Tag: پی آئی اے

  • مالی مشکلات کے شکار پی آئی اے کے لیے اچھی خبر

    مالی مشکلات کے شکار پی آئی اے کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: مالی مشکلات کے شکار پی آئی اے کے لیے اچھی خبر ہے کہ حکومت کی جانب سے ادارے کو عبوری ریلیف ملنے والا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو عبوری ریلیف دینے کے لیے اقدامات مکمل کر لیے ہیں، بینکوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے دی گئی ہدایات کے باعث اب قومی ایئرلائن کو فنڈز کا اجرا ہوگا۔

    یہ فنڈز طیاروں کی لیز، انجن، پرزہ جات اور ہینڈلنگ کی ادائیگیوں کے لیے استعمال ہوں گے، واضح رہے کہ پی آئی اے اس وقت قرضوں اور سود کی ادائیگیوں کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔

  • پی آئی اے کا مالی بحران ،  نگراں وزیراعظم   نے اہم ہدایات دے دیں

    پی آئی اے کا مالی بحران ، نگراں وزیراعظم نے اہم ہدایات دے دیں

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پی آئی اے کو ایک بار پھر سے بہترین ادارہ بنانے کیلئے دن رات کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پروازوں کے اوقات کار مسافروں کی سہولت کے مطابق رکھے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت پی آئی اے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

    نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پی آئی اے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کا دیگرشہروں سے فضائی رابطہ مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

    انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پروازوں کے اوقات کار مسافروں کی سہولت کے مطابق رکھے جائیں، پی آئی اے ایک اہم قومی ادارہ ہے جس نے ماضی میں شاندار فضائی سروسز فراہم کیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ایک بار پھر سے بہترین ادارہ بنانے کیلئےدن رات کام کریں ،پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کے حوالے سے پلان جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کیا جائے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے ایکٹ 2016میں حالیہ ترمیم سے پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کی راہ استوارہوئی ہے۔

  • بین الاقوامی اداروں نے پی آئی اے کے ساتھ مل کر چلنے سے انکار کر دیا

    بین الاقوامی اداروں نے پی آئی اے کے ساتھ مل کر چلنے سے انکار کر دیا

    کراچی: ملک کی منفی کریڈٹ ریٹنگ اور زرمبادلہ کے لیے اسٹیٹ بینک پر انحصار کے باعث بین الاقوامی اداروں نے پی آئی اے کے ساتھ مل کر چلنے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کا مالی بحران سنگین ہو گیا ہے، اتحادی حکومت کی عدم توجہی کے باعث پی آئی اے اپنی تاریخ کے سنگین ترین مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لیز پر حاصل کیے گئے قومی ایئر لائن کے 4 عدد بوئنگ 777 اور 5 عدد ایئر بس 320 طیارے گراؤنڈ ہونے کا خدشہ ہے، لیزنگ کمپنیوں نے CCC کے حامل کریڈٹ ریٹنگ والے ملک کے اداروں کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا۔

    بین الاقوامی اداروں کا خیال ہے کہ ان کا رسک ایکسپوژر کا پریمیم لیز کی رقم سے بھی بڑھ چکا ہے، اس کے علاوہ ان کا مؤقف ہے کہ ان کی رقوم کی ادائیگیوں کے لیے پی آئی اے کو ملکی اسٹیٹ بینک سے منظوری درکار ہوگی جس سے ان کا قومی ایئر لائن کے اوپر اعتماد میں کمی آئے گی۔

    اس کے علاوہ پی آئی اے کی تنظیم نو کے منصوبے کا اعلان گزشتہ حکومت نے کیا مگر اس منصوبے کو تکمیل تک نہ پہنچایا، اس غیر یقینی صورت حال کے باعث پی آئی اے کی تنظیم نو ہوگی یا نہیں یا اس کو حکومتی مدد ملنی چاہیے یا نہیں، اس کی وجہ سے پی آئی اے کو ہونے والی ادائیگیاں بھی ر ک گئی ہیں، جس کی وجہ سے قومی ایئر لائن اپنی اشد ضروری ادائیگیوں سے بھی قاصر ہے۔

