Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے  یوکرین میں پھنسے  پاکستانی  طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار

    پی آئی اے یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار

    کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار ہے ، ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ جیسے ہی گرین سگنل ملے گا ، طلبا کو پاکستان پہنچادیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبا کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے نے اپنی خدمات پیش کردیں۔

    سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یوکرین میں پھنسے طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار ہیں۔

    ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ طلبا کو وطن پہنچانے کیلئے وزارت خارجہ سےرابطےمیں ہیں، جیسے ہی گرین سگنل ملے گا ، طلبا کو پاکستان پہنچادیں گے۔

    سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے ہمیشہ مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ یوکرین میں موجود پاکستانی سفیرجنرل(ر) نول سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،سفیر جنرل نول (Noel)نے کہا ہے کہ ہم معلومات اکھٹا کررہے ہیں ،جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی ہم آپ کو آگاہ کردیں گے۔

  • ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    لاہور: قومی ایئر لائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی پروازوں پر پابندی کے جلد خاتمے کا امکان ظاہر کیا، اور کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    انھوں نے کہا منسٹر ایوی ایشن کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، پائلٹس کے جعلی ڈگری کے مسئلے پر دنیا کے کئی ممالک نے ہم پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    انھوں نے کہا جس ادارے نے پائلٹ کی جعلی ڈگری کے حوالے سے رپورٹ دی تھی اس جعلی رپورٹ بنانے والوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

    ارشد ملک نے کہا قومی ایئر لائن اب نئے روٹس تلاش کر کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک روٹس کو بڑھایا جا رہا ہے، پی آئی اے میں نئے طیاروں سمیت اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل آڈیٹر مارچ کے آخر تک اپنا آڈٹ مکمل کر لیں گے، امید ہے کہ آڈٹ مکمل ہونے کے بعد یورپی یونین پروازوں پر لگائی جانے والی پابندی ختم ہو جائے گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ باکو اور آسٹریلیا کے لیے آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں، اور چار نئے طیارے ڈرائی لیز پر پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو رہے ہیں۔

  • پی آئی اے  کا بوئنگ 777 طیارے کے 2 انجن فروخت کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارے کے 2 انجن فروخت کرنے کا فیصلہ

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے بوئنگ 777 طیارے کے 2 انجن فروخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انجن کی فروخت سے متعلق ٹینڈر طلب کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے بوئنگ 777 طیارے کے 2 انجن فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    پی آئی اےانتظامیہ نےانجن کی فروخت سے متعلق ٹینڈر طلب کرلئے ، حکام کا کہنا ہے کہ 777 طیارے کا انجن بلندی تک اڑانے کی صلاحیت رکھتاہے ، خواشمند افراد انجن کے ٹینڈر حاصل کرنے کے لیئے درخواست دے سکتے ہیں۔

    حکام نے مزید کہا کہ انجن خریدنےوالے خواہشمند کیلئے دونوں انجن ساتھ خریدنےکی شرط نہیں رکھی گئی، خواہشمند 28 مارچ 2022 تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

    گذشتہ سال اگست میں پی آئی اے نے گلگت ایئرپورٹ پر کھڑا اے ٹی آر طیارہ 8.3 ملین روپے میں فروخت کردیا تھا ، طیارے کی نیلامی میں کامیاب بولی گلگت کے مقامی ٹھیکیدار کو دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق نیلامی شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے فراہم رپورٹ کی روشنی میں کی گئی جبکہ ناکارہ اے ٹی آر طیارے کے انجن، دیگر سامان وزن کے حساب سے فروخت کیا گیا۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی: کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں پھیل گیا، اور آگ کی بو محسوس کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے کے ساتھ حادثہ پیش آیا ہے، قومی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور کی پرواز میں اچانک فائر وارننگ کے سبب مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 لاہور روانگی کے لیے تیار تھی، بوئنگ 777 طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر پہنچ گیا تھا، کہ اچانک طیارے کے ایئرکنڈیشنڈ ڈکس سے ہلکا دھواں نکلنے لگا، مسافروں نے آگ کی بو بھی محسوس کی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ فائر انڈیکیشن ملنے پر پائلٹ نے طیارے کا ٹیک آف فوری طور پر منسوخ کر دیا، اور طیارے کو فوری طور پر واپس ٹرمینل کی طرف لے جایا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام مسافروں کو آف لوڈ کر کے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جلد ہی پرواز پی کے 306 دوبارہ لاہور روانہ کی جائے گی۔

    ایئر پورٹ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے میں 328 مسافر سوار تھے، جن میں سے 64 مسافروں نے طیارے میں دوبارہ سوار ہونے سے انکار کر دیا ہے، جن کا سامان آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔

  • پی آئی اے کے سی ای او نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی

    پی آئی اے کے سی ای او نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک کی 3 سالہ مدت ملازمت 25 اپریل کو ختم ہو رہی ہے، انہوں نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی، پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انہیں مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد ملک کی 3 سالہ مدت ملازمت 25 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔

