Tag: پی آئی اے

  • کینیڈا میں لاپتہ ہونے والی ایئرہوسٹس پہلے بھی جرائم میں ملوث رہی ہیں

    کینیڈا میں لاپتہ ہونے والی ایئرہوسٹس پہلے بھی جرائم میں ملوث رہی ہیں

    کراچی: کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والی پی آئی اے کی میزبان سے جڑے حیرت انگیز حقائق سامنے آگئے ، فریحہ مختار پہلے بھی کئی بے قاعدگیوں میں ملوث رہی ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ایئرہوسٹس گزشتہ جمعرات سے لاپتہ ہے ، پی آئی اے نے مذکورہ ایئرہوسٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ سات روز کے اندر اگر رابطہ نہیں کیا گیا تو نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی میزبان سیدہ فریحہ مختار کو تیرہ ستمبر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 782 کے زریعے لاہور پہنچنا تھا ، فضائی میزبان کے پراسرار لاپتہ ہونے پر پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ کینیڈا کی پولیس کے پاس بھی اطلاع درج کرادی گئی ہے۔

    ماضی میں نکالا جانے والا شوکاز نوٹس

    اے آروائی نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق فریحہ مختار ماضی میں مختلف مجرمانہ سرگرمیوں ملوث رہی ہیں ، انہیں سنہ 2011 میں پی آئی اے میں بطور ایئر ہوسٹس تعینات کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پی آئی اے میں بی کام کی جعلی ڈگری جمع کراکر نوکری حاصل کی ، سنہ 2014 میں انہیں جعلی ڈگری کے سبب انہیں شو کاز نوٹس بھی جاری کیا تھا ۔

    جون7، 2015 لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 میں اسمگلنگ کے الزام میں پکڑی گئی تھیں ، برطانوی بارڈر سیکیورٹی فورس نے ہیتھرو ائیر پورٹ پر غیر قانونی ،غیر ملکی کرنسی اور موبائل فون برآمد کیے تھے ۔

    اس موقع پر ایئر ہوسٹس کو لندن میں حراست میں لے کر تفتیش بھی کی گئی تھی جبکہ سنہ 2015 میں انہیں نوکری سے برخواست بھی کیا گیا تھا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان فریحہ مختار کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور کینیڈا کی پولیس بھی گمشدگی کی اطلا ع دی جاچکی ہے۔

  • حج آپریشن، 68 ہزار عازمین پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے

    حج آپریشن، 68 ہزار عازمین پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) نے حج آپریشن کے تحت 225 پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچا دیا۔

    ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی آئی اے نے قبل ازحج آپریشن95فیصد مکمل کرلیا، قومی ایئر لائن نے کراچی سے فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے 21 ہزار 400 عازمین کو 71 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا۔

    اعلامیے کے مطابق اسلام آباد سے50پروازوں میں5148عازمین جبکہ لاہور سے 43پروازوں کے ذریعے 13960 عازمین کو سعودی عرب پہنچایاگیا، اسی طرح ملتان سے 19 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 571 فیصل آباد اور سیالکوٹ سے 1ہزار 178 عازمین کو سعودی عرب پہنچایا گیا۔

    قومی ایئر لائن نے پشاور سے 24پروازوں سے8418عازمین کو حجاج مقدس پہنچایا جبکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو کراچی اور دیگر شہروں سے سعودی عرب پہنچایا گیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا عمل 27 اگست سے شروع ہوگا جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا جس کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے، پہلی پرواز  سے آنے عازمین کا استقبال قومی ایئر لائن کے حکام کریں گے۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائنوں کے ذریعے 8 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچے۔

    واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سرکاری اسکیم جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی اسکیم کے تحت فریضہ مقدسہ ادا کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے رواں سال بھی حج آپریشن کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے گئے تھے، قومی ایئرلائن نے بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کیں۔

    عازمین حج کی سعودی عرب روانگی 14 جولائی سے شروع ہوئی جو 15 اگست تک جاری رہی جبکہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔

  • قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ 70 حاجیوں کو چھوڑ کر سعودیہ روانہ

    قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ 70 حاجیوں کو چھوڑ کر سعودیہ روانہ

    کراچی : حج مناسک کی ادائیگی کے لیے پاکستانی حجاج کرام کو سعودی عرب لے جانے والا قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ 70 عازمین حج کو جناح ٹرمنل پر چھوڑ کر سعودیہ روانہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی غفلت کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آگیا، حج مناسک کی ادائیگی کے جانے والے 70 پاکستانی عازمین حج کو قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز ’پی کے 2077‘ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر چھوڑ کر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

