Tag: پی آئی اے

  • طیارے حادثے میں جاں بحق47میں سے30افراد کی شناخت ہوگئی

    طیارے حادثے میں جاں بحق47میں سے30افراد کی شناخت ہوگئی

    اسلام آباد: حویلیاں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے47افراد میں سےاب تک 30میتوں کی شناخت ہوچکی،جبکہ 17میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کےمطابق حویلیاں طیارہ حادثے میں شناخت ہونے والی میتوں میں مذہبی اسکالر جنید جمشید اور اُن کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔طیارے کے پائلٹ،کو پائلٹ اور ائیرہوسٹس کی میت کی بھی شناخت ہوچکی ہے۔

    پمز اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو دن میں طیارہ حادثےمیں جاں بحق دیگر سترہ میتوں کی بھی شناخت ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں: حویلیاں طیارہ حادثہ،47افراد شہید

    یاد رہے کہ7دسمبر کو طیارےکوحادثہ پیش آیا تھا۔آٹھ دسمبر کو شہداکی میتیں اسلام آباد پمز اسپتال لائی گئیں تھیں۔جہاں پرمیتوں اور لواحقین کے نمونے لئے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ نو دسمبر سے میتوں کی شناخت کا عمل شروع ہوا تھا،جبکہ8افراد کی شناخت پہلے ہی دن ان کے سامان کی مدد سے ہوگئی تھی۔

  • جدہ : پی آئی اے کا ایک اور طیارہ تباہی سے بچ گیا

    جدہ : پی آئی اے کا ایک اور طیارہ تباہی سے بچ گیا

    جدہ : پی آئی اے کا ایک اور جہاز تباہی سے بچ گیا، جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے بوئنگ 777 کے ایک طیارے میں آگ لگ گئی، پرایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے سے دھواں نکلتا دیکھ کر فائر بریگیڈ کو اطلاع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ ایئر پورٹ پر ملتان روانگی کیلئے تیار پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 سے اچانک دھواں نکلنے لگا.

    پی آئی اے کا عملہ طیارے سے دھواں نکلنے سے لاعلم تھا، پی آئی اے عملے کی لاعلمی کے باوجود ایئر ٹریفک کنٹرولر نے ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا.

    ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 740 جدہ سے ملتان کیلئے پہلے ہی 9 گھنٹے سے زائد تاخیرکا شکار تھی۔ خوش قسمتی سے وقوعہ کے وقت جہاز میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا.

    پی آئی اے حکام کے مطابق طیارے کا جنریٹر سسٹم میں فنی خرابی ہوگئی تھی اور اے ٹی یو سسٹم بھی کام نہیں کررہا تھا، طیارے کے پرزہ جات کراچی سے جدہ بھیج دیئے گئے ہیں، طیارہ ٹھیک ہوتے ہی پرواز کو ملتان کیلئے روانہ کردیاجائے گا۔

  • طیارہ حادثہ: تحقیقات کے لیے فرانس کی 4 رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    طیارہ حادثہ: تحقیقات کے لیے فرانس کی 4 رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانس کی چار رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

    طیارہ حادثے کی تحقیقات میں تیزی آگئی۔ فرانس کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

    چار رکنی تحقیقاتی ٹیم میں انجن بنانے والے پی ڈبلیو کے دو ارکان اور دو ارکان اے ٹی آر بنانے والی کمپنی کے شامل ہیں جنہیں ایس آئی بی کی جانب سے بریفنگ اور طیارے کے تمام ریکارڈز سےمتعلق آگاہ کیا گیا۔

    ٹیم میں اے ٹی آر طیارے بنانے والی فرانسیسی کمپنی کے ماہرین بھی شامل ہیں۔ ماہرین کی ٹیم جہاز میں دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی سمیت دیگر عوامل کے حوالے سے تحقیقات کرے گی۔

    واضح رہے کہ 7 دسمبر کی شام چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 حویلیاں کے نزدیک حادثے کاشکار ہوگئی تھی۔ جہاز میں عملے سمیت 47 افراد سوار تھے۔

    حادثے میں معروف نعت خواں اور اے آر وائی کے ٹی وی میزبان جنید جمشید بھی اپنی اہلیہ سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اب تک حادثے میں شہید ہونے والے کئی افراد کی تدفین کی جاچکی ہے، بقیہ افراد کی شناخت کاعمل ڈی این کے ذریعے جاری ہے۔ حادثے کے بعد پی آئی اے کے چیئرمین بھی مستعفی ہو چکے ہیں۔