    بین الاقوامی ادائیگیوں میں 100 ملین ڈالر سے اوپر کی رقوم واجب الادا ہیں، جس میں جہازوں اور انجن کے لیز کے پیسے، انٹر نیشنل ہیڈلنگ اور ایئر پورٹ چارجز اور قرضوں پر سود کی ادائیگیاں شامل ہیں، پاکستان میں ایف بی آر بھی پی آئی اے سے اربوں روپوں کا متقاضی ہے، 3 ارب روپے سے زائد فوری ادائیگی کرنی ہوتی ہے۔

    پی آئی اے کا بیڑا جو 31 جہازوں پر مشتمل ہے ابھی 20 جہازوں پر آ گیا ہے، اگر جلد اقدامات نہ کیے گئے تو پی آئی اے کا فلیٹ 14 جہازوں تک محدود ہو جائے گا، اس کے علاوہ مرمت کے حوالوں سے بوئنگ کا کمپونینٹ سپورٹ پروگرام اور ایئر بس انڈسٹریز کا سپورٹ پیکج بھی متاثر ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے آئے دن جہازوں کے خراب ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    قومی ایئر لائن نے سعودی عرب کو ساڑھے 4 کروڑ کی ادائیگیاں کرنی ہیں، ترکی کے استنبول گرانڈ ایئرپورٹ کو 30 لاکھ ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں، جب کہ لیز پر حاصل کیے گئے ڈھائی کروڑ ڈالر کے بھی واجبات ہیں۔

    پی آئی اے کے 4 عدد 777 طیارے پرزے اور مینٹننس نہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ کر دیے گئے، ایئر بس 320 کے 4 عدد طیارے گراونڈ ہیں، جولائی 2020 میں پی آئی اے پر یورپ میں پابندی لگنے کی وجہ سے اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یورپ اور برطانیہ جانے والی پروازوں پر بندش کی وجہ سے 187 ارب کا نقصان ہو چکا ہے جس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

    پی آئی اے کا مالی بحران سنگین ہوگیا

    پی آئی اے کا مجموعی طور پر خسارہ 112 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے مالی بحران کی سب سے بڑی وجہ ملکی معاشی صورت حال ہے، منفی کریڈٹ ریٹنگ زر مبادلہ کی قلت کی وجہ سے فارن کرنسی کا دباؤ ہے۔

    ترجمان نے حکومت پاکستان سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد پی آئی اے کے معاشی معاملات کو حل کرنے کی کوشش کی جائے، پی آئی اے 2023 میں محصولات میں اچھا رہا ہے، لیکن سود کی ادائیگیوں کی وجہ سے پی آئی اے کو دباؤ اور ڈالر قلت کا شدید سامنا ہے۔

  • پی آئی اے  کا مالی بحران سنگین ہوگیا

    پی آئی اے کا مالی بحران سنگین ہوگیا

    کراچی : قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) میں مالی بحران کے باعث مختلف ایئرپورٹس کی گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنیوں کی ادائیگیاں نہ ہوسکیں جبکہ لیز پر حاصل کئے گئے طیاروں کی ڈھائی کروڑ ڈالر سے زائد واجب الادا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) کا مالی بحران سنگین ہوگیا، ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی مختلف ایئرپورٹس کی گراؤنڈہینڈلنگ کمپنیوں کی ادائیگیاں نہ ہوسکیں، پی آئی اےنے سعودی عرب کو ساڑھے4کروڑ کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ترکی کے استنبول گراؤنڈ ایئرپورٹ کو 30لاکھ ڈالر کی ادائیگیاں واجب الادا ہیں جبکہ مالی بحران کےباعث لیز پر حاصل کئے گئے طیاروں کی ادائیگیاں بھی نہ ہوسکیں، لیز پر حاصل کئے گئے طیاروں کی ڈھائی کروڑ ڈالر سے زائد واجب الادا ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ لیز پر حاصل کئے گئے طیاروں کی ڈھائی کروڑ ڈالر سے زائد واجب الادا ہیں جبکہ پی آئی اےکے 4عدد 777طیارے پرزے اور مینٹی ننس نہ ہونے سے گراؤنڈ کر دیئے گئے۔

