Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے کی یورپی ملکوں میں براہ راست پروازوں پر پابندی ختم ہونے کا امکان روشن

    پی آئی اے کی یورپی ملکوں میں براہ راست پروازوں پر پابندی ختم ہونے کا امکان روشن

    کراچی : یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی 7 مارچ سے پی آئی اے کا سیفٹی آڈٹ کرے گی، جس میں کامیابی پر پی آئی اے کی یورپی ملکوں میں براہ راست پروازوں پر پابندی ختم ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی ایاسا کے آڈٹ کے معاملے پر پی آئی اے نے کراچی لاہور اور اسلام آباد اسٹیشنز کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی۔

    پی آئی اے جنرل منیجر جہانگیر بلوچ ٹیم کی سربراہی کریں گے ، یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی 7 مارچ سے پی آئی اے کا سیفٹی آڈٹ کرے گی۔

    ریموٹ آڈٹ میں کامیابی پر یورپی ایوی ایشن ٹیم پاکستان آکر پی آئی اے کا آن سائیٹ آڈٹ کرے گی، جس میں کامیابی پر پی آئی اے کی یورپی ملکوں میں براہ راست پروازوں پر پابندی ختم ہوجائے گی۔

    پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپ سیکٹر سے سالانہ اربوں روپے آمدنی ہوتی تھی، جولائی 2020 سے پائلٹس لائسنس اسکینڈل کے بعد پی آئی اے پر برطانیہ اور یورپ میں پابندی عائد کی تھی۔

  • پی آئی اے اور ایف بی آر آمنے سامنے،  بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری

    پی آئی اے اور ایف بی آر آمنے سامنے، بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری

    کراچی : ایف بی آر نے پی آئی اے کے بینک اکاوئنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور ایف بی آر آمنے سامنے آگئے . ایف بی آر نے کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری کرلی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 2 ارب 86 کروڑ روپے واجب الادا تھے۔

    ایف بی آر نے عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے تمام بینک اکاؤنٹ گذشتہ روز منجمد کئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے فوری طور 50 کروڑ روپے ٹیکس ادائیگی کی یقین دہانی پر بینک اکاؤنٹس بحال کردیے گئے ہیں۔

  • پی آئی اے میں سینیارٹی فہرست نظر انداز، 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج مل گیا

    پی آئی اے میں سینیارٹی فہرست نظر انداز، 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج مل گیا

    کراچی: قومی ایئرلائن میں سینیارٹی لِسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں سینیارٹی میں نمبر گیارہ پر موجود افسر کو قائم مقام چیف ہیومن ریسورسز افسر کا چارج دے دیا گیا۔

    قائم مقام سی ایچ آر او کی پوسٹ کے لیے اطہر حسین کو 10 سینئر اور زائد ملازمت کے حامل افسران پر ترجیح دی گئی، جب کہ سینیارٹی لسٹ کے مطابق جی ایم ایچ آر ایم اطہر حسین سے کہیں زائد تجربے کے حامل افسران کو قائم مقام چارج دینے سے مبینہ طور پر گریز کیا گیا۔

    اطہر حسین کی تعیناتی ایئر کموڈور عامر الطاف کی ایئر فورس واپسی پر عمل میں لائی گئی ہے، عامر الطاف سابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کے ساتھ ایئر فورس سے ڈیپوٹیشن پر پی آئی اے میں آنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

    عامر الطاف 21 فروری کو ڈیپوٹیشن پوری ہونے پر ایئر فورس واپس چلے گئے ہیں، ان کی پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی مدت میں توسیع بھی دی گئی تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کا مؤقف ہے کہ سینیارٹی مقدم ہے، تاہم اطہر حسین کو متعلقہ شعبے میں تجربے کا حامل ہونے کے باعث قائم مقام سی ایچ آر او تعینات کیا گیا ہے۔

  • قومی ایئرلائن کے تمام ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    قومی ایئرلائن کے تمام ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    کراچی : قومی ایئرلائن  (پی آئی اے) کے تمام افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ منظور کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کے تمام ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    پی آئی اے کے تمام افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ منظور کرلیا گیا، تنخواہوں میں اضافہ وفاق کے اعلان کے بعد بورڈمیٹنگ میں منظور کیا گیا۔

    تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے بعد ریٹائرڈملازمین کی پنشن بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

  • پی آئی اے کا ایک اورطیارہ مزید  امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اورطیارہ مزید امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا

    اسلام آباد : پی آئی اے کا ایک اورطیارہ مزید امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا ، اب تک پی آئی اے کی 6 شیڈول اور دو چارٹرڈ پروازوں میں سامان پہنچایا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ اور شام کے لیے امداد میں پاکستان پیش پیش ہے، پی آئی اے کا ایک اور طیارہ مزید پانچ ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا۔

    ترکیےاور شام میں پی آئی اے کی چھ شیڈول اور دو چارٹرڈ پروازوں میں سامان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے حکومت پاکستان کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے امدادی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے پی آئی اے کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں خیمے اور کمبل پہنچائے ہیں، پی آئی اے نے ترکش ایئرلائن اور دیگر حکام کو ہر ممکن مدد اور آپریشنل مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے

    ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی بھی امدادی سامان لے کر ترکیے پہنچے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کی ریسکیو ٹیموں کا آپریشن جاری ہے.