    پی آئی اے کے نئے سی ای او کی تقرری کے لیے اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے، سی ای او کے لیے 20 سال کا ایوی ایشن سیکٹر کا تجربہ درکار ہے۔

    کامیاب بزنس مین بھی سی ای او پی آئی اے کے عہدے کا اہل ہو سکتا ہے۔

  • پی آئی اے ملازمین کی پرانی مراعات کا سلسلہ ختم

    پی آئی اے ملازمین کی پرانی مراعات کا سلسلہ ختم

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملازمین کے سفری ٹکٹ کی تبدیل شدہ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ملازمین کی پرانی مراعات کا سلسلہ ختم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملازمین کے سفری ٹکٹ کی تبدیل شدہ پالیسی کا اعلان کردیا، نئی ایئر ٹکٹ پالیسی سے ملازمین کی پرانی مراعات ختم ہوجائیں گی۔

    حاضر سروس، ریٹائرڈ، کنٹریکٹ اور ڈیپوٹیشن ملازمین ایئر ٹکٹ کے اہل ہوں گے تاہم وفات پا جانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو مفت ٹکٹ کی سہولیات ختم ہوجائیں گی۔

    ملازمین کے غیر شادی شدہ بچوں کو 27 سال کی عمر تک ٹکٹ فراہم ہوں گے، ریٹائرڈ اور وفات پانے والے ملازمین کے لے پالک بچوں کو سفری ٹکٹ نہیں ملے گا۔

  • پی آئی اے: دیگر ممالک کے لیے براہ راست پروازوں سے متعلق خوشخبری

    پی آئی اے: دیگر ممالک کے لیے براہ راست پروازوں سے متعلق خوشخبری

    کراچی: قومی ایئر لائن نے دیگر ممالک کے لیے براہ راست پروازوں سے متعلق خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے براہ راست پروازوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے براہ راست پروازوں کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ان تین ممالک کے لیے براہ راست پروازوں کی منصوبہ بندی پر کام تیز کر دیا گیا ہے، استنبول اور بینکاک کے لیے بھی دوبارہ براہ راست فضائی آپریشن کا پلان بنایا گیا ہے۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ برطانیہ، امریکا اور یورپی ملکوں کے لیے بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی سول ایوی ایشنز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ایاسا نے یورپی ملکوں کے لیے پروازیں چلانے کے لیے آڈٹ کا کہا ہے، آڈٹ کلیئر ہوتے ہی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

    انھوں نے کہا یورپی فضائی سیفٹی ایجنسی نے مکتوب لکھا ہے کہ وہ پاکستان آکر سول ایوی ایشن اور پی آئی اے دونوں کا آڈٹ کرنا چاہتا ہے، پی آئی اے نے اصرار کیا ہے کہ ایاسا جلد از جلد آڈٹ کرے تا کہ یورپ اور برطانیہ کے روٹس بحال کیے جا سکیں، قومی ایئر لائن آڈٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور بہت زیادہ پر امید ہے کہ پابندیاں جلد ختم ہوجائیں گی۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے کا ایک جامع بزنس پلان آیٹا نے مرتب کر لیا ہے جسے اگلے ہفتے حکومت کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، پی آئی اے کے بقا کے لیے فنانشل ریسٹرکچرنگ ناگزیر ہے جس کے بغیر کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن میں پروفیشنل لوگوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہوابازی کا بہت پوٹینشل ہے مگر بدقسمتی سے اس کو صنعت نہیں سمجھا جاتا، خلیجی ممالک میں ہوا بازی بحیثیت صنعت ملکی معیشیت کے سب سے بڑے شعبوں میں سے ایک ہے، وہاں پر قانون سازی اور بنیادی ڈھانچا ملکی ایئر لائنز اور ہوا بازی کی صنعت کے فروغ میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے مزید کہا پوری دنیا میں حکومتی پالیسی سے لے کر ایئر پورٹ کی سہولیات تک تمام عناصر ہوا بازی کو فروغ دیتی ہیں، بد قسمتی سے ہمارے ملک کی پالیسیاں اور اجازت نامے بھی خلیجی ایئر لائنز کو ترجیح دیتے ہیں، پاکستان میں سول ایوی ایشن کو ملکی ایئر لائنز اور اس صنعت سے وابستہ لوگوں کو سپورٹ کرنا ہوگا، قومی ایئر لائن کے ساتھ ساتھ تمام مقامی ایئر لائنز کو بھی ترجیح دینی ہوگی، تب ہی پاکستانی ہوا بازی ترقی کرے گی۔

  • ‘ایف بی آر کا فیصلہ پی آئی اے کی بین الاقوامی سطح پر بھی سبکی کا باعث بنے گا’

    ‘ایف بی آر کا فیصلہ پی آئی اے کی بین الاقوامی سطح پر بھی سبکی کا باعث بنے گا’