    جولائی 2020 میں پی آئی اے پر یورپ میں پابندی لگنے سے اربوں روپے کانقصان ہوا ، یورپ اوربرطانیہ جانیوالی پروازوں پر بندش سے اب تک 187ارب کانقصان ہوچکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا مجموعی طور پرخسارہ112ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے ، جس کے باعث پی آئی اے کے 4 بوئنگ777 اور 5 ایئر بس 320 طیارے گراؤنڈ ہونے کا خدشہ ہے۔

  • ایف بی آر نے پی آئی اے کے اعلیٰ افسران پر سنگین الزامات عائد کر دیے

    ایف بی آر نے پی آئی اے کے اعلیٰ افسران پر سنگین الزامات عائد کر دیے

    کراچی: قومی ایئر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے 8 ارب روپے سے زائد ٹیکس کی عدم ادائیگی کے معاملے میں ایف بی آر نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ پر منی لانڈرنگ، کرپشن چھپانے اور فارن ایکسچینج ریگولیشن کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں، ریونیو ادارے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر اور جنرل منیجر اکاؤنٹنگ غیر قانونی کام میں ملوث ہیں۔

    ایف بی آر کی جانب سے لکھے گئے مراسلے کے مطابق قومی ایئرلائن فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 ہزار 845 ملین کی نادہندہ ہے، جب کہ ایئر لائن گزشتہ کئی ماہ سے واجبات ادا کرنے سے گریزاں نظر آ رہی ہے، اور اس کی انتظامیہ مبینہ طور پر سرکاری فنڈز کے خرد برد میں ملوث ہے۔

    ایف بی آر نے پی آئی اے کے 26 اکاؤنٹس منجمد کر دیے

    یہ مراسلہ ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو زون ون کراچی کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تحقیقات کے لیے ارسال کیا گیا ہے، جس کی کاپی چیف فنانشل آفیسر کو بھی فراہم کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی سینئر انتظامیہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 403 اور 409 کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے، اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

  • بلند ترین اسکردو ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی دبئی کے لیے پہلی پرواز

    بلند ترین اسکردو ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی دبئی کے لیے پہلی پرواز

    اسکردو سے دبئی کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز آج روانہ ہوگئی، پی آئی اے پہلی ایئرلائن ہے جو اسکردو سے دبئی کے لیے براہ راست پروازیں چلارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی کے 211 کو اسکردو ایئرپورٹ سے دبئی کے لیے روانہ کیا گیا ہے، اسکردو ایئرپورٹ کا شمار ان ایئرپورٹس میں ہوتا ہے جنھیں دنیا کے بلندترین مقامات پر بنایا گیا ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن وہ پہلی ایئرلائن ہے جو اسکردو سے دبئی کے لیے براہ راست پروازیں چلارہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی دبئی تا اسکردو پروازوں میں سیاحوں نے کافی دلچسپی دکھائی ہے اور اسے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

    دبئی کے ریگستانوں سے پاکستان کے سرسبز و شاداب مقام کی پروازیں منفرد حیثیت کی حامل ہیں، واضح رہے کہ اسکردو ایئرپورٹ دنیا کے بلندترین ایئرپورٹس میں شامل ہے۔

  • پی آئی اے انتظامیہ کا آفیسرز ایسوسی ایشن سے لاتعلقی کا اظہار

    پی آئی اے انتظامیہ کا آفیسرز ایسوسی ایشن سے لاتعلقی کا اظہار

    کراچی: پی آئی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بیان جاری کرنا مہنگا پڑگیا، پی آئی اے انتظامیہ نے تنظیم سے لاتعلقی سے کا اظہار کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے آفیسرز ایسوسی ایشن نامی تنظیم سے لاتعلقی کااظہار کردیا ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے ایس ای سی پی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کوتحریری مراسلہ بھیج دیا ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے آفیسرز ایسوسی ایشن نامی تنظیم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

    مراسلہ کے مطابق نہ ہی پی آئی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کا ساسا سے قانونی طور پر کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اس تنظیم کی کوئی قانونی حیثیت ہے۔

