Tag: پی آئی اے

  • پی آئی اے کی پرواز پر یورپی ادارے کا چھاپہ

    پی آئی اے کی پرواز پر یورپی ادارے کا چھاپہ

    کراچی: پی آئی اے کی پرواز پر یورپی سیفٹی ادارے کا چھاپہ، ادارے نے مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے اور پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی لاہور سے ابو ظہبی پہنچنے والی پرواز پی کے 263 پر یورپی ادارے سیفٹی اسیسمنٹ آف فارن ایئر کرافٹس (سافا) نے چھاپہ مارا۔

    سافا نےطیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی، سافا کی ٹیم نے پرواز میں مسافروں کو کھانا فراہم کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    طیارے میں زیر استعمال پلاسٹک کے چمچ، پلاسٹک کے ٹی کپ اور کھانوں پر پلاسٹک کی ریپنگ پر سافا نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سافا نے پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر پی آئی اے کو وارننگ جاری کردی۔

    خیال ر ہے کہ سول ایوی ایشن پہلے ہی ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس اور ایئر لائنز میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کر چکی ہے، پابندی وزیر اعظم عمران خان کی کلین اور گرین مہم کے تحت عائد کی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن نے ہدایت کی تھی کہ جہازوں میں مسافروں کو پیش کیے جانے والے کھانے میں موجود کٹلری کو پلاسٹک کی تھیلیوں میں نہ پیک کیا جائے۔

    سی اے اے حکام نے پلاسٹک بیگز کی جگہ کاغذ اور ماحول دوست بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • جعلی اسناد، غیر قانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ

    جعلی اسناد، غیر قانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ

    کراچی: پی آئی اےانتظامیہ نے جعلی اسناد اور غیرقانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ کردیا ، سروس ڈسپلن ریگولیشن کےتحت ملازمین کوفارغ کیا، برطرف ملازمین کوشوکازبھی دیئےگئےجس کاجواب داخل نہ کرایاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری حاصل کرنے والے اور ایئر لائن قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔

    انتظامیہ جعلی تعلیمی اسناد اور غیر قانونی چھٹیاں کرنے والے فضائی میزبانوں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، پہلے مرحلے میں شعبہ فلائٹ سروسز سے تین ایئر ہوسٹسز اور دو اسٹیورڈز کو فراغت کے پروانے جاری کئے گئے۔

    ایئر ہوسٹس صدف نواز، ارم قادر،شہاب تنویر پر ایئر لائن قوانین کے برخلاف لمبی رخصت کی وجہ سے ملازمتوں سے برطرف کیا گیا جبکہ ایئر ہوسٹس تھریسا کارڈوزا پر بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروانے پر نوکری سے فارغ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کیلئے نیا حکم نامہ جاری

    پی آئی اے انتظامیہ نے سروس ڈسپلن ریگولیشن 1985 کے تحت ایئر ہوسٹس اور فلائٹ اسٹیورڈ ز کو برطرف کیا ، برطرف ملازمین کو ایئر لائن قوانین کے تحت پہلے شو کاز لیٹرز بھی جاری کیئے گئے جن کا جواب داخل نہ کروایا گیا۔

    یاد رہے پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے لئے ایمرجنسی چھٹی صرف انتہائی قریبی عزیزکےانتقال پرمنظورکرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔

    اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے فضائی میزبانوں کو ہر ماہ کی 20 تاریخ سے پہلے چھٹیوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی ، احکامات کے مطابق ڈیڈ لائین کے بعد کسی چھٹی کی درخواست پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔

    انتظامیہ نے ایئرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جہاز کے عملے کو قد اور عمر کے لحاظ سے وزن کم کرنے کیلئے کہا تھا اور فضائی میزبانوں سمیت جہاز کے عملے کو وزن کم کرنے کے لئے چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔

  • خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ

    خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ

    کراچی: خراب موسم اور بارشوں کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی آج اور کل روانہ ہونے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ ایک پرواز کا وقت تبدیل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں اور خراب موسم کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے آج اور کل اپنی متعدد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق کراچی اور سکھر کے درمیان پروازپی کے 536 اور پی کے 537 منسوخ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد اور بہاولپور کے درمیان پرواز 687 اور پی کے 688 اور اسلام آباد اور سکھر کے درمیان پرواز پی کے 631 اور پی کے 632 منسوخ کردی گئی ہے۔

    منسوخ ہونے والی دیگر پروازوں میں کراچی اور رحیم یار خان کے درمیان کل کی پرواز پی کے 582 اور پی کے 583، کراچی اور بہاولپور کے درمیان کل کی پرواز 588 اور پی کے 589 اور کراچی اور سکھر کے درمیان کل کی پرواز پی کے 530 اور پی کے 531 شامل ہیں۔

    کراچی اور ملتان کے درمیان کل کی پرواز پی کے 580 اور پی کے 581 اور اسلام آباد اور ملتان کے درمیان کل کی پرواز پی کے 681 اور پی کے 682 بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

    ملتان سے کراچی کی پرواز پی کے 581 کا وقت تبدیل کیا گیا ہے، پرواز اب دن کے ڈھائی بجے روانہ ہوگی۔

    خیال رہے کہ کراچی اور ٹھٹھہ سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں۔ دو روز تک لگاتار طوفانی بارشوں کی وجہ سے کراچی، حیدر آباد اور ٹھٹھہ میں اربن فلڈ کا بھی خطرہ ہے۔

  • پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    اسلام آباد : پی اے آئی کے تربیتی طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث ٹی بندر کے قریب ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، پائلٹ اورجونیئرپائلٹ محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے تربیتی طیارے سیسنا 172 نے کراچی ایئر پورٹ سے آڑان بھری،  دوران پرواز  طیارے کے انجن کے آر پی ایم میں خرابی کی وجہ سے کیٹی بندر پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ، جس کے نتیجے میں طیارے کے انجن کو جزوی نقصان پہنچاجبکہ پائلٹ اور ٹرینی پائلٹ محفوظ رہے۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے طیارہ نے کراچی سے صبح 9 بجے اڑان بھری اور تقریبا” 40۔9 بجے تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث پائلٹ نے مہارت سے کیٹی بندر کے قریب اتار لیا۔

    ترجمان کے مطابق طیارے کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے،پی آئی اے نے واقعے کی انکوائری شروع کر دی ہے۔

    مزید پڑھیں :  پی آئی اے کی  پرواز ڈرون سے بال بال بچ گئی

    یاد رہے رواں سال جنوری میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی سکھر جانے والی پرواز ڈرون سے بال بال بچ گئی تھی، ڈرون پی آئی اے کی پرواز سے 100 فٹ کی بلندی پر موجود تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 دسمبر کو طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹیں مارنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا تھا، گزشتہ سال طیاروں پر لیزر لائٹیں مارنے کے 58 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظات کو خطرات لاحق ہوگئے۔

  • پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز کے  کرایوں میں اچانک اضافہ

    پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز کے کرایوں میں اچانک اضافہ

    کراچی:عالمی منڈی میں ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا، اب لاہور سے کراچی کادوطرفہ کرایہ چودہ ہزار سےبڑھ کراکتیس ہزارتک پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر کے مہنگے ہونے کی وجہ سے ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کیاگیا ، جس کےبعد پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے اچانک کرایوں میں اضافہ کردیا۔

    فضائی ٹکٹوں کی مسلسل اڑان کی وجہ سے عید کے موقع پر مسافروں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے ، لاہور سے کراچی کا کرایہ 14 ہزار سے بڑھ کر 31 ہزار تک تجاوزکرگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے پی آئی اے کا لاہور سے کراچی کا دوطرفہ ٹکٹ 31 ہزار روپے سے بڑھ گیا، ائیربلیو کا لاہور سے کراچی کا ٹکٹ 32 ہزار پانچ سو روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ سیرین ائیر کا لاہور سے کراچی کا دو طرفہ کرایہ 39 ہزار پانچ روپے تک پہنچ گیا۔