    اطلاعات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رہ جانے والے 70 عازمین حج میں خواتین اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے پی آئی اے حکام کی جانب سے کی جانے والی غفلت پر حج ٹرمنل پر شدید احتجاج کیا۔

    پاکستان ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پرواز پی کے 2077 میں افراد کی گنجائش کم ہونے کے باعث مسافروں کو کم کرنا پڑا۔

    پی آئی اے حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا تھا، تاہم رہ جانے والے تمام عازمین حج کو ہوٹل منتقل کیا جارہا ہے جنہیں رات دس بجے کی پرواز پی کے 731 سے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔

  • پی آئی اے کی جانب سے شوبز ستاروں کو مفت ٹکٹ دیے جانے کا انکشاف

    پی آئی اے کی جانب سے شوبز ستاروں کو مفت ٹکٹ دیے جانے کا انکشاف

    کراچی: قومی ایئر لائن کی جانب سے شوبز ستاروں کو مفت فضائی ٹکٹ جاری جاری کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے جس کے باعث زبوں حالی کا شکار پی آئی اے کو 28 لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کی جانب سے پی ٹی وی کو کراچی سے اسلام آباد کے لیے 96 دو طرفہ (آنے جانے) کے ایف او سی ٹکٹ جاری کیے گئے،  تین ماہ سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود مذکورہ ٹکٹوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول نہ ہو سکے۔

    پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ  پی ٹی وی حکام پی آئی اے حکام کو جوب دینے کو بھی تیار نہیں، شو بز ستاروں کو مفت ٹکٹ دینے کی ہدایات مبینہ طور پر سابق وزیر اطلاعات نے دیں۔

    ٹکٹ جاری کرنے والے محکمہ فنانس کے مینیجر نے ہیڈ آفس کے متعلقہ حکام سے مدد طلب کرتے ہوئے وزارتِ اطلاعات کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے خط لکھنے کی درخواست کردی۔

    مینیجر فنانس کی جانب سے بھیجی جانے والی ای میل کے مطابق رقم کی ادائیگی کے لئے پہلے بھی  پی ٹی وی کوخط لکھ جا چکا البتہ وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی ہدایت پر شو بز ستاروں کے لئے 96 مفت ٹکٹ جاری ہوئے جن میں سے 90 استعمال ہوئے اور سات کا انتظامیہ کو علم نہیں،  مفت ٹکٹوں کے اجرا سے قومی ایئر لائن کو 28 لاکھ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق تین مہینے سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود مذکورہ ٹکٹوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول نہیں ہوئے اور سرکاری ٹی وی کے حکام بھی اس ضمن میں کوئی جواب نہیں دے رہے۔

    دوسری جانب پی آئی اے ترجمان نے وضاحت دی ہے کہ سرکاری ٹی وی کے ساتھ پی آئی اے کا اسپانسر تھا ، سرکاری ٹی وی پر ٹکٹوں کی مد میں صرف ٹیکسز واجب الادا ہیں۔

    قومی ایئر لائن کے محکمہ فنانس کی جانب سے پی ٹی وی کو ارسال کی جانے والی ای میل اور ترجمان پی آئی اے کے بیان میں تضاد بھی ہے۔

    جن اداکاروں نے مفت ٹکٹوں سے سفر کیا اُن کی تفصیل

  • پی آئی اے کے جہاز کا اے سی خراب، نومولود بچہ بے ہوش

    پی آئی اے کے جہاز کا اے سی خراب، نومولود بچہ بے ہوش

    ان

    اسلام آباد : قومی ایئر لائن کی اسلام آباد سے پیرس جانے والی پرواز کے سنٹرل ایئرکنڈیشننگ سسٹم میں خرابی پیدا ہونے کے سبب مسافر بلبلا اٹھے، حبس کی شدت سے نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائر ل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حبس اور گرمی سے مسافروں کی حالت خراب ہے، اور گرمی سے نڈھال ایک نومولود بچے کی والدہ ایئر لائن کے عملے سے الجھ رہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس ایئرپورٹ پر اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 750 میں روانگی کے وقت اے سی سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی تھی ، جہاز کے دروازے بند کیے جاچکے تھے جس کے سبب طیارے میں شدید حبس اور گرمی سے مسافر بلبلا اٹھے۔

