Tag: پی ایس ایل 2019

  • پی سی بی نے پی ایس ایل 2019 کی ٹیم کا اعلان کردیا

    پی سی بی نے پی ایس ایل 2019 کی ٹیم کا اعلان کردیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی ٹیم آف دی ایئرکا اعلان کردیا، اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 2019 کی ٹیم کا اعلان کردیا، اے بی ڈی ویلیئرزکو ٹیم کا کپتان منتخب کیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کی منتخب کردہ 12 رکنی ٹیم میں پشاور زلمی کے 4، کراچی کنگز کے3 ، اسلام آباد یونائٹیڈ کے 2، لاہورقلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔


    پی ایس ایل 2019 کی ٹیم میں اے بی ڈی ویلیئرز کپتان، کامران اکمل، کیرن پولارڈ ،حسن علی، وہاب ریاض،بابراعظم، کولن انگرم،عمر خان،آصف علی، فہیم اشرف، شین واٹسن اور سندیپ لمے چانے شامل ہیں۔

    پی ایس ایل ٹیم آف دی ایئر کا انتخاب مدثر نذر، رمیزراجہ اور ڈینی موریسن نے کیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا

    پی ایس ایل فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 139 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ڈیوین براوو نے 2، محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

  • پاکستان کو ٹی ٹوینٹی نمبر ون ٹیم بنانے میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے، مصباح الحق

    پاکستان کو ٹی ٹوینٹی نمبر ون ٹیم بنانے میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے، مصباح الحق

    دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوینٹی کی نمبر ون ٹیم بنانے میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی اہم پروڈکٹ ہے، پی ایس ایل سے نئے کھلاڑیوں کے لیے مواقع موجود ہیں، ٹورنامنٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے مداحوں کو پی ایس ایل کا انتظار رہتا تھا، ایئرپورٹ پر کرکٹ مداح کہہ رہے تھے کہ پی ایس ایل کے لیے بہت انتظار کرنا پڑا اب ایونٹ شروع ہوگا تو بہت انجوائے کریں گے۔

    پی ایس ایل ٹیموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز سمیت تمام ہی ٹیمیں اچھی ہیں، پشاور زلمی میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں، زلمی کی ٹیم ایک مرتبہ ونر رہ چکی ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کا آغاز کل سے دبئی میں ہورہا ہے جس میں فواد خان اور جوش بینڈ جلوے بکھیرنے کے لیے تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں: مکی آرتھر

    پی ایس ایل فور کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے جبکہ 15 فروری کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل تین سیزنز کھیلے جاچکے ہیں اسلام آباد یونائیٹڈ دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں ایک دفعہ ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

  • کرس جورڈن، ڈیرن سیمی، جے پی ڈومنی نے ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دے دیا

    کرس جورڈن، ڈیرن سیمی، جے پی ڈومنی نے ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دے دیا

    لاہور: پی ایس ایل کے انٹرنیشنل کھلاڑی کرس جورڈن، ڈیرن سیمی، جے پی ڈومنی نے اے بی ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن فور کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے جسے دیگر کھلاڑیوں کرس جورڈن، ڈیرن سیمی، جے پی ڈومنی نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

    جنوبی افریقی آل راؤنڈر جین پال ڈومنی نے کہا ہے کہ امید ہے اے بی ڈی ویلیئرز لاہور آکر بہت انجوائے کریں گے۔

    انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر کرس جورڈن نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں لاہور اور کراچی میں ملنے والی محبت ناقابل بیان ہے امید ہے اے بی ڈی ویلیئرز کو بھی پاکستان میں کھیل کر اچھا لگے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل گورننگ کونسل کا چھٹا اجلاس، ایونٹ کو بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق

    ویسٹ انڈین آل راؤنڈر اور پاکستانی مداحوں کے پسندیدہ کھلاڑی ڈیرن سیمی نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز اسٹار کرکٹر ہیں ان کا لاہور میں کھیلنا خوش آئند ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔

    پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

    لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