Tag: پی ایس ایل 7

  • پی ایس ایل 7 : کوئٹہ گلیڈی ائٹرز اور پشاور آج پھر مدمقابل ہوں گے

    پی ایس ایل 7 : کوئٹہ گلیڈی ائٹرز اور پشاور آج پھر مدمقابل ہوں گے

    پی ایس ایل سیزن سیون کے بائیسواں میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کیلئے مدمقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون میں ہار جیت کا سلسلہ جاری ہے، لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا۔

    ایونٹ کے بائیسویں میچ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے، میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جس نے 2019 میں 20 اوورز کا ٹورنامنٹ جیتا تھا، اس وقت چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، انہیں اپنے سات میچز میں تین جیت اور چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    دوسری جانب 2017 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کی فاتح پشاور زلمی بھی سات میں سے 4 میچز ہار اور تین میں فتح حاصل کرچکی ہیں جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر زلمی کی پوزیشن پانچویں ہے۔

    آج ہونے والے مقابلے کے بعد دونوں ٹیمیں مزید دو دو میچز اور کھیلیں گی۔

  • پی ایس ایل ٹیموں سے متعلق محمد یوسف کا بیان

    پی ایس ایل ٹیموں سے متعلق محمد یوسف کا بیان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 7 میں جس مینجمنٹ نے ٹیم اچھی بنائی ہے، وہی بہتر پرفارم کر رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق مایہ ناز پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف نے آج لاہور کے نجی اسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تقریب میں شرکت کی۔

    بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد یوسف نے کہا کہ ڈاکٹرز کو حکومت کے ساتھ مل کر معاشرے کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ بہترین پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

    انھوں نے کہا سب کو مل کر انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا چاہیے، کسی کو بھی اس کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے، یہی بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، انھی بچوں نے پاکستان کو سنبھالنا ہے۔

    محمد یوسف کا کہنا تھا جو لوگ پولیو مہم کے خلاف ہیں ان کو بھی بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    پی ایس ایل سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ کرکٹ ہے، جس مینجمنٹ نے ٹیم اچھی بنائی ہے وہ بہتر پرفارم کر رہی ہے، لاہور قلندر آخری 6 ایڈیشنز میں آخری نمبر پر آئی، اس بار انھوں نے اچھی ٹیم بنائی ہے۔

    محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ملتان سلطان نے پہلے بھی اچھا کھیلا، اور اس بار بھی وہ پرفارم کر رہی ہے۔

  • پی ایس ایل 7: میچ میں انوکھا ریکارڈ قائم

    پی ایس ایل 7: میچ میں انوکھا ریکارڈ قائم

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گزشتہ روز کے پی ایس ایل 7 کے میچ میں ایک انوکھا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

    گزشتہ روز جب پاکستان سپر لیگ کا بارہواں میچ کھیلا جا رہا تھا، تو اگرچہ نتیجہ لاہور قلندرز کے نام رہا، لیکن ان کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے 2 کھلاڑیوں نے ایک انوکھا ریکارڈ قائم کیا۔

    پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی اننگ میں دو بولرز نے 4 ، 4 وکٹیں لیں، اس سے قبل یہ کارنامہ کسی ٹیم نے انجام نہیں دیا، جب کہ یہ کارنامہ لاہور قلندرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز وقاص مقصود اور شاداب خان نے انجام دیا۔

    لیکن اس میچ میں ان دونوں کی بہترین بولنگ کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا، اور لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی، زمان خان کو آخری اوور میں شان دار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    لاہور قلندرز نے ہاری بازی جیت لی، یونائیٹڈ کو شکست

    پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میں سے 2 میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ لاہور قلندر بھی اسی صورتحال کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

  • پی ایس ایل سیون: 12 سال سے کم عمر بچوں کو اجازت؟

    پی ایس ایل سیون: 12 سال سے کم عمر بچوں کو اجازت؟

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے رابطہ کر کے 12 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت کے لیے درخواست کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ بارہ سال سے کم عمر بچوں کی اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت کے لیے خصوصی دل چسپی لے رہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی پُر امید ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل 7 کے میچوں کے لیے بچوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت مل جائے گی، پی سی بی کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو اجازت مل جائے۔