    نومولودبچے کے بیہوش ہونے پر بچے کی ماں چیخنے چلانے لگی، خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی درخواست کی گئی تاہم پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہازکے دروازے نہیں کھولے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز مجموعی طور پر 2 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار رہی ۔ طیارے میں مسافروں کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی بنیادوں پر اڑان بھرنے کی اجاز ت طلب کی، پیرس ایئرپورٹ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ میلان سے پیرس تاخیرسے پہنچا تھا جس کی وجہ سے اس کو اسلام آباد اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پیرس میں پی آئی اے کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث طیارے میں دو اے سی وین کے بجائے ایک اے سی وین لگائی گئی تھی جو کہ ناکافی تھی۔

    پی آئی اے کی انتظامیہ نے میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، فلائٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے پرواز پی کے 750 کے عملے کو طلب کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • سپریم کورٹ کا مشرف رسول کی بطورسی ای اوپی آئی اے تعیناتی پراظہار برہمی

    سپریم کورٹ کا مشرف رسول کی بطورسی ای اوپی آئی اے تعیناتی پراظہار برہمی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں سربراہ پی آئی اے کی تعیناتی اور ادارے کی نجکاری کے خلاف درخواستوں پرسماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بڑا ڈھونڈ کرپی آئی اے کا سربراہ لگایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سربراہ پی آئی اے کی تعیناتی اور ادارے کی نجکاری کے خلاف درخواستوں پرسماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ مشرف رسول 1999 میں وزیراعلیٰ مہتاب عباسی کے چیف آف اسٹاف تھے۔

    وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مشرف رسول مطلوبہ تعلیمی قابلیت پر پورا نہیں اترتے، انہیں کسی ایئرلائن میں کام کرنے کا 25 سالہ تجربہ بھی نہیں ہے ، وہ تعلیمی اعتبار سے معالج ہیں۔

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ بڑا ڈھونڈ کرپی آئی اے کا سربراہ لگایا ہے، سیدھا سادہ نیب کا کیس ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عرفان نعیم منگی معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں۔

    مشرف رسول نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے وکیل کرنے کا موقع دیا جائے، چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کا سردار مہتاب عباسی سے کیا تعلق ہے۔؟ انہوں نے ریمارکس دیے کہ آپ مسلسل عدالت کو دھوکا دے رہے ہیں۔

    عدالت عظمیٰ نے مشرف رسول کی بطورسی ای اوپی آئی اے تعیناتی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پی آئی اے کی پہلی حج پرواز تین سو سےزائد عازمین کو لےکرمدینہ پہنچ گئی

    پی آئی اے کی پہلی حج پرواز تین سو سےزائد عازمین کو لےکرمدینہ پہنچ گئی

    مدینہ : کراچی سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز تین سو سے زائد عازمین کو لے کر حجاز مقدس پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے پہلی سرکاری فلائٹ پی کے 7001 تین سو سے زائد عازمین حج کو لے کر مدینہ پہنچ گئی۔

    مدینہ کے حج ٹرمینل پر پی آئی اے کنٹری منیجرودیگرافسران نے استقبال عازمین حج کا استقبال کیا۔

    قومی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمشرف رسول نے کہا کہ حج آپریشن میں تمام عازمین حج کو بہترسہولتیں فراہم کریں گے، عازمین کی خدمت کرنا پی آئی اے کے اولین فرائض میں شامل ہے۔

    حج فلائٹ آپریشن کے دوران 200 پروازیں چلائی جائیں گی جن میں 60 ہزار سے زائد عازمین حج کے لیے جدہ اور مدینہ پہنچائے جائیں گے۔

    پی آئی اے کا قبل از حج فلائٹ آپریشن 15 اگست تک جاری رہے گا، فلائٹ آپریشن میں بوئنگ 777 ایئربس 320 طیارے استعمال کیےجائیں گے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے اس سال بھی اپنے ہی طیاروں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کرے گی ،قومی ایئرلائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کریں گے۔

    واضح رہے کہ عازمین حج کی 14 جولائی کو شروع ہونے والی روانگی کا سلسلہ 15اگست تک جاری رہے گا، جبکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد ازحج آپریشن 27 اگست سے شروع کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت کا جاتے جاتے ایک اور کارنامہ، چیئرمین پی آئی اے  کی خلاف ضابطہ تعیناتی

    حکومت کا جاتے جاتے ایک اور کارنامہ، چیئرمین پی آئی اے کی خلاف ضابطہ تعیناتی

    کراچی: مسلم لیگ ن کی حکومت نے جاتے جاتے ایک اور کارنامہ انجام دیتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے کی خلاف ضابطہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اہم شخصیت کی سفارش پر عاصم سلیمان کو خسارے کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، جس کے لیے بورڈ سے منظوری نہیں لی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق چیئرمین پی آئی اے کے لیے لازمی ہے کہ پہلے وہ بورڈ کا ممبر بنے، بورڈ ممبر بننے کے بعد بورڈ اراکین چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کے لیے اشتہار بھی نہیں دیا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت خاموشی سے تعیناتی کرنا چاہتی تھی۔