    مزید پڑھیں : مرمت نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا

    دو ماہ ماہ قبل لاہور سے کراچی کا ائیر ٹکٹ 14 ہزار سے 17 ہزار روپے تک میسر تھا جبکہ لاہور سے کراچی ریٹرن ٹکٹ تقریبا 28 ہزار روپے میں میسر تھی۔

    دوسری جانب پی آئی اے، ائیربلیو اور سیرین ائیر کی جانب سے اندرون ملک فلائیٹ آپریشن کے لیے طیاروں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے، تین ایئر بس320طیارے گراونڈ ہونے کی وجہ سے آپریشن متاثر ہورہے ہیں، ایئربس 320بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے گراؤنڈ ہے۔

  • پی آئی اے طیاروں کی مخصوص سیٹوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا

    پی آئی اے طیاروں کی مخصوص سیٹوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا

    کراچی : پی آئی اے نے کرایوں میں  اضافہ کردیا، طیاروں کی مخصوص سیٹوں کی اضافی رقم وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے مسافروں کو بلک ہیڈ سیٹوں کی اضافی رقم ادا کرنی پڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے ٹکٹوں کی فروخت میں سیٹوں کی اضافی رقم وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سے سفر کرنے والے اندرون و بیرون ملک کے مسافروں کو بلک ہیڈ سیٹوں کی اضافی رقم ادا کرنی پڑے گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے اضافی رقم وصول کرنے اور احکامات پر عمل درآمد کرانے کا حکم نامہ جاری کر دیا، مذکورہ حکم نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز میں بلک ہیڈ سیٹوں کو من پسند اور سفارشی مسافروں کو فراہم کی جاتی ہیں، پی آئی اے کے777طیاروں میں چالیس اور اور اے320طیاروں میں بارہ بلک ہیڈ سیٹیں موجود ہوتی ہیں۔

    اس کے علاوہ پی آئی اے کی نارتھ امریکہ5000 لندن،یورپ3000گلف2000اندرون ملک پروازوں میں 1000روپے اضافی وصول کیا جائے گا، بلک ہیڈ سیٹیں کشادہ ہونے کی وجہ سے معذور اور بیمار افراد کے لئے دیگر عام سیٹوں کی نسبت زیادہ آرام دہ ہوتی ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ بلک ہیڈ سیٹوں کو اب مقررہ رقم وصول کر کے فراہم کیا جائے گا جس سے ادارے کے ریوینیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

  • پی آئی اے کے تکنیکی عملے نے ٹگ ماسٹرز کی ازخود مرمت کرکے کروڑوں روپے بچا لیے

    پی آئی اے کے تکنیکی عملے نے ٹگ ماسٹرز کی ازخود مرمت کرکے کروڑوں روپے بچا لیے

    کراچی: قومی ایئرلائن میں اصلاحات کے ثمرات سامنے آنے لگے، ٹیکنیکل عملے نے ٹگ ماسٹر کی ازخود مرمت کرکے قوم کے کروڑوں روپے بچا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن کی ٹیکنیکل گراؤنڈ سروس کے عملے نے اپنی ناکارہ قرار دی جانے والی گاڑیوں کو قابل استعمال بنانے کے عمل میں ٹگ ماسٹر کو دوبارہ سے قابل استعمال بنا دیا ہے۔

    ابتدائی طور پر جب ان ٹگ ماسٹر کی مرمت کے لیے تخمینہ لگایا گیا تھا تو ایک ٹگ ماسٹر کی مرمت پر سوا کروڑ روپے کا خرچہ آرہا تھا لیکن گراؤنڈ سروس کے تکنیکی عملے نے اسے چھ لاکھ روپے میں قابلِ استعمال بنادیا ہے۔