    اس سلسلے میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے این سی او سی اور حکومتی اداروں سے بات چیت کی جا رہی ہے، پی سی بی کا مؤقف ہے کہ بچوں کو اجازت نہ ہونے کے باعث اسٹیڈیمز میں میچ دیکھنے لیے فیملیز کم آ رہی ہیں۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو اجازت ملنے سے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

    ننھے بچے کا شکوہ، رمیز راجہ نے کیا جواب دیا؟

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 میں 25 فی صد کرکٹ شائقین کو میدان میں میچز دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے، جب کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کا اسٹیڈیم میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل میچز میدان میں جا کر نہ دیکھنے پر بچے افسردہ ہو گئے ہیں، پی ایس ایل کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ایک 11 سالہ ننھے کرکٹ مداح محمد حمزہ فراز کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں وہ رمیز راجہ سے شکوہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

  • پی ایس ایل 7: اسلام آباد کا ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

    پی ایس ایل 7: اسلام آباد کا ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل سیزن 7 کے پانچویں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلی فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے پانچویں میچ میں کچھ دیر بعد پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نیشنل اسٹیڈیم میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

    سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ آج ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے، جس نے ٹاس جیت پر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

    کپتان وہاب ریاض کورنا سے صحتیاب ہوکر پشاور زلمی کے سفر میں دوبارہ شامل ہوگئے ہیں جن کی قیادت میں ٹام کوہلر کیڈمور(وکٹ کیپر)، یاسر خان، حیدر علی، حسنین طلعت، شعیب ملک، شیرفین روتھرفورڈ، بین کٹنگ، شہیل خان، عثمان خان اور پیٹ براؤن میدان میں اُتریں گے۔

    دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کے فرائض نوجوان اسپنر شاداب خان انجام دے رہے ہیں جب کہ ٹیم میں ایلکس ہیلز، پاؤل اسٹرلنگ، رحمان اللہ گُرباز(وکٹ کیپر)، مبشر خان، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور مرچنٹ ڈی لانگے شامل ہیں۔

    اس سے قبل پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کی تھی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آج دوسرا میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

  • رضوان اور شان کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو شکست

    رضوان اور شان کا لاٹھی چارج، لاہور قلندرز کو شکست

    پی ایس ایل 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 207 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 150 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شان مسعود نے 83 اور محمد رضوان نے 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    خوشدل شاہ نے 4 گیندوں پر 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، صہیب مقصود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ری روسو 5 رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے اپنے آخری اوور میں 16 رنز دیے جو قلندرز کی شکست کا سبب بنے۔

    حارث رؤف نے 3.4 اوورز میں 46 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز نے جیت کےلیے ملتان سلطانز کو 207 رنز بڑا ہدف دیا تھا۔

    فخر زمان نے 35 گیندوں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے قلندرز کے اسکور میں 76 رنز شامل کیے، اور احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کو کیچ دے بیٹھے جب کہ عبداللہ شفیق نے مجموعی اسکور میں 24 رنز کا اضافہ کیا۔

    تیسرے نمبر پر کامران غلام پچ آئے اور 31 گیندوں پر 43 رنز بناکر ڈیوڈ ولی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    محمد حفیظ ٹیم کے مجموعی اسکور میں 16 اور بین ڈنک صرف 9 رنز کا اضافہ کرسکے جب کہ ڈیوڈ وایزی 13 اور راشد خان 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پہلی اننگز میں شاہنواز دھانی، خوشدل شاہ، عمران طاہر اور ڈیوڈ ولی نے لاہور قلندرز کے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) سیز سیون کا پہلا ڈبل ہیڈر آج ہونے جارہا ہے جس میں دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اِن ایکشن ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا میچ ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

