Tag: پی آئی سی

  • پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو ایکسپائر اسٹنٹ ڈالنے کا انکشاف

    پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو ایکسپائر اسٹنٹ ڈالنے کا انکشاف

    لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں مریضوں کو  زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے۔

     اسپتال کی آڈیٹر جنرل کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پی آئی سی میں 22 مریضوں کو مکمل طور پر ایکسپائر اسٹنٹ ڈالے، جولائی 2021 تا دسمبر 2022 تک مریضوں سے جان لیوا کھیل کھیلا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق 9 مریضوں کو ایسے اسٹنٹ ڈالے گئے جن کی معیاد صرف 3 فیصد تک تھی، ایکسپائر اسٹنٹ اور دواؤں کی خریداری میں 263 ملین روپےکی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل رپورٹ میں اسٹاک اور مریضوں کی فائلز کے معائنے کے بعد یہ مالی بےضابطگی سامنے آئی ہے، آڈیٹر جنرل کے جواب طلب کرنے پر محکمہ کی طرف سے جواب نہیں دیا گیا ہے۔

  • پی آئی سی حملہ: مفاہمت کے لیے کوشش کی جائے گی، یاسمین راشد

    پی آئی سی حملہ: مفاہمت کے لیے کوشش کی جائے گی، یاسمین راشد

    لاہور: صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں ایمرجنسی سروس شروع کردی گئی ہے، مفاہمت کے لیے کوشش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں ایمرجنسی سروس شروع کردی گئی ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 2 روز تک پی آئی سی میں مریضوں کا علاج شروع نہیں ہوسکا تھا، ڈاکٹرز نے اسپتالوں میں ہڑتال نہیں کی، ان کے شکر گزار ہیں۔ حملے کے باوجود ڈاکٹرز نے بتایا وہ انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے لیے کوشش کی جائے گی۔ پی آئی سی میں ڈاکٹرز کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔

    خیال رہے کہ 11 دسمبر کو لاہور میں قانون دانوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دی تھیں، وکلا نے مبینہ طور پر ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے اپنے خلاف ایک ویڈیو وائرل کیے جانے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا جس سے مریضوں اور تیمار داروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    وکلا نے ایمرجنسی میں توڑ پھوڑ کی، عمارت کے شیشے توڑ دیے جبکہ وکلا آپریشن تھیٹر میں بھی گھس گئے۔ وکلا نے ڈاکٹرز، مریضوں، اور ان کے لواحقین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

    وکلا نے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا، افسوسناک واقعے میں 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے۔

  • نواز شریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ ، طبی سہولتیں جیل میں ہی دینےکاحکم

    نواز شریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ ، طبی سہولتیں جیل میں ہی دینےکاحکم

    لاہور : پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام طبی سہولتیں جیل میں ہی دینےکاحکم دیا ہے ، نواز شریف کے آج طبی معائنے سے متعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا نوازشریف کاجیل میں سینئر ڈاکٹرطبی معائنہ کررہے ہیں۔

    ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت نے نواز شریف کوتمام طبی سہولتیں جیل میں ہی دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم جیل میں ہی نوازشریف کاطبی معائنہ کرے گی، ٹیم پہلےبھی نوازشریف کا3شفٹوں میں معائنہ کرتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نوازشریف کےآج طبی معائنےسےمتعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائی جائےگی۔

    دوسری جانب نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے پر جیل سپرٹنڈنٹ اعجاز اصغر نے کہا نواز شریف کوپی آئی سی اسپتال منتقل کرنےکی اطلاعات غلط ہیں، نواز شریف کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے ، ان کاجیل میں روزڈاکٹروں کی جانب سےطبی معائنہ ہوتا ہے۔

    جیل حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق نواز شریف ادویات و خوراک استعمال کر رہے ہیں اور ان کو قانون کے مطابق سہولت دی جارہی ہے، نواز شریف کی طبعیت سےمتعلق رپورٹ روزمحکمہ داخلہ کوارسال کی جاتی ہے۔

    گزشتہ روز ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے چیف سیکرٹری کو خط بھی لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا نوازشریف کو خاص طبی معائنے کی بہت ضرورت ہے اور خاص طبی معائنے کی سہولت جیل میں موجودنہیں ہے، سابق وزیراعظم کو علاج معالجے کی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت اور عمران خان ہوں گے ۔