لاہور: کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سے نئے لڑکوں کو قومی ٓٹیم میں آنے کا پلیٹ فارم ملتا ہے، کوشش کریں گے اس بار زیادہ اچھا کھیل سکیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ پی ایس ایل فور میں کوشش کریں گے اچھی کارکردگی دکھائیں، کراچی کنگز کے زیادہ تر کھلاڑی قومی ٹیم میں کھیلتے ہیں۔
عماد وسیم نے کہا کہ کالن انگرام اچھا کھلاڑی اور کپتان ہے، میں فٹ ہوں کوشش ہے فٹنس کو برقرار رکھوں، بڑے ناموں سے ٹیم نہیں ہوتی، میدان میں کارکردگی دکھانی پڑتی ہے۔
کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ کراچی میں میچ ہوگا امید ہے عوام سپورٹ کرنے آئے گی، شہر قائد میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز: عماد وسیم کپتان، انگرام نائب کپتان مقرر
واضح رہے کہ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم برقرار ہیں گے جبکہ کولن انگرام نائب کپتان ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔
پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