  • پی آئی اے کی پرواز26گھنٹےتاخیرکےبعدلندن سےکراچی روانہ

    پی آئی اے کی پرواز26گھنٹےتاخیرکےبعدلندن سےکراچی روانہ

    لندن : لندن سےکراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز 26 گھنٹے تاخیر کےبعدکراچی کےلیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 788 کو تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ روزلندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روک لیا گیاتھا۔پرواز میں تاخیر کی وجہ سے لندن ایئرپورٹ پرمسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 کو معمولی تکنیکی خرابی کے باعث گذشتہ رات ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر روکا گیا،تاہم اب طیارے کی خرابی دور کردی گئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پرواز منسوخ کیے جانے کے بعد تمام مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیاتھااورپرواز آج صبح لندن سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

    پی آئی اے کی پرواز تقریباً چھبیس گھنٹے تاخیر کاشکار ہوئی۔پرواز میں تین سو پچاس مسافرہیں۔

    مزید پڑھیں:پی آئی اے کے ایک اور اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی

    خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک اور مسافر اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا،تاہم اے ٹی آر طیارہ بڑے حادثے سے محفوظ رہاتھا۔

    مزید پڑھیں:شیک ڈاؤن ٹیسٹ‘پی آئی اے کےاے ٹی آر طیارےگراؤنڈ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کےتمام اے ٹی آرطیاروں کو چانچ پڑتال کےلیےگراؤنڈ کردیاگیاتھا۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 47 افراد سوار، تمام شہید

    واضح رہے کہ 7دسمبر کو پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا اے ٹی آر مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے سے جہاز کے عملے سمیت47افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • شیک ڈاؤن ٹیسٹ‘پی آئی اے کےاے ٹی آر طیارےگراؤنڈ

    شیک ڈاؤن ٹیسٹ‘پی آئی اے کےاے ٹی آر طیارےگراؤنڈ

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کےتمام اے ٹی آرطیاروں کو چانچ پڑتال کےلیےگراؤنڈ کردیاگیا۔

    تفصیلات کےمطابق پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا تھا کہ طیاروں کی چیکنگ کےعمل کی تکمیل تک تمام 10 اے ٹی آرطیارے گراؤنڈ رہیں گے۔

    پی آئی اے کےترجمان کےمطابق عارضی طور پراے ٹی آر آپریشن معطل ہونے سے ملک کے چھوٹےایئرپورٹس کے لیے پروازیں متاثر ہوں گی،جن میں گوادر، تربت، پنجگور، موہنجو دڑو، ژوب، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسمٰعیل خان، چترال اور گلگت شامل ہیں۔

    ترجمان پی آئی اےدانیال گیلانی کے مطابق سول ایوی ایشن کی جانب سےطیاروں کی کلیئرنس کے بعد اے ٹی آرآپریشن شروع کردیا جائے گا۔

    پی آئی اے نے مسافروں کو ہونے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ ایئر پورٹ روانگی سے قبل اپنی مطلوبہ پرواز کے لیے پی آئی اے کال سینٹر سے ضرور رابطہ کر لیں۔

    دوسری جانب اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ ہونے سے درجنوں پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 47 افراد سوار، تمام شہید

    واضح رہے کہ 7دسمبر کو پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا اے ٹی آر مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے سے جہاز کے عملے سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • سانحہ حویلیاں، خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو کلین چٹ دے دی

    سانحہ حویلیاں، خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو کلین چٹ دے دی

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے پی آئی اے کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز پہلے سےخراب نہیں تھا،پروازوں میں تکنیکی ضابطوں پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہے تھے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی تاہم وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی کے عوام کے لیے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں جس کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت وزیراعلیٰ سندھ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت حکومت کے خلاف دھرنا دینے کی دھمکی کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے تو زیادہ بہتر ہوگا سندھ میں غربت نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں لوگوں کو پینے کے لیے صاف پانی بھی میئسر نہیں ہر ماہ تھر میں سیکڑوں معصوم بچے غذائی کمی کا شکار ہر کر اپنے والدین کو ہمیشہ کے لیے روتا چھوڑ جاتے ہیں۔


    Saad Rafique comes down hard on PPP by arynews

    حویلیاں کے مقام پر پی آئی اے طیارے کی تباہ ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے پی آئی اے کو کلین چٹ دے دی انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ جہاز پہلے سے ہی خراب تھا، جہازوں کے اڑان بھرنے سے قبل تکنیکی ضابطوں پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر نے پی پی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے نواز شریف کی حکومت آئی ہے لوگوں نے پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے اور یہاں تجارتی منصوبے شروع کیے ہیں ورنہ آپ کی حکومت کے دوران کوئی تاجر پیسہ لگانے کو تیار نہیں تھا۔

  • پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بچ گیا

    لاہور: پی آئی اے کی ابوظبی سے لاہور آنے والی پرواز سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا تاہم  پائلٹ نے طیارہ بحفاظت لینڈ کرالیا تمام مسافر محفوظ رہے اور جہاز کسی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔

    طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات لاہور ایئرپورٹ پر معمول بن چکے ہیں، اس میں سب سے بڑی ذمہ دار سول ایوی ایشن اتھارٹی ہے، اس کا کام یہی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی غیر معمولی آمدورفت کو روکنے کے لیے اقدامات کرے لیکن وہ پرندوں کی آمد روکنے میں ناکام ہے اور لاہور ایئر پورٹ اس حوالے سے خطرناک بن چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ لاہور واصف محمود نے بتایا کہ  آج بھی ایسا ایک واقعہ پیش آیا، پی کے پی آئی اے کی ابوظبی سے لاہور آنے والی  فلائٹ 264 ایئرپورٹ پر لینڈ کررہی تھی کہ دوران لینڈنگ اس کی اسکرین سے ایک پرندہ ٹکرا گیا اور جہاز کو نقصان پہنچا پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کو بحفاظت لینڈ کرادیا جہاز اور مسافر محفوظ رہے۔

    رپورٹر نے بتایا کہ جہاز کو مرمت کے لیے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس حوالے سے پی آئی اے بھی متعدد بار سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرندوں کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کرچکی ہے تاہم سی اے اے نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

  • جہاز کے حادثے کی صورت میں کیا ان اقدامات سے جان بچانا ممکن ہے؟

    جہاز کے حادثے کی صورت میں کیا ان اقدامات سے جان بچانا ممکن ہے؟

    گزشتہ روز چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ پی کے 661 حادثے کا شکار ہوگیا جس میں سوار تمام 47 مسافر اپنی جانیں گنوا بیٹھے، اور یہ کوئی پہلا حادثہ نہیں۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال کئی جہازوں کو حادثے پیش آتے ہیں۔ ان میں سے کچھ حادثے معمولی ہوتے ہیں اور ان میں موجود مسافر اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تاہم زیادہ تر طیارے زمین پر گر کر مکمل تباہ ہوجاتے ہیں۔

    فضا میں ہونے اور زمین پر گرنے کے سبب طیارہ حادثہ کسی ٹریفک حادثے سے بالکل مختلف ہوتا ہے اور اس میں بچنے کے امکانات بھی بے حد کم ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے میں 8 حیرت انگیز حقائق

    البتہ ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں کوئی ہنگامی صورتحال پیش آنے کی صورت میں کچھ حفاظتی اقدامات اپنا کر اپنی زندگی بچانے کا امکان پیدا کیا جاسکتا ہے۔

    آئیے آپ بھی جانیں کہ وہ حفاظتی اقدامات کیا ہیں۔

    کیا طیارے میں کوئی محفوظ سیٹ ہے؟

    لندن کی گرین وچ یونیورسٹی نے سنہ 2011 میں ایک ’پانچ قطاروں کے اصول‘ کا نظریہ پیش کیا۔ اس نظریے کے مطابق اگر آپ ایمرجنسی ایگزٹ کے نزدیک 5 قطاروں میں موجود کسی سیٹ پر بیٹھے ہیں تو کسی حادثے کی صورت میں آپ کے بچنے کا امکان زیادہ ہو سکتا ہے۔

    plane-post-1

    تاہم امریکی ایوی ایشن کے ماہرین نے اس کو یکسر مسترد کردیا۔

    امریکا کے وفاقی ہوا بازی کے ادارے سے تعلق رکھنے والے ان ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں کوئی بھی سیٹ محفوظ نہیں کہی جاسکتی۔ ’کسی حادثے کی صورت میں تمام مسافروں اور عملے کو یکساں خطرات لاحق ہوتے ہیں‘۔

    plane-new

    ان کا کہنا ہے کہ بچنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ جہاز کو کس قسم کا حادثہ پیش آیا ہے۔ مثال کے طور پر اگر ایمرجنسی ایگزٹ کے قریب آگ بھڑک اٹھی ہے تو ظاہر ہے اس سے سب سے زیادہ خطرے میں وہی افراد ہوں گے جو اس ایگزٹ کے نزدیک بیٹھے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثے کی صورت میں جہاز کا ہر حصہ مختلف انداز سے متاثر ہوتا ہے لہٰذا یہ کہنا بالکل ناممکن ہے کہ جہاز کی کوئی سیٹ بالکل محفوظ ہے۔