    آفیسرز ایسوسی ایشن نامی تنظیم کے بیان کو پی آئی اے انتظامیہ کا آفیشل بیان نہ سمجھا جائے، امید ہے یہ خط پی آئی اے کی پوزیشن کی وضاحت کیلئے کافی ہے۔

  • پی آئی اے کیلئے جیٹ فیول کی خریداری میں 22 ارب سے زائد کی بے ضابطگی کا انکشاف

    پی آئی اے کیلئے جیٹ فیول کی خریداری میں 22 ارب سے زائد کی بے ضابطگی کا انکشاف

    اسلام آباد : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کیلئے جیٹ فیول کی خریداری میں 22 ارب سے زائد کی بےضابطگی کا انکشاف ہوا جبکہ طیارے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے 38 ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل نے قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کے بارے میں آڈٹ رپورٹ جاری کردی ، جس میں پی آئی اے کیلئے جیٹ فیول کی خریداری میں بائیس ارب سے زائد کی بےضابطگی کا انکشاف ہوا۔

    آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال2021میں پی آئی اے کی آمدن 9.2 فیصد کم ہو گئی ، مالی سال 2020 میں نقصانات 34.6 ارب تھے جبکہ مالی سال 2021 میں پی آئی اے کے نقصانات 50 ارب سے تجاوز کر گئے۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ پی آئی اے کےطیارے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے 38 ارب سے زائد کا نقصان ہوا اور پی آئی اے مختلف کمپنیوں سے 26.4 ارب روپے وصول کرنے میں ناکام رہا۔

    آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پی آئی اے کو پروازوں کی تاخیر سے 19 ارب روپے کا نقصان ہوا،پروازوں کی منسوخی سے پی آئی اے کا پانچ ارب کا نقصان ہوا جبکہ بروقت واجبات، ایڈوانس وصول نہ کرنے سے 3.6 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

  • جشن آزادی : پی آئی اے  کا مسافروں کیلئے بڑا اعلان

    جشن آزادی : پی آئی اے کا مسافروں کیلئے بڑا اعلان

    کراچی : قومی ایئرلاین (پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد رعایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلاین (پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر اندرون ملک پروازوں پر رعایت کا اعلان کردیا۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 14اگست کو پی آئی اے کی تمام پروازوں پر 14 فیصد رعایت ہوگی، رعایتی ٹکٹ فوری طور پر جاری کرائے جا سکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ رعایتی ٹکٹ 14 اگست کو سفر کرنے کیلئے موثر ہوں گے۔

  • پی آئی اے کا حج آپریشن 2023 اختتام پذیر ہوگیا

    پی آئی اے کا حج آپریشن 2023 اختتام پذیر ہوگیا

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) کا حج آپریشن 2 اگست کی شب مکمل ہوگیا، حج پروازوں سے کل 61,461 حجا ج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا حج آپریشن 2023 اختتام پذیر ہوگیا ، پی آئی اے کا 21 مئی کو شروع ہونا والا حج آپریشن 2 اگست کی شب مکمل ہوا۔

    پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 21 مئی سے شروع ہوا اور 22جون تک جاری رہا، بعد از حج آپریشن 2جولائی سے شروع ہوا اور 2 اگست کو اختتام پذیر ہوا۔

    بعد از حج آپریشن میں کل 258 پروازیں آپریٹ کی گئیں، جس میں جدّہ کے لیئے 136 اور مدینہ کے لیے 122 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔

    حج آپریشن میں پی آئی اے کے شیڈول کی باقاعدگی شاندار رہی ، 96 فیصد پروازیں وقت پر یا وقت سے تھوڑا قبل روانہ ہوئیں جو کہ حج آپریشن میں شامل تمام ائیرلائنز سے بہتر تھیں۔

    پی آئی اے کی حج پروازوں سے کل 61,461 حجا ج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے ،حجاج کرام کیلئے سٹی چیک ان کا بندوبست بھی کیا گیا تھا، جس سے ان کو کئی گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی زحمت نہیں ہوئی ۔

    سی ای او پی ائی اے نے حج آپریشن میں شامل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حج آپریشن اعلی طریقے سے منظم کیا گیا، جس کے لئے پاکستان اور سعودیہ عرب میں موجود ٹیمیں قابل ستائش ہیں۔