    کراچی: قومی ایئر لائن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے فیصلے پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ اکاؤنٹس کی بندش کا فیصلہ پی آئی اے کی بین الاقوامی سطح پر بھی سبکی کا باعث بنے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے قومی ایئر لائن کے اکاؤنٹس کی بندش پر ترجمان پی آئی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیکس کی مطلوب رقم 2016 سے 2020 تک کی ہے، جب کہ اس ضمن میں کابینہ کا اصلاحات تک 2016 سے 2020 کی رقم منجمد رکھنے کا فیصلہ موجود ہے۔

    پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹ منجمد کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے متضاد ہے، یہ فیصلہ پی آئی اے کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش ہے، اور یہ اقدام ادارے کی بین الاقوامی سطح پر بھی سبکی کا باعث بنے گا۔

    ایف بی آر کا پی آئی اے کیخلاف بڑا ایکشن

    ترجمان پی آئی اے نے کہا قومی ادارے نے 2021 میں 4.7 ارب نامساعد حالات کے باوجود ادا کیے، 2021 کے بقایا جات پہلے سے ہی جنوری 2022 میں ادا کیے جا رہے ہیں۔

    پی آئی اے کا کہنا ہے کہ وہ ایک قومی ادارے ہونے اور حکومت کی ملکیت ہونے کے باوجود ایسا قدم نا قابل فہم ہے۔

    واضح رہے کہ ایف بی آر نے ٹیکٹس پر فیڈریل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں، ایف بی آر ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے پچھلے 2 سال سے ٹکٹ پر وصول کیے جانے والی ایف ای ڈی جمع نہیں کرائی۔

  • ایف بی آر کا پی آئی اے کیخلاف بڑا ایکشن

    ایف بی آر کا پی آئی اے کیخلاف بڑا ایکشن

    کراچی : ایف بی آر نے ٹیکس پر فیڈریل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے، اکاؤنٹس 4 ارب روپے ٹیکس ریکوری تک منجمد رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی بحران کا شکار پی آئی اے کیلئے مشکلات میں اضافہ ہوگیا، ایف بی آر نے پی آئی اے پر ایکشن لیتے ہوئے پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔

    ذرائع ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس پر فیڈریل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر پی آئی اے کے بینک اکاونٹس منجمد کئے گئے، پی آئی اے نے 2سال سے ٹکٹ پر وصولی پرایف ای ڈی جمع نہیں کرایا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے 2سال سے جمع فیڈریل ایکسائز کے 4.50 ارب روپےادا کرنا تھے۔

    ملک بھر میں پی آئی اے کے 50 اکاونٹس منجمد کرکے ریکوری کی گئی ، اکاؤنٹس منجمد کرکے 46 کروڑ 50 لاکھ روپے ریکورکرلئےگئے ہیں۔

    ایف بی آر نے بتایا کہ پی آئی اے کے اکاؤنٹس 4 ارب روپے ٹیکس ریکوری تک منجمد رہیں گے۔

  • پرواز کی اجازت نہ ملنے کے باوجود ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے

    پرواز کی اجازت نہ ملنے کے باوجود ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے

    کراچی: پرواز کی اجازت نہ ملنے کے باوجود قومی ایئرلائن نے ہندو یاتریوں کو پاکستان پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی سول ایوی ایشن نے پاکستانی ایئر لائن کو اپنی ایئر لائن کے دباؤ پر پرواز کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، تاہم پی آئی اے نے متبادل انتظامات کے طور پر یاتریوں کو واہگہ کے ذریعے پاکستان منتقل کیا۔

    ہندو یاتریوں کا وفد دہلی سے واہگہ کے راستے لاہور پہنچا، جہاں ان کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور روانہ کر دیا گیا، واہگہ پہنچنے پر پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی جانب سے ڈسٹرکٹ منیجر لاہور عبدالمقدم خان نے وفد کا استقبال کیا۔

    واہگہ سے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست ایم این اے رمیش کمار نے یاتریوں کی قیادت کی، اور خصوصی پرواز پر 161 یاتریوں کو لاہور سے پشاور روانہ کیا گیا۔

    یاتریوں نے پی آئی اے کی خدمات کو سراہا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کی جانب سے خصوصی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔

    مقبوضہ کشمیر کے مندر میں بھگدڑ، 12 یاتری ہلاک

    سی ای او پی آئی اے نے اس موقع پر کہا قومی ایئرلائن پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی انتظامات کر رہی ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے مقدس مقامات ہیں جن کی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

    ارشد ملک نے کہا ہم نے 2021 میں شمالی علاقہ جات کے آپریشن میں توسیع کی، اور ہندو یاتریوں کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کیں، 2022 میں اس آپریشن میں مزید توسیع کے بعد بیساکھی کے لیے سکھ یاتریوں اور بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے بھی پیکج ترتیب دے رہے ہیں۔

    سی ای او پی آئی اے نے مزید کہا پی آئی اے بلاتفریق ہر مذہب کے پیروکاروں کو سہولیات فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