Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اچھی خبر

    پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اچھی خبر

    کراچی: سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد قومی ایئر لائن نے فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے یک طرفہ اجازت نامے کے باوجود دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے پروازیں چلائے گی، کرونا وائرس کی نئی قسم کے باعث کیسز میں اضافے کی وجہ سے سعودی حکومت نے صرف یک طرفہ اجازت دی ہے۔

    پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یک طرفہ آپریشن کے باعث مالی بوجھ تو پڑے گا مگر ہم وطنوں کی واپسی بھی ضروری ہے، سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے پیر (کل) سے آپریشن شروع کر دے گی۔

    سعودی عرب: غیر ملکی مسافروں کے لیے خوش خبری

    یک طرفہ اجازت کے باعث پی آئی اے نے پاکستان تا سعودی عرب پرواز کارگو سے بھرنے کا فیصلہ کیا ہے، سی ای او کی جانب سے محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پُر کشش اور مناسب کارگو نرخ رکھے جائیں۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے کہ اس نے مشکل وقت میں قدم آگے بڑھایا، دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے کر آنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی ایوی ایشن گا کا نے ایئر لائنز کو غیر سعودی مسافروں کو ملک سے باہر لے جانے کی اجازت دے دی ہے، تاہم کرونا کی دوسری لہر سے متاثرہ ممالک کی ایئر لائنز کے لیے یہ اجازت نامہ کارآمد نہیں ہوگا۔

  • قومی ایئر لائن کی طرف سے تربت کے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    قومی ایئر لائن کی طرف سے تربت کے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: پی آئی اے نے کوئٹہ سے تربت کے لیے دو طرفہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کل سے کوئٹہ سے تربت کے لیے اپنی پروازیں شروع کر رہی ہے، پہلی پرواز دوپہر 12 بجے کوئٹہ سے تربت کے لیے روانہ ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے تربت کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، تربت کے لیے پروازیں شروع کرنے سے وہاں کے مسافروں کے لیے سفری سہولت میسر ہوگی۔

    خیال رہے کہ تربت عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ تربت کے لیے دوبار ہ پروازیں شروع کی جائیں۔

    پی آئی اے کا عوام کو تحفہ، کرایوں میں زبردست کمی

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے موسم سرما کی چھٹیوں کے لیے خصوصی رعائتی کرائے متعارف کراتے ہوئے رواں ماہ فضائی مسافروں کو خوش خبری دی تھی، کرائیوں میں 30 فی صد رعایت تمام اندرون ملک پروازوں پر دی گئی ہے۔

    اس اعلان کے بعد اندرون ملک یک طرفہ کرایہ 12 ہزار 275 سے کم ہو کر 8 ہزار 500 ہو گیا ہے، دو طرفہ کرایہ 24 ہزار 600 سے کم ہو کر 17 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

  • پی آئی اے نے گزشتہ ماہ کتنے ملازمین کو کس جرم میں نوکری سے فارغ کیا؟

    پی آئی اے نے گزشتہ ماہ کتنے ملازمین کو کس جرم میں نوکری سے فارغ کیا؟

    کراچی: قومی ایئر لائن نے گزشتہ ماہ ادارے سے مختلف وجوہ کے سبب 28 ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں سزا و جزا کا عمل جاری ہے، نومبر کے مہینے میں 43 ملازمین کے خلاف ایکشن لیا گیا جن میں سے اٹھائیس کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔

    پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کر دی، فہرست کے مطابق پی آئی اے نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل 4 ملازمین کو فارغ کیا، قوانین کی خلاف ورزی اور احکامات نہ ماننے پر بھی 4 ملازمین کو برخاست کیا گیا، بغیر اطلاع کچھ عرصے سے غیر حاضر 8 ملازمین کو بھی نوکری سے نکالا گیا۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں اور کنٹریکٹر سے رشوت لینے پر بھی 4 ملازمین کو فارغ کیا، سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے پر 2 ملازمین کو برطرف کیا گیا، بدعنوانی اور غبن میں ملوث 3 ملازمین کو نوکری سے ہاتھ دھونے پڑے، اسمگلنگ میں ملوث ایک ملازم کو بھی بر طرف کیا گیا۔

