Tag: پی آئی اے

  • عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا بڑا انسان دوست مشن

    عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا بڑا انسان دوست مشن

    اسلام آباد: عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر قومی ایئر لائن نے بڑا انسان دوست مشن پورا کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا خصوصی طیارہ مزار شریف پہنچ گیا، قومی ایئر لائن کی پرواز میں انسانی ہم دردی مشن کے تحت ضروری ادویات اور خوراک کی ترسیل کی گئی ہے۔

    پی آئی اے کے خصوصی بوئنگ 777 نے خوراک اور ادویات دبئی سے مزار شریف پہنچائیں، ادارے کا کہنا ہے کہ کارگو طیارے کا مقصد افغانستان میں ادویات کی قلت کے سد باب کے لیے معاونت کرنا ہے، ادویات کی کمی کے باعث افغان بھائی مشکلات کا شکار تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان کی موجودہ صورت حال میں کابل کے علاوہ یہ پہلی بین الاقوامی کمرشل پرواز تھی، مزار شریف میں پرواز کی لوڈنگ اور زمینی انتظامات کے لیے پی آئی اے آپریشنز ٹیم ساتھ روانہ ہوئی تھی، اس ٹیم نے سی ای او پی آئی اے کے معاون عامر حیات کی سربراہی میں سفر کیا اور تمام انتظامات سنبھالے۔

    پی آئی اے پرواز کے معاملات کے لیے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے ذاتی طور پر کوشش کی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان نے بھی آپریشن میں اہم کردار ادا کیا، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی جانب سے کامیاب مشن پر ٹیم کو شاباش دی گئی، اور سیکریٹری اور وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    ارشد ملک نے کہا پاکستان نے افغانستان کے امن، صحت و سلامتی میں تعاون جاری رکھا ہے، افغانستان ہمارا برادر پڑوسی ملک ہے، معاونت اخلاقی ذمہ داری ہے، خصوصی ہدایات پر پی آئی اے انسان دوست مشن جاری رکھے گا۔

  • پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، سی این این

    پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، سی این این

    کابل: عالمی میڈیا پر کابل میں پاکستانی سفارت خانے اور پی آئی اے کی پذیرائی ہونے لگی ہے، امریکی میڈیا کمپنی سی این این نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے نہ صرف پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے سفارت خانے اور قومی ایئر لائن نے متحرک کردار ادا کیا بلکہ اس دوران دیگر غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے سلسلے میں بھی سفارت خانے اور ایئر لائن نے بہت مدد کی۔

    اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، اور انخلا میں معاونت کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ کھلا ہے۔

    سی این این نے کہا کہ پی آئی اے نے 1100 سے زائد لوگوں کو دو دنوں میں افغانستان سے بہ حفاظت نکالا، دوسری طرف پاکستانی سفارت خانہ بھی ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کر رہا ہے۔

    طالبان نے واضح کیا تھا طاقت میں آئیں گے تو اتحادی حکومت بنائیں گے: پاکستانی سفیر

    رپورٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ نکالے گئے لوگوں میں متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں، جب کہ کئی ممالک اور بین الاقوامی ایجنسیوں نے پی آئی اے سے ان کے شہری نکالنے کے لیے مدد کی درخواست کی ہے، ان میں امریکا، فلپائن، کینیڈا، جرمنی، جاپان اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

    آج اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کابل میں موجود پاکستانی سفیر منصور خان نے بتایا کہ آج بھی ایک فلائٹ کابل گئی ہے، کل 2 مزید جائیں گی۔

    سفیر کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے 4 ہزار ویزے جاری کیے ہیں، 600 ویزے افغانستان میں کام کرنے والے صحافیوں کو دیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے افغان شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں گزشتہ سال تبدیلی کی تھی، اب ویزے کے لیے لوگ آ رہے ہیں لیکن بہت زیادہ تعداد میں نہیں۔

  • پی آئی اے نے برطانوی سپریم کورٹ میں تاریخی مقدمہ جیت لیا

    پی آئی اے نے برطانوی سپریم کورٹ میں تاریخی مقدمہ جیت لیا

    لندن : پی آئی اے نے برطانوی سپریم کورٹ میں تاریخی مقدمہ جیت لیا، برٹش پاکستانی ٹریول ایجنٹ نے پی آئی اے کے خلاف مقدمہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے برطانوی سپریم کورٹ میں تاریخی مقدمہ جیت لیا، وکیل پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 5لارڈ جسٹسز نے پی آئی اےکے حق میں متفقہ فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے2012 میں پی آئی اے کی جانب سے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے معاہدے کو قانونی قرار دے دیا۔

    فرحان فارانی کا کہنا ہے کہ مقدمہ ہارنے کی صورت میں پی آئی اےکوبڑانقصان ہو سکتا تھا، پی آئی اے کئی ملین پاؤنڈ کے نقصان سے بچ گئی، یہ معاملہ اس قدر سنگین تھا کہ روس اور یوکرین نے بھی اس معاملے میں مداخلت کی، ان کے کیسز پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موثر طور پر تجارتی معاہدوں کی حدود کا تعین کرے گا اور اس کے بعد پی آئی اے کو ٹکٹوں پر فیول سرچارج کی مد میں ایجنٹس کو کمیشن ادا نہیں کرنا پڑے گا۔