    ذرائع کے مطابق عاصم سلیمان سول ایوی ایشن اتھارٹی میں بھی ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں، ان کے رویے کے خلاف ڈائریکٹرز، افسران اور یونین نے تحریک بھی چلائی تھی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان عہدے سے برطرف


    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کسی بھی ادارے میں نئی بھرتی پر پابندی لگا رکھی ہے، انتخابات سے قبل کوئی بھی افسر کسی بھی اہم عہدے پر تعینات نہیں ہو سکتا۔

    یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان کو دو مارچ کو ملازمین کے دو ماہ کے طویل احتجاج کے بعد عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کا مالی بحران سنگین صورت اختیار کر گیا

    پی آئی اے کا مالی بحران سنگین صورت اختیار کر گیا

    کراچی: پی آئی اے کا مالی بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے فیول کمپنیوں کو ادائیگیاں نہ ہوسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ادائیگیاں جلد نہ ہوئیں تو طیاروں کا فیول ملنا بند ہوجائے گا جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشنز شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو مزید فنڈز دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ سے فیول کمپنیوں کو ادائیگیاں کھٹائی میں پڑگئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کو طیاروں کی لیز کے ایک ارب روپے ادا کرنے ہیں، جب کہ فیول کمپنیوں اور اوور فلائنگ کی مد میں 4 لاکھ ڈالر یومیہ ادا ئیگی کرنا پڑتی ہے۔

    قومی ایئرلائن کو 13 ہزار سے زائد ملازمین کی تنخواہوں کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی بھی ضرورت ہے جب کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں بھی کھٹائی میں پڑگئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے بونس کا اعلان کیا تھا، اب ملازمین کو تین ماہ بونس کا یہ اعلان بھی پی آئی اے کے لیے اضافی مالی بوجھ کا سبب بن گیا ہے۔

    پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب روپے سے زائد کا نقصان


    واضح رہے کہ ناقص حکمت عملی کے باعث دو ماہ قبل کی ایک رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب 50 کروڑ روپے کا آپریٹنگ نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ جب کہ اس سے قبل 2 ماہ میں پی آئی اے کو 6 ارب 50 کروڑ روپے نقصان کا سامنا رہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن کی ڈگری جعلی نکلی

    پی آئی اے کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن کی ڈگری جعلی نکلی

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن انور ندیم کی ایم بھی اے کی ڈگری جعلی نکلی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کمرشل آڈٹ نے جی ایم فلائٹ آپریشن کی نئے عہدے پر تقرری اور ترقی کو بھی خلاف ضابطہ قرار دے دیا۔

    گورنمنٹ کمرشل آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انور ندیم کی ایم بی اے کی سند جعلی ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی فلپائن سے سند کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے ملازم انور ندیم نے مبینہ طور پرجعلی ڈگری کے ذریعے تقرریاں حاصل کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انور ندیم کے خلاف بلا تاخیر ضابطے کی کارروائی کی جائے۔

    دوسرے ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کرنے پر آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انور ندیم خود ایک جعلی ڈگری کا حامل ہے، وہ دوسروں کی ڈگریوں کی جانچ کیسے کر رہا ہے۔

    پی آئی اے کے 659ملازمین کی جعلی ڈگریوں کا انکشاف


    گورنمنٹ کمرشل آڈٹ رپورٹ میں 14 کروڑ روپے کی ادائیگیاں بھی غیر قانونی قرار دے دی گئی ہیں، رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ انورندیم کی ترقیوں اور غیرقانونی ادائیگیوں کو واپس لیا جائے۔

    دوسری طرف پی آئی کے ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندیم انور نے ایم بی اے کا تصدیقی سرٹیفکیٹ یو جی سی سے حاصل کیا ہے اور یو جی سی نے ان کی جمع کرائی گئی سند کو تسلیم کیا، آڈٹ رپورٹ میں ڈگری سے متعلق اعتراضات درست نہیں ہیں۔

    خیال رہے کہ پی اے آئی میں مالی بے ضابطگیوں کے کیسز کے ساتھ ساتھ ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے کیسز بھی سامنے آتے رہے ہیں، رواں سال مارچ میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی ایئرلائن کے 659 ملازمین کی ڈگریوں کے جعلی ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