    حفاظتی اقدامات غور سے سنیں

    plane-post-2

    جہاز کے اڑان بھرنے سے قبل کیبن کریو یا ویڈیو کے ذریعہ بتائی جانے والی حفاظتی اقدامات اور تراکیب یقیناً بوریت کا باعث بنتی ہیں، لیکن اگر آپ نے انہیں غور سے سنا ہو اور یاد رکھا ہو تو کسی ہنگامی صورتحال میں یہی آپ کے لیے کار آمد ثابت ہوتی ہیں۔

    سیفٹی کارڈ کو پڑھیں

    plane-post-3

    آپ کی آگے کی سیٹ کی پشت میں جیب میں ایک کارڈ رکھا ہے۔ اسے کھول کر پڑھیں۔ یہ آپ کو بتاتا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں کیا کرنا ہے، اور جہاز میں موجود آلات و سہولیات کیسے آپ کی جان بچا سکتے ہیں۔

    مضبوطی سے بیٹھیں

    plane-post-4

    بعض اوقات جہاز کو لگنے والا معمولی سا جھٹکا بھی آپ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اگر آپ آرام دہ حالت میں بیٹھے ہوں۔ آپ آگے کی سیٹ سے ٹکرا کر زخمی ہوسکتے ہیں یا آپ کے سامنے رکھا سامان آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔

    آپ کو علم ہونا چاہیئے کہ ہنگامی صورتحال میں آپ کے پاس صرف چند سیکنڈز ہوتے ہیں جن میں آپ کو خود کو ہر ممکن حد تک محفوظ پوزیشن پر لانا ہوتا ہے۔ اس کا علم آپ کو دیے گئے حفاظتی کارڈ میں درج ہوتا ہے۔ بہتر ہے کہ اسے پہلے سے پڑھ اور سمجھ لیں۔

    ایمرجنسی ایگزٹ دیکھیں

    plane-post-5

    plane-post-9

    جہاز میں داخل ہو کر سب سے پہلے ایمرجنسی راستوں کو دیکھیں اور انہیں ذہن نشین کرلیں۔ ہنگامی صورتحال میں ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں اور دماغ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات آپ ایمرجنسی گیٹ کے قریب ہونے کے باوجود اسے نہیں دیکھ سکتے۔

    انتظار مت کریں

    plane-post-11

    کیا آپ جانتے ہیں جہاز کے کسی حادثے کا شکار ہونے کی صورت میں آپ کے پاس جہاز سے نکلنے کے لیے صرف 90 سیکنڈز ہوتے ہیں؟ اگر آپ کی زندگی لکھی ہوگی تو آپ انہی 90 سیکنڈز میں اپنی جان بچا سکتے ہیں وگرنہ نہیں۔

    ایسے موقع پر اگلے اٹھائے جانے والے قدم یا دیگر افراد کا انتظار کرنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

    لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران الرٹ رہیں

    plane-post-6

    ایک تحقیق کے مطابق جہاز کے اکثر حادثے لینڈنگ (زمین پر اترنے) اور ٹیک آف (زمین سے آسمان کی طرف بلند ہونے) کے دوران پیش آتے ہیں۔ ان دنوں مواقعوں پر سخت الرٹ رہیں۔ ذہن بھٹکانے والی چیزوں جیسے موبائل، کتاب وغیرہ کو بیگ میں رکھ دیں۔

    اگر آپ نے سارا سفر سوتے ہوئے گزارا ہے تب بھی ضروری ہے کہ لینڈنگ سے پہلے جاگ جائیں اور دماغ کو حاضر رکھیں۔

    plane-post-7

    اسی طرح جہاز کے سفر سے پہلے الکوحل کے استعمال سے بھی گریز کیا جائے۔ یہ آپ کی صورتحال کو سمجھنے اور فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرے گی۔

    مزید پڑھیں: لینڈنگ کے وقت کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟

    موزوں لباس پہنیں

    plane-post-8

    جہاز میں سفر کے لیے آرام دہ اور آسان کپڑے منتخب کریں۔ ہائی ہیلز سے بالکل اجتناب کریں۔ گھیر دار اور اٹکنے والے کپڑے بھی نہ پہنے جائیں۔

    ایسے آرام دہ کپڑے پہنیں جو ہنگامی حالات میں بھاگنے کے دوران آپ کے لیے رکاوٹ نہ پیدا کریں۔

