Tag: پی آئی اے

  • دمشق ائیرپورٹ پر اسرائیلی فورسز کی بمباری: پی آئی اے  کی تمام پروازیں  منسوخ

    دمشق ائیرپورٹ پر اسرائیلی فورسز کی بمباری: پی آئی اے کی تمام پروازیں منسوخ

    کراچی : دمشق ائیرپورٹ پر اسرائیلی فورسز کی بمباری سے رن وے مکمل طور پر غیر فعال ہونے کے باعث پی آئی اے نے تمام پروازیں منسوخ کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق دمشق ائیرپورٹ پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے بمباری سے آپریشن مکمل طور پر معطل کردیا گیا اور دونوں رن وے غیر فعال ہوگئے۔

    ایئرپورٹ پر آپریشن معطل ہونے کے باعث پی آئی اے کو بھی کراچی تا دمشق پرواز کو منسوخ کرنا پڑا، پی آئی اے کی پرواز پی کے 135 170 مسافروں کو لے کر کل علی الصبح روانہ ہونی تھی۔

    دمشق سے واپسی کی پرواز پی کے 136 نے بھی 169 مسافروں کو لے کر واپس آنا تھا تاہم رن وے مکمل طور پر غیر فعال ہونے کے باعث ان پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کاکہنا ہے کہ مسافروں کو پیش آنے والی زحمت کیلیے معذرت خواہ ہیں تاہم آپریشنل حالات کی بنا پر یہ فیصلہ ناگزیر تھا

    ترجمان نے کہا کہ رن وے کے بحال ہوتے ہی پرواز کی دوبارہ تیاری کرلی جائے ورنہ متبادل ذرائع سے مسافروں کو روانہ کیا جائے گا، اس حوالے سے پی آئی اے کال سینٹر کے ذریعے سے تمام مسافروں کو مطلع کیا جارہا ہے۔

  • پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے اچھی خبر

    پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے اچھی خبر

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے )  نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کیلئے فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کردیا، کورونا وائرس کی وجہ فلائٹ آپریشن عارضی طورپر معطل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) نے کوالالمپور کیلئے فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کردیا۔

    پی آئی اے اسلام آباد کوالالمپور کیلئے ہفتہ وار2پروازیں آپریٹ کریگی جبکہ لاہور سے 26 جون کو کوالالمپور کیلئے پرواز اڑان بھرے گی۔

    دوسری جانب پی آئی اے نے آزربائیجان کے شہر باکو کیلئے بھی فلائٹ آپریشن میں اضافہ کردیا ہے ، پی آئی اے ہفتہ وار4 پروازیں باکو کیلئے آپریٹ کرے گی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ آزربائیجان کے شہر باکو کے کیلئے اسلام آباد سے 1، لاہور سے 2 اور کراچی سے 1 پرواز آپریٹ کی جائیں گی۔

    یاد رہے قومی ایئرلائن کی جانب سے کورونا وائرس کی وجہ سے کوالالمپور کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

  • قومی ایئرلائن  کا حج فلائٹ آپریشن ،   عازمین کیلئے اہم خبر آگئی

    قومی ایئرلائن کا حج فلائٹ آپریشن ، عازمین کیلئے اہم خبر آگئی

    کراچی : قومی ایئرلائن نے ملک کے سب سے بڑے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ، پی آئی اے کی پہلی پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے مدینہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے ملک کے سب سے بڑے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ، پی آئی اے سرکاری و پرائیوٹ 40ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔

    پی آئی اے کی پہلی پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے مدینہ کیلئے روانہ ہوگی ، پی آئی اے اپنے پری اور پوسٹ حج آپریشن میں 400پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے کہا کہ 200 پروازوں کے ذریعے 5 بڑے شہروں اسلام آباد،کراچی ، لاہور ،ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی جبکہ 200پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کی وطن واپسی ہوگی۔

    حج فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے کے بوئنگ777 اور کوئٹہ کیلئے ایئربس 320 طیارے استعمال ہوں گے، 15جون تک عازمین کو مدینہ اور15 سے 3جولائی تک عازمین کو جدہ پہنچایا جائے گا۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے فلائٹ شیڈول نہ دینے کی وجہ سے حج آپریشن تاخیر کا شکار ہوا۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائن سرین ایئر نے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ہے ، پہلی پرواز 4اور5جون کی درمیانی شب اسلام آباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    سی ای اوائیر وائس مارشل (ر)محمد صفدر ملک کا کہنا ہے کہ سرین ایئر 42 پروازوں کے ذریعے 13ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
    .
    محمد صفدر ملک نے بتایا کہ جدہ اور مدینہ کیلئے اپنے جدید طیارے ائیر بس 330 استعمال کرے گا، سرین ایئرنے عازمین کی سہولت کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

