی ایس او کو ادا کیے ہیں۔

    ایرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او جان بوجھ کر ایسی پرواز کو روکتی ہے جس میں اہم شخصیات سوار ہوں۔ پی کے 309 کے مسافروں میں حکومتی شخصیات، اعلیٰ سرکاری افسران اور کارپوریٹ سیکٹر کے افراد شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس او انتظامیہ پی آئی اے پر دباؤ ڈالنے کیلئے حکمت عملی کے تحت اہم پرواز یں روکتی ہے، پی ایس او کے دعوے کے مطابق پی آئی اے پر اس کے ایک ارب روپے کے واجبات ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 309 کے علاوہ پی کے 319 بھی تاخیر کا شکار ہے۔ پی کے 319 کی روانگی میں آپریشنل وجوہات کی بناء تاخیر ہوئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی آنے والی دونوں پروازوں پی کے 309 اور پی کے 319 کی اسلام سے روانگی رات سوا بارہ بجے متوقع ہے۔

    ان دونوں پروازوں کی روانگی کے منتظر مسافر گزشتہ کئی گھنٹوں سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پریشان بیٹھے ہیں۔