    اقوامِ متحدہ نے بھی عالمی برادری سے ترکیے اور شام کے لیے ہنگامی امداد کی پُرزور اپیل کردی ہے۔

    وائٹ ہیلمٹس کی رضاکارتنظیم کا کہنا ہے شمال مغربی شام کے باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں ختم کردی گئی ہیں۔

    امریکی سفیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پرزوردیا ہے کہ وہ شام میں امدادی رسائی کے مزید مقامات کی منظوری دے۔

  • یورپ میں فلائٹ آپریشن بند لیکن پی آئی اے عملے کی شاہ خرچیاں عروج پر

    یورپ میں فلائٹ آپریشن بند لیکن پی آئی اے عملے کی شاہ خرچیاں عروج پر

    کراچی: یورپ میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کے باوجود فنانس منیجر اور عملے کی شاہ خرچیاں عروج پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی عائد ہے، جس کی وجہ سے یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بند ہے، تاہم پیرس میں عملے کو گھر بیٹھے تنخواہیں اور مرعات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق مالی خسارے کے باوجود قومی ایئر لائن کی جانب سے سالانہ لاکھوں یورو ادائیگی جاری ہے، فنانس منیجر اور عملے کو ہر ماہ ہزاروں یورو میں تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں، جو قومی ایئر لائن پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ یورپ میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 64 سال ہے، لیکن اس کے باجود اسسٹنٹ منیجر جاوید شیخ کو ریٹائر نہیں کیا گیا، جن کی عمر 74 سال ہے۔

    پیرس میں فنانس منیجر اور عملے کو ہر ماہ 30 ہزار یورو کی بھی ادائیگی جاری ہے، اور پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے آفس کا ساڑھے 3 ہزار یورو کرایہ ہر ماہ ادا کیا جا رہا ہے، عملے کو ہر 6 ماہ بعد بونس بھی ادا کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی کو 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، اس سلسلے میں ترجمان پی آئی اے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہو سکا۔

  • پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں مزید 2 طیاروں کا اضافہ

    پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں مزید 2 طیاروں کا اضافہ

    کراچی : قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کے بیڑے میں مزید 2 طیاروں کو شامل کرلیا گیا ، جس میں ایک نیا ایئربس 320 اور بوئنگ 777 طیارہ شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں مزید 2 طیاروں کا اضافہ کردیا گیا ، نیا ایئربس 320 بھی تمام کوائف مکمل کرنے کے بعد بیڑے میں شامل کیا گیا۔

    ایئربس 320 نے اپنی پہلی کمرشل پرواز اسلام آباد سے کراچی کے لیے بھری ، 7 ماہ سے لانگ گراؤنڈ کا شکار بوئنگ 777 طیارہ بھی آپریشن میں شامل کرلیا گیا ہے، ہوائی جہاز نے آج صبح کئی مہینوں کے بعد اپنی پہلی پرواز چلائی اور PK-300 کے طور پر جدہ کے لیے روانہ ہوا۔”

    پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے ایک پریس بیان میں کہا کہ ملک کے مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت پی آئی اے کی ترقی کے لیے سرگرم ہے، جس کا واضح ثبوت اس کے آپریشنل بیڑے میں طیاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ”

    ترجمان نے بتایا کہ یہ دوسرا بوئنگ 777 ہے، جو گزشتہ چند ماہ میں آپریشنل بیڑے میں دوبارہ شامل ہوا ہے، اس سیریز کا تیسرا طیارہ بھی آخری مراحل میں ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں آپریشنل ہو جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس عمل سے کل 25 طیارے بشمول 14 ایئر بسز اور 10 بوئنگ 777 پی آئی اے کے شیڈول کا حصہ ہوں گے۔

  • کراچی سے جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے تاخیر کا شکار

    کراچی سے جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے تاخیر کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے سعودی شہر جدہ جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود روانہ نہ ہوسکی، پرواز فنی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 731 میں فنی خرابی تاحال دور نہ ہوسکی۔

    جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انجینیئر طیارے میں فنی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرواز کو دوپہر 1 بجے روانہ کردیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر مسافروں کو ناشتہ فراہم کیا جارہا ہے۔

  • لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کے باعث قومی ایئر لائن نے رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی آپریٹ پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منتقلی مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کے لیے کی گئی ہے، منتقلی عارضی ہے، دھند کم ہونے پر صورتحال معمول پر آجائے گی۔

    ترجمان کے مطابق پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج رات سے کردیا جائے گا، مسافر پروازوں کی معلومات کے لیے کال سینٹر سے رجوع کریں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دن سے شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی تھیں، لاہور ایئرپورٹ پر صبح کے اوقات میں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی۔

  • لاہور اور اسلام آباد سے استنبول پی آئی اے کا کامیاب ترین روٹ بن گیا

    لاہور اور اسلام آباد سے استنبول پی آئی اے کا کامیاب ترین روٹ بن گیا

    کراچی: لاہور اور اسلام آباد سے استنبول پی آئی اے کا کامیاب ترین روٹ بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے ترکش ایئر کے ساتھ کوڈ شیئرنگ جوائنٹ وینچر سے پی آئی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    پی آئی اے نے لاہور اور اسلام آباد سے استنبول سیکٹر سے 2 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد سے استنبول کے لیے تقریبا ایک ماہ میں 38 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو ٹکٹوں کی فروخت سے 2 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو اکھٹا ہوا۔

    پی آئی اے استنبول کے لیے ہفتہ وار 6 پروازیں آپریٹ کر رہا ہے، لاہور سے استنبول کے لیے پروازوں کا آغاز 15 نومبر سے کیا گیا تھا۔

    پی آئی اے ترکش ایئر لائن کوڈ شیئرنگ کے ذریعے اپنے مسافروں کو 28 ممالک جن میں امریکا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک شامل ہیں، پہنچا رہی ہے۔