    پی آئی اے کی ٹیکنیکل گراؤنڈ سروس کا اسٹاف مزید دو ٹگ ماسٹرز کی مرمت میں مشغول ہے جس سے پی آئی اے کو واضح طور پر کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹی جی ایس کے ماہر عملے نے مکمل طور پر اپنے وسائل اور ہنر مندی کو استعمال کر کے ٹگ ماسٹر کو دوبارہ قابل استعمال بنا دیا ہے، جو کہ ان کی تکنیکی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    اس اہم موقع پر پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے ٹی جی ایس ٹیم کو اس اہم کامیابی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے اراکین میں تعریفی اسنادبھی تقسیم کئے۔

  • ناروے کے انجینئرز ناکام، پی آئی اے انجینئرز نے طیارہ 3 گھنٹے میں صحیح کردیا

    ناروے کے انجینئرز ناکام، پی آئی اے انجینئرز نے طیارہ 3 گھنٹے میں صحیح کردیا

    اوسلو/کراچی : ناروے کےانیجینئرز کے انکار کے بعد قومی ایئرلائن کے انجینئرز نے یورپ میں سخت سردی کے باوجود مسافر طیارے کی مرمت کرکے اڑان کے قابل بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں اوسلو سے لاہور آنے والی پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 752 کے طیارے بوئنگ 777 کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے عملے نے ناروے کے مقامی انجینئرز سے انجن کی مرمت کی درخواست کی تاہم انہوں نے سخت سردی کے باعث مرمتی کام انجام دینے سے انکار کردیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی انجینئرز کے انکار کے بعد حکام نے پی آئی اے پرواز کے ذریعے قومی ایئرلائن کے انجینئرز کو اوسلو روانہ کیا تھا تاکہ طیارے کی مرمت کرکے اسے اڑان کے قابل بنایا جاسکے، اس دوران مسافروں کو وقتی  طور پر ہوٹل منتقل کردیا گیا۔

    پاکستانی انجینئرز نے اوسلو پہنچ کر غیر موافق موسم میں سخت سردی کے باوجود تین گھنٹے لگاتار محنت کرکے طیارے کے خراب انجن کی فنی خرابی دور کی اور اس کے بعد پرواز پی کے 752 کو لاہور روانہ کردیا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے انجینئرز کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سخت سردی اور برفباری میں انجینئرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر پی آئی اے کے طیارے کو اڑان کے قابل بنا کر پاکستانیوں کو واپس پہنچایا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے انجینئرز کا کارنامہ، اے-320 جہازکا پہلا چیک اے مکمل

    خیال رہے کہ پی آئی اے کے انجینئرز اس سے قبل بھی کئی کارنامے انجام دے چکے ہیں، گزشتہ برس مارچ میں قومی ایئرلائن کے انجینئرز سے نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اے-320 جہاز کا پہلا چیک اے مکمل کیا تھا۔

    پی آئی اے

    پی آئی اے انجینئر کو داد دیتے ہوئے سابق مشیر ہوا بازی سردار مہتاب  کہا تھا کہ پی آئی اے کے انجینئیرز ہمارا اثاثہ ہیں، پی آئی اے کے انجینئرز نے  ہمیشہ کم وقت میں زبردست نتائج دئیے ہیں۔

  • نئی حکومت اورنئی انتظامیہ،  قومی ائیرلائن  ایک بار پھر بہتری کی راہ پرگامزن ہونے میں کامیاب

    نئی حکومت اورنئی انتظامیہ، قومی ائیرلائن ایک بار پھر بہتری کی راہ پرگامزن ہونے میں کامیاب

    کراچی : نئی حکومت اورنئی انتظامیہ قومی ائیرلائن کو ایک بارپھربہتری کی راہ پرگامزن کرنے میں کامیاب ہوگئی، پی آئی اے کاشیئر رواں ماہ کئی بار سب سے زیادہ فروخت ہونے والےشیئرز کی فہرست میں بھی شامل رہا،  انتظامیہ کی کاوششوں سے قومی ائیرلائن کوپچانوے ارب روپے کا منافع بھی ہوا۔