    خیال رہے برمنگھم کے برٹش پاکستانی ٹریول ایجنٹ نے پی آئی اے کے خلاف مقدمہ کیا تھا،جسمیں کہا گیا تھا کہ 2012 میں معاشی دباؤ کے بعد اسے کمیشن کی ادائیگی کے بغیر نیا معاہدہ کرنے پر مجبور کیا گیا۔

  • کورونا کی چوتھی لہر ،  پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا

    کورونا کی چوتھی لہر ، پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا

    اسلام آباد : سی ای اوپی آئی اے نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے دوسری سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی چوتھی لہر میں پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، اس حوالے سے سی ای اوپی آئی اے نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا ، جس میں سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا ہے۔

    سی ای اوپی آئی اے نے ایس ای سی پی کےڈی جی انفورسمنٹ کو خط میں کہا کہ کورونا کی چوتھی لہرکےباعث دوسری سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ تیارنہیں، لاک ڈاؤن کےباعث دفتر میں کم عملہ بھی تاخیر کا باعث بنا۔

    سی ای اوپی آئی اے کا کہنا تھا کہ 30اگست کومالیاتی رپورٹ جمع نہیں ہوسکےگی، دوسری سہ ماہی کی رپورٹ جمع کرنےکےلیے30ستمبرتک وقت دیاجائے۔

    یاد رہے رواں سال جون میں اقتصادی سروے رپورٹ میں پی آئی اےکی کارکردگی سامنے آئی تھی ، سروے رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ قومی ایئرلائن کی کارکردگی کورونا کے باوجود مجموعی طورپربہتررہی ، سال 2020-21 میں پی آئی اےکی مجموعی آمدن 97ارب8کروڑرہی اور آپریٹنگ خسارہ 7 ارب روپے سے کم ہوکر صرف68 کروڑ رہ گیا۔

    اقتصادی سروے میں کہا گیا تھا کہ کورونا کے باعث تمام ایئرلائنزکی طرح پی آئی اے کا بھی فضائی آپریشن متاثرہوا ، بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کےلئےخصوصی پروازیں چلائی گئیں، 2020 میں جہازوں کی تعدادمیں کمی ہوئی لیکن روٹس میں اضافہ ہوا۔

  • کابل کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند

    کابل کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند

    کابل: افغانستان کی بدلتی صورت حال کے پیش کابل کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی گئی، پی آئی اے پرواز چین کا فضائی روٹ استعمال کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی سول ایوی ایشن نے نوٹم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی گئی۔

    نوٹم کے مطابق کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ کمرشل پروازوں کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا گیا ہے، اور کابل کی فضائی حدود صرف ملٹری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔

    امریکی فوجی جاتے جاتے اپنے کتے بھی لے گئے لیکن …

    نوٹم میں کہا گیا ہے کہ کابل کی فضائی حدود ری روٹ ہو کر آنے والی اور گزرنے والی ٹرانزٹ پروازوں کے لیے بھی بند رہےگی۔

    ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ تاشقند جانے کے لیے پی آئی اے کی پرواز اب چین کا فضائی روٹ استعمال کرے گی۔

  • کابل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے محصور طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی

    کابل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے محصور طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی

    اسلام آباد: افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخلے کے بعد، امریکا کے 4 سی ون تھرٹی طیاروں کی لینڈنگ کے لیے کابل ایئرپورٹ بند کردیا گیا جس کے بعد وہاں موجود پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 2 طیارے محصور ہوگئے تاہم بعد ازاں طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 2 طیارے محصور ہوگئے جنہیں بعد میں اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق امریکا کے 4 سی ون تھرٹی طیاروں کی لینڈنگ کے لیے کابل ایئرپورٹ کو اچانک بند کردیا گیا۔ اس موقع پر 2 امریکی ہیلی کاپٹرز نے کابل ایئرپورٹ کا محاصرہ کیا ہوا تھا۔

    ایئرپورٹ بند ہونے کے بعد پی آئی اے کے دونوں طیاروں ایئر بس 320 اور 777 کو اڑان کی اجازت نہیں دی گئی۔ 320 طیارے میں 170 اور 777 میں 329 مسافر موجود ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کچھ پاکستانی کابل ایئرپورٹ پہنچے اور انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان جانا ہے، ان کے پاس ٹکٹس موجود نہیں تھے، 8 مسافروں کو ایڈجسٹ کیا گیا۔

    بعد ازاں کابل ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کے طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے جبکہ دوسرا طیارہ کچھ دیر بعد اسلام آباد کے لیے اڑان بھرے گا۔