    May be an image of text

  • ملتان سلطانز کے خلاف فخر زمان کی شاندار نصف سنچری

    ملتان سلطانز کے خلاف فخر زمان کی شاندار نصف سنچری

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کے بلے باز فخر زمان نے ملتان سلطان کے خلاف شاندار نصف سنچری بنالی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل سیزن سیون کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    ملتان سلطانز کی قیادت وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کررہے ہیں جب کہ لاہور قلندرز پہلی بار شاہین آفریدی کی کپتانی میں میدان میں اترے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شفیق اوپننگ کےلیے میدان آئے اور ملتان سلطانز کے خلاف بڑے کےلیے ہدف کی بنیاد رکھی۔

    اوپنر فخر زمان نے 35 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 76 رنز اسکور کیے جب کہ عبداللہ شفیق 3 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 24 رنز بناسکے اور پویلین لوٹ گئے۔

    اوپننگ بلے بازوں کے پویلین لوٹنے کے بعد کامران غلام کی بیٹنگ جاری ہے جب کہ محمد حفیظ 16 رنز بناکر خوشدل شاہ کا شکار ہوگئے۔

    لاہور قلندرز نے 17 ویں اوور اختتام پر 163 رنز مکمل کرلیے ہیں جب کہ تین اوور مزید باقی ہیں۔

  • پی ایس ایل 7: دو اہم کھلاڑی کرونا کا شکار، نام سامنے آ گئے

    پی ایس ایل 7: دو اہم کھلاڑی کرونا کا شکار، نام سامنے آ گئے

    کراچی: کامران اکمل اور ارشد اقبال کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن 7 کی ٹیم پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کامران اکمل اور ارشد اقبال کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

    ریزرو کھلاڑیوں میں سے امام الحق اور عماد بٹ کو جزوی متبادل کے طور پر زلمی ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز میں صرف 2 روز باقی ہیں لیکن کرونا وائرس کا خوف اس کے سر پر منڈلا رہا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ 13 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر میچ کھیلا جائے گا۔ غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہ ہوں تو بھی ٹیم قومی کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، اور 8 ملکی اور 3 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ٹیمیں میدان میں اتر سکتی ہیں۔

    پی ایس ایل2022کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم کردی گئی

    کسی کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ نے کی صورت میں مذکورہ ٹیم ٹیکنکل کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کر سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے۔

  • این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کراچی میچز 25 فی صد شائقین اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی ہوگی، جب کہ پی ایس ایل لاہور کے میچز سے متعلق فیصلہ فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پی سی بی کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ افراد ہی کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم عمر کی کوئی قید نہیں ہوگی اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھ سکیں گے۔

    مراسلے میں وضاحت کی گئی ہے کہ اسٹیڈیم میں آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازم ہوگی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے ایک میکنزم تیار کرے گا، اور پی سی بی سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔

    پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی پی سی بی کی ہوگی، کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا۔

    واضح رہے کہ تازہ مراسلے کے مطابق اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے خواہش مند شائقین کی تعداد کم کی گئی ہے، این سی او سی نے 29 دسمبر کو 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کی اجازت دی تھی۔

  • پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پی ایس ایل 7 کے میچز میں 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے پی ایس ایل شائقین کے لیے بڑی خوش خبری آ گئی، سو فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

    این سی او سی کے مطابق اگر کرونا کیسز بڑھے تو جنوری کے تیسرے ہفتے میں اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی، اس سلسلے میں این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق صرف ویکسینیٹڈ افراد کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم آ سکیں گے، تاہم اسٹیڈیم آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

    شائقین میچ دیکھنے کیوں نہیں آئے؟ وسیم اکرم شائقین کرکٹ سے افسردہ

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے میکنزم تیار کرے گا، اور میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری بھی پی سی بی پر ہوگی۔

    پی ایس ایل کے براڈکاسٹ رائٹس کی فروخت پر وضاحت

    کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی کرکٹ بورڈ اٹھائے گا، نیز اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

    یاد رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے دوران اسٹیڈیم شائقین سے خالی تھا، جس پر اعلیٰ سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا، دیگر وجوہ کے ساتھ ساتھ ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے پر شائقین کو اسٹیڈیم کے دروازے سے واپس جانا پڑا تھا۔