Tag: پی آئی اے

  • لاہور میں طوفانی بارش، پی آئی اے پرواز کا بھارتی فضائی حدود کا استعمال

    لاہور میں طوفانی بارش، پی آئی اے پرواز کا بھارتی فضائی حدود کا استعمال

    لاہور میں طوفانی بارش کے سبب پی آئی اے کا طیارہ ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکا اور بھارتی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پروازپی کے 248 سعودی شہر دمام سے لاہور آرہی تھی، طوفانی بارش کے باعث طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکا جس کے بعد پرواز کا رخ ملتان موڑتے وقت بارش کے سبب پرواز نے بھارتی فضائی حدود استعمال کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے پرواز کے کپتان نے بھارتی سی اے اے کو صورتحال سے آگاہ  کیا، بھارتی سی اے اے نے طیارے کو اپنی  حدود کے استعمال کی اجازت دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پرواز کو ملتان کی طرف موڑنے کیلئے بھارتی شہر فیروز پور  تک جانا پڑا، لاہور جانے والی پی آئی اےکی  پرواز کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبانوں کی نجی ہوٹل میں بدتمیزی کی  ویڈیو سامنے آگئی

    پی آئی اے کی فضائی میزبانوں کی نجی ہوٹل میں بدتمیزی کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : پی آئی اے کی فضائی میزبانوں کی نجی ہوٹل میں بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہوگئی ، جس کے بعد  فضائی میزبانوں کو گراؤنڈ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میزبانوں کی اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں بدتمیزی کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    ہوٹل مینجر کی ویڈیو ثبوت کیساتھ پی آئی اے انتظامیہ کو شکایت کردی گئی ، جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے عملے کے ناروا سلوک پر اظہار ناپسندیدگی کیا۔

    جی ایم فلائٹ آپریشن نے دونوں فضائی میزبانوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 2ماہ کیلئےگراؤنڈ کردیا ہے۔

    نوٹس میں اسلام آباد ہوٹل استقبالیہ پرغیر مناسب رویے پر سنجیدگی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوٹل عملے سے بدتمیزی اور نازیبا رویہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایسا سلوک پی آئی اے تنظیمی ساکھ پر بھی برا اثر ڈالتا ہے، آئندہ کسی بھی واقعے کی صورت میں سخت انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

    خاتون ائیرہوسٹس کو 60 دن بطور سزا آف لوڈ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

  • عید کی خوشیاں دوبالا ، پی آئی اے کا مسافروں کے لئے بڑا اعلان

    عید کی خوشیاں دوبالا ، پی آئی اے کا مسافروں کے لئے بڑا اعلان

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے نے عیدالفطر کے موقع پر عوام کے لیے ٹکٹ سستے کرنے کا اعلان کردیا، 22 اور 23اپریل تک مسافر رعایتی اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کی جانب سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرایوں میں 10 فیصد تک رعایت کا اعلان کردیا۔

    پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا اعلان عید کے 2 دن کے لیے کیا گیا ہے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 22 اور 23 اپریل تک مسافر رعایتی اسکیم سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کرایوں میں کمی کا مقصد مسافروں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے۔

    یاد رہےکہ پی آئی اے ہر سال عید پر عوام کی سہولت کےلیے تحفے کے طور پر کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی ہے تاکہ شہری اپنے پیاروں سے ملنے کم کرایوں میں ایک شہر سے دوسرے شہر جاسکیں گے۔

  • پی آئی اے کے ملازمین اور فضائی عملہ تنخواہوں سے محروم

    پی آئی اے کے ملازمین اور فضائی عملہ تنخواہوں سے محروم

    کراچی: پی آئی اے مالی بحران کا شکار ہو گیا ہے، قومی ایئر لائن کے ملازمین اور فضائی عملہ تنخواہوں سے محروم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے پے گروپ 5 سے 10 کے افسران سمیت پائلٹس اور فضائی عملے کو مارچ کی تنخواہ تاحال نہیں مل سکی ہے۔

    ماہ رمضان کے آخری عشرے کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین و افسران میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔

    مالی بحران کی وجہ ایف بی آر کی جانب سے پی آئی اے کے اکاؤنٹس سے زبردستی وصولی کو قرار دیا جا رہا ہے، بینکوں سے ایک ارب 40 کروڑ اٹھا لیے گئے ہیں جب کہ 30 کروڑ علیحدہ سے وزیر خزانہ نے پی آئی اے انتظامیہ سے جمع کروائے۔

