Tag: پی ایس ایل 4

  • پی ایس ایل 4: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماہرین نے بہترین کھلاڑیوں‌ کا انتخاب کیسے کیا؟

    پی ایس ایل 4: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماہرین نے بہترین کھلاڑیوں‌ کا انتخاب کیسے کیا؟

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماہرین نے پی ایس ایل کے 12 بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دے دیا جس میں کراچی کنگز کے تین کھلاڑی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنائے گئے تین رکنی پینل میں نامور کرکٹر مدثر نظر، رمیز راجہ اور ڈینی موریسن شامل تھے جنہوں نے پی ایس ایل کے سیزن فور میں پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

    پینل میں شریک ججز نے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھا، بلے بازوں کے اسٹرائیک ریٹ اور باؤلرز کی وکٹوں کے ساتھ رنز دینے کی اوسط کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑیوں کے اسکواڈ کی سربراہی لاہور قلندرز کے کھلاڑی کی دی گئی جبکہ اس میں کراچی کنگز کے تین اور پشاور زلمی کے چار کھلاڑی شامل ہیں۔

    اسکواڈ میں 4 غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے نوجوان پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ماہرین نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن، پشاور زلمی کے کامران اکمل، کراچی کنگز کے بابر اعظم،کولن انگرام ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی، پشاور زلمی کے کیورن پولارڈ کو شامل کیا گیا۔

    علاوہ ازیں فہیم اشرف، وہاب ریاض، کراچی کنگز کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت باؤلر عمر خان اور غیر ملکی اسپینر سندیپ لمی چانے بھی شامل ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہوسکے۔

    12 رکنی اسکواڈ میں سرفہرست شین واٹسن نے لیگ کے تمام میچز میں 143.8 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 430 رنز بنائے، اسی طرح کامران اکمل نے 137.8 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 357 رنز اسکور کیے۔

    بابر اعظم 335 رنز اسٹرائیک ریٹ 115.5 اوسط 30.34، اے بی ڈویلیرز  نے 218 رنز بنائے جن کا اسٹرائیک ریٹ 129 اور اوسط رنز 54.5 رہے، کولن انگرام 164.5 کے اسٹرائیک ریٹ اور 34.40 کی اوسط کے ساتھ 344، آصف علی 182.46 اسٹرائیک ریٹ، 35.12 اوسط کے ساتھ 281 چھٹی پوزیشن پر رہے۔

    کیورن پولارڈ بہترین آل راؤنڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے انہوں نے 173 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 284 رنز  بنائے جن کا اوسط 28.4 بنتا ہے علاوہ ازیں انہوں نے 45.8 اوورز میں 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    گیند بازوں میں فہیم اشرف 21، وہاب ریاض 17، حسن علی 25، عمرخان 15، سندیپ 11 وکٹیں لے کر بالترتیب 8، 9، 10، 11 اور 12ویں نمبر پر رہے۔

     

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی: فواد چوہدری

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم نے کمال کرکٹ کھیلی ہے۔

    انھوں نے کہا ’میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مبارک باد دیتا ہوں، پشاور زلمی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    فواد چوہدری نے ملک میں کرکٹ کی واپسی پر تمام پی ایس ایل فرنچائز کا بھی شکریہ ادا کیا، کہا ’تمام فرنچائز کا مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کے لیے ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا، زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل فور کا چیمپئن بن گیا ہے، دوسری طرف پشاور زلمی کو مسلسل دوسری بار پی ایس ایل فائنل میں شکست ہو گئی ہے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

    فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹ سے شکست دی، احمد شہزاد 59 اور رائلے روسو 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

  • پی ایس ایل میچز سے پاکستان میں حالات خراب ہونے کی سوچ غلط ثابت ہوئی: ڈیوڈ رچرڈسن

    پی ایس ایل میچز سے پاکستان میں حالات خراب ہونے کی سوچ غلط ثابت ہوئی: ڈیوڈ رچرڈسن

    کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز سے پاکستان میں حالات خراب ہونے کی سوچ غلط ثابت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ایک سوچ ہے کہ یہاں حالات خراب ہیں، پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے یہ سوچ غلط ثابت ہوئی۔

