Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے و دیگر نجی ائیرلائنز کا حج آپریشن آج سے شروع

    پی آئی اے و دیگر نجی ائیرلائنز کا حج آپریشن آج سے شروع

    کراچی : پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائن آج سے قبل از حج آپریشن شروع کر رہی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ملک بھر کے ائیرپورٹس پر عازمین حج کی روانگی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 4 اگست سے ہور ہا ہے اور اس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

    چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے ائیر لائن کے متعلقہ شعبوں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    پی آئی اے اس سال ملک کے 10 شہروں سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان ، سکھر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

    قبل از حج آپریشن کے دوران پی آئی اے265 خصوصی بشمول شیڈول پروازوں کے ذریعے تقریباً51 ہزار عازمین کو جدہ اور مدینہ منورہ پہنچائے گی۔ قبل از حج آپریشن 4 اگست سے شروع ہو گا اور اس کا اختتام5 ستمبر کو ہوگا۔

    قبل از حج آپریشن کی پہلی پرواز PK-2503 ،04 اگست کو صبح 4.25 پر اسلام آباد سے 328 عازمین کو لے کر روانہ ہو گی۔

     

  • پی آئی اے میں انتظامیہ کا اختیار نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین اعظم سہگل

    پی آئی اے میں انتظامیہ کا اختیار نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین اعظم سہگل

    کراچی : چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا ہے کہ ادارے میں انتظامیہ کی عمل داری اور اختیار نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کی بڑی مثال عملے اور طیاروں کی تعداد کا تناسب ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئرمین اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں مستقل ملازمین اندازاً 14 ہزار ہیں اور چار ہزار کے قریب دہاڑی دار ہیں جو عرصے سے کام کر رہے ہیں تب سے جب ہمارے پاس 14 یا 15 طیارے تھے۔

    ہمیں اب دستیاب طیاروں کے حساب سے چار ہزار افراد کی ضرورت ہے۔ آپ اس سے اندازہ لگا لیں کہ ہماری انتظامیہ کی اس پی آئی اے میں عملداری کتنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عملے کے انتخاب سے لے کر اگر کمپنی کارکردگی کی بنیاد پر کسی کو برخاست کرنا چاہے تو بھی نہیں کر سکتی۔

    انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ’انتظامیہ کی عملداری بالکل نہیں ہے۔ ہماری انتظامیہ کی طاقت بالکل نہیں ہے۔‘ اور یہ خیال بھی ایک حد تک درست ہے کہ پی آئی اے کی ’انتظامیہ یونینز کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔

    اعظم سہگل نے بتایا کہ ایئرلائن میں احتساب کے فقدان کی بڑی وجہ یونین اور ایسوسی ایشنز کا حد سے زیادہ اثر و رسوخ ہے۔

    پی آئی اے کی نجکاری کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ہڑتال اور بعد میں سیاسی جماعتوں کی مخالفت کی وجہ سے ’حکومت نے 26 فیصد حصص کی نجکاری کرنے کے فیصلے کو بدلا اور اب کمپنی کا انتظام حکومت کے پاس رہے گا۔ حکومت 51 فیصد حصص اپنے پاس رکھے گی۔

    پی آئی اے کے عملے سے مسافروں کی شکایات اور عملے کے مختلف جرائم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے حوالے سے اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ ’اس کا مکمل الزام پی آئی اے پر لگا دینا مناسب نہیں کیونکہ افرادی قوت کی تعداد اور ان کی سروس کا معیار یونینز اور ایسوسی ایشنز قائم کرتی ہیں انتظامیہ نہیں۔

    جب اُن سے پوچھا گیا کہ گذشتہ دنوں ہڑتال کے بعد شوکاز نوٹس جاری کیے گئے مگر کارروائی کچھ نہیں ہوئی تو اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ ’میرے نزدیک بدقسمتی میں اس معاملے کو برے طریقے سے ہینڈل کیا گیا ہم نے لوگوں کی شناخت کی سزا دی انہیں ملازمتوں سے نکالا ان کے خلاف کیس درج کروائے مگر کسی نہ کسی طریقے سے وہ سب لوگ واپس پی آئی اے میں پہنچ گئے۔