    ایف بی آر کی جانب سے اگلے ہفتے تک ٹیکس کی مد میں مزید 1 ارب 70 کروڑ جمع کروانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پی آئی اے ملازمین دہائی دے رہے ہیں کہ حکومت رمضان کے مہینے اور انتہائی زیادہ مہنگائی کے ایام میں تنخواہیں روکنے کا ظلم بند کرے۔

    پی آئی اے پائلٹس نے بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پروازیں چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے، اور اس سلسلے میں نمائندہ تنظیمیں متحرک ہو گئی ہیں۔

  • پی آئی اے کی ہوشیاری، اربوں روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافہ دکھا دیا

    پی آئی اے کی ہوشیاری، اربوں روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافہ دکھا دیا

    کراچی: باکمال ایئر لائن کی لاجواب انتظامیہ کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا، ساڑھے 8 ارب روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافہ دکھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں گرانٹ کا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، ساڑھے 8 ارب روپے کی گرانٹ کو ایئرلائن کی آمدنی میں اضافہ بتایا گیا۔

    وفاقی حکومت نے پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے لیے گرانٹ جاری کی تھی، اس گرانٹ کو زیادہ ٹیکس ادائیگی اور شیئر ہولڈرز کی ایکویٹی کو بہتر بنانے کے لیے پی اینڈ ایل اکاؤنٹ کی ونڈو ڈریسنگ کی گئی۔

    وی ایس ایس اسکیم کی گرانٹ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بھی اعتراض اٹھایا۔

    آڈٹ برائے 2021-22 کے مطابق گرانٹ کو وزارت خزانہ کی منظوری کے بغیر دیگر آمدنی کے طور پر ظاہر کیا جانا متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے پائلٹس کا پروازیں آپریٹ نہ کرنے پرغور، ذرائع

    آڈیٹرز نے کہا کہ وزارت خزانہ سے ایئر لائن انتظامیہ کی خط و کتابت کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا، آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام اکاؤنٹنگ قوانین اوراسٹینڈرڈز ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، تاہم انتظامیہ کو تصدیق شدہ آڈٹ کے ذریعے اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

  • پی آئی اے کے سارے پائلٹس ادارہ چھوڑنا چاہتے ہیں، بڑا انکشاف

    پی آئی اے کے سارے پائلٹس ادارہ چھوڑنا چاہتے ہیں، بڑا انکشاف

    اسلام آباد : ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے کے سارے پائلٹس ادارہ چھوڑنا چاہتے ہیں کیونکہ پائلٹس کی تنخواہوں پر تقریباً 35 ٹیکس لگا دیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے نیا انکشاف کیا کہ پی آئی اے کے سارے پائلٹس ادارہ چھوڑنا چاہتے ہیں کیونکہ پائلٹس کی تنخواہوں پر تقریباً 35 ٹیکس لگا دیئے ہیں۔

    ڈی جی سی اے اے نے بتایا کہ پائلٹس کے فلائنگ آورز پر بھی ٹیکس لگا دیئےگئے، اکثرفلائٹس کی منسوخی کا آپ سنتےہیں اس وجہ پائلٹس کی کمی ہے۔

    سینیٹر محسن عزیز نے سوال کیا کہ کیا پی آئی اے کبھی ہماری زندگی میں منافع میں جائےگی، جس پر سی ای اوپی آئی اے نے کہا کہ ہم آپریشنل منافع میں ہیں تو سینیٹر محسن عزیز کا کہنا تھا کہ آپریشنل کی بات نہ کریں اورمجموعی طورپربات کریں، ہرسال اربوں کاخسارہ پھرکہاں سےآجاتا ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے بتایا کہ 141پائلٹس کے لائسنسز میں مسائل تھےجن میں سے 69کلیئرہوگئے جبکہ ڈی جی سی اےاے نے اجلاس میں کہا کہ غلط لائسنسز لینے اور جن لوگوں نے مدد کی ان کےخلاف کارروائی کی جارہی ہے، دراصل کوئی بھی لائسنسز جعلی نہیں تھا، سابق وزیر غلام سرور نے اسمبلی کے فلور پریہ بات کی تھی۔

    جس پر سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پر پابندی وغیرہ کےایشوز اس بیان کےبعد لگے تھےنا تو ،ڈی جی سی اےاے نے کہا جی ایسا ہی ہے زیادہ مسائل اسی وجہ سے ہوئے۔

