Tag: پی آئی اے کی خبریں

  • پی آئی اے کا منی لانڈرنگ اوراسمگلنگ میں ملوث عملے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    پی آئی اے کا منی لانڈرنگ اوراسمگلنگ میں ملوث عملے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    کراچی:پی آئی اے انتظامیہ نے منی لانڈرنگ اور اسمگلنگ میں ملوث کیبن کریو کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، دوسری جانب سول ایوی ایشن نے21 کپتانوں کے لائسنس بھی معطل کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے جنرل مینیجر فلائٹ سروسز کی جانب سے ایک ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں منی لانڈرنگ اور ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ میں ملوث عملے کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

    ہدایت نامے کے متن کے مطابق منی لانڈرنگ ،اسمگلنگ، اور ممنوعہ سامان لے جانیوالوں میں ملوث کیبن کریو کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جی ایم فلائیٹ سروسز نے حکم دیا ہے کہ تمام کیبن کریو ملکی اور غیر ملکی کسٹم اور امیگریشن قوانین پر عمل درآمد کیا جائے۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تمام ملازمین کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔کوئی بھی فضائی میزبان غیر قانونی موبائل، لیپ ٹاپ، سگریٹ اورمنی لانڈرنگ میں ملوث پایا گیاتو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

    دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تعلیمی اسناد جمع نہ کرانے والے پی آئی اے کے 21 پائلٹس کو اڑان بھرنے سے روک دیا ہے ۔ مذکورہ پائلٹس نے میٹرک اور و انٹرمیڈیٹ کی تعلیمی اسناد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہم نہیں کی تھیں۔

    مذکورہ بالا پائلٹس کے لائسنس بھی معطل کیے گئے اور فلائٹ شیڈول سے ان کے نام نکالتے ہوئے انہیں ڈیوٹیاں کرنے اور جہاز اڑانے سے مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پرپی آئی اے کے طیارے کو حادثہ

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرپی آئی اے کے طیارے کو حادثہ

    اسلام آباد: وفاقی داالحکومت میں واقع اسلام آباد ایئرپورٹ پرپی آئی اے کے طیارے کو حادثہ، زینہ بردار ٹرک گراؤنڈ پر کھڑے طیارے سے جا ٹکرایا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے پرگاڑی ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کے پروں کو نقصان پہنچا ہے ، پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی بی ایل ٹی ایئربس اے 320رجسٹریشن کے حامل طیارے کے پروں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے طیارے کو گراونڈ کردیا گیا ہے،ایئربس اے 320 سے جہاز کو سیڑھی لگانے والی گاڑی ٹکراگئی تھی ۔

    پی آئی ا ے جو کہ پہلے ہی طیاروں کی قلت کا سامنا کررہا ہے ، سسٹم میں ایک اور طیارے کی کمی کے سبب ا س کا فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق حادثے کے سبب اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی کے373 کی روانگی متاثر ہوئی ہے ، اب یہ پرواز دوپہر کو روانہ کی جائے گی۔اسی طرح دوپہر کو اسلام آباد سے کراچی آنے والی ایک اور پرواز پی کے369کا شیڈول بھی متاثر ہوگیا، اب اس پرواز کو شام میں روانہ کیا جائے گا۔

    پروازوں کی روانگی پر تاخیر پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق مسافروں کو تاخیر کی زحمت پرپی آئی اے انتظامیہ معذرت خواہ ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ مہینے پی آئی اے کے دو اے ٹی آر طیارے بھی حادثات کا شکار ہوئے تھے ، ایک حادثہ کراچی میں پیش آیا تھا جب طیارے کو ٹیسٹنگ کے لیے ہینگر سے نکالا گیا اور وہ بے قابو ہو کرسامنے کھڑے ناکارہ طیارے سے جا ٹکرایا تھا۔

    اس واقعے سے دو ہفتے قبل یعنی 10 نومبر کو پنج گور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران اے ٹی آر طیارے کے بریک فیل ہونے کے سبب اسے کچے میں اتار دیا گیا تھا۔

    پی آئی اے کی مالی رپورٹ میں رواں سال ہونے والے یہ دوحادثے ایئر لائن کے خسارے میں اضافے کا سبب بتائے گئے تھے ۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کا سالہا سال سے جاری مجموری خسارہ 450 ارب روپے سے تجاو ز کرچکا ہے ، رواں سال پی آئی اے کا خسارہ 56 ارب روپے ہے۔