     

  • پی آئی اے میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    پی آئی اے میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی فلائٹ سروسز میں سات سے زائد جعلی شیڈولنگ افسر کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خسارے میں جانے والی قومی ایئرلائن کی نج کاری کا طوفان تھما نہیں تھا کہ ادارے میں جعلی بھرتیوں کا معاملہ سامنے آیا ہے، فلائٹ سروسز میں سات سے زائد شیڈولنگ افسر 14 فروری 2015 میں بھرتی کیے گئے تھے اس حوالے سے متعلقہ ڈپارٹمنٹس سے منظوری بھی لی گئی تھی اور ساتوں افسران کی تنخواہوں کا بل بھی منظور کرلیا گیا ہے۔

    گھوسٹ ملازمین کی تنخواہوں کا بل اور فہرست اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے جس کے مطابق ساتوں افسران کا پی آئی اے میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے اور نہ افسران ڈیوٹی پر موجود ہیں، اس کے باوجود پی آئی اے کے فنانس منیجر سمیت جنرل منیجر فلائٹ سروسز،ڈائریکٹر ایچ آر نے مبینہ طور پر بائیس لاکھ روپے کی تنخواہ کا بل منظور کرلیاہے جس سے خسارے میں جاتے ادارے کو مزید لاکھوں روپے کا ٹیکا لگا دیا گیا ہے۔

    اسی سے متعلق : اسٹیل ملزاورپی آئی اے کی نجکاری آئندہ مالی سال تک مؤخر

    واضح رہے عراب امارات سمیت دیگر کئی ممالک کو ہوا بازی کے گر سکھانے اور انہیں منظم و منافع بخش ادارہ بنانے کا امتیاز حاصل کرنے والا پی آئی اے خود کرپشن اور بد انتظامی کے ہاتھوں اس نہج پر پہنچ گیاہےکہ ارباب اختیار اسے  ملکی خزانے پر بوجھ سمجھتے ہوئے،اس سفید ہاتھی سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

    گو کہ پی آئی اے کی نج کاری کے لیے وفاقی سطح پر سنجیدگی سے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاہم اس افسوسناک صرت حال کے باوجود بد انتظامی اور کرپشن اپنے عروج پر ہے جس ایک عملی نمونہ حالیہ جعلی بھرتیاں کرکےتنخواہیں اپنی جیبوں میں بھرناہے۔

  • پی آئی اے کے جہاز سے چھ کلو ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

    پی آئی اے کے جہاز سے چھ کلو ہیروئن برآمد، ملزم گرفتار

    لاہور: پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 کے واش روم سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہونے کا معمہ حل ہوگیا، سیکیورٹی اداروں نے ہیروئن کے مالک کو گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پردبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے دوسو تین سے 6 کلو ہیروئن بر آمد کی گئی جو طیارے کے واش روم میں چھپائی گئی تھی۔


    6 kg heroine seized from PIA's flight from… by arynews

    تحقیقاتی اداروں نے فوری کارروائی کر کے عاطف ریاض نامی شخص کو حراست میں لے لیا ہے، مذکورہ ملزم سیالکوٹ کا رہائشی بتایا جارہا ہے۔

    اطلاع ملنے پر مذکورہ پرواز کو لاہور ائیرپورٹ پر روک لیا گیا تھا، یہ پرواز صبح آٹھ بج کر تیس منٹ پر روانہ ہونا تھی، جہاز کی روانگی کے لیے تیاری مکمل ہوچکی تھی جسے 11 بج کر 38 منٹ پر کلئیرنس کے بعد روانہ کیا گیا۔

    ملزم عاطف ریاض ہیرؤن دبئی لے کرجا رہا تھا، سیکیورٹی ایجنسیز نے جہاز کو روک کر ہیرؤن کے مالک کی تلاش کی تھی۔

