Tag: پی ایس ایل فائیو

  • آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

    آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

    لاہور: آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، یہ پاکستان سپر لیگ فائیو کا 16 واں میچ ہوگا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے سولہویں میچ میں آج لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹکرائیں گے، پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    ایلکس ہیلز اور بابر کا لاٹھی چارج، زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست

    گزشتہ روز پی ایس ایل 5 میں کراچی کنگز نے تیسری شان دار کامیابی حاصل کرتے ہوئے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کو 6 وکٹوں شکست دے دی تھی، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دوسری بار ایونٹ میں ہرایا، کنگز کے بابر اعظم نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایلکس ہیلز نے 49 رنز بنائے، جب کہ محمد عامر نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے جس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اب تک پی ایس ایل فائیو میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 3 میچز، ملتان سلطانز 4 میچز، اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز، پشاور زلمی 2 میچز جیت چکی ہیں، کراچی کنگز 3 جب کہ لاہور قلندرز نے کوئی میچ نہیں جیتا۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 4 میچز کھیلے جا چکے ہیں، لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 3 میچز، ملتان 3 اور پنڈی اسٹیڈیم میں 5 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

  • پی ایس ایل 5: آج گلیڈی ایٹرز اور سلطانز، یونائیٹڈ اور زلمی مد مقابل

    پی ایس ایل 5: آج گلیڈی ایٹرز اور سلطانز، یونائیٹڈ اور زلمی مد مقابل

    ملتان: پاکستان سپر لیگ 5 میں دل چسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، ان مقابلوں کے ساتھ ہی پاکستان میں کرکٹ کے میدان بھرپور طور سے آباد ہو گئے ہیں، ایونٹ میں آج بھی 2 میچز کا فیصلہ ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا میلہ پاکستان میں پوری آب و تاب سے جاری ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ایکشن پاکستانی میدانوں میں دیکھنے کے لیے شائقین جوق در جوق اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں، میچز کے سلسلے میں سیکورٹی کے بھی بہت سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ایونٹ میں آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 12 ویں میچ میں ہوم ٹیم سلطانز دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی، جب کہ دوسرا میچ راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ ایونٹ کا 13 واں میچ ہوگا۔

    10 واں میچ:  ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

    اب تک پی ایس ایل فائیو میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 3 میچز، ملتان سلطانز 3 میچز، اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز، پشاور زلمی 2 میچز جیت چکی ہیں، کراچی کنگز 1 جب کہ لاہور قلندرز نے کوئی میچ نہیں جیتا۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 4 میچز کھیلے جا چکے ہیں، لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 3 میچز، جب کہ ملتان اور پنڈی اسٹیڈیمز میں 2،2 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔


    آج کا شیڈول

    12 واں میچ ملتان اسٹیڈیم: ملتان سلطان بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (وقت دوپہر 2 بجے)

    13 واں میچ پنڈی اسٹیڈیم: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی (وقت شام 7 بجے)


    11 واں میچ:  لاہور قلندرز شکستوں کے بھنور میں پھنس گئی، زلمی کی فتح

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 5 کے 10 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دی، جب کہ 11 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو بہ آسانی 16 رنز سے شکست دی۔

  • جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پلے آف میں جگہ بنانا ہدف ہے: کپتان کراچی کنگز

    جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پلے آف میں جگہ بنانا ہدف ہے: کپتان کراچی کنگز

    کراچی: پی ایس ایل 5 کی سپر ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف جارحانہ کرکٹ کھیلنا اور پلے آف میں جگہ بنانا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے آنے والے میچز میں شان دار کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ہے جارحانہ کرکٹ کھیلیں اور پلے آف میں جگہ بنائیں۔

    عماد وسیم کا کہنا تھا کہ شرجیل خان اور بابر اعظم ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں، شرجیل خان اکیلے میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بابر اعظم اور شرجیل خان ٹورنامنٹ کے آخری میچ تک مین کھلاڑی رہیں گے، شرجیل خان پرفارم کرے یا نہ کرے وہ کھیلے گا، ٹاپ آرڈر میں ان دونوں سے اچھا کوئی کھلاڑی نہیں۔

    ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں‌ سے شکست دے دی

    کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ہمارے لہے اعزاز کی بات ہے کہ ملتان کا لڑکا ہماری ٹیم میں ہے، عامر یامین بہترین کھلاڑی ہیں، وہ بہت محنت کرتے ہیں، وہ پاکستان کے بیسٹ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ہیں۔ عماد وسیم نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے تیسرے میچ میں ٹیم میں تبدیلیاں ہوں، ایسا نہیں کہ ہم پریشرمیں ہیں، ہمارے کھلاڑی ورلڈ کلاس ہیں، ہماری ٹیم بھی بہت بڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کی گارنٹی کسی کی نہیں ہوتی، جو بہتر کھیلے گا وہی میچ جیتے گا۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے ملتان میں ڈیرے ڈال دیے ہیں، آج کراچی کنگز کا ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔ کراچی کنگز ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ کل ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔ اپنا پہلا میچ کے کے ٹیم نے پشاور زلمی سے جیتا تھا تاہم دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہار گئی تھی۔

  • دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا: گریگ چیپل

    دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا: گریگ چیپل

    اسلام آباد: سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اور اس دوران وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے بتایا کہ میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں، وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کروں گا۔

    گریگ چیپل کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان میں تبدیلی کی اچھی باتیں سنی ہیں، یقین ہے کہ نئے وزیر اعظم زبردست کام کر رہے ہیں، میں یہ سن کر پرجوش ہوں کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آ چکی ہے۔

    شین واٹسن نے وسیم اکرم سے معافی مانگ لی

    خیال رہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل 5 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، دو دن آرام کے بعد کل 26 فروری کو ملتان میں میدان سجے گا، جس میں میزبان ملتان سلطانز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے، دونوں ٹیمیں ملتان پہنچ چکی ہیں۔

    گزشتہ روز سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم سے معافی مانگ لی تھی، انھوں نے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے چیریٹی میچ میں وسیم اکرم کو 2 شان دار چھکے لگائے تھے، جس پر شین واٹسن نے معافی مانگی، شین واٹسن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ مجھے ابھی بھی اس چھکے لگانے کے حوالے سے برا لگتا ہے، وسیم اکرم میرے بچپن کے ہیرو ہیں اور بہترین انسان ہیں۔

  • آخری اوورز تک میچ لے جانا ہماری ٹیم کے فوکس کی مثال ہے: سہیل اختر

    آخری اوورز تک میچ لے جانا ہماری ٹیم کے فوکس کی مثال ہے: سہیل اختر

    لاہور: لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا ہے کہ آخری اوورز تک میچ لے جانا ہماری ٹیم کے فوکس کی مثال ہے۔

    گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اپنا دوسرا میچ بھی ہارنے کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے میچ پر فوکس کیا ہوا تھا اس لیے آخری اوورز تک میچ کو لے کر گئے۔

    سہیل اختر نے احمد صفی اور موسیٰ خان کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں میچ ختم ہونے تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، مجموعی طور پر ہمارے بولرز نے بہت اچھی بولنگ کی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اچھے بلے باز بھی ہیں، محمد حفیظ، بابر اعظم کے بعد پاکستان کے بہترین بلے باز ہیں، وہ میچ میں بہت اچھا کھیلے۔

    لاہور قلندرز کی دوسری شکست، یونائیٹڈ‌ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب

    دوسری طرف میچ جیتنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے احمد عبداللہ صفی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے اپنے اور موسیٰ پر اعتماد تھا کہ ہم کر لیں گے، میں اور موسیٰ یہ کہہ رہے تھے کہ آخری گیند تک جانا ہے۔ انھوں نے شائقین سے کہا کہ راولپنڈی کے شائقین ہمیں اسٹیڈیم آ کر سپورٹ کریں، پہلے میچ میں کارکردگی دکھانے پر خوشی ہے۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا، یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کے محمد حفیظ کی 98 رنز کی اننگز اور شاہین شاہ آفریدی کی 4 وکٹیں بھی شکست سے نہ بچا سکیں۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اپنا پہلا میچ کھیلے گی