    [bs-quote quote=”آئی سی سی ٹورنامنٹس میں قانون کے تحت بھارت پاکستان سے کھیلنے کا پابند ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ڈیوڈ رچرڈسن” author_job=”آئی سی سی چیف ایگزیکٹو”][/bs-quote]

    ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ’پی سی بی کا شکر گزار ہوں کہ مجھے پی ایس ایل فائنل میں بلایا، پی سی بی کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ جو پاکستان آئے۔‘

    آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں گزشتہ دنوں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، سیکورٹی کے حوالے سے آئی سی سی کام کر رہا ہے، ورلڈ کپ کے لیے سیکورٹی کے حوالے سے تمام خدشات دور کیے جائیں گے۔

    سابق جنوبی افریقی کرکٹر اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ کوشش ہوتی ہے ممبر ممالک کے ساتھ تعاون کریں، پی ایس ایل کے انتظامات اچھے ہیں، پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے رکن ممالک کو دعوت دے ہم تعاون کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل میچز میران شاہ میں بھی کرائے جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی کے سی ای او کی ذمہ داری ایک غیر جانب دار ذمہ داری ہے، امید ہے میرے جانے کے بعد بھی آئی سی سی کی پالیسی جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں رکن ممالک کا آپس میں کھیلنا ضروری ہے، آئی سی سی ٹورنامنٹس میں قانون کے تحت بھارت پاکستان سے کھیلنے کا پابند ہے۔

  • پی ایس ایل میچز میران شاہ میں بھی کرائے جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    پی ایس ایل میچز میران شاہ میں بھی کرائے جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی کام یابی پوری قوم کی کام یابی ہے، پی ایس ایل میچز میران شاہ، مظفر آباد اور خیبر میں بھی کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نیشنل اسٹیڈیم کرچی کے میڈیا باکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز شمالی وزیرستان کے شہر میران شاہ اور آزاد کشمیر کے دار الحکومت مظفر آباد میں بھی کرائے جائیں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ان کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے میران شاہ اور دیگر شہروں میں اسٹیڈیم کی تعمیر پر بات ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل فائنل: زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دے دیا

    انھوں نے کہا کہ کراچی پچھلی بار بھی پی ایس ایل کے فائنل کا میزبان تھا، کراچی آج بھی فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور فورسز نے بہت کام کیا ہے، جس طرح سیکورٹی فورسز نے کام کیا اسے ریورس نہیں کیا جا سکتا، پی ایس ایل کو پاکستان میں ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم سب نے مل کر ایونٹ کو کام یاب بنایا ہے۔

  • کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے، تقریب شروع ہوتے ہی کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں شان دار میوزک کنسرٹ کے ساتھ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھ رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود ہیں۔

    [bs-quote quote=”آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھیں گے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گیلری میں آ کر ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا، کور کمانڈر کراچی بھی گیلری میں آئے، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اختتامی تقریب میں شریک ہیں، شہریار آفریدی، سعید غنی و دیگر بھی نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

    تقریب کے شروع ہوتے ہی نیوزی لینڈ میں دہشت گردی میں شہید افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، بعد ازاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے، نیشنل اسٹیڈیم میں امن کی علامت سفید کبوتر چھوڑے گئے، آئی ایس پی آر نے اختتامی تقریب میں 23 مارچ کا ترانہ پاکستان زندہ باد لانچ کر دیا۔

    قبل ازیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ آج پاکستان اور کراچی کے لیے تاریخی دن ہے، آج پاکستان پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، اور اس وقت اسٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد تماشائی موجود ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کو پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا ہے، میں پولیس چیف، ڈی جی رینجرز، سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں، کراچی میں میچز کرانے پر تعاون کی کوئی نذیر نہیں، کرکٹ وہ کھیل ہے جو زندگیوں میں خوشی اور روشنی لاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہسپانوی اسٹار فٹبالر کارلوس پیول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ اور کور کمانڈر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، پیار اور محبت پر کراچی کے لوگوں کو انعام دینا چاہیے۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں شہید 50 لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں، میں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پرانا کراچی واپس آگیا،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا‘ مراد علی شاہ