    جسمانی حالت

    plane-post-10

    ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو فربہ ہیں، یا سستی سے حرکت کرتے ہیں وہ ہنگامی صورتحال میں نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی مشکل کا باعث بن سکتے ہیں۔

    خراب ریکارڈ والی ایئر لائنز سے پرہیز

    airline

    بعض ایئر لائنز کا سیفٹی ریکارڈ بہت اچھا ہوتا ہے۔ گو کہ ناگہانی حادثہ تو کبھی بھی کسی کو بھی پیش آسکتا ہے، تاہم کچھ ایئر لائنز اپنی جانب سے مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔ فضائی سفر کے لیے ہمیشہ ایسی ہی ایئر لائن کا انتخاب کیا جائے جن کا سیفٹی ریکارڈ اچھا ہو۔

    اس کے برعکس ایسی ایئر لائنز جن کے طیاروں میں اکثر خرابی کی اطلاعات سامنے ہوتی ہوں، کوشش کی جائے کہ ان میں سفر سے گریز کریں۔


     

  • طیارہ حادثہ: ایئرہوسٹس سمیت 6 افراد کی شناخت

    طیارہ حادثہ: ایئرہوسٹس سمیت 6 افراد کی شناخت

    ایبٹ آباد: ایوب میڈیکل کمپلیکس کے مطابق چترال حادثے میں ایئرہوسٹس سمیت 6 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ جنید جمشید اور ڈی سی او چترال کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    چترال جہاز حادثے میں جاں بحق افراد کے غمزدہ لواحقین غم سے نڈھال ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کے ہاہر جمع ہیں جو اپنے پیاروں کی میتوں کی شناخت کے منتظر ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 48 افراد جاں بحق

    جاں بحق افراد میں چترال کے محمد نواز، محمد تکبیر خان، فرہاد عزیز، سمیع اللہ اور احسن خان نامی افراد کو شناخت کرلیا گیا ہے۔ ایئر ہوسٹس کی میت کو ان کے شوہر نے لاکٹ کی مدد سے شناخت کیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دیگر میتوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے میاں اختر محمود کے لواحقین بھی میت کے لیے پریشان ہیں۔

    مزید پڑھیں: طیارہ اڑان بھرتے ہی بائیں جانب جھک گیا تھا، خرابی کا انکشاف

    ایوب میڈیکل کمپلیکس ذرائع کے مطابق اسپتال لائی گئی تمام میتوں کے خون کے ٹیسٹ بین الاقوامی قوانین کے مطابق مکمل کیے گئے ہیں۔ تمام میتوں کو اسلام آباد میں تصدیق کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

  • پاکستان میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ

    پاکستان میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ

    دنیا بھر میں آج شہری ہوا بازی کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد مسافروں کو محفوظ ترین سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ہوا بازی کے اہم شعبے کو جدید خطوط استوار کرنا ہے۔

    دور جدید میں فضائی سفر کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ ہوائی سفر نے دنوں کے فاصلوں کو سمیٹ کر رکھ دیا ہے۔ شہری ہوا بازی کی عالمی تنظیم 7 دسمبر 1944 کو قائم کی گئی جس کے تحت ہر سال ہوا بازی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

    پاکستان کی سول ایو ی ایشن اتھارٹی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام نہیں دے پا رہی۔ مختلف ایئرپورٹس پر پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔

    مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے 8 حیرت انگیز حقائق

    اس کے ساتھ رات کے اوقات میں مختلف ایئرپورٹس پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران لیزر لائٹس مارنے کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں جو کہ طیاروں کے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر عامر محبوب کا کہنا ہے کہ ملک میں شہری ہوا بازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں مختلف ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آتی ہیں۔ اکثر ایئر پورٹ پر جہازوں سے دوران پرواز پرندوں کے ٹکرانے کے خطرات لاحق رہتے ہیں۔

    رواں سال پی آئی اے سمیت غیر ملکی طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 73 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس کی وجہ سے جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    مزید پڑھیں: جہاز میں کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟

    اس کے ساتھ ہی ملک کے بڑے ایئرپورٹ کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور ایئرپورٹ پر رات کے دوران لینڈنگ اور ٹیک آف کے وقت جہازوں پر لیزر لائٹس مارنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

    پالپا کے صدر کیپٹن خالد حمزہ نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرندوں کے خاتمے کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کرنے ہوں گے۔

    رات کے وقت اکثر طیاروں سے لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران طیاروں کو لیزر لائٹ مارنا انتہائی خطرناک ہوتا ہے۔ ان کی روک تھام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو اقدامات کرنا ہوں گے۔