    تفصلات کے مطابق نئی حکومت اور نئی انتظامیہ کے ٹھوس اقدامات سے قومی ائیر لائن دوبارہ اونچی اڑان کے لئے تیار ہے ، ایک کے بعد ایک اقدامات سے سرمایہ کاروں کا پی آئی اے پر اعتماد بحال ہوگیا۔

    سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو نے سے پی آئی اے کے حصص کی قیمت میں اضافہ ہوا اور انتظامیہ کی کاوششوں کے نتیجے میں ائیرلائن کوپچانوے ارب روپے کا منافع بھی ہوا۔

    حصص کی قیمت میں اضافہ ، قومی ائیرلائن کوپچانوے ارب روپے کا منافع

    ایک ماہ میں پی آئی اے کے حصص کی قیمت میں دو روپے چھبیس پیسے کا اضافہ ہوا اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شیئر سات روپے پینتس پیسے میں فروخت ہوا۔

    پی آئی اے کاشیئر رواں ماہ کئی بار سب سے زیادہ فروخت ہونے والےشیئرز کی فہرست میں بھی شامل رہا اور آج بھی پی آئی اے کا شیئر والیوم لیڈر ہے۔

    نئے سی ای او ائیرمارشل ارشدمحمود ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی بدحالی کی وجہ بد انتظامی اورکرپشن ہے، بحالی پلان میں نئے روٹس کا حصول،کفایت شعاری شامل ہے۔

    ائیرمارشل ارشدمحمود نے کہا نقصان میں چلنے والے روٹس بندکر جائیں گے ادارےکی بہتری کیلئے پانچ سالہ پلان کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔

  • پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 15 طیاروں تک محدود

    پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 15 طیاروں تک محدود

    کراچی: قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن طیاروں کی کمی اور شعبہ انجینئر نگ کی ناقص حکمت عملی کے سبب مشکلات کا شکار ہے،محض 15 طیاروں سے فضائی آپریشن چلایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کی پروازوں کی مسلسل منسوخی اور تاخیر کا ڈیٹا جاری کر دیا، اب تک پی آئی اے کی اندرون و بیرون ملک پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کی مد میں اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

    سی اے اے کی جاری کردہ رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی رواں ماہ دو ہفتوں کے دوران 98 پروازیں منسوخ کی گئیں اور 75 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    سی اے اے کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق نجی اور غیر ملکی ایئر لائن کے مقابلے میں پی آئی اے منسوخی اور تاخیر میں سر فہرست رہی۔ پی آئی اے کی پروازوں کی منسوخی کی شرح یومیہ 8 پروازیں تھی ۔اتنی بڑی تعداد میں پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کی وجہ آپریشنل وجوہات تھیں۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے اس وقت اندرون اور بیرون ملک کا فضائی آپریشن 10 سے 15 طیاروں کے ساتھ چلا رہی ہے۔ پی آئی اے کے لیز پر حاصل کئے گئے طیاروے اکثر گراؤنڈ رہتے ہیں۔ پی آئی اے کے پاس مجموعی طیاروں کی تعداد 29 ہے، جن میں سے 15 طیاروں سے اندرون و بیرون ملک فضائی آپریشن چلایا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ  کچھ دن قبل پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا تھا کہ انتظامیہ کی ادارے میں دلچسپی ختم ہو چکی تھی، پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی۔ ہمیں یہ بھی محسوس ہوا کہ ادارے میں پروفیشنل لوگ کم ہیں۔

    نااہلی کا یہ عالم تھا کہ اہم سامان ڈبوں میں پڑے پڑے ایکسپائر ہوگیا تھا، ادارے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انتظامیہ آنکھیں بند رکھتی تھی کچھ روٹس پر 300 ملین کا نقصان ہوا، 500 ملین ہمیں کچھ فلائٹوں سے نقصان ہو رہا تھا بند کردی ہیں۔