  • پی آئی اے کا حج فلائٹ آپریشن :  عازمین  کیلئے اہم خبر

    پی آئی اے کا حج فلائٹ آپریشن : عازمین کیلئے اہم خبر

    کراچی : قومی ائیرلائن (پی آئی اے ) لاہور سمیت 8 ائیرپورٹس سے حج فلائٹ آپریشن چلائے گی، حکام نے ائیرپورٹس پر عملے کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے حج آپریشن 2022 کا شیڈول جاری کردیا ، پی آئی اے لاہورسمیت 8ایئرپورٹس سے فلائٹ آپریشن چلائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے لاہور، سیالکوٹ،اسلام آباد ، ملتان،رحیم یار خان،سکھر، پشاور ، کراچی سےحج فلائیٹ آپریٹ کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے حکام نے آٹھ ائیرپورٹس پر عملے کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ، پی آئی اے کے ساتھ ائیربلیو اور سیرین ائیر بھی حج آپریشن میں شرکت کرے گی۔

    نجی ایئرلائن ائیربلیو لاہور، ملتان، اسلام آباد، پشاور اور کراچی سے حج پروازیں آپریٹ کرے گی جبکہ نجی ایئرلائن سیرین ائیر لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے حج پروازیں چلانے پر غور کررہی ہے۔

    حج آپریشن کو حتمی شکل دینے کے لیے ائیرلائینز انتظامیہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج فلائٹ شیڈول اور کوٹے کی منتظر ہیں ، ذرائع کے مطابق پاکستان سے 31مئی سے حج فلائٹ آپریشن کاا آغاز متوقع ہے۔

  • پی آئی اے: یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اچھی خبر

    پی آئی اے: یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اچھی خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کا امکان روشن ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اچھی خبر ہے، 2 سال بعد پروازوں کی دوبارہ بحالی کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی حکام مئی یا جون میں پاکستان آئیں گے، اور سی اے اے ہیڈکوارٹرز سمیت پی آئی اے کا دورہ کریں گے، ایجنسی حکام فلائٹ سیفٹی معیار کا جائزہ لیں گے۔

    ذرائع کے مطابق یورپی ایوی ایشن ایجنسی بھی آڈٹ کرنے جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کی یورپ کے لیے پروازوں کی جلد بحالی کا امکان ہے، پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کے یورپی حکام سے مثبت رابطے ہوئے ہیں۔

    پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں

    خیال رہے کہ مارچ میں سڈنی، آسٹریلیا کے لیے بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے براہ راست پروازیں شروع کی تھیں، ترجمان پی آئی اے کے مطابق سڈنی کے لیے براہ راست پروازوں سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ مسافروں کو سامان کی مد میں بھی سہولت دی جا رہی ہے۔

  • پی آئی اے کا ’کارنامہ‘: مسافروں کو چھوڑ کر وقت سے پہلے ہی مدینہ سے روانہ

    پی آئی اے کا ’کارنامہ‘: مسافروں کو چھوڑ کر وقت سے پہلے ہی مدینہ سے روانہ

    کراچی: باکمال ایئر لائن کا ایک اور لاجواب کارنامہ سامنے آ گیا ہے، کنفرم بکنگ کے حامل مسافروں کو چھوڑ کر مقررہ وقت سے 6 گھنٹے قبل ہی پی آئی اے پرواز مدینہ سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے 21 مسافروں کا گروپ ساڑھے 9 بجے رات کی پرواز کے لیے مقررہ وقت پر مدینہ ایئر پورٹ پہنچا تو انکشاف ہوا کہ رات کی پرواز 6 گھنٹے قبل دوپہر 3 بجے ہی جا چکی ہے۔

    قومی ایئر لائن نے مسافروں کو پرواز کی جلد روانگی سے متعلق آگاہ ہی نہیں کیا، دوسری طرف 8 مئی کی پرواز پی کے 9784 کی کنفرم ٹکٹ کے حامل 21 مسافر کے پاس اگلی پرواز کی بکنگ بھی موجود نہیں۔

    اس غیر متوقع صورت حال سے پریشان خواتین، بچوں اور مرد مسافروں پر مشتمل گروہ کے پاس ہوٹل میں رہائش کے لیے رقم بھی موجود نہیں ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو سیالکوٹ کی پرواز میں دستیاب نشستوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا،نشستوں کی کمی پر باقی مسافر لاہور کی پرواز میں ایڈجسٹ ہوں گے، جب کہ باقی رہ جانے والے مسافروں کو ہوٹل فراہم کیا جائے گا۔

  • حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

    حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے نے طیارے کو ناقابل مرمت قرار دے کر انجن سمیت تمام آلات نکال لیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق 3 برس قبل حادثے کا شکار پی آئی اے اے ٹی آر طیارے کی پھر نیلامی کا فیصلہ کیا گیا ہے، طیارہ 20 جولائی 2019 کو لینڈنگ کے دوران کچے میں اتر گیا تھا۔

    پی آئی اے نے طیارے کو ناقابل مرمت قرار دے کر انجن سمیت تمام آلات نکال لیے تھے، گلگت ایئر پورٹ پر موجود طیارے کا ڈھانچہ پہلے بھی نیلامی کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔

    پہلی نیلامی ایک مقامی تاجر کی جانب سے 83 لاکھ روپے کی دی گئی تھی، پی آئی اے کی جانب سے نیلامی کے لیے کم از کم بولی 0.84 ملین رکھی گئی تھی۔

    اے ٹی آر طیارے کے ڈھانچے کی نیلامی 11 مئی کو ہوگی۔

  • جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش، پی آئی اے نے 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی

    جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش، پی آئی اے نے 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی

    کراچی : پی آئی اے نے جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش کے باعث 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی ، پروازوں سے400سے زائد مسافروں کو واپس لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر غیر معمولی رش اور پروازوں کی تاخیر کے باعث پی آئی اے نے 4خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ہوٹل میں منتقل کردیا ہے ، مسافروں کو خصوصی کوسٹرز کےذریعے مدینہ منتقل کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ خصوصی پروازوں سے400سے زائد مسافروں کو واپس لایا جائے گا ، پی آئی اے خصوصی پروازوں کیلئے ایئر بس 320طیارے استعمال کررہی ہے۔

    یاد رہے سعودی عرب میں جدہ ائیرپورٹ پر مسافروں کے غیر معمولی رش کے باعث پی آئی اے کی تمام پروازوں کو حج ٹرمینل منتقل کر دیا گیا تھا۔

    تمام پروازیں میں 4 سے 5 گھنٹے تاخیر مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ سینکڑوں مسافروں نے دروازے بند ہونے کے باعث رات باہر گزاری۔

    وفاقی وزیر سعد رفیق نے سی ای او پی آئی اے کو مسافروں کو سہولیات فراہمی کی ہدایات کر دی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ایجنٹس اور کال سینٹر کے ذریعے ٹرمینل منتقلی کی اطلاع کا کام شروع کردیا، شیڈول پروازوں کے مسافر اب حج ٹرمینل پر جائیں، شمالی ٹرمینل پر موجود مسافروں کو بسوں سے حج ٹرمینل لے جایا جائے گا۔

  • عید الفطر :  پی آئی اے نے اس بار مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان کیوں نہیں کیا؟

    عید الفطر : پی آئی اے نے اس بار مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان کیوں نہیں کیا؟

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اس بار عید کے موقع پر مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا اعلان نہیں کیا، ماضی میں عید کے موقع پرہر سال 25فیصد کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق نئی حکومت آنے کے بعد پی آئی اے نے عید کے موقع پر مسافروں کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا، اس بارپی آئی اے کی جانب سے عید کے موقع پر مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی۔

    اندرون ملک جانیوالی پرواز پر اضافی کرائے وصول کئے جارہے ہیں ، اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے فیول پر 70ڈالر کی بجٹنگ کی ہوئی تھی لیکن فیول120ڈالر جا پہنچا ہے، اس سال پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی نہیں کی۔

    ایدھن کی قیمتوں کی وجہ سے پی آئی اے نے اپنی پروازوں کے شیڈول میں بھی کمی کی ہوئی ہے ۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کیلئے 17 سے 20 فیصد کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔

    نجی ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کا مقصد مسافروں کو عید پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔

    خیال رہے ماضی میں پی آئی اے عید کے موقع پر ہر سال 25 فیصد کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی تھی۔

  • قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ

    قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے، ایئر بس 320 یہاں پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 3 طیارے چند ماہ میں پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بس 320 اسلام آباد پہنچ گئی جس کے بعد قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لیز پر حاصل شدہ ایئر بس 170 نشستوں پر مشتمل ہے اور 4 برس پہلے بنائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پی آئی اے کے انسگنیا کے ساتھ آپریشنز شروع ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مزید 3 طیارے چند ماہ میں پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے، نئے طیاروں کی شمولیت سے قومی ایئر لائن کے آپریشن مزید ہموار ہوں گے۔