    سرکاری دستاویزات کی چوری اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے پر 2 ملازمین کو برخاست کیا گیا۔

    دوسری طرف پی آئی اے نے احکامات کے مطابق کام نہ کرنے پر 3 ملازمین کی تنزلی کر دی، ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے 3 ملازمین کی تنخواہ میں بہ طور سزا کمی کی گئی، 8 ملازمین کو تادیبی خطوط جاری کیے گئے، جب کہ 8 ملازمین ضابطے کی کارروائی کے بعد بے قصور پائے گئے۔

    پی آئی اے نے اچھی کارکردگی کے حامل 9 ملازمین کو تعریفی اسناد بھی جاری کیں جب کہ 3 ملازمین کو کیش ایوارڈز بھی دیے گئے۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تمام کارروائیاں قانون اور ضابطے کے مطابق کی گئیں، پی آئی اے میں بغیر کسی دباؤ کے سزا و جزا کا عمل جاری رہتا ہے۔

  • ایف آئی اے نے پی آئی اے کے دو عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

    ایف آئی اے نے پی آئی اے کے دو عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

    کراچی: ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کی ہدایت پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے غیر ملکی عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے میں غیر قانونی تقرری پر آسٹرین اور جرمن عہدے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالرؤف شیخ کے مطابق ہیلموٹ بیچوفنر کو بطور کنسلٹنٹ سی ای او تعینات کیا گیا تھا، ہیلموٹ کو اختیارات کا غلط استعمال کر کے تعینات کیا گیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سابق ایکٹنگ سی ای او جرمن نژاد برینڈ ہیلڈن برانڈ نے آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچوفنر کو غیر قانونی طور پر سی ای او کا کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔

    سابق قائم مقام سی ای او برینڈ ہیلڈن برانڈ کے پاس 3 ماہ کا عارضی چارج رہا، ان کی غیر قانونی تقرری سے ادارے کو 52 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سابق قائم مقام سی ای او 2017 میں جاتے ہوئے پی آئی اے کا طیارہ ساتھ لےگئے تھے، کرپشن کے مختلف الزامات کی وجہ سے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

    ذرایع کے مطابق برینڈ ہیلڈن برانڈ ابتدا میں چھٹی پر اپنے آبائی ملک جرمنی گئے تھے، جس کے بعد انھیں ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل رؤف شیخ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے سب انسپکٹر فہیم اللہ اس کیس کی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔

  • رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم : پی آئی اے کے کتنے ملازمین کو فارغ کیا جائے گا؟

    رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم : پی آئی اے کے کتنے ملازمین کو فارغ کیا جائے گا؟

    اسلام آباد : وفاقی وزیرہوا بازی غلام سرور کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں7 ہزار افراد کی ضرورت ہے اور ہمارے پاس 14 ہزار ملازمین ہیں، 7 ہزار کو وی ایس ایس اسکیم کے تحت فارغ کرنا ہے۔

    تفصلات کے مطابق وفاقی وزیرہوا بازی غلام سرور نے اپنے بیان میں کہا کہ پی آئی اے جن لوگوں کونکال رہاہے ان کومطمئن کریں گے، ڈی جی سی اےاے کے حوالے سے عدالت کاحکم ہے تعیناتی کردیں گے۔

    مشکوک لائسنس کے حوالے سے وفاقی وزیرہوا بازی کا کہنا تھا کہ فرانزک انکوائری ہوئی،262پائلٹس کےلائسنس مشکوک پائےگئے، اس حوالےسےکوئی بھی غلط انفارمیشن نہیں دی گئی، مشکوک لائسنس والےپائلٹس کی انکوائری بھی ہوئی،انہیں سنابھی گیا اور جولوگ درست ثابت ہوئےانہیں کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔

    غلام سرور نے مزیدکہا کہ 82پائلٹس ملوث پائےگئے جس پران کےخلاف ایکشن لیا گیا، جوبھی کیاقومی مفادمیں کیاکچھ بھی غلط نہیں ہوا،وزیرہوابازی غلام سرور

    ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کےلیے600امیدواروں نے اپلائی کیا ، 18امیدواروں کوشارٹ لسٹ کیاوہ بھی مطلوبہ میعارپرپورےنہ اترے، ماضی میں پی آئی اےمیں سیاسی بنیادوں پربھرتیاں کی گئیں۔

    رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے میں 7ہزار افراد کی ضرورت ہے اور ہمارے پاس 14ہزار ملازمین ہیں، 7ہزار کو وی ایس ایس اسکیم کے تحت فارغ کرنا ہے۔

  • کرونا وائرس کی دوسری لہر، پی آئی اے کا پروازوں میں کھانے کے حوالے سے اہم قدم

    کرونا وائرس کی دوسری لہر، پی آئی اے کا پروازوں میں کھانے کے حوالے سے اہم قدم

    کراچی: کرونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے پی آئی اے نے اندرون ملک جانے والی پروازوں میں کھانے کی فراہمی بند کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت قومی ایئر لائن نے دوران پرواز کھانے کی فراہمی بند کر دی، مسافروں کو دی جانے والی کھانے پینے کی دیگر چیزوں کے مینیو میں بھی تبدیلی کر دی گئی۔

    تمام پروازوں کے دوران گرم مشروبات پیش کرنے پر پابندی ہوگی، مسافروں کو پرواز میں پہلے سے بند ٹھنڈے مشروبات پیش کیے جائیں گے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں صرف ڈبے میں پیک اشیا اور ٹھنڈے مشروبات پیش کیے جائیں گے، ذرایع کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک نے کھانے کی سروسز میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

    کھانے کے مینیو میں تبدیلی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، قومی ایئر لائن نے سعودی عرب سیکٹر کے لیے اسنیکس، کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور مفن پیش کرنے جب کہ کافی یا چائے پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی سیکٹر سے واپسی کی پرواز پر کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور بسکٹ پیش کیے جائیں گے، کابل اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں صرف ہلکی پھلکی غذائیں یعنی اسنیکس پیش کیے جائیں گے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کھانے کی سروس میں تبدیلی حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں اور عملے کے ارکان کے درمیان رابطے کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

  • پی آئی اے کا سعودی عرب کے شہر القسیم کے لیے پروازوں کا آغاز

    پی آئی اے کا سعودی عرب کے شہر القسیم کے لیے پروازوں کا آغاز

    ملتان: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب شہر القسیم کے لیے پروازوں کا آغاز کردیا، پی آئی اے کی پہلی پرواز ملتان سے 96 مسافروں کو لے کر القسیم روانہ ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پہلی پرواز ملتان سے 96 مسافروں کو لے کر سعودی عرب کے شہر القسیم روانہ ہوگئی، ملتان ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر و عملے نے مسافروں کو الوداع کیا۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے القسیم کے لیے ایئربس 320 طیارے آپریٹ کرے گی، القسیم میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے جنہیں پی آئی اے کی پروازوں سے سفری سہولیات میسر ہوگی۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے القسیم کے لیے ملتان اور اسلام آباد سے پروازیں جاری رکھے گی، القسیم اور البریدہ میں رہنے والے پاکستانیوں کا عرصہ دراز سے مطالبہ تھا کہ براہ راست پروازیں شروع کی جائیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق القسیم ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پہنچنے والی پہلی پرواز کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا جائے گا۔

    پی آئی اے کی پروازیں بدھ اور جمعہ کو بالترتیب ملتان اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی اور 40 کلو سامان کی حد کے ساتھ تعارفی کرایہ بھی ان پروازوں پر لاگو ہوگا۔

  • یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں کی بندش، پی آئی اے کو ماہانہ9 ارب سے زائد خسارہ

    یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں کی بندش، پی آئی اے کو ماہانہ9 ارب سے زائد خسارہ

    اسلام آباد : پی آئی اے کو یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں کی بندش کے باعث ماہانہ نو ارب روپے سے زائد مالی خسارے کا سامنا ہے، پابندیوں کی صورت میں مزید 54 ارب کے خسارے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ اور برطانیہ کیلیے پروازوں کی بندش کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے ریونیو کے خسارے کا سامنا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پروازوں کی بندش سےماہانہ9 ارب سے زائدخسارہ ہے ، گذشتہ عرصہ میں 250 ارب کا نقصان ہوا تاہمپابندیاں برقرار رہنے کی صورت آئندہ چھ ماہ تک مزید 54 ارب کے مالی خسارے کا خدشہ ہے۔

