Tag: پی آئی اے

  • شہباز شریف  کا وزیراعظم بننا  پی آئی اے پر بھاری پڑنے لگا

    شہباز شریف کا وزیراعظم بننا پی آئی اے پر بھاری پڑنے لگا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کیلئے پی آئی اے سے بوئنگ777مانگ لیا گیا، عمران خان دورمیں کبھی بیرون ملک دورے کیلئے پی آئی اے کا طیارہ نہیں مانگا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کیلیے وزارت خارجہ نے پی آئی اے سے بوئنگ777مانگ لیا۔

    اس سلسلے میں وزارت خارجہ کی جانب سے پی آئی اے کے سی ای او کو خط لکھ دیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کو احکامات دیئے گئے کہ بوئنگ777 اسٹینڈ بائی رکھا جائے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ خصوصی پرواز اسلام آباد سے مدینہ ،جدہ ریاض اور واپس اسلام آباد آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان دورمیں کبھی بیرون ملک دورےکیلئےپی آئی اےکاطیارہ نہیں مانگا گیا جبکہ اس کے برعکس ن لیگ دور میں ہمیشہ بیرون ملک دوروں کیلئے پی آئی اے کے طیاروں کو استعمال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ن لیگ دور میں پی آئی اے کے طیاروں کے استعمال سے ایئر لائن کو مالی نقصان بھی ہوا۔

    خیال رہے وزیر اعظم شہباز شریف 27 اپریل کو وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوں گے، ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔

    وزیر اعظم سعودی قیادت سے ملاقات کریں گے اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

  • پی آئی اے ترقی کی راہ پر گامزن ،  پہلی سہہ ماہی میں 115 ملین روپے کا  منافع

    پی آئی اے ترقی کی راہ پر گامزن ، پہلی سہہ ماہی میں 115 ملین روپے کا منافع

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پہلی سہہ ماہی میں 115ملین روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کرلیا ، محصولات 34ارب روپے سے زائد رہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے پہلی سہہ ماہی مالیات کی منظوری دے دی ، پی آئی اے نے 115ملین روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا۔

    اس دوران محصولات 34ارب روپے سے زائد رہے ، پی آئی اے میں یہ مسلسل دوسری سہہ ماہی میں آمدنی میں اضافہ رہا ہے۔

    کورونا وائرس کی وجہ سے پی آئی اے کے بند ہونے والے خلیجی ،سعودی عرب بشمول عمرہ آپریشن فعال ہیں ، پی آئی اے کو فیول اخراجات کی مد میں54فیصد اضافہ اور زرمبادلہ میں17فیصد کمی کے باوجود ساڑھے 11 کروڑ روپے کا منافع رہا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کی کاوشوں کی وجہ سے مالیاتی نظم و ضبط کے باعث ادارہ ترقی کی جانب گامزن رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک 25 اپریل کو اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

  • پی آئی اے کی  جدہ جانے والی  پرواز کو  حادثہ ، 350 مسافرسوار

    پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز کو حادثہ ، 350 مسافرسوار

    کراچی: پی آئی اے کی لاہور سے جدہ کی پرواز کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی ، طیارے میں 350 مسافرسوار تھے تاہم طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ، پی آئی اے کی پرواز پی کے9759 لاہور سے جدہ کیلئے اڑان بھری تھی کہ کچھ ہی دیر بعد بوئنگ777طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

    پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے آوٹر ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی ، جس پر کپتان نے کراچی کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا، پرواز میں300سے زائد مسافر سوار تھے۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو مرمت کے لیے ہینگر منتقل کردیا گیا ہے ، مسافروں کومتبادل پرواز کے ذریعے دوپہر 2 بجے جدہ روانہ کیا جائےگا۔

  • ماہ رمضان : پی آئی اے ملازمین کیلئے اہم خبر

    ماہ رمضان : پی آئی اے ملازمین کیلئے اہم خبر

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ماہ رمضان کے لئے نئے دفتری اوقات کار کا اعلان کردیا، جس کے تحت پیر تا جمعرات صبح 10سے4بجے سہ پہر تک دفتری اوقات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ماہ رمضان کے لئے نئے دفتری اوقات کار کا شیڈول جاری کردیا، سی ای او پی آئی اے ایرمارشل ارشد ملک کی منظوری کے بعد رمضان کے دفتری اوقات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا‌۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران پیر تا ہفتہ دفتری اوقات صبح 10 سے شام 4 بجے تک ہوں گے اور نماز ظہر ادائیگی کے لئے دوپہر ایک سے 1:30بجے تک وقفہ ہوگا۔

    پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جمعہ کے نماز جمعہ ادائیگی کے لئے دوپہر ایک سے 2 بجے ایک گھنٹہ کا وقفہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے نجی اور سرکاری اداروں کے اوقات کار میں کمی کی جاتی ہے۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات نےپیشگوئی کی ہے کہ رمضان کا چاند 29 شعبان یعنی 2 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ 3 اپریل بروز اتوار ہوگا۔

  • فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادائیگی  : پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان معاملات طے پاگئے

    فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادائیگی : پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان معاملات طے پاگئے

    کراچی : پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادائیگی سے متعلق معاملات طے پاگئے، پی آئی اے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 4اقساط میں ادا کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن اور ایف بی آر کے درمیان اہم پیش رفت ہوئی، پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادائیگی سے متعلق معاملات طے پاگئے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ معاملات سی ای او پی آئی اے ایرمارشل ارشد ملک اور چیئرمین ایف بی آر کی ملاقات میں طے پائے۔

    پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان 1ارب90کروڑ روپے کی ادائیگی سے متعلق معاملات طے ہوئے ہیں، پی آئی اے ٹکٹس پر وصول کی جانے والی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 4اقساط میں ادا کرے گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے جون تک ایف بی آر کو 1 ارب 90 کروڑ روپے کی واجب الادا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع کرانے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں واجب الادا ٹیکس کی مد میں ماہانہ 50 کروڑ روپے کی قسط ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے اگلے 2 ماہ 45،45کروڑ روپے ادا کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پی آئی اے 50،50کروڑ روپے کی 2 ماہ کے اندراقساط جمع کرائے گی۔

    خیال رہے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے رواں ماہ مارچ میں پی آئی اے کے دو مرتبہ بینک اکائونٹ منجمند کیے تھے۔

  • پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟

    پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟

    کراچی: قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں 22 اپریل سے شروع ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی سڈنی آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز جمعہ 22 اپریل 2022 سے ہوگا، سڈنی کی براہ راست پروازیں ابتدائی طور پر جمعہ کو لاہور تا سڈنی اور سڈنی تا لاہور اتوار کے دن چلائی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق سڈنی کے لیے براہ راست پروازوں سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ مسافروں کو سامان کی مد میں بھی سہولت دی جا رہی ہے۔

    سڈنی کے لیے اکانومی کلاس کے مسافروں کو 45 کلو گرام جب کہ ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے مسافروں کو 55 کلوگرام سامان لے جانے کی اجازت ہو گی۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے فلائٹ آپریشنز کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا جائزہ لیتے ہوئے مارکیٹنگ اور فرنٹ لائن ٹیموں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    پی آئی اے نے ایوی ایشن انڈسٹری کو درپیش کرونا پابندیوں میں نرمی کے بعد اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا منصوبہ بنایا ہے، اور حال ہی میں کراچی اور لاہور سے باکو کے لیے پروازیں شروع کی گئی ہیں۔

    قومی ایئر لائن اپنے نیٹ ورک میں مزید منزلیں شامل کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

  • یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندی ختم ہونے  کے امکانات روشن

    یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندی ختم ہونے کے امکانات روشن

    اسلام آباد : یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی ٹیم آڈٹ کلیئرنس کیلئے رواں یا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی ، جس کے بعد پاکستان اور یورپ میں پروازوں کا آغاز ممکن ہوسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی پروازوں کی یورپی ممالک میں آمد پر پابندی کے معاملے پر یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی ٹیم کی آڈٹ کے لئے پاکستان آمد رواں ماہ کے آخر یا اپریل کے شروع میں متوقع ہے۔

    آڈٹ کلیئرنس پر پاکستان اور یورپ میں پروازوں کا آغاز ممکن ہوسکے گا ، سیفٹی اقدامات پر تحفظات کے باعث یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی عائد ہے۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میں اکاؤ کی جانب سے سی اے اے پر سگنیفیکنٹ سیفٹی کنسرن ختم کرنے کے بعد قومی ایئرلائن پی آئی اے نے یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی سے یورپ اور برطانیہ جانے والی پروازوں سے پابندی ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