  • پی آئی اے کا یوم پاکستان پر عام تعطیل کا اعلان

    پی آئی اے کا یوم پاکستان پر عام تعطیل کا اعلان

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے یوم پاکستان پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی سرکلر کے مطابق 23 مارچ کو ہیڈ آفس سمیت تمام دفاتربند رہیں گے، لیکن ایئرپورٹس سمیت مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے ملازمین کام جاری رکھیں گے۔

    یاد رہے کہ ’یوم پاکستان‘ پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی۔

    قرارداد پاکستان کی بنیاد پر ہی مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کیلئے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔

    اسی قرار داد کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

  • پاکستان سے سعودی عرب جانے والوں کے لیے اہم خبر

    پاکستان سے سعودی عرب جانے والوں کے لیے اہم خبر

    کراچی : پی آئی اے نے سعودی عرب کے ایک اور شہرکیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا، ہفتہ وار 2پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے سعودی عرب کے ایک اور شہر القسیم کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی آئی اے لاہور اور اسلام آباد سے ہفتہ وار 2پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے 28مارچ کو پہلی پرواز القسیم کیلئے اڑان بھرے گی، لاہور اور اسلام آباد کے لئے پیر اور جمعرات کو آپریٹ ہوگی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ سعودی شہر القسیم کےلیے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کےلیے پی آئی اے انتظامیہ سے درخواست کی تھی۔

  • یورپی ممالک میں پروازوں کی بحالی،  پی آئی اے کے آن لائن آڈٹ کا پہلا مرحلہ مکمل

    یورپی ممالک میں پروازوں کی بحالی، پی آئی اے کے آن لائن آڈٹ کا پہلا مرحلہ مکمل

    کراچی : پی آئی اے کے یورپی ملکوں میں فضائی آپریشن  کی بحالی  کے معاملے پر یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کے آن لائن آڈٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

    منگل کو دن بھر ایاسا کی جانب سے پی آئی اے سے آن لائن آڈٹ کے دوران تیکنیکی نوعیت کے سوالات و معاملات زیربحث رہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ  ایاسا ٹیم کی جانب سے فلائٹ سیفٹی، انجینئرنگ، فلائٹ آپریشنز کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہی لی گئی اور پی آئی اے نے سیفٹی اور دیگر انتظامی امور سے متعلق ایاسا ٹیم کو آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق ایاسا ممبرز کی ٹیم ممبران یورپ(اٹلی اور فرانس )سے آن لائن آڈٹ کے حوالے سے قومی ائرلائن سے منسلک تھے۔

    ذرائع نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ایاسا ٹیم پاکستان آکر پی آئی اے کا آن سائٹ آڈٹ کرے گی، آن سائٹ آڈٹ پی آئی اے پر یورپی ملکوں کے فلائٹ آپریشن کی راہ میں حائل پیچیدگیوں کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق کپتانوں کے مبینہ جعلی لائسنس اسکینڈل کے سبب پی آئی اے پر جولائی 2020 سے یورپی ملکوں کے براہ راست فضائی آْپریشن پر پابندی عائد ہے۔

  • یورپی ممالک میں فضائی آپریشن کی بحالی:پی آئی اے نے  آڈٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں

    یورپی ممالک میں فضائی آپریشن کی بحالی:پی آئی اے نے آڈٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے یورپی ممالک میں فضائی آپریشن بحالی کے معاملے پر ایاسا کی جانب سے آڈٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

    تفصیلات کےمطابق  پی آئی اے کے یورپی ممالک میں فضائی آپریشن بحالی کے معاملے پر یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کل سے آن لائن سیفٹی آڈٹ شروع کرے گی۔

    ،ذرائع کا کہنا ہے کہ  پی آئی اے حکام سے فلائٹ سیفٹی سے متعلق سوالات کیےجائیں گے، پی آئی اے انتظامیہ نے ایاسا کی جانب سے آڈٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

    پی آئی اے حکام ایاسا  کو فلائٹ سیفٹی، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں اٹھائےگئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

    آن لائن آڈٹ میں کامیابی کےبعدایاساٹیم پاکستان آکرپی آئی اےکی تیاریوں کاآن سائٹ آڈٹ کرے گی اور آن سائٹ آڈٹ میں کامیابی کے بعد یورپی ملکوں کے فلائٹ آپریشن پر عائد پابندی ہٹ جائے گی۔

    پی آئی اے پر جولائی 2020 سے یورپی ممالک کے براہ راست فضائی آپریشن پر پابندی عائدہے ، یورپ اور برطانیہ کے روٹس پر پابندی سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