    اکاو کی جانب سے پی آئی اے کا آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے تاہم سول ایویشن اتھارٹی کا ستمبر میں ہونے والا بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کا آڈٹ نہ ہو سکا ۔

    یہ آڈٹ پائلٹس اسکینڈل کے بعد میں سول ایوایشن کی بین القوامی قوانین کے ساتھ ہم آہنگی اور صلاحیت جانچنے کیلئے تھا ۔

    اکاو نے سول ایویشن اتھارٹی کا آڈٹ مارچ یا جولائی 2021 میں کرنے کی نئی تاریخ دے دی ، سول ایوی ایشن کا آڈٹ نہ ہو نے سے یورپی یونین کی عائد سفری پابندیاں آئندہ سال تک کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

  • بیرون ملک جانے والے مسافر کن لیبارٹریز سے کرونا ٹیسٹ کروائیں گے؟

    بیرون ملک جانے والے مسافر کن لیبارٹریز سے کرونا ٹیسٹ کروائیں گے؟

    کراچی: قومی ایئر لائن نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ سے متعلق ہدایات نامہ جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی پروازوں سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے مختص کردہ لیبارٹریز ہی سے ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں پی آئی اے نے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹریوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔

    ہدایات کے مطابق دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کو شوکت خانم اور آغا خان لیبارٹری سے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہے، ابوظبی جانے والے مسافر ایکسل لیب، شفا لیب، ایڈوانس لیبارٹری سے ٹیسٹ کروائیں گے۔

    دوحہ جانے والے مسافروں کو ایکسل لیب، آغا خان لیب اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری سے ٹیسٹ کروانے کی ہدایات دی گئی ہیں، جب کہ کویت جانے والے مسافر جیری لیب اور شوکت خانم سے کرونا ٹیسٹ کروائیں گے۔

    چین جانے والے مسافر ایڈوانس لیب، چلڈرن اسپتال، شفا انٹرنیشنل اسپتال اور معروف انٹرنیشنل اسپتال سے کرونا ٹیسٹ کروائیں گے۔

    دبئی کا سفر کرنے والوں کے لیے نئی سفری ہدایت جاری

    سعودی عرب اور کینیڈا جانے والے مسافروں کے لیے ایکسل لیب، آغا خان لیب، ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری، شوکت خانم لیبارٹری اور شفا لیب سے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی حکام کی جانب سے بھی پاکستانیوں کو نئی ٹریول ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا تھا کہ صرف ان لیبارٹریز کی کرونا ٹیسٹ رپورٹس قابل قبول ہیں جو دبئی حکام کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

  • پی آئی اے سربراہ کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم قدم

    پی آئی اے سربراہ کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم قدم

    کراچی: قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے یورپ کے لیے متبادل ذرایع سے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے، یہ دورہ متبادل ذرایع سے یورپ کا فلائٹ آپریشن بحال کرانے کے لیے ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے دورے کے دوران ٹرکش ایئر لائن کے سی ای او بلال اکشی اور چیرمین الکر آئچی سے ملاقاتیں کیں، جن میں ‎پی آئی اے اور ٹرکش ایئر لائن کے مابین جاری کوڈ شیئرنگ معاہدے کو وسعت دینے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

    ملاقاتوں میں ‎ٹرکش ایئر لائن کی جانب سے پی آئی اے کے ساتھ کارگو اشتراک کے لیے بھی درخواست کی گئی۔

    ‎سی ای او ارشد ملک نے نئے استنبول ایئر پورٹ کا بھی دورہ کیا اور ایئر پورٹ انتظامیہ سے بات چیت کی، اس موقع پر بڑی اسکرینوں پر پی آئی اے سربراہ کو پاکستان اور ترکی کے پرچموں کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ بات چیت میں ارشد ملک نے ‎پی آئی اے کے استنبول کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