    بعد ازاں یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے جواب دیتے ہوئے پاکستانی طیاروں سے پابندی ہٹانے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اکاؤ آڈٹ کا یورپی روٹ پر پابندی سے کوئی تعلق نہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی ائیرلائنزسے پابندیاں ختم کرنے کے لیے ایاسا سی اےاے کا آڈٹ کرائے گی ، ایاسا آڈٹ کے بعد یورپی روٹ کی پابندیاں ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    ایاسا نے پی آئی اے کی جانب سے سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا ایاسا تیسرے ملک کے ذریعے پابندی اٹھانے کے لئے آڈٹ کراسکتا ہے۔

  • بڑی خبر، پی آئی اے کو اہم ملک کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

    بڑی خبر، پی آئی اے کو اہم ملک کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

    کرا چی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر آ گئی، آسٹریلوی سول ایوی ایشن سیفٹی اتھارٹی نے پی آئی اے کو آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    پی آئی اے نے آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں، اس سلسلے میں پہلی پرواز 22 اپریل کو لاہور سے پی کے 9808 سڈنی کے لیے اڑان بھرے گی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 24 اپریل کو سڈنی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی، قومی ایئر لائن لاہور سے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی، اور آسٹریلیا کے لیے بوئنگ 777 لانگ رینج استعمال ہوں گے، پی آئی اے دوسرے مر حلے میں کراچی سے سڈنی کے لیے پرواز شروع کر ے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ آسٹریلیا کے لیے براہ راست پرواز شروع کر نے سے ہم وطنوں کو عید سے قبل سفری سہولت میسر ہوگی، اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی عید اپنوں میں کر سکیں گے۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق آسٹریلیا کے لیے براہ راست پرواز سے 35 گھنٹے کا سفر 12 گھنٹوں میں طے ہوگا۔

  • پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا

    پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا

    کراچی: چین نے پاکستان کی قومی ایئر لائن کو بیجنگ کے علاوہ گوانگ زو اور ژیان کے لیے مزید دو آپریٹنگ لائسنس دے دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا ہے، اب گوانگ زو اور ژیان کے لیے بھی قومی پرچم بردار کمپنی مسافروں کی پروازوں کا شیڈول بنانا شروع کرے گی۔

    پی آئی اے کے کنٹری منیجر قادر بخش سانگی نے اتوار کو کہا اس سے قبل پی آئی اے کے پاس صرف بیجنگ کے لیے آپریٹنگ لائسنس تھا، اب چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) نے ایئر لائن کو پاکستان اور چین کے مزید دو شہروں کے درمیان فلائٹ آپریشنز چلانے کے لیے لائسنس دے دیے۔

    چینی سی اے اے کے موجودہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق بین الاقوامی کیریئر چین کے لیے ہفتہ وار ایک پرواز چلا سکتے ہیں۔

    کنٹری منیجر کے مطابق پی آئی اے نے چینگڈو اسٹیشن کے آپریٹنگ لائسنس کے حصول کے لیے بھی درخواست دی ہے، جو زیر غور ہے، امید ہے اگلے ماہ اس کی منظوری بھی مل جائے گی۔

    پی آئی اے کو چینی حکام کی جانب سے کنمنگ اور شینزن کے لیے چارٹرڈ کارگو پروازیں چلانے کی منظوری بھی حاصل ہے، جب کہ کاشغر (سنکیانگ) کے لیے منظوری کا عمل جاری ہے۔

    کنٹری منیجر نے کہا کہ چین کے مختلف شہروں کے لیے چارٹرڈ کارگو پروازیں پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

  • یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے دیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے لی گئی ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو پہلی 2 پروازیں پاکستانی طلبا کو لینے پولینڈ روانہ ہوں گی، پولینڈ سے طلبا کو بحفاظت ان کے آبائی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب شہروں خصوصاً لبلن ایئرپورٹ پر انتظامات ناکافی ہیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گا۔

    ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑتی ہے پی آئی اے پہلے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد طلبا اور ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے خصوصی آپریشن کے لیے تیار ہیں، پی آئی اے یوکرین میں پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں ہے۔