    انھوں نے کہا ’2 سال پہلے اسی گراؤنڈ میں وعدہ کیا تھا پی ایس ایل کراچی لائیں گے، اس سال پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی میں ہوئے، یہ کراچی کی جیت ہے، اگلے سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور، ملتان، حیدر آباد، سب شہروں میں کراچی جیسا جوش ہو، کراچی آ کر کرکٹ کھیلنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔

    انھوں نے فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے لیے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی دونوں اچھی ٹیمیں ہیں، فائنل کوئی بھی جیتے جیت کراچی اور پاکستان کی ہوگی۔

  • ہسپانوی اسٹار فٹبالر کارلوس پیول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

    ہسپانوی اسٹار فٹبالر کارلوس پیول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

    کراچی: ہسپانوی اسٹار فٹ بالر کارلوس پیول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے، ہسپانوی فٹ بالر کا نیشنل اسٹیڈیم میں پر جوش استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار ہسپانوی فٹ بالر کارلوس پیول نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں، جہاں انھوں نے پشاور زلمی کی مینجمنٹ سے ملاقات کی، دوسری طرف مراد علی شاہ بھی اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔

    مراد علی شاہ کے ہم راہ غیر ملکی مہمان بھی میچ دیکھیں گے، شیخ رشید، سعید غنی اور دیگر سیاسی شخصیات بھی نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

    بارسلونا کے سابق کپتان کارلوس پیول نے ڈیرن سیمی اور جاوید آفریدی سے ملاقات کی، جاوید آفریدی نے کارلوس کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور پشاور زلمی کی شرٹ دی۔

    کارلوس پیول نے کہا کہ شان دار میزبانی پر پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں، پاکستان سے بہت پیار مل رہا ہے، پاکستانی بہت محبت کرنے والے ہیں، یہی کرکٹ، فٹ بال دونوں سے پیار کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل 4 کی چمچماتی ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے ہائی وولٹیج مقابلے میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 4 فائنل : ٹرافی پرقبضے کی جنگ آج ہوگی

    پی ایس ایل فائنل سے قبل میوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا جس کے لیے 68 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے، کنسرٹ میں ابرار الحق، آئمہ بیگ، فواد خان، شجاع حیدر اور جنون گروپ پرفارم کریں گے۔

    دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا کہنا ہے کہ ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے والی ٹیم کو فائدہ ہوگا، ٹاس میچ کے نتیجے پر واضح طور پر اثر انداز ہوگا۔

  • پی ایس ایل کی اختتامی تقریب، نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا

    پی ایس ایل کی اختتامی تقریب، نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فور کی اختتامی تقریب میں معروف گلوکارہ نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ اختتام کی جانب گامزن ہے اور پی ایس ایل سیزن فور کی اختتامی تقریب 17 مارچ کو فائنل سے قبل ہوگی جس میں معروف گلوکارہ نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کے درمیان جاری تنازعہ حل ہوگیا اور دونوں فریقین کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے نازیہ حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘ بغیر اجازت کے گایا تھا جس پر نازیہ حسن کے بھائی نے پی سی بی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ڈسکو دیوانے کیوں گایا؟ زوہیب حسن کا پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    زوہیب حسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں حیران ہوں کہ ایک معتبر کرکٹ ایونٹ پی ایس ایل 4 میں مجھ سے پوچھے بغیر ’ڈسکو دیوانے‘ گانے کو پیش کردیا۔

    یاد رہے کہ ڈسکو دیوانے وہ مشہور گانا ہے جسے دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی ملی تھی اور متعدد اداکار اس گانے پر پرفارم کرچکے ہیں، کرن جوہر کی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر میں بھی اس گانے کو پیش کیا جاچکا ہے جس میں عالیہ بھٹ، ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا نے پرفارم کیا تھا۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کا فائنل 17 مارچ بروز اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا۔

  • پی ایس ایل 4 کوالیفائنگ میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز کی فتح، فائنل تک رسائی

    پی ایس ایل 4 کوالیفائنگ میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز کی فتح، فائنل تک رسائی

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا چوتھا ایڈیشن کامیابی سے اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، اس ضمن میں آج کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔

    پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز


    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور احمد شہزاد نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سرفراز الیون کی پہلی وکٹ تین کے مجموعی اسکور پر گری، بعد ازاں واٹسن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وکٹ کے دوسرے جانب کھڑے کھلاڑی احسن علی نے بھی بھرپور انداز سے ساتھ دیا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کی اننگز دیکھ کر ایسا معلوم ہورہا تھا کہ زلمی کو جیت کے لیے بڑا ہدف دے گی مگر وہاب ریاض نے واٹسن کو 71 کے انفرادی جبکہ 114 کے مجموعی اسکور پر کلین بولڈ کیا تو اُس کے بعد لائن لگ گئی، بعد ازاں احسن علی 46 اور روسو گیارہ کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    کامران اکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 165 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں کپتان سرفراز احمد بھی 173 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے واٹسن 71 اور احسن علی 46 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ پشاور زلمی کے وہاب ریاض دو وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کے کامیاب باؤلر رہے۔


     ہدف (187 رنز) کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو  پہلے کھلاڑی کامران اکمل 41 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں صہیب مقصود 55 پر آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے، امام الحق 61 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    پشاور زلمی کے چوتھے کھلاڑی 69 اور پھر مصباح الحق 90 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں کیورن پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم دونوں اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 10 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

    ڈیرن سیمی نے 21 گیندوں پر 5 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 46 اور کیورن پولارڈ نے 22 گیندوں پر 1 چھکے 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلیڈی ایٹرز نے محمد حسنین 2 وکٹیں لے کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شین واٹسن نے آخری اوور میں اہم کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    پشاور زلمی کی ٹیم کو ایلیمنٹر میچ میں ایک اور موقع ملے گا۔ ایلیمنیٹر راؤنڈ کا پہلا میچ 14 مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم دوسرا میچ کھیلے گی۔

    اسکواڈ

    پلے آف مرحلہ مکمل ہونے کے بعد فائنل کھیلنے والی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب کراچی میں کرکٹ کا جنون عروج پر ہے، شائقین کرکٹ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے تمام میچز میں شرکت کر کے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھا رہے ہیں۔

    عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو دیکھ کر کرکٹ کے دیوانے خوشی سے پھولے نہیں سما رہے، انہوں نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر دنیا کو یہ پیغام بھی دے دیا کہ پاکستان اور بالخصوص کراچی محفوظ ملک ہے۔

  • امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا: مکی آرتھر

    امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا: مکی آرتھر

    کراچی: پی ایس ایل ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کراچی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان دل چسپ میچ کے بعد کہا ہے کہ ہماری ٹیم میں میچ وننگ بالر اور بیٹسمین موجود ہیں۔

    مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ آنے والے میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے، میں اور انضمام الحق ایک پیج پر ہیں۔

    سابق جنوبی افریقی پلیئر نے کہا کہ اگر انگرام کے ساتھ کوئی پارٹنر شپ لگاتا تو پشاور زلمی کے مقابل میچ کا نقشہ کچھ اور ہوتا، اچھی پلینگ الیون کھلا سکتے ہیں، سب کو موقع نہیں دیا جا سکتا۔

    کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کراچی میں میچز ہونا بہت اچھا ہے، امید ہے اگلے میچز میں بھی کراچی میں ہاؤس فل ہوگا، ہماری ٹیم میں میچ وننگ بالر اور بیٹسمین موجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ جیت لیا

    مکی آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو جانچنے کا موقع ملے گا، ورلڈ کپ سے قبل ٹف شیڈول ہے، زیادہ میچز کھیلنے کو ملیں گے، یہ ایک بہترین موقع ہے کہ اہم کھلاڑیوں کو آرام کرایا جائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے دی، میزبان ٹیم ایلیمنٹری راؤنڈ کا میچ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

  • پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف  میچ جیت لیا

    پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ جیت لیا

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے تیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے دی، میزبان ٹیم ایلیمنٹری راؤنڈ کا میچ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے پانچویں مرحلے کا تیسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔


    پشاور زلمی کو اچھا آغاز ملا، اوپنر کامران اکمل اور امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کی اور 137 رنز کی شراکت داری قائم کی، دونوں بلے بازوں نے کراچی کنگز کے باؤلرز کو گراؤنڈ کے چاروں طرف بہت اچھے طریقے سے کھیلا اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، کراچی کنگز کے لیے کولن منرو کا اوور ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے اننگز کے 14ویں اوور میں کامران اکمل اور پولارڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 166 رنز پر گری جبکہ اس دوران اوپنر امام الحق نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی، محمد عامر نے اسی اوور میں 171 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کو 59 رنز پر دوسرا کلین بولڈ کیا اور سیمی الیون کے اسکور کو روکنے کی کوشش کی، محمد عامر نے وکٹ لینے کے سلسلے کے جاری رکھتے ہوئے اگلے ہی اوور میں سیمی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

    اننگز کے آخری اوور میں عثمان شنواری نے وہاب ریاض کو پویلین واپس بھیجا جبکہ آخری گیند پر حسن علی رن آؤٹ ہوئے یوں پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے، کامران اکمل 86 اور امام الحق 59 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کراچی کنگز کے باؤلر محمد عامر نے تین کولن منرو نے دو اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔


    کراچی کنگز اننگز

    ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو آغاز اچھا نہ مل سکا اور کولن منرو صرف تین رن پر آؤٹ ہوئے، انہیں امپائر نے غلط ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا جبکہ ری ویو میں گیند وکٹ کے باہر کی طرف جارہی تھی، بعد ازاں بابر اعظم اور لیونگ اسٹون بالترتیب 13 اور 22 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

    ڈنک اور کولن انگرام نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 65 تک پہنچایا تو  چوتھی وکٹ بھی کر گئی، دوسری طرف انگرام نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سنچری مکمل کی، اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو 87 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے یوں کراچی کنگز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

    کولن انگرام چودہویں اوور میں ٹائمل ملز کی گیند پر 37 گیندوں پر چار چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرکیچ آؤٹ ہوئے۔

    کراچی کنگز کی ساتویں وکٹ 138 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب سہیل خان صرف ایک رن بنا کر پویلین واپس روانہ ہوئے، محمد عامر، عمر خان اور عماد وسیم بالترتیب 140 اور 142 پر آؤٹ ہوئے۔

    کراچی کنگز کی جانب سے کولن انگرام 71 اور کپتان عماد وسیم 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ زلمی کے حسن علی نے تین ، ثمین گل، ٹائمل ملز اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

    ایلیمنیٹری راؤنڈ

    میچ کے ساتھ پاکستان سپرلیگ کا گروپ مرحلہ اختتام پذیر ہوا، کراچی کنگز اب ایلیمنٹری راؤنڈ میں 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ کرے گی، اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 13 مارچ کو مقابلہ ہوگا، فاتح ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔

    دونوں ٹیموں نے اسکواڈ میں ایک ایک تبدیلی کی تھی کراچی کنگز نے عامر یامین کی جگہ محمد عامر جبکہ پشاور زلمی نے مصباح الحق کی جگہ صہیب مقصور کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

    اسکواڈ

    کراچی کنگز

    عماد وسیم (کپتان)، کولن انگرام (نائب کپتان)،بابر اعظم ، کولن منرو، لیام لیونگ اسٹون، بین ڈنک، افتخار احمد، محمد عامر، سہیل خان، عثمان شنواری، عمر خان

    پشاور زلمی

    امام الحق، کامران اکمل، عمر امین، صہیب مقصود، لیام ڈاؤسن، کیورن پولارڈ، ڈیرن سیمی (کپتان)، وہاب ریاض، حسن علی، ٹائمل ملز، ثمین گل

    کراچی کنگز اور پشاور زلمی دونوں ہی ٹیمیں پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرچکی ہیں، میزبان ٹیم فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر رن ریٹ کی اوسط سے ایک درجہ ترقی کرسکتی تھی۔ میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر  پشاور زلمی 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھی۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دی تھی، عماد اور سیمی الیون جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی خواہش مند تھیں۔

    ویڈیو دیکھیں: چار سال سے ہار ہار کر تھک گیا ہوں: رانا فواد

    قبل ازیں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین پاکستان سپرلیگ کا 29واں میچ کھیلا گیا جس میں لاہور قلندرز کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