    برآمد ہونے والی چھ کلو ہیروئن جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے، تحقیقاتی اداروں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور اے ایس ایف کی اُس وقت کی پوری شفٹ کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پتہ لگایا جا رہا ہے کس کی مدد سے ہیرؤن جہاز تک پہنچی۔

     

  • پی آئی اے کا سنگین مالی بحران، وزیر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ

    پی آئی اے کا سنگین مالی بحران، وزیر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ

    اسلام آباد: پی آئی اے کے سنگین مالی بحران کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے چیئرمین پی آئی اے نے اہم شخصیات سے رابطہ کیا ہے۔

    پی آئی اے کا ادارہ سنگین مالی بحران کا شکار ہے اور اسے دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے وزیر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اہم شخصیات کے ذریعہ آئندہ ہفتے وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے وقت بھی مانگ لیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے طیاروں کی حالت نازک، 85 ٹوائلٹس مرمت کے منتظر *

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمن پی آئی اے وزیر اعظم کو پی آئی اے کے مالی بحران سے متعلق بریفنگ دیں گے اور ادارے کو چلانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پی آئی اے پر 160 ارب سے زائد روپے کے قرضے واجب الادا ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی کے لیے پی آئی اے کی تجوری خالی ہے۔

    پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، فیول کمپنیوں اور دیگر ایئرپورٹس کے اربوں روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں۔ پی آئی اے کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید 160 ارب روپے درکار ہیں جبکہ وفاق نے قرضے دینے سے انکار کردیا ہے۔ قومی ایئر لائن نے حج آپریشن کے دوران جدہ، مدینہ ایئرپورٹس اتھارٹی کو 2 کروڑ ریال بھی ادا کرنے ہیں۔

    جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ، پی آئی اے سے وضاحت طلب *

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران چیئرمین پی آئی اے ادارے کو چلانے کے لیے مالی امداد کی بھی درخواست کریں گے۔

  • جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ، پی آئی اے سے وضاحت طلب

    جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ، پی آئی اے سے وضاحت طلب

    کراچی: پی آئی اے کے جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کے معاملہ پر پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سے وضاحت طلب کرلی۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹرائر ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔ مراسلہ کے مطابق کلیئرنس کے بغیر تعیناتی قومی ایوی ایشن پالیسی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ تعیناتی کے بعد سے کلیئرنس کے بارے میں آگاہ نہ کیے جانے کی بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

    مراسلہ کے مطابق جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کے حوالے سے پی آئی اے کو کہا گیا ہے کہ اصل صورتحال واضح کی جائے۔ درکار کلیئرنس کے لیے اب تک کی گئی کارروائی سے فوری آگاہ کیا جائے اور کلیئرنس کے لیے جاری تمام کارروائی سے بھی سی اے اے کو آگاہ رکھا جائے۔

    ذرائع کے مطابق جرمن سربراہ کی تعیناتی کو 2 اداروں کی کلیئرنس سے مشروط کیا گیا تھا لیکن صرف ایک ادارے کی کلیئرنس پر فروری 2016 میں ہلڈن برینڈ کو جوائن کروا دیا گیا۔ دوسرے ادارے کی جانب سے تاحال کلیئرنس جاری نہیں کی گئی۔

  • راولپنڈی : پی آئی اے آفس میں آگ بھڑک اٹھی

    راولپنڈی : پی آئی اے آفس میں آگ بھڑک اٹھی

    راولپنڈی : مال روڈ کے قریب واقع پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے آفس میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آگ دفتر کے باہر لگی جس نے تیزی کے ساتھ پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا تاہم ریسکیو 1122 کی ٹیم کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی۔

    ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات اور اس سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں، پی آئی اے انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے۔

    واضح رہے محکمہ فائربریگیڈ میں عملے کی کمی اور ناکافی وسائل کے باعث آگ لگنے کے واقعات میں کئی قیمتی جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم بازاروں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں سب سے بڑی رکاوٹ تنگ گلیاں ہیں۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اگر بازاروں سے تنگ گلیاں ختم کردی جائیں تو آگ پر جلد قابو پاکر بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔

     

     

  • پی آئی اے کا عید پر کرائے کم کرنے کا اعلان

    پی آئی اے کا عید پر کرائے کم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے عوام کے لیے عیدالفطر پر ٹکٹ سستے کرنے کا اعلان کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق قومی فضائی کمپنی کی جانب سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرائیوں میں پچیس فیصد تک کمی کا اعلان کیاگیا ہے.

    پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا اعلان عید کے تین دن کے لیے کیا گیا ہے،قومی ایئر لائنز کے مسافروں کے لیے عید کے لیے اعلان کردہ پیکج کے تحت رعایتی ٹکٹ پر سفر کرنے والے افراد اس سہولت سے صرف عید کے تین ایام کے لیے ہی مستفید ہوں گے.

    یاد رہےکہ پی آئی اے ہر سال عید پر عوام کی سہولت کےلیے تحفے کے طور پر کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی ہے جس سے ہزاروں افراد فائدہ اٹھاتے ہیں.

    گزشتہ برس بھی پی آئی اے کی جانب سے عوام کو عیدی کے طور پر اندرون ملک سفر کےلیے ایک ٹکٹ کے ساتھ ایک ٹکٹ فری دینے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ عید کے دو دنوں میں سفر کرنے والوں کےلیے ٹکٹ تیس فیصد سستے کیے گئے تھے.

    واضح رہے کہ گزشتہ برس عید الاضحیٰ پر بھی اندرون ملک سفر کرنے والوں کےلیے پی آئی اے نے ٹکٹ کی قیمتوں میں پچیس فیصد تک رعایت دی تھی.

  • پاکستان کسٹم کے شعبہ پریوینٹیو کی پی آئی اے کے طیارے میں کارروائی،دوکلو ہیروئن برآمد

    پاکستان کسٹم کے شعبہ پریوینٹیو کی پی آئی اے کے طیارے میں کارروائی،دوکلو ہیروئن برآمد

    کراچی: پاکستان کسٹم کے شعبہ پریوینٹیو کی پی آئی اے کے طیارے میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 2کلوگرام ہیروئن برآمد کی،مذکورہ طیارے سے چند روز قبل بھی کسٹم حکام نے 9بیگز میں چھپائی گئی 27کلوگرام ہیروئن اپنی تحویل میں لی تھی.

    تفصیلات کے مطابق کلکٹر آف کسٹم زاہد کھوکھر نے کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ کسٹم حکام نے خفیہ اطلاع پر ایڈیشنل کلکٹر سید اسد رضا رضوی،ڈپٹی کلکٹر علی رضا ترابی کی سربراہی میں اصفہانی ہینگر اولڈ ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کھڑےپی آئی اےکے بوئنگ طیارے کی دوبارہ تلاشی لی.

    پی آئی اےکے بوئنگ طیارے کی تلاشی کے دوران دو کلوگرام کے 2 پیکٹ برآمد کرلیے جن میں اعلیٰ کوالٹی کی براون ہیروئن موجود تھی.

    واضح رہے کہ پچیس مئی 2016 کو کسٹم حکام نے اسی طیارے سے 27کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی تھی.

    کسٹم حکام نے ایک دوسری کارروائی میں پی آئی اے کے طیارے میں لانڈری کے کموڈ میں بیگ سے 700گرام ہیروئن برآمد کرلی،اس ضمن میں ایئر پورٹ پر تعینات اسی سے زائد ملازمین کے بیانات کو قلم بند کر لیاگیا.

  • پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی

    پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی

    کراچی : پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی،سول ایوی ایشن کےفائر ٹینڈرز سمیت شہر بھر کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں.

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں آج صبح آگ لگ گئی، پی آئی اے انجینئرنگ کمپلیکس انتہاہی حساس ہے،بڑھتی ہوئی آگ بجھانے کے لیے سول ایوی ایشن سمیت شہر بھر کی فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاحال آگ پر قابو بایا نہیں جا سکا.

    پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی،کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، رینجرز کی جانب سے پورے علاقے کو حصار میں لے لیا گیا.