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اپنا پہلا میچ کھیلے گی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں پی ایس ایل کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں پی ایس ایل فائیو کے دو میچز کھیلے جا رہے ہیں، پہلا میچ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا، جب کہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کے شیر پشاور کو دھول چٹانے کو تیار ہیں، کراچی کے شرجیل خان اور ایلکس ہیلز نے بھی مخالف بولرز کے چھکے چھڑانے کے لیے تیاری کر لی، ٹی 20 کے نمبر ون بلے باز بابر اعظم کراچی کنگز کو جتانے کے لیے پرعزم ہو کر میدان میں اتریں گے۔ دوسری طرف پشاور زلمی کی کمان ڈیرن سیمی سنبھالیں گے، ٹام بینٹن اور کامرن اکمل کراچی پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔

    کراچی کے بعد پی ایس ایل فائیو کا میلہ لاہور کے قذافی اسٹیدیم میں سجے گا، دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز سے مقابلہ ہے، لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر اچھا آغاز کرنے کو بے تاب دکھائی دیتے ہیں، جب کہ جنوب کی پہچان ملتان سلطانز بھی جیت کے لیے پرعزم ہے۔

    پی ایس ایل فائیو، اعظم خان نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، یونائیٹڈ کو شکست

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 5 کے پہلے روز پہلے میچ میں کوئٹہ گلیدڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اعظم خان کی نصف سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا، کوئٹہ نے اسلام آباد کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔

    کراچی کنگز اسکواڈ

    عماد وسیم (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر یامین (آل راؤنڈر)، الیکس ہیلز (بلے باز) علی خان (بولر)، ارشد خان (بولر)، اویس ضیا (بلے باز)، بابر اعظم (بلے باز)، کیمرون ڈیلپورٹ (بلے باز)، کرس جارڈن (آل راؤنڈر)، ڈین لارنس (آل راؤنڈر)، افتخار احمد (بلے باز)، لیام پلنکٹ (بولر)، محمد عامر (بولر)، محمد رضوان (وکٹ کیپر بلے باز)، شرجیل خان (بلے باز)، عمید آصف (بولر)، عمر خان (بولر)، اسامہ میر (بولر)، مچل مک کلیناگھن (بولر)، چڈوِک والٹن (بلے باز)۔

    پشاور زلمی اسکواڈ

    ڈیرن سیمی (کپتان، آل راؤنڈر)، عامر علی (بولر)، عامر خان (بولر)، عادل امین (بلے باز)، ڈوین پریٹوریئس (آل راؤنڈر)، حیدر علی (بولر)، حسن علی (بولر)، امام الحق (بلے باز)، کامران اکمل (وکٹ کیپر بلے باز)، کیرن پولارڈ (آل راؤنڈر)، لیام ڈاسن (آل راؤنڈر)، لیام لیونگ سٹون (بلے باز)، محمد محسن (آل راؤنڈر)، راحت علی (بولر)، شعیب ملک (آل راؤنڈر)، ٹام بینٹن (بلے باز)، عمر امین (بلے باز)، وہاب ریاض (بولر)، لیوس گریگری (بولر)، کارلوس براتھ ویٹ (آل راؤنڈر)۔

  • پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2020) کی انعامی رقم اس سال 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے، ایونٹ نے ایک بار پھر شائقین کرکٹ کے دلوں میں جوش و جذبہ بھر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے لیے انعامی رقم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، اس ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، فائنل کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حق دار ٹھہرے گی۔

    ایونٹ کی رنراپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے، ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم دس لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کی چمچماتی ٹرافی سے متعلق جاننے کے لیے کلک کریں

    80 ہزار ڈالر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بلے باز، باؤلر اور اسپرٹ آف کرکٹ کے لیے مختص کیے گئے ہیں، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھی انعام کے حق دار ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہو رہا ہے، پی ایس ایل 2020 کے دوران کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا، افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی برطانیہ کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے، جس کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمایندگی کر رہے ہیں، 65 سینٹی میٹر لمبی اس ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے، چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔

  • پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    لاہور: پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو میں بھی دنیا بھر کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 2020 کے لیے پلاٹینم کیٹگری کے بعد ڈائمنڈ کیٹگری کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں 58غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

    ابتدائی فہرست میں ڈیوڈمیلان سمیت انگلینڈ کے19کھلاڑی کیٹگری کاحصہ ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے12 اورجنوبی افریقہ کے11کھلاڑی شامل ہیں۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 21نومبر تک جاری رہےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائیو: دنیا کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار

    گزشتہ روز پلاٹینم کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں انگلینڈ کے 7، جنوبی افریقا کے 6، ویسٹ انڈیز کے 5، آسٹریلیا اور افغانستان کے تین تین، سری لنکا کے دو جبکہ نیپال اور نیوزی لینڈ کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ ڈیل اسٹین پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں،جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر کی شمولیت سے 2016 میں شروع ہونے والی لیگ کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

    پی ایس ایل 2020 کے بارے میں چند ضروری باتیں

    ابتدائی فہرست میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد میں آئندہ ہفتے اضافے کا امکان ہے، ڈرافٹ پول کے لیے کھلاڑیوں کوطے شدہ کٹیگریز میں ری ٹین، ٹریڈ اور ریلیز کیا جاسکتا ہے۔

    پانچویں سیزن میں بھی پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ پانچ کٹیگریز بنائی گئیں، ہر فرنچائز کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑیوں کو لے سکتی ہے، فرنچائز مالکان پر ضروری ہے کہ وہ پلاٹینیم، ڈائمنڈ، گولڈ سے تین تین جبکہ سلور سے پانچ ، ایمرجنگ اور سپلیمنٹری سے دو کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔

  • پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات، میچز پاکستان میں کروانے پر اتفاق

    پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات، میچز پاکستان میں کروانے پر اتفاق

    لاہور: پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز مالکان نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے لیگ کے پاکستان میں انعقاد پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں پی ایس 5 کے تمام میچز پاکستان میں کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ حکام بریفنگ دیں گے۔

    غیرملکی کھلاڑیوں کو بورڈ حکام کے ساتھ فرنچائز نمائندے بھی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائیں گے، پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کی تیاریاں شروع کردی گئیں، 20 فروری سے آغاز ہوگا

    اجلاس میں پی ایس ایل فنانشل ماڈل پر بھی غور کیا گیا، لیگ کے شیڈول کو گورننگ کونسل اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی، بورڈ حکام نے فرنچائز مالکان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ نومبر اور ٹورنامنٹ کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔

    پی ایس ایل کے روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان سیزن فائیو کے افتتاحی میچ اور مقام پر غور بھی شروع کردیا گیا ہے۔

  • پی ایس ایل فائیو، چیئرمین پی سی بی سے فرنچائز مالکان کی ملاقات طے

    پی ایس ایل فائیو، چیئرمین پی سی بی سے فرنچائز مالکان کی ملاقات طے

    لاہور: پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں منعقد کیے جائیں گے جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے انعقاد کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی، پی ایس ایل حکام اور فرنچائز مالکان کی ملاقات کل ہوگی،  جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمدپر تحفظات پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس ایل جنرل کونسل اجلاس کی تاریخ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ سپر لیگ سیزن فائیو کی تیاریاں شروع کردی،کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ نومبر اور ٹورنامنٹ کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔ سی بی نے نے دو ٹوک فیصلہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل کے روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان سیزن فائیو کے افتتاحی میچ اور مقام پر غور بھی شروع کردیا گیا۔

    پی ایس سیزن فائیو کے فائنل کی میزبانی لاہور کرے گا، کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی سمیت پشاور آزاد کشمیر میں بھی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے البتہ یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کوشاں ہیں کہ پی ایس ایل کے کچھ میچز کوئٹہ میں بھی کرائے جائیں۔