  • عید الاضحی کے موقع پی آئی اے کا  مسافروں کیلیے بڑا اعلان

    عید الاضحی کے موقع پی آئی اے کا مسافروں کیلیے بڑا اعلان

    کراچی : پی آئی اے نے عید الاضحی کے موقع پر مسافروں کیلئے کراچی سے 20 اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے، کراچی سے اسلام آباد کے لیے 14 اور لاہور کیلئے 6 اضافی پروازیں چلائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلاین (پی آئی اے ) نے عید الاضحی پر کراچی سے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے ، پی آئی اے 20اضافی پروازیں آپریٹ کرے گی ، اس دوران بوئنگ777 طیارے استعمال ہوں گے۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر کراچی اسلام آباد کے لیے 14پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد کے لیے یومیہ4پروازیں آپریٹ ہوں گی جبکہ کراچی سے لاہور کے لیے 6 اضافی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    انتظامیہ نے مزید کہا کہ پی آئی اے 16جولائی کو دوحہ سے 2خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں پی آئی اے نے دبئی، دوحہ اور بحرین سےپاکستان کے لیے 18 ‏پروازیں آپریٹ کرنے کا اعلان کیا تھا، پروازیں گلف ممالک سے لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دبئی سے پاکستان 10، دوحہ سے6، بحرین سے 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں ‏گی اور گلف ممالک سے فلائٹ آپریشن 6 جولائی سے 18 جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔

  • کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    کراچی طیارہ حادثہ: پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی طلبی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے گزشتہ برس ہونے والے کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ سوات کا فضائی آپریشن بند کر دیا کیونکہ ایک پرواز میں صرف 6 مسافروں نے سفر کیا۔

    سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت کیوں فراہم نہیں کر رہے جس پرڈی جی نے بتایا کہ سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا پراسس پائپ لائن میں ہے۔

    سینیٹر افنان اللہ نے دریافت کیا کہ پائلٹس کی جعلی لائسنسنگ کے معاملے پر کیا ہوا؟ جس پر ڈی جی نے بتایا کہ 262 میں سے صرف 82 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے۔ سینیٹر عون عباس نے کہا کہ لائسنس جعلی تھے تو ملوث افراد پر 302 کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیئے، کیا موجودہ وزیر سے قبل کسی کو جعلی لائسنسز کا پتہ نہیں تھا؟

    اجلاس میں کراچی طیارہ حادثے پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔

    سیکریٹری سول ایوی ایشن نے بتایا کہ پی آئی اے پر 455 ارب کے قرضے واجب الادا ہیں، کوشش ہے پی آئی اے کو 2 حصوں میں تقسیم کر لیا جائے۔ کابینہ کو ری اسٹرکچرنگ پلان بھجوایا گیا ہے۔

  • پی آئی اے کا عید پر برطانیہ اور یورپ  کیلئے خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان

    پی آئی اے کا عید پر برطانیہ اور یورپ کیلئے خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان

    کراچی : قومی ایئرلائن نے عید الاضحی پر برطانیہ اور یورپ سے پاکستانیوں کی واپسی کیلیے خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے عید الاضحی کے موقع پر برطانیہ اور یورپ سے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کیلئے خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان کردیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے لندن سے اسلام آباد کیلئے دو طرفہ چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کرے گی ، لندن سے اسلام آباد کیلئے 16جولائی اور اسلام آباد سے لندن کیلئے18جولائی کو پروازیں چلائی جائیں گی۔

    پی آئی اے پیرس سے اسلام آباد کیلئے 17جولائی کو چارٹرڈ پرواز آپریٹ کرے گی ، پی آئی اے 18جولائی کواسلام آباد سے پیرس مسافروں کو لیکر روانہ ہوگی۔

    ایئرلائن انتطامیہ  نے بتایا کہ پی آئی اے چارٹرڈ کمپنی ہائی فلائی کے ذریعے پروازیں آپریٹ کرے گی، پی آئی اے شیڈول کے مطابق دو طرفہ پروازیں برطانیہ کیلئے 22،24،28اور 31جولائی کو آپریٹ کرے گی۔

  • پی آئی اے کا کم ایندھن والے 4  نئے  جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا کم ایندھن والے 4 نئے جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کم ایندھن والے چار نئے جدید طیار ے خریدنے کا فیصلہ کر لیا، پی آئی اے کاروباری ضروریات کے مطابق نئے طیارے حاصل کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں کم ایندھن خرچ کرنےوالے 4نئے جدید طیارے شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، نیروباڈی کے 4نئے جہاز 6سالہ ڈرائی لیزپرحاصل کیےجائیں گے۔

    جولائی کے وسط میں پہلا ایئر بس 320 پی آئی اے فلیٹ میں شامل ہوجائےگا ، دوسراطیارہ اگست میں بیڑے میں شامل ہوگا جبکہ مزید 2طیارے اکتوبر اور دسمبر تک پی آئی اے کو مل جائیں گے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کاروباری ضروریات کے مطابق نئےطیارے حاصل کررہی ہے، پی آئی اے بزنس پلان میں 8 سے زائد طیارے شامل کرنے کی منصوبہ بندی ہے، پی آئی اے کے ہوائی بیڑے میں بوئنگ 777 طیارے بھی شامل کیے جائیں۔

    خیال رہے اپریل میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ایئر لائن کی ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دیتے ہوئے صدر و وزیراعظم کے وی وی آئی پی جہازوں کی مرمت کیلئے 33 کروڑ کی گرانٹ منظور کی تھی۔