Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے نے ہوا بازی کی صنعت میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

    پی آئی اے نے ہوا بازی کی صنعت میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا ، سیمولیٹر پائلٹس کی تربیت، ریفریشر کورسس اور ائیر سیفٹی کیلئے لازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ہوا بازی کی صنعت میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کا پہلا ائیربس 320 کا سیمولیٹر حاصل کرلیا ہے۔

    جدید ترین خصوصیات کا حامل سیمولیٹر اس خطے میں سب سے پہلے پاکستان میں لگے گا، سیمولیٹر پائلٹس کی تربیت، ریفریشر کورسس اور ائیر سیفٹی کیلئے لازم ہوتا ہے۔

    پاکستان میں 670 ائیربس 320 پائلٹس ہونے کے باوجود سیمولیٹر دستیاب نہیں تھا ، جس کے باعث تمام پائلٹس A320 پر تربیت اور ریفریشر کیلئے بیرون ملک جاتے تھے جبکہ تربیت کو جانچنے کیلئے سول ایوایشن کا انسپکٹر بھی طالب علم پائلٹس کے چیک کیلئے ہمراہ جاتے تھے۔

    پائلٹس کی تربیت کا نرخ تقریبا 300 ڈالر فی گھنٹا فی پائلٹ بیرون ممالک میں حاصل کیا جاتا تھا جبکہ ٹکٹوں، رہائش اور یومیہ الاونس کی مد میں کثیر زرمبادلہ مقامی ائیرلائن صرف کرتی تھیں۔

    پی آئی اے کراچی میں سیمولیٹر کمپلکس بنا رہا ہے جس میں بوئنگ 747، بوئنگ 777 اور ائیربس 320 کے سیمولیٹر ایک جگہ نصب کئے جائیں گے اور تربیت کی جگہ کو ائیرپورٹ ہوٹل سے منسلک کردیا جائے گا تاکہ طالب علم پائلٹس یکسوئی سے تربیت پر توجہ دے سکیں۔

    پی آئی اے کا سیمولیٹر موو بائی وائر آل الیکٹرک ریئل وژن نوعیت کا ہے ، سیمولیٹر حقیقی کاک پٹ کے آخر اور باہر کے ماحول کو پیدا کرتا ہے جس پر حقیقی صورت حال پر تربیت کرائی جاتی ہے۔

    پی آئی اے نے یہ سیمولیٹر برطانوی کمپنی L3 ہیرس سے حاصل کیا ہے ، معاہدے پر سی ای او پی آئی اے اور L3 ہیرس کمپنی کے صدر رابن گلوور نے دستخط کئے۔

    معاہدے کی سادہ تقریب میں برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر نے خصوصی طور پر شرکت کی ، اس موقع پر رابن گلوور نے کہا کہ پاکستان میں نئی ٹیکنولوجی کے حامل سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت کا معیار بہت بہتر ہوگا۔

    برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ گہری دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں، اس جدید ایکوپمنٹ سے پاکستان ایوایشن بہت آگے بڑھے گی اور پاکستان میں مقامی سطح پر تربیت سے غیر منسلک پر پاکستان اور پی آئی اے کا انحصار کم ہوگا۔

    پی آئی اے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ آج پی آئی اے کیلیے ایک بہت خوش آئند دن ہے اور ہمارا ایک اہم منصوبہ مکمل ہورہا ہے ، پی آئی اے اپنے پائلٹس کو بیرون ممالک سے تربیت پر بہت زیادہ وسائل خرچ کیا کرتا تھا، اس سیمولیٹر کے ملک میں لگنے سے ناصرف پی آئی اے بلکہ دیگر ملکی ائیرلائنز کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سیمولیٹر کمپلکس کراچی ائیرپورٹ پر قائم کیا جارہا ہے، جہاں تمام ائیرلائنز اور سی اے اے کا دفاتر اور تربیتی مراکز قائم ہیں، اس سیمولیٹر کے آنے سے پاکستان میں تربیت اور فضائی حفاظت کا معیار کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے مساوی ہوجائے گا۔

  • اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی

    اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی

    کراچی: سعودی عرب جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی، جس کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی ایک پرواز کے ساتھ آج دوران پرواز حادثہ پیش آیا تھا، پرواز پی کے 9753 اسلام آباد سے ریاض جا رہی تھی، جب اچانک کاک پٹ کے سائیڈ کا شیشہ خراب موسم کے باعث تڑخ گیا۔

    دوران پرواز بوئنگ ٹرپل سیون طیارے کے سائیڈ ونڈ اسکرین میں کریک کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو مرمت کے بعد ریاض روانہ کر دیا گیا تھا، اس سے قبل کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے انجینئرز نے طیارے کی ونڈو اسکرین تبدیل کر دی تھی۔

    ایئرپورٹ پر غیر معمولی صورت حال، اچانک کیا ہوگیا؟

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ونڈو گلاس اسکرین پر کریک پڑنے پر طیارے کے کپتان نے کراچی ایئر پورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے فوری رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔

    اے ٹی سی اجازت ملنے پر کپتان نے طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو رن وے پر اتارا گیا تھا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔

  • پی آئی اے کا  4 نئے جدید  طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا 4 نئے جدید طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ

    کراچی : قومی ایئرلائن(پی آئی اے) نے 4 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جدید ایئربس 320 جہاز لیز پر حاصل کیےجارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن(پی آئی اے) بزنس پلان کے تحت بیڑے میں نئے طیارے شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، پی آئی اےمیں مزید4 نئےجدید طیارے فروری تک بیڑے میں شامل ہو جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ایئربس 320 جہاز لیز پر حاصل کیےجارہے ہیں ، جس کے بعد پی آئی اے کے بیڑے میں ائیر بس طیاروں کی تعداد 18 ہو جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق موجودہ بیڑے میں 11 ائیر بس ،12 بوئنگ 777 اور6 اے ٹی آر طیارے فعال ہیں، 4 نئے طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اےکےبیڑےمیں بوئنگ777اورائیربس طیاروں کی تعداد 44 ہو جائے گی۔

    سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی سربراہی میں تاحال3 نئے طیارے بیڑے میں شامل کیے گئے ہیں، ان طیاروں سے قومی ایئرلائن اپنے مہمانوں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرے گا۔

    یاد رہے ستمبر میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے ٹینڈر کے ذریعے دو طیارے حاصل کیے تھے ، دونوں طیارے 2017ساخت کے ہیں۔

  • پی آئی اے کے ملازم کی حادثاتی موت، ادارے سے ملی رقم والد نے لے لی، بیوہ محروم

    پی آئی اے کے ملازم کی حادثاتی موت، ادارے سے ملی رقم والد نے لے لی، بیوہ محروم

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازم کی حادثاتی موت کے بعد ملازم کی بیوہ اپنا حق لینے کے لیے عدالت پہنچ گئیں، ادارے سے ملی 23 لاکھ روپے کی رقم ملازم کے والد وصول کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازم فراز احمد کی حادثاتی موت کے بعد ادارے سے ملی 23 لاکھ کی رقم والد نے وصول کرلی جس کے بعد بیوہ اور بیٹی اپنا حق حاصل کرنے سپریم کورٹ پہنچ گئیں۔

    عدالت میں دائر کردہ درخواست میں ملازم کی بیوہ نے استدعا کی ہے کہ شوہر کی جگہ نوکری اور بچی کے تعلیمی اخراجات بھی ادا کیے جائیں۔

    درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ وراثت میں والد کا شرعی حق بیوہ کو دیا جائے۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا ہے کہ دعویٰ پرانے قانون کے تحت دائر کیا گیا لہٰذا اس کی داد رسی نہیں ہوسکتی، سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ درخواست پہلے دی گئی تھی تو فیصلہ پرانے قانون کے تحت ہوگا یا نئے قانون کے تحت جس پر بیوہ کے وکیل نے کہا کہ عدالتی نظیر موجود ہے کہ فیصلہ پرانے قانون کے تحت ہوگا۔

    جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ پرانا قانون موجود ہی نہیں تو اسے کیسے نافذ کرنے کا حکم دیں، حل یہ ہے کہ پی آئی اے کو درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت دیں۔ فیصلہ خلاف آنے پر عدالت سے رجوع کا حق حاصل ہو جائے گا۔

    بیوہ کے وکیل نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ فیصلہ حق میں کردے تو مسئلہ ویسے ہی حل ہو جائے گا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ پی آئی اے بیوہ کی درخواست کا فیصلہ 2 ماہ میں کرے، تحقیق کی جائے کہ صرف ایک وارث کو 23 لاکھ کیسے ادا ہوئے؟ متوفی کے والد سے شرعی حق سے زائد رقم واپس لے کر بیوہ کو دی جائے۔

    سپریم کورٹ نے بیوہ کی درخواست کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

  • پی آئی اے  کا  فلیٹ سے ریٹائر 6 ایئربس 320 طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا فلیٹ سے ریٹائر 6 ایئربس 320 طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ

    کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) نے فلیٹ سے ریٹائر 6ایئربس 320طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا اور دلچسپی کی حامل کمپنیز کو درخواستیں جمع کرانےکی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فلیٹ سے ریٹائر 6 ایئربس 320طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، انجنز کے بغیر ان طیاروں کی قیمت کے تعین کیلئے معروف کمپنیزسے پیشکش طلب کی گئی ہے۔

    پی آئی اے کی جانب سے دلچسپی کی حامل کمپنیزکو26اکتوبردوپہر3بجےتک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بولی اسی دن 4بجے بولی دہندگان کی موجودگی میں کھولی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے گلگت ایئرپورٹ پر کھڑا اے ٹی آر طیارہ 8.3 ملین روپے میں فروخت کردیا تھا ، طیارے کی نیلامی میں کامیاب بولی گلگت کے مقامی ٹھیکیدار کو دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ناکارہ اے ٹی آر طیارے کے انجن، دیگر سامان وزن کے حساب سے فروخت کیا گیا تھا۔

    ترجمان نے بتایا تھا کہ نیلامی کے لیے اس طیارے کی قیمت 0.844 ملین رکھی گئی تھی تاہم اسے مقررہ قیمت سے10 گنا زائد پر نیلام کیا گیا۔

  • سول ایوی ایشن اور پی آئی اے میں تنازعہ

    سول ایوی ایشن اور پی آئی اے میں تنازعہ

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) میں تنازعہ بڑھ گیا، پی آئی اے پر سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی ایئرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کرلیا، ڈائریکٹر فنانس سی اے اے کے زیر دستخط مراسلہ جاری کردیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر سے پی آئی اے مسافروں کو بورڈنگ برج سروس نہیں دی جائے گی، پی آئی اے کے جہازوں کے لیے پاور سپلائی بھی حاصل نہیں ہوگی۔

    مراسلے کے مطابق پی آئی اے پر سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں، پی آئی اے پر مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز وصولی پر بھی پابندی لگا دی گئی، سی اے اے کا کہنا ہے کہ وہ مسافروں سے خود ایئرپورٹ چارجز وصول کرے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو مئی سے واجب الادا رقم پر ماہانہ 25 کروڑ بطور قسط ادا کرنا تھے، پی آئی اے نے 5 ماہ بعد بھی 1 ارب 25 کروڑ میں سے صرف 55 کروڑ ادا کیے ہیں۔

  • پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا

    پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا

    کراچی: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے بعد قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے برطانیہ کے لیے 22 ستمبر سے 30 اکتوبر تک 32 فلائٹس شیڈول کر لی ہیں، یہ شیڈول پاکستان کے ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے یہ پروازیں اسلام آباد اور لاہور سے چلائی جائیں گی۔

    22 سے 29 ستمبر کے دوران پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے 7 پروازوں کا پلان تیار کیا گیا ہے، جب کہ اکتوبر میں پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے 25 پروازوں کا شیڈول فائنل کیا ہے۔

    برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ‌ سے نکال دیا

    یاد رہے کہ قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے برطانیہ کے لیے انتظامات کی ہدایت کی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی حکومت نے ٹریفک لائٹ سسٹم میں تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    کرونا کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ نے پاکستان سمیت 8 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالا تھا، اس فیصلے کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔

    برطانوی حکومت نے ٹریفک لائٹ سسٹم کو ریڈ، امبر اور گرین لسٹ کی جگہ ریڈ اور رولسٹ سے تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کے مطابق پاکستان کا نام رو لسٹ میں ہے۔ رولسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ جانے والوں کو ہوٹل میں 10 روزہ قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

  • پی آئی اے سے اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

    پی آئی اے سے اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

    کراچی : پی آئی اے نے لاہور سے پشاور کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر اور جمعہ کو پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے لاہور سے پشاور کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے لاہور سے پشاو ر کیلئے ہفتہ وار 2پروازیں آپریٹ کرےگی، پروازیں پیر اور جمعہ کو آپریٹ ہوں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر کولاہور سے پرواز صبح11بجکر40منٹ پر پشاور روانہ ہوگی ، لاہور سے پشاور پروازکے لیےاے ٹی آر طیارہ استعمال کیا جائے گا۔

    یاد رہے اس سے قبل 7 اپریل کو قومی ایئر لائن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور سے اسکردو کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا، یہ ادارے کے لیے ایک اہم سنگ میل تھا، لاہور سے پہلی پرواز ایئر بس 320 کے ساتھ 160 مسافروں کو لے کر اسکردو پہنچی تھی۔

    خیال رہے کہ 22 اگست کو سی اے اے نے اندرون ملک فضائی سفر کے لیے مسافروں پر کورونا ویکسینیشن کی لازمی شرط کا اعلان کیا اور کہا 10 ستمبر 2021 سے اندرون ملک ویکسین کے بغیر سفر نہیں کیا جا سکے گا۔

  • پی آئی اے کی  کابل آپریشن سے متعلق وضاحت

    پی آئی اے کی کابل آپریشن سے متعلق وضاحت

    اسلام آباد : پی آئی اے ترجمان نے کابل آپریشن سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ چارٹر پروازیں آپریٹ کرنے کیلئے اجازت نامے طلب کرلیے، پروازوں کی روانگی کیلئے کچھ انتظامات کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے کابل آپریشن سے متعلق ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کابل کی عمومی پروازوں کے خواہشمند ہیں ابھی اس میں کچھ وقت ہے، کابل میں موجود چند اداروں نے پی آئی اے سے رابطہ کیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کابل کے لئے چارٹر پروازیں آپریٹ کی جائیں ، چارٹرپروازیں آپریٹ کرنےکیلئےاجازت نامےطلب کرلیے، پروازوں کی روانگی کیلئے کچھ انتظامات کی ضرورت ہے، ضروری انتظامات ابھی تک مکمل نہیں ہوئے۔

    گذشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے نے مسافروں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے کابل کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا ‏فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اےکی پرواز پیر 13 ستمبر کو صبح 7 بجکر 30 منٹ پر کابل روانہ ہو گی، جس کے لیے ‏افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اےکو لینڈنگ کی اجازت دیدی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نےکابل فلائٹ آپریشن کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے، اس آپریشن میں پی آئی ‏اے ایئربس320 طیارے استعمال کرے گی ۔

  • اندرون ملک سفر  کرنے  والے مسافروں کیلئے بڑی رعایت کا اعلان

    اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بڑی رعایت کا اعلان

    اسلام آباد : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے یوم دفاع پر اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا ، یہ سہولت یکم ستمبر سے7ستمبر تک ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون ملک سفر کرنے نے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر آگئی ، یوم دفاع کے موقع پر پی آئی اے کااندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اندرون ملک سفر کرنے کے لئے یکطرفہ کرایہ 5985مقررکردیاگیا ہے ، یہ سہولت یکم ستمبر سے7ستمبر تک ہوگی۔

    یاد رہے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا تھا، جشن آزادی کے موقع پر اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مذکورہ پیشکش 14 تا 16 اگست تک سفر کرنے پر محدود رہے گی، ٹکٹس فوری فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